مزید خبرں

پونچھ میں 4شکایتی ازالہ کیمپوں کا اہتمام 

لوگوںکو 2353خدمات فراہم کی گئیں

پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے عوام کے مسائل انہی کی دہلیز پر حل کرنے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت چار میگا کیمپ منعقد کئے ۔ان کیمپوں کا انعقاد حد متارکہ کے نزدیک واقع علاقوںمیں ہوا ۔اسلام آباد میں ہوئے کیمپ کی قیادت تحصیلدار حویلی نے کی جبکہ بالاکوٹ کے دھراٹی میں ہوئے کیمپ کی قیادت تحصیلدار بالاکوٹ نے کی۔اسی طرح سے منکوٹ میں ہوئے کیمپ کی قیادت تحصیلدار منکوٹ اور لورن کیمپ کی قیادت تحصیلدار منڈی نے کی ۔ان کیمپوں میں بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کرکے اپنے اپنے مسائل سے افسران کو آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ موقعہ پر ہی 2353خدمات لوگوں کو فراہم کی گئیں جن میں 560اسلام آباد ، 354دھراٹی ، 863منکوٹ اور 576لورن میں فراہم کی گئیں۔انہوںنے بتایاکہ ان خدمات میں 460گردواری و جمعہ بندی ، 20میوٹیشن ، 784اے ایل سی اسناد ، 21پی آر سیز ، 154آمدن اسناد ، 76کریکٹر سرٹیفکیٹ ،34غیر شادی شدہ سرٹیفکیٹ ، 62او بی سی سرٹیفکیٹ ، 15ووٹروں کا اندراج ، 12آدھار کارڈ رجسٹریشن ، 15حلف نامے اور 700کاسٹ سرٹیفکیٹ شامل ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے ان کیمپوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس سے عوام کے ساتھ بہتر تال میل قائم ہوتاہے اور ساتھ ہی لوگوں کا انتظامیہ پر بھروسہ بھی بڑھتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہر ایک کیمپ کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جارہی ہے اور متعلقہ تحصیلداروں اور دیگر افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان کیمپوںکو عوام کیلئے فائدہ بخش بنائیں اور ان کے مسائل حل کئے جائیں ۔ 
 
 
 

پیر پنچال عوامی پارٹی کا اجلاس 

کٹھوعہ اور سانبہ میں اقلیتی طبقہ کو حراساںکرنیکی مذمت 

پونچھ//پونچھ جموں وکشمیر پیر پنجال عوامی پارٹی کی پونچھ صدر دفتر میں میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت پارٹی سر پرست اعلیٰ ایڈوکیٹ راجہ محمد عباس خان نے کی ۔ پارٹی نے کٹھوعہ وسانبہ اضلاع میں اقلیتی طبقہ خصوصی طور خانہ بدوش گجر بکروال جنکی کافی تعداد ہے ،کواکثریتی طبقہ کی طرف سے ہراساں کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق مقررین نے کہاکہ اس طبقہ کے لوگوں کے بجلی پانی کے کنکشن کاٹ دیئے ہیں اور اکثریتی طبقہ کے غنڈہ عناصر جس میں آر ایس ایس اوردیگر تنظیموں کے لوگ شامل ہیں ،وہاں سے ہجرت کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیںاور یہ کہتے ہیں اگر ایسا نہ کیا تو انجام کے لئے تیار ہو جائو ۔انہوںنے کہاکہ خوف وحراس پھیلانے والے طبقہ کے آگے آگے سابق وزیر لال سنگھ ہے اور اقلیتی طبقہ کے کالج طالب علم کا کٹھوعہ میں قتل کیا گیا ہے۔انہوں نے مانگ کی کہ شر پسند عناصر قاتلوں اور اُن تمام بد عنوانیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اگر حکومت جموں وکشمیر ان لوگوںکو بازکرنے میں ناکام رہی تو پارٹی خطہ پیر پنجال میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف شدید پیمانے پر احتجاج کرے گی جس کی ذمہ وار مرکزی اور ریاستی حکومت ہو گی ۔ میٹنگ میں پارٹی سر پرست کے علاوہ تمام کارکنان شامل تھے جن میں مشتاق احمد فانی ریاستی سیکریٹری ، چوہدری محمد شفیع کھٹانہ ضلع صدر پونچھ ، چوہدری محمد ایوب ، نیاز احمد ، محمد ادضل یاسر عرفات ، محمد فرید ، جعفریس احمد قابل ذکر ہیں۔
 
 
 

موسم میں اچانک تبدیلی 

ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کردی 

راجوری //موسم میں آئی اچانک تبدیلی کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ہوئی موسمی ایڈوائزری کے مطابق پورے جموں صوبہ میں ہلکی سے تیز بارشیں رہیںگی ۔ اس بات کا امکان ہے کہ تیز ہوائیں چلیں جس سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوگی اور ساتھ ہی درخت گرنے کا اندیشہ ہوگا۔ضلع انتظامیہ نے اس پر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔انتظامیہ کے مطابق ضلع راجوری کے لوگوں کو مشورہ دیاجاتاہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کریں اور خراب موسم کے دوران گھروں میں رہیں ۔ انتظامیہ نے بتایاکہ خراب موسم کے باعث بجلی کی سپلائی بھی متاثر رہ سکتی ہے ۔
 

خاتون کی پراسرار موت 

منجاکوٹ //منجاکوٹ کے کلالی علاقے میں ایک درمیانہ عمر کی خاتون کی پراسرار طور پر موت ہوگئی جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔اس کی شناخت بیالیس سالہ صفیہ بیگم زوجہ محمد اکبر کے طور پر ہوئی ہے ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون نے کوئی زہریلی شے کھالی جس کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہوگئی جس کے بعد اسے ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ بیٹھی ۔بعد ازآں اس کی نعش کو واپس ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں قانونی لوازمات پورے کرکے اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیا ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 
 
 
 
 
 

’دامن مصطفی ؐسے وابستگی ہی دین کی بنیاد ہے‘

مدرسۃالتوحیدجامع مسجدتھنہ منڈی کے زیر اہتمام سیرت النبیؐکانفرنس

طارق شال 

 تھنہ منڈی//خطہ پیرپنجال کی معروف دینی درسگاہ مدرسۃالتوحیدکے زیراہتمام مرکزی جامع مسجدتھنہ منڈی میں گزشتہ روزجلاس کاانعقادہواجس میں  مدرسہ کے طلبانے نعتہائے رسول مقبول ؐ ، تقاریر و مکالمات پرمشتمل معلومات افزااورخوبصورت پروگرام پیش کئے۔بعدازآں ریاست کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے ہوئے علماء اکرام نے اس کانفرنس سے خطاب کیا۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرمامولاناغلام محی الدین قاسمی فاروقی نے کہا کہ آنحضرتؐ کے کمالات و اوصاف کااحاطہ کرناناممکن ہے اور کوئی بھی شخص اپنے ہمعصروں اورقریبیوں میں آڈیل وہیرونہیں بن سکتامگرآپ ؐوہ واحدہستی ہیں جن کے کردارکی عظمت اوراخلاق کی بلندی پرپہلی گواہی آپ کی زوجہ سیدہ خدیجہ ؓ یارغارابوبکرؓ ،خادم زیدبن حارثہؓ نے دی۔مقررخصوصی ووادی کشمیرکے نامورعالم دین مولانامفتی قاضی محمدعمران قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم بلالیہ سرینگرنے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سیرت پاک کے آئینے میں اپنی روزمرہ کی زندگی کودیکھنے کی کوشش کریں تاکہ ہمارامعاشرہ انہی نقوش پردوبارہ استوارہوسکے جس پرآپؐ نے مدینہ منورہ میں قیام فرمایاتھا۔ تنظیم علمااہل سنت والجماعت پونچھ کے صدرونائب مہتمم جامعہ ضیاالعلوم پونچھ مولاناسعیداحمدحبیب نے صدارتی خطبے میں کہاکہ آج قومِ مسلم تمام تر وسائل ہونے کے باوجو دمشکلات وحالات سے دوچارہے جس کی واحد وجہ سنتِ نبویؐسے دوری اوردامنِ مصطفی ؐسے کنارہ کشی ہے لہٰذااس امرکی سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ ہم روایات وتصنعات سے بالاتررہ کرخلوص وخشیت الٰہی کے ساتھ فکرآخرت کے احساس کیساتھ زندگی گذاریں۔اجلاس میں ضلع راجوری وپونچھ کے مدارس عربیہ کے ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعدادمیں عوام نے شرکت کی اورآخرمیں مہتمم مدرسہ مولانامفتی عبدالرحیم ضیایی قاسمی نے مہمانان کاشکریہ اداکیا۔تقریب کا اختتام عالم اسلام کیلئے دعائوں پر ہوا۔
 
 

گاڑیوں کے تصادم میں ایک شدید زخمی 

رمیش کیسر

 
نوشہرہ //نوشہرہ کے دبڑ گائوں میں ٹینکر و سکوٹی کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کی وجہ سے ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہواہے جس علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔نوشہرہ سے سیری کی طرف جارہا ٹینکر زیر نمبر JK02H-5869دبڑ سے نوشہرہ کی طرف آرہی سکوٹی زیر نمبر JK11B-8306سے ٹکراگیا جس پر سوار سومیت سودن ولد جوگندر لعل لعل سودن سکنہ پوٹھہ شدیدطور پر زخمی ہوا۔اسے علاج کیلئے جموں میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 
 

انجمن جعفریہ پونچھ کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کا اہتمام

حسین محتشم
 
پونچھ//انجمن جعفریہ پونچھ اور بیرون ریاست گجرات کی ایک غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے امام بارگاہ پونچھ میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جس کے تحت پونچھ ضلع کے علاوہ ریاست جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے کل پندرہ جوڑوں کے نکاح پڑھائے گئے۔اس دوران ایک محفل منعقد کی گئی جس میں تلاوت کلام پاک کے بعد مقامی اور غیر مقامی ثناء خواں حضرات نے حمد ونعت ، منقبت و قصائد کے نذرانے پیش کئے۔بعد از اں علمائے کرام نے تمام پندرہ کا جوڑوں نکاح پڑھا کر ان میں اسناد تقسیم کیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تمام جوڑوں کو تحائف سے بھی نوازا گیا۔ اس دوران انجمن کی جانب سے دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی۔اجتماعی شادیوں میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد اور ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے اور دیگر پولیس افسران نے تمام جوڑوں کو مبارک باد پیش کی۔مہمانوں نے انجمن جعفریہ پونچھ کے اقدام کی سراہنا کی۔ بیرون ریاست سے آئے ہوئے تنظیم کے صدر نے کہاکہ ان کی تنظیم انجمن جعفریہ پونچھ کے اشتراک سے یہاں ہر سال اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد صرف اور صرف معاشرے سے ان فضول رسومات کو ختم کرنا ہے جس کے سبب ہمارے نوجوان شادی بر وقت نہیں کرپاتے۔انجمن جعفریہ کے صدر مقبول احمد قلی نے کہا کہ انجمن جعفریہ کی جانب سے منعقدہ اجتماعی شادیوں میں کسی بھی مسلک کے جوڑے شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڑے نکاح کے لئے اپنی مر ضی سے علما ء کا انتخاب کر کے اپنے عقیدے کے مطابق نکاح کروا سکتے 
ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس کے لئے خواہش مند حضرات کو انجمن جعفریہ کے پاس تحریری درخواست جمع کروانی ہوگی۔انہوں نے اجتماعی شادیوں میں شامل بیرون ریاست گجرات کے تمام مہمانان اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ ان کی ٹیم اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
 
 

پیر حیدر شاہ کا عرس عقیدت و احترام سے منایاگیا

جا وید اقبال

 
مینڈھر//پیر حیدرعلی شاہ کا سالا نہ عر س چھجلہ میں نہایت ہی عقیدت و احتر ام سے منایا گیا جس میں جمو ں، راجوری اور پونچھ کے علا وہ کئی علاقو ں کے عقید ت مندو ں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر علما ء کر ام نے قرآن و حدیث کے با رے میں عقید ت مندو ں کو بتا ۔عقیدتمندوں کے مطابق اس درگاہ پر جو بھی انسان اپنی مراد ما نگتا ہے ، اسکی مراد پو ری ہو جا تی ہے اور جس کسی کو بھی اولا د نہیں ہو تی اور یہا ںپر آکر دعا مانگتا ہے تو اللہ تعالی اس کو اولا د سے نوازتا ہے۔ اس موقعہ پر لو گو ں کو لنگر بھی تقسیم کیا گیا جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پو لیس اور کئی تحصیل افسر ان کو بھی تعینات کیا ہوا تھا۔ اس موقعہ پر ظفر اللہ آزاد، امان اللہ ، ابر اہیم چوہد ری، عمر ان ظفر چوہد ری، وقار احمد، محمد نصیر وغیرہ نے بھی شرکت کی ۔
 
 

مینڈھر کو خشک سالی متاثرہ علاقہ قرارینے کی مانگ 

مینڈھر//مینڈھرکے کئی علاقوں میں پانی کی قلت کے سبب لوگوںکومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔آل انڈیاکانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرورخان نے مینڈھرکوخشک سالی سے متاثرہ علاقہ قراردینے کی مانگ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں مینڈھرکے لوگوں کونظراندازنہ کیاجائے بلکہ پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مینڈھرکے ایک درجن سے زائدگائوں میں پینے کاصاف پانی نہیں مل رہاہے اورلوگوں کوکئی قسم کی مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ پی ایچ ای کے زیادہ ترملازم اپنی ڈیوٹی پرنہیں جاتے ہیں کیونکہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے کئی ایسے ملازم تعینا ت کیے ہوئے ہیں جنہیں کئی مہینوں تک تنخواہیں نہیں دی جاتی ہیں اوروہ لوگ اپناذاتی کام کہیں نہ کہیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی سکیمیں ناکام ہوناشروع گئی ہیں۔ پروین سرورخان نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ ملازمین نے جوگاڑیاں پانی کیلئے لگائی ہوئی ہیں وہ متعلقہ ملازمین یاان کے رشتہ داروں کوہی پانی سپلائی کرتی ہیں یاسیاسی اثرورسوخ رکھنے والوں کوپانی دیتی ہیں۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ پی ایچ ای کے کئی ملازمین یاتوٹاٹاسوموگاڑیاں چلاتے ہیں یادوکانداری کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگرملازمین ڈیوٹی پرحاضرنہیں رہتے توان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اورساتھ ہی ان کوباقاعدہ تنخواہ دے کر ڈیوٹی لی جائے۔ انہوں نے کہاکہ گلہوتہ ،چک بنولہ ،چھجلہ ،سمکن ،اوچھاد،بلنوئی ،بھاٹیدار،گورسائی ،بالاکوٹ کے علاوہ ایسے کئی گائوں ایسے ہیں جن میں پانی کی قلت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ مینڈھرقصبہ بھی خشک سالی کی لپیٹ میں آرہاہے لہٰذافوری طورپرمحکمہ پی ایچ ای کوپانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں اورمزیدہینڈپمپ نصب کیے جائیں اورمینڈھرقصبہ کے اندرکچھ ٹیوب ویلوں کوآٹومیٹک پمپ لگائے جائیں۔