مزید خبرں

میرواعظ ہمدانی کا قادری اور مسعودی خاندانوں کیساتھ اظہارِ تعزیت

سرینگر//جموں وکشمیر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے قصبہ پانپور کے معروف دینی اور علمی خاندان کے الحاج پیرزادہ نذیر احمد قادری کی پرسا اور نیک سیرت اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس صدمہ عظیم مرحومہ کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحومہ کے لائق فائق فرزندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے اراکین نے مرحومہ کی فاتحہ خوانی شرکت کی اور مجلس ایصال ثواب میں جمعیت کے میر غلام محمد ساقی نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور جملہ اراکین جمعیت کی طرف سے سوگوران کی تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔اس موقعے پر خاندانیہ قادریہ کے چشم و چراغ الحاج پیرزادہ غلام جیلانی قادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا اور نشاندہ موئے پاک غوث العظم خانیار شریف کے الحاج پیرزادہ غلام قادر قادری اور جسٹس حسین مسعودی کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
 
 

تحریک کشمیر کیلئے  زندگی وقف کی :جاوید میر

سرینگر// لبریشن فرنٹ (ح) کے ایک بیان کے مطابق پارٹی کے اہتمام سے شہر خاص میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد ہوا جس میں مرحوم امان اﷲخان کو دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس موقعہ پر چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا کہ مرحوم امان اﷲخان تحریکِ آزادی کشمیر کے بانی قائدین میں سے تھے ۔انہوں نے کہا کہ امان اﷲ خان نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کی اور 1966 سے لیکر 2017 تک تحریک سیاسی، سفارتی اورعسکری سطح پر قیادت کی اور عالمی ایوانوں میں جا کر تحریک آزادی کشمیر کیلئے شدو مد سے اپنا کام انجام دیا۔
 

 معروف قاری مولانا محمد اقبال شمسی انتقال کرگئے

جمعیت علماء اہلسنت کا اظہار رنج

سرینگر//جامعہ العلوم بمنہ کے مہتمم اور جموں  و کشمیر رابطہ ائمہ مساجد کے نائب صدر  مولاناقاری محمداقبال شمسی ساکن کرناہ بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کوصدر ہسپتال سرینگر میں انتقال کرگئے۔ موصوف سنیچر کو اپنی رہائش گاہ میں اس وقت جھلس گیاتھا جب گیس لیک ہوکر سلنڈر پھٹ گیا تھا۔مرحوم کئی برسوں سے سرینگر کے بمنہ علاقے میں مسجد مصطفی میں امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ہمدانیہ کالونی بمنہ میں ان کا مدرسہ جامعہ العلوم کے نام سے چل رہا ہے، جس کے وہ مہتمم تھے۔ موصوف جامعہ شمس العلوم ٹنڈھیڑا سے فارغ التحصیل تھے۔مولانا مرحوم جموں و کشمیر رابطہ ائمہ مساجد کے نائب صدر بھی تھے۔ جمعیت علماء اہلسنت والجماعت جموں وکشمیرنے تحصیل کرناہ کے معروف قاری اورعالم دین مولاناقاری محمداقبال شمسی کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے جمعیت علماء کی طرف سے قاری محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قاری شمس جہاں قاریٔ قرآن اور عالم دین تھے وہیں آپ ایک مخلص سماجی ورکر بھی تھے۔مولانا قاسمی نے امت مسلمہ بالخصوص اہل مدارس ،ائمہ مساجد اورعلماء سے مرحوم کیلئے ایصال ثواب ودعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔
 
 

کنڈی علاقہ نظر انداز:وکیل

سرینگر//جموں وکشمیر بچاﺅ تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے رفیع آباد کے کنڈی دیہات کا دورہ کیا جس میں ٹنگمولہ، مارکی پورہ ، کفالہ کوٹ، چاٹوسہ، پانزلہ شامل ہیں۔ ٹنگمولہ میں خطاب کرتے ہوئے وکیل نے سرکار پر کنڈی علاقہ کو تعمیروترقی اور ہر محاذ پر نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ کنڈ ی علاقوں کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ مبذول کریں تاکہ غریب عوام کو راحت مل سکے۔ 
 
 

سابق سپیکر مرحوم ولی محمد ایتو کی والدہ کا انتقال

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے مرحوم رہنما ایڈوکیٹ ولی محمد ایتو(سابق سپیکر) کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے جملہ سوگوران خصوصاً سینئرپارٹی لیڈر سکینہ ایتو کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں لیڈران نے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نئی دلی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے سوگوران کے ساتھ تعزیت کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ممبرانِ قانون سازیہ ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد کلو ، شیخ محمد رفیع، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار،ضلع صدر اننت ناگ ڈاکٹر محمد شفیع اور نثار احمد نثار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر پیرزاد احمد شاہ،سینئر لیڈر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور ایدوکیٹ عبدالرحمن تانترے کے علاوہ لیڈران نے مرحومہ کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ 
 
 

میر لسجن کا پٹیل کی ہلاکت پر اظہار رنج 

سرینگر//پردیش کانگریس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی میر لسجن نے غلام نبی پٹیل کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ میر لسجن نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔ انہوںنے غلام نبی پٹیل کی سیاسی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہاکہ موصوف نے ہمیشہ غریبوں کی مدد کی ۔