پولیس اہلکار کی حرکت قلب بند ہونے سے موت
ارشاد احمد
گاندربل//پولیس ٹریننگ سکول منیگام میں دوران ٹریننگ اسسٹنٹ سب انسپکٹر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے۔عبدالرشید ڈار ولد عبدالغفار ساکنہ سامبورہ پلوامہ بیلٹ نمبر PL/21 اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ٹریننگ کے دوران پریڈ کرتے ہوئے غش کھاکر گرپڑا ۔اگرچہ اسے فوری طور پر ا سپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ادھر وحید پورہ گاندربل کے 20 سالہ نوجوان عرفان احمد شیخ ولد عبدالرشید شیخ کی صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ میں سوموار موت واقع ہوگئی۔مذکورہ نوجوان کو 4اپریل 2018 کو سکمز صورہ میں داخل کرایا گیا تھا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 54/2018 درج کرلیا ہے۔
میرواعظ اور مولانا ہمدانی کا مولانا محمد سالم کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر اور حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے سرکردہ عالم دین اور محدث ،دارالعلوم (وقف )دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سالم القاسمی کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مرحوم کی طویل دینی، علمی اور ملی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ میرواعظ نے مولانا محمد سالم کی رحلت کو ملت اسلامیہ ہند کیلئے ایک عظیم اور ناقابل تلافی خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ عالم دین نے تقریباً سا ت دہائیوں تک ایشیا کی سب سے بڑی علمی و دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں’’ امہات الکتب ‘‘یعنی تفاسیر اوراحادیث کا درس دیا اور اسی کے ساتھ ساتھ ہندوستانی مسلمانوں کی دو بڑی ملی تنظیموں کی سربراہی اور قیادت کا فریضہ بھی انجام دیکر ملت کی بھر پور دینی و سماجی رہنمائی انجام دی۔واضح رہے مرحوم سالم سابق مہتمم دارالعلوم دیوبندقاری محمد طیب کے فرزند اکبر تھے اور پورے ہندوستان اور برصغیر میں ان کی علمی شخصیت معروف اور مسلمہ تھی۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم اور انکے خانوادے کی دینی، سماجی اورعلمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا قاسمی کے انتقال سے دینی حلقوں میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے جسے پُرکرنا انتہائی مشکل ہے۔ ریاست کے عالم الدین مولانا شوکت حسین کینگ نے بھی اس سانحہ ارتحال کوناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے دیوبند کے جملہ علمائے کرام خاصکر خانوادئہ قاسمی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مولانا محمد سالم قاسمی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد سالم قاسمی کی رحلت سے پوری دنیا سوگوار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک معتبر اور مستند عالم دین تھے بلکہ اول درجے کے مقرر اور منفرد خصوصیت کے مالک مصنف بھی تھے۔
گیلانی اور صحرائی کاجماعت کے دیرینہ رکن کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر// حریت چیئرمین سید علی گیلانی اورتحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے جماعت اسلامی جموں کشمیر کے دیرینہ کارکن غلام محمد خرقہ چرارشریف کی وفات پرگہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ مرحوم اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کے خاتمے کے خواہشمند اور مخلص کارکن تھے۔ گیلانی نے مرحوم کے حق میں دُعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی صاحب نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تحریک اسلامی اور تحریک آزادی کے مخلص سپاہی تھے۔صحرائی کے مطابق مرحوم نے اپنی جوانی کے ابتدائی دور سے ہی اسلام کے آفاقی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے عام لوگوں تک بالعموم اور جوانوں اور خواتین تک بالخصوص اسلام کی دعوت پہنچائی۔ صحرائی نے مرحوم کی تحریکی خدمات کو سراہتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کی دُعا کی۔اس دوران تحریک حریت کارکنان محمد مقبول گنائی اور محمد یوسف نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں واگذارکی جائیں
رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کا وزیراعلیٰ سے مطالبہ
سرینگر // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے ایس ایس اے اساتذہ کی تین ماہ سے بند پڑی تنخواہوں کو فوری طور واگذار کر نے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک پریس بیان میں فورم کے چیئرمین فاروق احمد تانترے نے کہا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں پچھلے تین مہینوں سے بند پڑی ہیں جس سے اساتذہ کو زبردست مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ا±نہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تنخواہیں بند ہونے کی وجہ سے جہاں اساتذہ کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں اس مشکلات سے درس و تدریس کا عمل میں بھی براہ راست اثر پڑتا ہے ۔ فورم چیئرمین نے کہا کہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں وقت پر واگذار کر نے کے لئے سرکار کو ریاستی بجٹ سے تنخواہوں کو واگذار کرنا چاہئے۔ ا±نہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کر کے ریاست کے ہزاروں ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی وقت پر واگذاری کیلئے اقدامات کریں۔
کنگن کے غمزدہ خاندان سے تحریک حریت کی تعزیت پرسی
سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر محمد رفیق اویسی ،طالب حسین، جان محمد، عبدالاحد، عامر احمد، شوکت حسین اور شمیم احمد پر مشتمل ایک وفد نے عامر حسین لون چھترگل کنگن کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ محمد رفیق اویسی نے عامرحسین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ تک صحرائی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔
جنوبی کشمیر کے متاثرین سے لیگ کی تعزیت پرسی
سرینگر// مسلم لیگ نے دراگڈ ،کولگام اور شوپیان میں حالیہ ہلاکتوں میں نہتے شہریوں اورجنگجوﺅںکے اہل خانہ سے تعزیت پرسی کی ۔اس سلسلے میںلیگ کے سیکریٹری شعبہ دعوت و تبلیغ فیاض سلفی کی قیادت میں سجاد سلفی،عبدالقیوم قریشی،امیر ضلع شوپیان اورامیر ضلع کولگام عبدالقیوم بٹ پر مشتمل وفد نے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور یقین دلایا کہ ساری قوم ان کے دکھ اور غم میں شریک ہے ۔
کشمیری عوام کسی کے ایجنٹ نہیں :تحریک کشمیر
سرینگر//تحریک کشمیر کے صدر محمد موسیٰ نے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری تحریک نہ تو فرقہ پرستی کا مزاج رکھتی ہے اور نہ تعصب وحسد یا انتقام لینا اس کا مقصد ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ یہ انسانی اصولوں و اقدار کی تحریک ہے جو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ تنازعہ کشمیر کے حل کی خاطر چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر تنازعہ کشمیر کو اپنے تاریخی تناظر میں دیکھنے کی کوشش کی جائے گی اور جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو سمجھنے کی کوشش کی جائے گی تو یہ بات عیاں ہو گی کہ جموں کشمیر کے عوام اپنا حق مانگ رہے ہےں اوراسی کے لئے گذشتہ 70 برسوں سے جدوجہد کررہے ہےں۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نہ تو کسی کے ایجنٹ ہےں اور نہ ہی کسی کے کہنے پر اس تحریک کو چلا رہے ہےں ۔