مزید خبرں

 پیروان ولایت کا اتحاد بین المسلمین پر زور

سرینگر// پیروان ولایت کے اہتمام سے ہاگر پورہ پٹن میںایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں علما نے فلسفہ انتظار،مہدویت،عصر حاضر میں معاشرہ سازی اور اتحاد بین المسلمین کے عنوانات پر مفصل روشنی ڈالی ۔ کانفرنس کی صدارت پارٹی کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کی جبکہ پیروان کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی اور مولانا سید اشفاق بخاری نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیا اور اتحاد کے قلعہ کو مسمار کرنے کے خاطر ہورہی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔انہوں نے  امام مہدی علیہ السلام کے حوالے سے امت مسلمہ کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور ملت اسلامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا کر ہر وقت تعجیل ظہور امام عصر کیلئے دعا کریں۔ اپنے صدارتی خطبہ میں مولانا قمی نے اسلامی دنیا بالخصوص یمن، بحرین، شام، فلسطین ،کشمیر، نایجیریا، افغانستان اور عراق میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کیا۔
 
 

تصور مہدیؑ تمام مسالک کا مشترکہ عقیدہ:آغا حسن

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے بڈگام میںایک جلوس برآمد کیا گیا، جس میں تنظیم کے شعبہ تعلیم سے وابستہ مکاتب کے طالب علموں کے ساتھ ساتھ عقیدتمندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علماء نے انقلاب مہدی کے خدوخال اوراغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علماء نے ظہور امام زمانہ ؑ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دنیاکی مظلوم و محکوم قوموں کیلئے ایک بے بدل تحفہ الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب دنیاکی مظلوم و محکوم قومیں انتہائی بے کس وبے بس ہوں گی اور ظالم قوتیں مظلومین پر ظلم واستبداد کے نا قابل برداشت حربے آزمائیں گے تو اللہ تعالیٰ اْس منجی عالم کو ظہور فرمائیں گے۔اس موقع پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے کہا کہ تصور مہدیؑ تمام اسلامی مسالک کا مشترکہ عقیدہ ہے اور ہر مسلمان کا اس بات پر ایمان کامل ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کو دنیا کے دیگر ادیان پر غالب فرمائیں گے۔ آغا حسن نے کہا کہ ظہور امام مہدیؑ کیلئے امت مسلمہ کی آمادگی ایک ناگزیر جذبہ ایمانی ہے۔ دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے بھارتی جیلوں میں محبوس کشمیری حریت پسندوں کی حالت پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبہ بند پالیسی کے تحت کشمیری محبوسین کو بدترین سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

 منڈی میں تقریب

عشرت بٹ

منڈی// انجمن تنظیم المومنین منڈی کی جانب سے ولادت با سعادت حضرت امام عصرؑپر بعد نماز ظہر ایک محفل منعقد کی گئی جس میں ضلع پونچھ کے معروف شعراء نے انتظامیہ کی جانب سے دئے گئے طرحی مصرعہ ’روشنی پھوٹے گی کعبہ کی درودیوار سے‘ پر لکھے گئے اشعار پیش کرکے خوب داد حاصل کی۔ محفل کے دوران مولانا شیخ منظور احمد بڈگامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرفت امام انسان کے لئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ امام چراغ ِہدایت ہیں لیکن ہم میں خامی ہے جو اُن سے روشنی حاصل نہیں کرتے ہیں۔ اس محفل کے دوران سجاد پونچھی، نزیر بھٹی، محتشم احتشام، شبیر الحسن قیصر،ابرار نقوی، محمد جعفر،شاہد رضا ، وسیم حیدر نے اشعار پیش کئے۔
 
 

صحرائی کا پارٹی کارکن کے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے رُکن مشتاق احمد صوفی اونتی پورہ کی والدہ کے وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور مرحومہ کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کی۔ صحرائی نے مرحومہ کے حق میں جنت نشینی کی دعا کی جبکہ نظربند چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر صدرِ ضلع غلام محمد ہرہ کی قیادت میں ایک وفد نے اونتی پورہ جاکر مشتاق احمد کے ساتھ تعزیت کی۔
 
 
 

کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ کشمیرکی میٹنگ 

 پرجیکٹوں کی عمل آوری پر تبادلہ خیال

سرینگر// کمشنر سیکریٹری محکمہ زرعی پیداوار ایم ڈی خان کی صدارت میں آج پہلی بار کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ کشمیر کی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران کمشنر نے کہا کہ پروجیکٹوں کی عمل آوری کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آبپاشی کی گنجائش کو یقینی بنانے سے فارم واٹر منیجمنٹ میں بہتری آسکے تاکہ زرعی پیداوار اورپیداواریت کو فروغ حاصل ہوسکے اورکسانوں کی سماجی واقتصادی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہوسکے۔اس موقع پر سی اے ڈی کشمیر کے ناظم نے کمشنر کو محکمہ کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کے مقاصد کے بارے میں جانکاری دی۔محکمے کے بہتر کام کاج کو یقینی بنانے کیلئے کمشنر موصوف نے آر گنائزیشن چارٹ کا جائزہ لیا اور خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی۔
 
 

نیشنل کانفرنس آئینی حقوق کی بحالی کیلئے مصروف عمل

پارٹی میں گلریز مشتاق کی شمولیت پر تقریب

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ مذاکراتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات کو حل کرنے کی راہیں تلاش کریں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس لیڈران جنرل سکریٹری محمد ساگر، سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان، صوبائی صدر ناصر وانی اور شمالی زون صدر محمد اکبر لون نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب پر سوپور کے نوجوان سیاسی کارکن گلریز مشتاق نے پارٹی میں شمولیت اختیارکی۔ اس موقع پر گلریز مشتاق کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پارٹی لیڈران نے ان کا نیشنل کانفرنس میں خیر مقدم کیا۔ گلریز مشتاق نے کارڈف یونیورسٹی لندن میں ایم بی اے کیا ہے اور کشمیر میں سرگرم سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے لندن اور دبئی میں بھی کام کیا ہے۔ موصوف صوفی بزرگ مرحوم احد بب کا پوتاہے۔ لیڈران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اٹانومی کی بحالی کے ایجنڈا اور پالیسی پر قائم ہے اور یہی ایک ایسا حل ہے جو سب کیلئے قابل قبول ہوسکتا ہے۔
 
 

سیول سوسائٹی کنگن کا وفد میاں الطاف سے ملاقی

علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال،میمورنڈم پیش

ارشاد احمد

کنگن//سیول سوسائٹی کنگن کا ایک وفد ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد سے ملاقی ہوا ۔ انہوں نے میاں الطاف کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔سیول سوسائٹی کنگن سے وابستہ ممبران نے کنگن سے ملحقہ کئی مسائل زیر بحث لائے جن میں زیرِ تعمیرزیڈ موڈ ٹنل میں کنگن کے مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا،گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کو پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کالونی میں منتقل کرنا،کنگن بازار اور آس پاس محلوں میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے کیلئے گاڑی،آشرم سکول کنگن میں زیر تعلیم بچوں کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی ،سڑک کی کشادگی ،بقایا رقوم کی واگزاری اور لاڈلی بیٹی مرکزی سکیم ضلع میں رائج کراناشامل ہے ۔ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی مانگوں کیلئے متعلقہ اداروں سے بات کرکے پورا کیا جائے گا۔ میاں الطاف احمد نے موقع پر ہی کانسچیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ سے پانچ لاکھ روپے کوڑا کرکٹ جمع کرنے والی گاڑی کے لئے فراہم کئے اور کنگن میں موجود آشرم سکول میںبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے چھ لاکھ روپے واگزار کئے ۔
 

لولا ب اورقلم آباد میں پولیس دربار 

سرینگر//عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پولیس پوسٹ کھرہامہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام ہوا۔ڈی او کھرہامہ ایس آئی مدثر احمد کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ میں علاقے کے ذی عزت شہریوں اور تاجروں نے شرکت کی ۔ شرکا نے میٹنگ کے دوران بنیادی سہولیات ، منشیات کی روکتھام اور دوسرے سماجی مسائل ابھارے ۔ڈی او کھرہامہ نے لوگوں کی جانب سے شرکت کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس دوران پٹوار قلم آباد میںبھی پولیس کیمونٹی پاٹنر شپ گروپ میٹنگ منعقد ہوئی ۔ ایس ڈی پی او ہندوارہ شبیر احمد خان اور ایس ایچ او قلم آباد انسپکٹر عبدالاحد بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں ذی عزت شہریوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے میٹنگ کے دوران عوامی اہمیت کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی ۔ ایس ڈی پی او نے یقین دہانی کرائی کہ لوگوں کے مسائل حل کرانے کیلئے متعلقہ محکموںکے ساتھ رابط قائم کیا جائے گا۔ 
 
 

دارالعلوم فیض القرآن کنگن  میں پینے کے پانی کی قلت

 غلام نبی رینہ

کنگن// دارالعلوم فیض القرآن قادریہ مامر یچھ ہامہ کنگن میں پینے کے پانی کی قلت کے باعث دینی تعلیم حاصل کررہے بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے دارالعلوم میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لئے تین برس قبل محکمہ پی ایچ ای گاندربل سے درخواست کی تھی ۔اس سلسلے میں محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر نے ہدایت بھی جاری کئے تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق تین سال کا عرصہ بھی گزر چکا لیکن ابھی تک پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی جس کے باعث بچوں کو ندی نالوں کا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے ۔ایک مقامی باشندے خورشید احمد نے بتایا کہ انہوں نے اس بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو بھی آگاہ کیا گیا ہے اور انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ دارالعلوم میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔
 
 

گزریال کا محمد صابر گنائی فوت 

 
کپوارہ//گزریال کا محمد صابر گنائی پیر کو مختصر علالت کے بعد انتقال کرگیا ۔مرحوم کو گزشتہ35سالو ں سے جامع مسجد گزریال کے مؤذن کا شرف حاصل تھا ۔محمد صابر گنائی کی نماز جنازہ کی پیشوائی اس کے فرزند حافظ بشیرا حمد نے کی۔مرحوم کو نا مساعد حالات کے دوران فوجی اہلکارو ں نے اس بناء پر تشدد کا نشانہ بنایا تھاکہ اس کا ایک فرزند حزب المجاہدین کا سر گرم جنگجو تھا ۔گزریا ل سو ل سوسائٹی اور کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار اشرف چراغ کے علاوہ تحریک حریت کرالہ پورہ نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔
 

دربگام جھڑپ:سوگوار کنبوں سے تعزیت پرسی

سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر پارٹی کے ضلع صدرپلوامہ غلام محمد ہرہ کی قیادت میں ایک وفد نے معرکہ دربگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکے گھروں میں جاکرلواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے، اصلی اور ابدی زندگی آخرت کی زندگی ہے،اسلئے چند پیسوں کے عوض جدوجہد میں مصروف جوانوں کا فورسز کے ساتھ سودا کرکے اپنی آخرت برباد نہ کریں۔انہوں نے صحرائی کی طرف سے اہل خانہ تک تعزیتی پیغام پہنچایا ۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں ضا ئع نہیں ہو ں گی ۔بیان کے مطابق کشمیری دنیا کے انصاف پسند اقوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی اپنی حکومتوں پر زور دیں کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی بند کرا نے میں اپنا کردارادا کریں۔
 

میر کو نیا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد

سرینگر// کشمیر صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے بدھ کو خوراک، امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کے وزیر محمد اشرف میرکے ساتھ ملاقات کی اور انہیں محکمہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقعہ پر وفود نے وزیر موصوف کو اپنے محکموں کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔محمد اشرف میر نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کی دیرینہ شکایات اورمسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
 

نیشنل کانفرنس کا غرقآب ہوئے نوجوانوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے بارہمولہ میں 3نوجوانوں کے غرقآب ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے جملہ سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس دلدوز اور دلخراش واقعہ پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے غرقآب ہوئے نوجوانوں کے اہل خانہ خصوصاً والدین کے ساتھ تعزیت کی۔ انہوں نے مرحومین کے بلند درجات اور والدین و پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ جاوید وحمد ڈار اور ضلع سکریٹری غلام حسن راہی اور ایڈوکیٹ شاہد علی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

پولیس سربراہ کا بیان حقیقت سے بعید:مسلم لیگ 

سرینگر//مسلم لیگ نے جموں کشمیر پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید کے اس بیان کہ’پاکستان اپنے سیاسی اور جغرافیائی عزائم کی تکمیل کے لئے کشمیری نوجوانوں کا استعمال کر رہا ہے ‘ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سربراہ اس حقیقت سے پوری طرح آشنا ہیں کہ کشمیری نوجوان اپنے ماضی، حال اور مستقبل کی سیاسی تاریخ سے پوری طرح واقف ہیں لہذا اُن پر یہ لیبل چسپاں کرنا انتہائی غیر حقیقت پسندانہ اور تاریخ سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔
 

کنزر میںشادی کی تقریب  میں بدمزگی

غیر معیاری کھانے سے40مہمان دست اور قے کا شکار

فیاض بخاری

 
 بارہمولہ//کنزر ٹنگمرگ کے دیوبگ نامی گائوں میں شادی کی ایک تقریب پر دعوت کے دوران کھانا کھانے سے چالیس سے زائد افرد بیمار ہوگئے ۔بیمار افردنے دست اور قے کی شکایت کی جنہیں فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر کنزر پہنچا یا گیا جس کے بعد بیشتر مریضوں کو علاج و معالجہ کے بعدہیلتھ سنٹرسے رخصت کیا گیا۔ بلاک میڈیکل آفیسر کنزر ڈاکٹرذوالفقار احمد نے اس ضمن میں کہا کہ پی ایچ سی کنزر میں دست اور قے کا شکار ہوئے 40 سے زائد افرادکولایا گیا جو غیر معیاری غذا کھانے سے بیمار ہوگئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ علاجہ و معالجہ کی فراہمی کے بعدانہیں اسپتال سے رخصت کیا گیا تاہم چند ایک مریض ابھی بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔
 

سالویشن مومنٹ نے زخمی نوجوانوں کی عیادت کی 

سرینگر// سالویشن مومنٹ کے ایک وفد نے صدر اسپتال سرینگر جاکر حالیہ واقعات میں زخمی ہوئے نوجوانوں کی عیادت کی۔وفد کی قیادت سینئر حریت لیڈر غازی جاوید بابا کر رہے تھے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔
 
 

ریاست کی صورتحال تشویشناک:ہاشم قریشی

سرینگر//ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے ریاست کی موجوہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نہ کسی حربے سے جموں کشمیر میں نسل کشی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو ہندو پاک کے ساتھ ساتھ پورے بر صغیر میں تباہی ہوگی۔انہوں نے بارہمولہ و پلوامہ ہلاکتوں اور سیاحوں و سکولی بچوں پر پتھرائو کرنے کی کاروائیوں کی مذمت کی ہے ۔