بار کونسل کی رپورٹ غیر حقیقی اور یکطرفہ
گریٹر پیر پنچال وکلاء فورم نے سفارشات مسترد کردیں
جموں//گریٹر پیر پنچال وکلاء فورم نے بار کونسل آف انڈیا کی جموں اور کٹھوعہ بار ایسو سی ایشن سے متعلق رپورٹ کو مستر د کرتے ہوئے اسے غیر حقیقی اور یکطرفہ قرار دیاہے ۔یہاں جاری پریس بیان میں فورم نے کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بار کونسل کو یہ قانونی و آئینی اختیار نہیں ہے کہ وہ کٹھوعہ واقعہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کی سفارشات کرے ۔فورم نے کہاہے کہ کمیٹی نے بغیر حقائق جانے یہ رپورٹ تیار کی ہے اور جس طرح سے بار ایسو سی ایشن جموں اور بار ایسو سی ایشن کٹھوعہ کو بری الذمہ قرار دیاگیاہے ، اس پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کمیٹی نے وکلاء پر لگے سنگین الزامات کی غیر جانبدارانہ طور پر تحقیقات نہیں کی اور فورم سمیت متعدد حلقوں کی طرف سے اٹھائے گئے حقائق پر مبنی معاملات کو بھی نظرانداز کردیا ۔فورم کے مطابق یہ حقائق ویڈیوز اور دستاویز کی شکل میں دنیا بھر میں عام ہوئے مگر بدقسمتی سے کمیٹی کو کچھ نظر نہیں آیا ۔ فورم نے کہاکہ کٹھوعہ وکلاء کی طرف سے کرائم برانچ کو چارج شیٹ پیش کرنے سے روکنے کے واقعہ پر پوری دنیا نے یہ تماشہ دیکھا اور ذرائع ابلاغ میں بھی اس کی مذمت ہوئی اوراسی طرح سے جموں بار کا رول بھی سب پر واضح ہوگیا تاہم کمیٹی نے ان سب واقعات پر آنکھیں موندھ لیں اوراس کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ،جیساکہ سپریم کورٹ نے وکلاء کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیاتھا۔فورم کے مطابق یہ رپورٹ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے اور اسے مسترد کیاجاتاہے ۔
سزائے موت کے قانون کی منظوری کا خیر مقدم
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز کی قیادت میں پینتھر پارٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس موقعہ پر شہباز نے مرکز اور پھر ریاست میں منظور ہوئے سزائے موت کے قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس سے بچیوں کے خلاف ہورہے جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی آئے گی ۔انہوںنے کہاکہ مرکزی کابینہ کی طرف سے منظور ہوئے قانون پر صدر جمہوریہ کے حکمنامہ کا خیر مقدم کیاجاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسا قانون بہت پہلے بن جاناچاہئے تھاتاہم دیر آئید درست آئید کے مصداق وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔انہوںنے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس پارٹی کے دور حکومت میں بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں رہیں اور آئے روز جنسی زیادتی کے واقعات رونماہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ خواتین اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں سرجیت سنگھ کوچھڑ،چندر شیکھر،رشید مکری،محمد رزاق،ٹھاکر رام سنگھ،محبوب نواز،محمد رفیق،سجاد قاضی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے عارضی ملازمین کا احتجاج
منیر خان
راجوری//محکمہ تعمیرات عامہ راجوری میں عارضی بنیادوں پر کام کررہے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انہوںنے کہاکہ حکومت اپنا وعدہ ایفا کرے اور انہیں مستقل ملازمت دی جائے ۔ ان کاکہناتھاکہ حکومت نے وعدہ کیاتھاکہ جنوری کے مہینے میں انہیں مستقل کیا جائے گا لیکن کئی ماہ گزر گئے اور ریاستی سرکار نے عارضی ملازمین کی مستقلی پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ۔ اس موقعہ پر ایک ملازم اعجاز احمد ملک نے بتایاکہ وہ کئی سال سے محکمہ میں قلیل سی تنخواہ پر اس امید سے کام کررہے ہیں کہ بالآخر انہیں مستقل ملازمت ملے گی لیکن ان کے ساتھ ابھی تک انصاف نہیںہوا ۔ ان کاکہناہے کہ وعدے تو بہت کئے گئے لیکن ان پر عمل پیرا ہونے کو کوئی تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یقین دہانیوںسے بڑھ کر ریاستی حکومت کو ان کو مستقل ملازمت فراہم کرنی چاہئے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔
پانی کی عدم دستیابی پر اڑی میں مظاہرہ
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے لوہر اڑی علاقے کے لوگوںنے پانی کی عدم دستیابی پر مینڈھر سرنکوٹ روڈ کو بند کرکے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف دھرنا دیا ۔احتجاج صبح کے وقت شروع ہوا جس دوران لوگوںنے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ انہیں پچھلے کئی مہینوںسے پانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی اور محکمہ اپنی ذمہ داری انجام دینے میں ناکام ہوگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ مقامی لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں لیکن حکام کوٹس سے مس نہیں ۔ کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد پی ایچ ای اور پولیس افسران کی ٹیم موقعہ پر پہنچی اور انہوںنے لوگوںکو یقین دلایاکہ بہت جلد ان کا مسئلہ حل کرلیاجائے گا اور پانی کی سپلائی بحال ہوگی ۔ اسی یقین دہانی پر انہوںنے احتجاج ختم کیا ۔
آنگن واڑی ورکروں کااحتجاجی دھرنا جاری
منیر خان
راجوری //آنگن واڑی ورکروں نے راجوری میں اپنے مطالبات کے حق میں سرکار مخالف احتجاجی دھرنا جاری رکھاہواہے ۔راجوری کی چلڈرن پارک میں بڑی تعداد میں خواتین نے جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات پورے کرنے کی اپیل کی ۔ان کاکہناتھاکہ ریاستی حکومت ان سے کام تو بہت کروارہی ہے لیکن انہیں ملنے والا مشاہرہ بہت کم ہوتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ہیلپروں کی تنخواہ 18سو روپے سے بڑھاکر 6ہزار کی جائے اور اسی طرح سے ورکروں کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیاجائے ۔انہوںنے مزید کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ آنگن واڑی ورکران کے حق میں پنشن اسکیم لاگو کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار اپنے دیگر ملازمین کو ہر طرح کی رعایت دے رہی ہے تو آنگن واڑی ورکران کو کیوں نہیں ۔ انہوں نے ڈی سی راجوری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مرکزی اور ریاستی سرکار سے آنگن واڑی ورکران کے مطالبات کو حل کرنے میں اپنا تعاون دیں ۔
بالاکوٹ میں طبی کیمپ کا اہتمام
جاوید اقبال
مینڈھر //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر محکمہ صحت کی طرف سے پائن ووڈ سکول بالاکوٹ میں ایک طبی کیمپ منعقد کیاگیا جس میں بھروتی ، سوہالہ ، پنجنی ،دھراٹی ، ڈبی ، کھنیتر، بسونی ،بہروٹ اور سندوٹ علاقوں کے لوگوں کی طبی تشخیص کی گئی ۔یہ علاقے حد متارکہ پر واقع ہیں جہاں عموماًکشیدگی کا ماحول رہتاہے ۔اس طبی کیمپ کا اہتمام چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی اور بلاک میڈیکل افسر پرویز احمد خان کی نگرانی میں کیاگیا جس دوران سب ضلع ہسپتال مینڈھر اور ضلع ہسپتال پونچھ سے آئے ماہر ڈاکٹر وںنے لوگوں کا معائنہ کیا ۔کیمپ میں ڈاکٹر محمد پرویز ، ڈاکٹر امجد فدا، ڈاکٹر امر جیت سنگھ ، ڈاکٹر روبینہ ، ڈاکٹر جاوید اقبال ، ڈاکٹر محمد لطیف پر مشتمل ٹیم موجود تھی جس نے مریضوں کی طبی جانچ کرکے ان میں مفت ادویات تقسیم کیں ۔اس کیمپ میں فوج کے ڈاکٹروںنے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر ممتاز بھٹی اور ڈپٹی چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر شمیم بھٹی نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔اس دوران 721مریضوں کا معائنہ کیاگیا جن میںسے 57کے لیبارٹری ٹیسٹ ہوئے اور 17کا ای سی جی کروایاگیا۔اس کے علاوہ 53افراد میں معذوری اور 131افراد میں بزرگی کی اسناد تقسیم کی گئیں ۔ڈاکٹر پرویز خان نے تمام ڈاکٹروں اور فوجی حکام کا شکریہ ادا کیا ۔
موٹرسائیکلوں کی ٹکر میں 4افراد زخمی
راجوری //تحصیل سندر بنی کے بیری پتن علاقے میں دو موٹرسائیکلوں کی ٹکر میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق صبح کے وقت دو موٹرسائیکلوں کے درمیان جنگی علاقے میں ٹکر ہوگئی جس کی وجہ سے چار افراد زخمی ہوئے جنہیں سندر بنی ہسپتال منتقل کیاگیا ۔ زخمیوں کی شناخت سریندر کمار ، ساہل کمار ، سنجے کمار اور انکش کمار کے طور پر ہوئی ہے جن میںسے سریندر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے جبکہ دیگران کا علاج مقامی سطح پر ہی چل رہاہے ۔
پولیس کی طرف سے درہ میں عوامی دربار منعقد
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ درہ میں ایس ڈی پی او تھنہ منڈی نے عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کی سربراہی میں پسماندہ علاقہ درہ میں عوامی دربار منعقد ہواجس میں ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار بھی موجود تھے۔ اس عوامی دربار میں علاقہ درہ اور بریون کے نمبردار، چوکیدار، سماجی اور سیاسی کارکنان، پنچایتی نمائندگان اور مقامی لوگوںنے بھی شرکت کی ۔مقامی معززین نے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ درہ میں ٹریفک نظام میں بہتری، پانی اور بجلی کی فراہمی، پہاڑوں میں بسنے والے بچوں کو معیاری تعلیم دینے اور بیت الخلائوں کی تعمیر کے لئے جانکاری کیمپ منعقد کئے جائیں ۔اس موقعہ پر افتخار چوہدری نے کہا کہ درہ اور بریون کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو آگاہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات بنائے رکھنے کے لئے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر ایسے دربار منعقد کئے جاتے ہیںجو آئندہ بھی جاری رہیںگے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے جموں کشمیر پولیس کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اور ان کے مسائل حل ہوںگے ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض شبیر احمد چوہدری نے انجام دیئے ۔اس دوران ایس ایچ او تھنہ منڈی نے بھی خطاب کیا۔
راجوری میں کلیریکل عملہ کا احتجاج
منیر خان
راجوری // ڈی سی دفترراجوری میں کام کررہے کلیریکل عملے نے گریڈ بڑھانے کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا ۔کلیریکل عملے کی تنظیم کے صدر ظہیر عباس نے بتایاکہ سابق وزیر خزانہ نے انہیں یقین دلایا تھا کہ ساتویں تنخواہ کمیشن کے لاگو ہونے سے قبل کلیریکل عملے کا تنخواہوں میں تفاوت کا معاملہ حل کرلیاجائے گااورپھر پے کمیشن کا نفاذ ہوگالیکن ریاستی سرکار نے ایسا نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ کلرک ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔ان کاکہناتھا کہ تمام دفاتر تالابند ہیں اورریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ کلیریکل عملے کے مطالبے کو پورا کرے تاکہ احتجاج ختم کیاجاسکے ۔ان کاکہناتھاکہ دفتری کام کاج مکمل طور پر ٹھپ ہوکررہ گیاہے ۔
اڑائی کا وفد ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقی
عشرت بٹ
منڈی//پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین و سماجی کارکن مولوی محمد فرید ملک کی قیادت میں منڈی کے اڑائی علاقے کا وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے ان کے دفتر میں ملاقی ہوا ۔اس دوران وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے اڑائی علاقہ کے لوگوں کو درپیش مسائل رکھے اور ان سے راشن، پانی، بجلی ،رسوئی گیس اور تیل خاکی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام میں بہتری کے اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔مولوی فرید ملک نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حال ہی میں پونچھ میں عوامی دربار کے دوران یہ وعدہ کیاتھاکہ اڑائی میں جموں و کشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے گی لیکن اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیںہوا ۔ انہوںنے کہاکہ اڑائی جانے والی سڑک 2014کے سیلاب میں تباہ ہوگئی تھی جس کی آج تک مرمت نہیں کی گئی ۔مولوی فرید نے مانگ کی کہ اڑائی کی پنچایت ملکاں میں کسی بھی سکیم کے تحت چار کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے تاکہ عوام کو پیدال چلنے سے نجات مل سکے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مطالبات بغور سننے کے بعد یقین دلایاکاہ جموں و کشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے گی اور اڑائی کٹھا تا اڑائی ملکاں تک نبارڈ کے تحت سڑک تعمیر کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ وہ آئندہ دنوں اس علاقے میں ایک عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنیںگے ۔ وفد میں سابق سرپنچ طارق منظور، نواز شریف، محمد صابر اورولی محمد بھی شامل تھے۔
شہیدی دیوس کے سلسلے میں بھمبر گلی میں تقریب
جاوید اقبال
مینڈھر//بھمبر گلی برگیڈ کی جانب سے جمعرات کو ان شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کی گئی جنہوں نے1965کی جنگ کے دوران اپنی جانیں قربان کر دی تھیں۔ اس موقعہ پر آرمی آفیسران اور سیول انتظامیہ کے آفیسران کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین بھی موجود تھے ۔اس شہیدی دیوس میں بھمبر گلی برگیڈ کے برگیڈ کمانڈر نے مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کی اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعہ پر سکولی بچوں نے حب الوطنی کے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔اس موقعہ پر برگیڈ کمانڈر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سیولین اور فوج کا تعاون آپس میں بنا رہے تاکہ کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کاکہناہے کہ یہ دن ہر سال بڑی شان و شوکت سے منایا جاتا ہے اور 1965میں شہید ہوئے ان چھ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کی جاتی ہے۔شہیدی دیوس کو دیکھتے ہوئے فوج نے گزشتہ روز تحصیل سطح کا والی بال مقابلہ بھی کروایا اور ساتھ ہی ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی ۔اس دوران ایک طبی کیمپ بھی منعقد ہواجہاں بڑی تعداد میں لوگوں کا مفت علاج کیاگیا۔بھمبر گلی میں ہوئی تقریب میں ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر محمد تنویر خان،ایس ایچ او مینڈھرمحمد امین چوہدری، سینئر کانگریس لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد ،ایکس سروس مین یونین کے صدر محمد شمیم خان،سابق سرپنچ محمد صادق چوہدری،ٹھیکیدار امان اللہ چوہدری،بیوپار منڈل کے صدر پروین کمار ساہنی،ستیش چندر شرما وغیرہ بھی موجودتھے۔