مزید خبرں

ملنگ پورہ میں شبانہ چھاپے اور گھر گھر تلاشی

سید اعجاز
 
اونتی پورہ//ملنگ پورہ پلوامہ میں فورسز نے بدھ کی رات ساڑھے گیارہ بجے جامع محلہ ملنگ پورہ کی بستی پرکا محاصرہ کرکے گھر گھر کی تلاشی لی تاہم علاقے میں کو ئی بھی قابل اعتراض چیز بر آمد نہیںہوئی اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔مقامی آبادی نے بتایا کہ دوران شب چھاپے اور تلاشی کی وجہ سے بچوں اور خواتین میں زبردست خوف دہشت کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔
 

پنجورہ میں بینک گارڈ سے چھینا گیا ہتھیارلوگوں کی مدد سے برآمد 

سرینگر//شاہد ٹاک//پنجورہ شوپیان میں ایک بنک گارڑ سے رائیفل چھیننے کے واقعے کے چند گھنٹوں بعد ہی پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اس بندوق کو برآمد کرلیا جبکہ اسلحہ چھیننے والے لڑکوں کی کونسلنگ کرکے انہیںچھوڑ دیا گیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق پنجورہ میں 12بوررائفل چھینے کا واقعہ پیش آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی اور اس دوران کئی نوجوانوں کی شناخت سامنے آئی جو اسلحہ چھینے کے واقعے میں شامل تھے ۔پولیس کے مطابق ان نوجوانوں کے والدین اور مقامی معززین کی مدد سے یہ رائیفل واپس حاصل کرلی گئی جبکہ اس واقعے میں ملوث لڑکوں کی کونسلنگ کرکے انہیں جانے دیا گیا۔پولیس نے مقامی لوگوں کے اس تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
 

میرہامہ کولگام میں سڑک حادثہ

بزرگ خاتون لقمہ ہلاک 

 ُؓ سرینگر //کولگام میں پیش آئے سڑک کے ایک دلدوزحادثے میں ایک بزرگ خاتوں لقمہ اجل بن گئی ۔تفصیلات کے مطابق میرہامہ کے نزدیک ایک ویگنار کار زیر نمبر   JK01 L / 0232  جسے  ڈرائیور غلام محمد ڈار ساکن تچلوں کولگام چلا  رہا تھا، نے ایک بزرگ خاتون خدیجہ بیگم ساکن مرہامہ کو ٹکر ما رکر شدید زخمی کردیا۔اگر چہ مذکورہ خاتون کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھی ۔ پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے کیس زیر نمبر 79/2018U/S279,337.304.RPC   اندراج کر کے تحقیقات شروع کی۔ 
 

سیمنٹ کی بوریوں کا وزن کم

2کمپنیوں پر24ہزار جرمانہ عائد 

سرینگر // سیمنٹ کی بوریوں میں ایک ایک کلو کم وزن پانے کی پاداش میں جمعرات کو لیگل میٹرالجی محکمہ نے سیمنٹ بنانے والی دوکمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر 24ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔لیگل میٹرالوجی محکمہ کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ کنٹرولر پلوامہ کی قیادت میں کھریو سے سیمنٹ سے بھری دوگاڑیوں کو روک کر سیمنٹ بوریوں کے وزن کی جانچ کی جس دوران 50کلو کے سبھی سیمنٹ کی بوریوں میں ایک ایک کلو سیمنٹ کم پایا گیا۔اسسٹنٹ کنٹرولر نے دونوں کمپنیوں پر کم وزن کی پاداش میں 24000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ وقتاً فوقتاً اس طرح کی تلاشی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے سیمنٹ کمپنیوں کو وارنگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کی شکایت دوبارہ آئیں تو کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 

 ایس کے آئی سی سی ڈائریکٹر منسلک،وزیرسیاحت نے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی

جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) کی ڈائریکٹر یاسمین خان کو انجینئرنگ عملے کے ہمراہ اٹیچ کرنے کے احکامات صادر کئے ۔وزیر نے یہ احکامات مذکورہ افسر کے خلاف اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات کے بعد جاری کئے ہیں۔اس سے پہلے وزیر نے اس افسر کی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرنے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت اور ناظم سیاحت کشمیر کی سربراہی میں دو کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔وزیر نے محکمہ خزانہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پچھلے دس برسوں کے دوران ایس کے آئی سی سی کا خصوصی آڈِٹ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
 

صحرائی کا اظہار تعزیت

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تحریک حریت ہمدرد محمد ارشد وانی ساکن حیدرپورہ کے دادا عبدالخالق وانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔صحرائی نے مرحوم کے پسماندگان کے گھر جاکرتعزیت پرسی کی۔ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صحرائی نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے جس سے کسی بھی فردِ بشر کو مفر نہیں۔انہوں نے کہا کہ موت کا وقت متعین ہے اور اس کا اختیار صرف اور صرف خالق کائنات کے دست قدرت میں ہے۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبروتحمل کی دُعا کی۔
 

اوڑی میں مارکیٹ چیکنگ

ظفر اقبال
اوڑی // اوڑی میں جمعرات کو تحصیلدار اوڑی محمد اسلم چوہان کی سربراہی میں محکمہ مال،میونسپل کمیٹی اوڑی،محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران دکانداروں سے پالیتھین ضبط کرنے کے علاوہ اور 15کلو گرام غیر معیاری سبزی اور میوہ جات کو تباہ ضائع کیا گیا۔سکارڈنے منافع خور دکانداروں سے3 ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیا۔
 

قاضی یاسر اورعمر عادل گرفتار،ظفراکبر خانہ نظربند

سرینگر//اُمت اسلامی چیئرمین اور میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی یاسر کو ایک بار پھر پولیس نے گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق قاضی یاسرکو پولیس اسٹیشن صدر اسلام آبادسے وابستہ پولیس پارٹی نے بدھ کی رات ساڑھے گیارہ بجے اُن کے گھر سے گرفتار کرلیا اور پولیس اسٹیشن صدر میں بند کردیا ۔اس سے پہلے موصوف کو گذشتہ جمعہ کو کھڈونی میں بعد از نماز احتجاج کے بعد گرفتار کرکے اتوار کی شام کو رہا کیا گیا تھا۔حریت (گ) کارکن عمر عادل کو کل پولیس نے گھر سے گرفتار کیا ۔موصوف کو گذشتہ سوموار کو سنٹرل جیل سے علاج و معالجہ کیلئے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ 2دن تک زیر علاج رہے اور پھر گھر آئے ۔جمعرات شام کو پولیس نے اسے پھر حراست میں لے لیا ۔ادھر سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ کو دو روز کی رہائی کے بعد پھرخانہ نظر بندکیا گیا ہے ۔ بیان کے مطابق ظفر اکبر کو ایک بار پھر پولیس کی بھاری جمعیت نے اپنی باغ مہتاب رہائش گاہ میں نظر بند کیا ہے۔ سالویشن مومنٹ نے ان کی نظر بندی کو حکام کی سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔ترجمان نے حریت کارکن شکیل احمد بٹ کی گزشتہ ایک سال سے نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 

جموں اور کشمیریونیورسٹیوں میں گوجری مضمون شامل ہوگا:سامون

جموں//گوجری زبان کو فروغ دینے کے سلسلے میں جموں اورکشمیر کی یونیورسٹیوں میں پوسٹ گریجویشن اور انڈر گریجویشن سطح پر گوجری مضمون پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹر ی اصغر سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دورا ن لیا گیا۔ میٹنگ میںکئی گوجری مصنفوں نے شرکت کی۔
 

دوران قید کپوارہ کے شہری عارضوں میں مبتلائ

تحریک حریت چیئرمین کا اظہار تشویش 

سرینگر//تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے کپوارہ کے فاروق احمد بٹ کی دوران اسیرانہ زندگی کے دوران مختلف امراض میں مبتلا ہوکر ناخیز ہونے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرون ریاست وادی کی جیلوں میں 17ماہ گزارنے کے بعد ابھی تک رہا نہیں کیا گیا۔ انہیں مختلف تھانوں میں فرضی کیسوں میں ملوث کرکے اسیرانہ زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے، جبکہ ان کے خلاف کوئی بھی جرم ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ تحریک حریت چیرمین نے تنظیم کے محبوس سینئر رہنما اور ارکان عبدالغنی بٹ، امیرِ حمزہ شاہ، عبدالسبحان وانی اور عبدالاحد تارزو سوپور کے صبرو استقلال کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا جملہ اسیران زندان ایک مقدس مقصد کے لیے جیل کی صعوبتوں کو خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم سب اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔ اس دوران میں صحرائی نے رعناواری کالج طالبات کی احتجاجی ریلی پر پولیس اور فورسز کی جانب سے بے تحاشا طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
 
 

کشمیر معاملے میں مہذب دنیا کی خاموشی افسوسناک،لندن میں روڈ سائڈ کانفرنس 

سرینگر//لبریشن فرنٹ (آر )نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالیوں پر مہذب دنیا کی خاموشی اور اقوام متحدہ کے کردار پرتعجب کا اظہار کیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق لندن میں روڈ سائڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر عبدالمجید ترمبو،پروفیسر نزیر شال، شمیم شال ،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور،کونسلر راجہ سلیم ،کونسلر ریاض بٹ ،کونسلر وسیم ظفر،ممتاز احمد راٹھور،ایڈوکیٹ امیر قیصر داد،ڈاکٹر شاہد اقبال، مسلم کانفرنس کے امجد عباسی اورلبریشن فرنٹ کے ماہر گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ سے وابستہ تمام ممالک کو برطانیہ کی وزیر اعظم کی موجودگی میں مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کشمیر میں خواتین کے خلاف زور زبردستیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنسی زیادتیوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کیا جارہا ہے۔انہوںنے کٹھوعہ سانحہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنسی زیادتیوں کا گراف اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اب شیرخوار بچیاں بھی محفوظ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں برطانیہ کو بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی مفاد کے بجائے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوںکا جائزہ لینا ہوگااور اس نامکمل مسئلہ حل کرانے کیلئے بھارت کو مذاکرات کیلئے ُمادہ کرلینا چاہئے۔کانفرنس سے سید علی گیلانی ،،محمد یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق،آسیہ اندرابی اور زمرودہ حبیب نے بھی خطاب کیا ۔
 

 تحصیلدارآری پل اورزیڈ ای او لرگام کی کرسیاں خالی

عوام، طلاب اورسکولی عملہ کوکئی مسائل کا سامنا

سید اعجاز
 
ترال//سب ضلع ترال کے تحصیل آری پل میں تحصیلداراور لرگام میں زونل ایجوکیشن افسر کی کرسی گزشتہ دو ماہ سے خالی پڑی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ تحصیل آری پل کے تحصیلدار کو دو ماہ قبل تبدیل کیا گیا لیکن ابھی تک اُن کے بدلے نئے تحصیلدار کو تعینات نہیں کیا گیاجس کی وجہ سے علاقے کی آبادی کو معمولی کاغذات تیار کرنے کے لئے سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ادھر زونل ایجو کیشن افسر لرگام کی کرسی بھی ایک عرصے سے خالی پڑی ہے جس کی وجہطالب علموںاور سکولوں میں تعینات عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس دوران زون ترال اور لرگام کے مختلف ہائی سکولوں میں ہیڈ ماسٹروں کو تاحال تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔
 

بجبہاڑہ اورہوم شالی بگ علاقوں میں 

ژالہ باری سے میوہ باغات کو شدید نقصان

ملک عبدالسلام 
 
اننت ناگ//ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ اور ہوم شالی بُگ علاقوںمیں زبردست ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ دوپہر دو بجے ژالہ باری کا آغاز ہوااور یہ سلسلہ قریب25منٹ تک جاری رہا۔ ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ کئی جگہوں پراولوں کی پرت بچھ گئی۔ژالہ باری کی وجہ سے میوہ باغات میں میوہ درختوں پر موجود شگوفے گر گئے اور درختوں کی ٹہنیاں ٹوٹ گئیں۔مجموعی طور پر ژالہ باری نے باغ مالکان کو شدید نقصان سے دوچار کر دیا اور ان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ادھر بجبہاڑہ میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی جس سے میوہ باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
 

بانڈی پورہ بورڈ میٹنگ مانسبل میں منعقد ہوگی

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے مطابق ضلع میں 21اپریل کو صبح11بجے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ،جوکہ کانفرنس ہال منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقد ہونے والی تھی ،اب مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوگی ۔تمام بورڈ ممبران ،محکموںکے سربراہان اور سیکٹورل وضلع آفیسران کو مقررہ وقت پر میٹنگ میں شامل ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔
 

ڈائٹ سوپور میں سائنس نمائش 

بارہمولہ//ڈسٹرکٹ انسٹچیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگس (ڈائٹ) سوپور نے نیشنل فائونڈیشن انڈیا کے اشتراک سے ضلع سطح پر ترغیبی ایم اے این اے کے ایوارڈس سائنس نمائش کااہتمام کیا۔چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقعہ فراہم کرنا تھا۔ایک روزہ نمائش کے دوران ضلع بارہمولہ کے سرکاری اورپرائیوٹ اداروں کے 72شرکأ کے ماڈل پیش کئے گئے جنہیں نیشنل انوویشن فائونڈیشن آف انڈیا اورڈائٹ فیکلٹی نے پرکھا۔اس موقعہ پر سی ای او بارہمولہ نے کہا کہ ایسی تقاریب کے انعقاد سے طلبأ اوربچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے پلیٹ فارم دستیاب ہوتا ہے ۔بعد میں مقابلہ آرائی میں سبقت لینے والے شرکأ کو انعامات سے نوازا گیا۔
 

کچھ ڈورو شوپیان مہلوکین

تحریک حریت وفد نے لواحقین کی ڈھارس بندھائی 

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پرتنظیم کے ایک وفد نے کچھ ڈورو شوپیان جاکر یکم اپریل کو ایک معرکے میں جاں بحق ہوئے 5جنگجوئوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا۔ وفد نے محمد افضل لون کے ساتھ بھی اظہار ہمدردی کیا جس کا مکان اس معرکے میں زمین بوس ہوا تھا۔ اس دوران وفد نے امشی پورہ جاکر اعتماد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی ڈھارس بندھائی۔ وفد نے زبیر ترے کے گھر جاکر ان کے والد سے ملاقات کی اورچیئرمین تحریک حریت کا تعزیتی پیغام پہنچا کر اس عزم کا عادہ کیا کہ اس تحریک  کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز رکھیں گے۔
 

گونچی پورہ گاندربل میں جے کے بنک اے ٹی ایم نصب 

سرینگر//جے کے بینک نے گونچی پورہ بٹہ ونی گاندربل میں ایک نئے اے ٹی ایم کی تنصیب عمل میں لائی ۔زونل ہیڈ کشمیر سنٹرل(دوم)بڈگام کرن جیت سنگھ نے اس اے ٹی ایم کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر صارفین ،تاجر اور مقامی باشندے موجود تھے  ۔زونل ہیڈ نے کہا’’ اے ٹی ایم کی تنصیب کا مقصد گونچی پورہ کے لوگوں کو آسان طرز پر عالمی معیار کی بینکنگ سہولیات بہم پہنچانا ہے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ بینک ہونے کی حیثیت سے یہ ہماری ترجیح ہے کہ ہم اپنے صارفین کیلئے نقد ی کی دستیابی زیادہ سے زیادہ نزدیک مقامات پر رکھیں ۔اے ٹی ایم کی افتتاحی تقریب کے بعد زونل ہیڈ نے بٹہ ونی بزنس یونٹ میں صارفین کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔صارفین نے بنک انتظامیہ کے تئیں گونچی پورہ میں اے ٹی ایم کی تنصیب پر شکریہ ادا کیا۔