مزید خبرں

بانڈی پورہ کی 3خواتین ڈاکٹر معطل

عازم جان
 
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ میں تعینات تین لیڈی ڈاکٹروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پا کرموقعہ پر ہی معطل کردیا اور اور اے سی آر بانڈی پورہ کو ہدایت دی ہے کہ معطل شدہ لیڈی ڈاکٹروں کے خلاف چارج شیٹ داخل کر کے تحقیقات کریں۔
 
 

نظربندوں کو فوری طوررہاکیا جائے

تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر محمد رفیق اویسی کی مسلسل نظربندی اور ایس او جی گاندربل کیمپ میں لے جاکر ذہنی انٹروگیشن اور خوف وہراس میں مبتلا کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد رفیق اویسی تنظیم کے جانے پہچانے لیڈر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے تحریک آزادی کی خاطر تقریباً 14سال ریاست اور ریاست سے باہر کے جیلوں میں بِتائے ہیں۔ اویسی کی سیاسی سرگرمیاں آزادی کے حصول کے لیے پُرامن ہیں۔ اس کا کسی غیر قانونی سرگرمی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ تحریک حریت نے محمد رفیق اویسی کے ساتھ پولیس کے روئیے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قائدین یا کارکنان کو سیاسی سرگرمیوں سے باز رکھنا حکومت کی انتقام گیری ہے اور اس طرح کی انتقام گیری کا سلسلہ جاری رکھنے سے حکومت کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔ تحریک حریت نے منیب احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ننی بُگ کولگام کو گزشتہ 9ماہ سے مٹن جیل میں گرفتار رکھنے کی مذمت کی۔ ان کو 9ماہ قبل کولگام سے گرفتار کیا گیا اور تب سے اب تک مختلف اور فرضی کیسوں میں پھنسا کر اُن کی رہائی میں رُکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ تحریک حریت نے صدرِ بلاک غلام رسول کو گزشتہ ایک ہفتے سے تھانہ صفاکدل میں نظربند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی گرفتاری بلاجواز ہے۔ یہ صرف ریاستی دہشت گردی ہے۔ تحریک حریت نے تمام نظربندوں کی رہائی پر زور دیا۔ 
 

 حاجی عنائت علی کا کونسل سیکرٹریٹ کا معائنہ 

سرینگر//قانون ساز کونسل کے چئیرمین حاجی عنائت علی نے کل کونسل سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اُن کے ہمراہ کئی سنیئر افسران بھی تھے۔انہوں نے ملازمین کے ساتھ بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ مزید لگن اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کونسل سیکرٹریٹ کا کام کاج احسن طریقے سے چلانے میں ملازمین کا تعاون طلب کیا۔سیکرٹری قانون ساز کونسل عبدالمجید بٹ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
 

پیپلز لیگ کا پروفیسر رفیع اور فیاض حمال کو خراج

سرینگر// پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع  نے پروفیسر محمد رفیق بٹ اور فیاض احمد حمال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو اس خطے کے سیاسی استحکام کیلئے نا گزیر قرار دیا ۔سید محمد شفیع،عبدالرشید ڈار ،پرویز احمد بٹ اور دیگر اراکین پر مشتعمل لیگ وفد نے سرینگر اور گاندربل جاکر پروفیسر محمد رفیق بٹ اور فیاض احمد حمال کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو لیگ کے محبوس چیئر مین غلام محمد خان سوپوری کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔ادھرپیپلز لیگ کے سنئیر وائس چیر مین محمد یاسین عطائی کی قیادت میں اعلیٰ سطی وفد حاجی قدوس ،عبدالحمید الہی اور گو ہر خان کے ہمراہ فیاض احمد ساکنہ فتح کدل سرینگر اور عادل احمد غوثیہ محلہ صفاکدل گئے جہاں انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے انکے اہلخانہ سے تعزیت کی ۔
 

نسل کشی میں ہند نواز جماعتیں ذمہ دار: پیپلز مومنٹ

راجوری// پیپلز مومنٹ نے الزام لگایا ہے کہ ہند نواز جماعتوں بالخصوص پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور انہوں نے اقتدار کے عوض اپنے ضمیر اور کشمیری قوم کے مفادات کو گروی رکھا ہوا ہے۔مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم نے پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر جموں کشمیر کی ہند نواز جماعتیں جن میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی شامل ہیں بھارت کی کلہاڑی کے لئے دستے کا رول ادا نہ کرتی تو بھارت کشمیری قوم کو اس بیہمانہ طریقے سے تہ تیغ نہ کرتا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے بلائے گئے کل جماعتی اجلاس کو محض دکھاوا اور منافقانہ چال کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ جماعتیں صحیح معنوں میںکشمیریوں کی خیر خواہ ہوتی تو یہ اقتدار کو ٹھکرا کر مزاحمتی خیمے میں شامل ہو چکی ہوتی ۔
 
 

کلرک اسامیوں کا ٹیسٹ،کئی امتحانی مراکز تبدیل

سرینگر//سٹیٹ سروسز سلیکشن بورڈ نے اطلاع دی ہے کہ اسسٹنٹ سٹور کیپرکم کلرک کی اسامی کے لئے جن اُمید واروں کا اوبجیکٹیو ٹائپ رِٹن ٹیسٹ 12؍ مئی 2018ء کو لیا جانے والا تھا اور جنہیں این آئی ای ایل آئی ٹی رنگریٹ بڈگام( سینٹر کوڈ 3310)  میں امتحان میں شامل ہونا تھا کا امتحانی مرکز برائیٹ ہارنزن ہائیرسکینڈری سکول ہمہامہ بڈگا م منتقل کیا گیا ہے ۔اسی طرح جو امید وار ایم ٹی ایم بی ایڈ کالج ٹنگمرگ بارہمولہ ( سینٹر کوڈ 3209) امتحان میں شامل ہونے والے تھے کا مرکز ایم ٹی ایم بی ایڈ کالج کوار ہامہ بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔
 

 لوگ تحریک دشمنوں سے خبردار رہیں: ترمبو 

سرینگر//جے کے ایل ایف ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے ناربل میں مبینہ طور پتھرائو میں چنئی کے سیاح کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند شرپسند لوگ تحریک دشمنوں کے اشاروں پر خوں سے سینچی مقدس تحریک کو سبوتاز کرنے کی ناکام کوششیںکررہے ہیں ۔انہوں نے عوام سے ان عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیاح ہمارے مہمان ہیں اور ان کی خبرگیری کرنا ہمارے لئے اخلاقی فرض ہے ۔انہوںنے پارٹی کے محبوس چیرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کی مسلسل گرفتاری اور ان کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب علاج معالجہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کی صحت لگاتار بگڑ رہی ہے ۔
 

سید پورہ عیدگاہ میں نعت خوانی کے مقابلہ کاانعقاد 

سرینگر//سیدپورہ عیدگاہ میں ایجلز کلچرل اکیڈیمی کے اہتمام سے نعت خوانی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں 100کے قریب طلاب نے حصہ لیا۔ تقریب میں سید ہمایوں قیصراور شاہد علی خان مہمان خصوصی جبکہ آفاق چشتی جج اور مصدق عالم اینکر تھے۔ مقابلہ میں ہاشم بشیر نے پہلی پوزیشن ،باسط مظفر نے دوسری اور امام فاروق نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں اکیڈیمی کے صدر طارق احمد شیرا نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔ 
 

محکمہ اطلاعات کا پون کمار کے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر//نظامت اطلاعات و رابطہ عامہ نے کیمرہ مین پون کمار کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام کی صدارت میں آج یہاں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔میٹنگ میں پون کمار کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی اورغمزدہ خاندان کویہ صدمہ برداشت کرنے کے لئے دُعا کی گئی۔
 

آغا سید حسن کا اظہار رنج و غم

سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تنظم کے دیرینہ کارکن حاجی غلام محمد راتھر کے جوان سال فرزند علی محمد راتھر ساکن وہاب پورہ بڈگام کے وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔
 

جوہری معاہدہ سے امریکہ کی دستبرداری ایران کی فتح: پیروان ولایت 

سرینگر/پیروان ولایت جموں و کشمیر نے پانچ جمع ایک جوہری معاہدہ سے امریکہ کی دستبرداری کوایران کی فتح قرار دیا ہے تنظیم کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ امریکہ کی اسلام دشمنی اور تاناشاہی روز بروز بے نقاب ہوتی جارہی ہے جو شیطان بزرگ امریکہ کی رسوائی اور ذلت کا سبب بنتا جارہا ہے ۔مولانا قمی نے کہا کہ جوہری معاہدہ پر دیگر چار ممالک کا ثابت قدم رہنا قابل تحسین ہے اور ان ممالک کا یہ فیصلہ امریکہ کہ ناپاک چہرہ پر شکست کی زوردار تھپڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری معاہدہ سے امریکہ کی دستبرداری امریکہ کی تاناشاہیت اور اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ہے جس کا اندازہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو بہت جلد ہوگا۔
 

بلدیاتی ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

۔7ویں تنخواہ کمیشن کے نفاذ کو عملانے کا مطالبہ

سرینگر// بلدیاتی اداروں کے ملازمین نے ایس آراﺅ193 کے نفاذ کو سرد خانے میں ڈالنے کے خلاف احتجاج کیااور اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ یقین دہانیوں کے باوجود انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا جاتا۔احتجاجی مظاہرین میں خاکروبوں کے علاوہ دیگروں زمروں کے تحت کام کرنے والے لوگوں نے بھی شرکت کی۔مظاہرین نے سرکار کی طرف سے ایس آر اﺅ193کو جاری کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے7ویں تنخواہ کمیشن کے نفاذ کو عملانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے7ویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات ریاستی محکموں پر نافذ کی ہے،تاہم مونسپل کمیٹیوں،کونسلوں کو ابھی تک اس دائر ئے میں نہیں لایا گیا،جس کی وجہ سے ملازمین کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس موقعہ پر منظور احمد پانپوری نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر حکام نے 7ویں تنخواہ کمیشن کو نہیں عملایا،تو ہڑتال کے سوا اور کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
 
 

ویری کی محکمہ دیہی ترقی کے افسروں کے ساتھ تعارفی میٹنگ

 نظام میں شفافیت اور جواب دہی لانے پر زور 

سرینگر//دیہی ترقی او رپنچایتی راج کے وزیر عبدالرحمان نے ایس کے آئی سی سی میں کشمیر صوبے کے افسروں کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں سیکرٹری آر ڈی دی شیتل نندہ ، ڈائریکٹر آرڈی ڈی کشمیر محمد نذیر شیخ ، مشن ڈائریکٹر ایس آر ایل ایم جے ینڈ کے اور کئی دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کے دوران وزیر کو ایم جی نریگا ، سوچھ بھارت مشن گرامین ، پردھان منتری آواس یوجنا ، آئی ڈ بلیو ایم پی اور حمایت جیسی سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکار ی دی گئی ۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر نے کہا کہ محکمہ نے نریگا کے تحت 54 ایام کار پیدا کرنے کے قومی ہدف کو حاصل کیا ہے۔وزیر نے بلاک ڈیولپمنٹ افسروں سے سے کہا کہ وہ ہاتھ میں لئے گئے کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ویری نے پی ایم اے وائی ۔ جی کے تحت تمام اہداف کو حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں ایس بی ایم ۔ جی کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا کہ جموں وکشمیر کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کرنے کے لئے ایک جامع نقشِ راہ تیار کیا جانا چاہیئے۔میٹنگ کے دوران ایس ایل آر ایم پروگرام اور آئی ڈبلیو ایم پی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دیہی آبادی کی ترقی کا کام محکمہ کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ کو مزید تند ہی اور لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔ویری نے افسروں سے کہا کہ وہ بلاک سطحوں پر کنورجنس موڑ کے تحت کھیل کے میدان تعمیر کئے جانے چاہئیں ۔ اس کے علاوہ ہائیر سکینڈری سکولوں اور دیہی ہسپتالوں کے نزدیک کمیونٹی سنیٹری کمپلیکس تعمیر کئے جانے چاہیئے۔اُنہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ محکمہ کے کام کاج میں مزید شفافیت اور جواب دہی لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔
 
 

آنگن واڑی ورکرو ںکا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

سرینگر// صوبائی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بعد آنگن واڑی ورکرو ںنے6دن سے جاری بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں30ستمبر سے پھر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔اس سے قبل سرےنگر کے رےذےڈنسی روڈ پر اس وقت ٹرےفک کی نقل وحر کت بند ہو ئی جب آ نگن واڑی ورکروں اور ہلپروں کی ایک بڑی تعداد اپنے مطالبات کو منوانے کیلئے احتجاجی دھرنے پر بےٹھ گئےں۔ا ٓنگن واڑی ورکر اور ہلپر گزشتہ6دنوں سے پریس کالونی میں علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھی تھیںاور اس دوران کئی بار انہوں نے تنخواہوں میں اضافے اور پنشن مقرر کرنے کے حق میں خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔ا ٓنگن واڑی ورکر اور ہلپروں کی طرف سے مسلسل6دنوں کے احتجاج کے بعد صوبائی انتظامیہ نے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ میٹنگ کی،جس کے دوران افہام وتفہیم کے ساتھ مسائل حل کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے ساتھ میٹنگ کے بعد ا ٓنگن واڑی ورکروں اور ہلپروں کی یونین کی سربراہ تسلیمہ سبحان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یہ مسئلہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے،اور عنقریب ہی مسئلے کو حل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کمشنر کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے ہڑتال اور احتجاجی پروگرام کو30ستمبر تک موخر کیا ہے،اور اگر اس بیچ انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ فوری طور پر پھر سے احتجاجی مہم چھیڑ دینگے۔
 
وزیر اعلیٰ ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام کے نام سے نئی سکیم شروع ہوگی
سرینگر//کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے وائس چیئرمین پیر زادہ منصور حسین سہر وردی نے کل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ وادی بھر میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کر کے اُبھرتے ہوئے کار خانہ داروں کو سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری دیں۔انہوں نے اِن باتوں کا اِظہار کل بورڈ کی ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں سیکرٹری کے وی آئی بی رشید احمد قادری ، ڈپٹی سی ای او مظفر ناصر علاقبند اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔وی سی نے کہا کہ بورڈ وزیر اعلیٰ ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام کے نام جلدی ایک نئی سکیم شروع کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ پیرس فیشن شو میں ریاست کی روایتی دستکاری اور ہنرمندی کو بھی بڑے پیمانے پر اُجاگر کرے گا۔۔وی سی نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دُور دراز علاقوں کا دورہ کر کے وہاں بیداری پروگرام منعقد کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود یونٹوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جانا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران مگس بانی کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی اور بورڈ کی طرف سے 20مئی کو عالمی مگس بانی دِن بڑے پیمانے پر منا رہا ہے۔
 

ناظم تعلیم کشمیرکی وضاحت

تعطیل کے دن سکولوں کو کھلا رکھنے کا حکم نامہ صادر نہیںہوا

سرینگر// ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی اےن ایتو نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے ےا ڈائرےکٹورےٹ آف سکول اےجوکےشن کشمیر کی طرف سے ممکنہ تدریسی نقصان کی بھرپائی کے لئے تعطیلات کے دوران سکولوں کو کھلا رکھنے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کےا گےا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ Academic lossکو پُر کرنے کے لئے ہم نے پہلے ہی سکولی سربراہان کو باضابطہ طور ہداےت دی ہے کہ وہ اےسی صورت مےں سکولوں مےں اضافی کلاسز کا اہتمام کرےں۔ ناظم تعلیم نے کہا کہ حال ہی مےں ڈائرےکٹورےٹ آف سکول اےجوکےشن کشمیر کو اس سلسلے مےںمختلف حلقوں کی طرف سے بہت ساری تجاویز موصول ہوئےں تھیں جن مےں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ Academic lossکو پُر کرنے کے لئے تعطیل کو استعمال کےا جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں کی طر ف سے موصولہ اس تجویز کو محکمے کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اگر منظوری مل جاتی ہے تو اُس صورت مےں باضابطہ حکم نامہ جاری کےا جائے گا۔
 

 جہلم ،توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ 

میر ظہور نے کام کاج کا جائیزہ لیا

سرینگر//پی ایچ ای ،آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور جنگلات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے کل افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران جہلم ۔توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ یہ پروجیکٹ پی ایم ڈی پی کے تحت لگ بھگ400 کروڑ روپے کی لاگت سے عملایا جارہا ہے۔میٹنگ میں چیف انجنئیرآبپاشی و فلڈ کنٹرول ایم ایم شاہ نواز اور متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جہلم دریا کی ڈریجنگ کا کام لگ بھگ مکمل کیا جاچکا ہے اور اس کی بدولت لگ بھگ5 لاکھ افراد کو سیلاب سے تحفظ حاصل ہوگا۔میٹنگ میں تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فلڈ سپل چینل شریف آباد اور نائد کھئی میں اراضی کے معاوضہ کے طور142.33 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران دیگر کاموں کی تفصیلات کا بھی خاکہ پیش کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ فلڈ کنٹرول محکمہ نے وادی کے مختلف علاقوں میں ایف ایم پی کے تحت113.50 کروڑ روپے کی15 سکیمیں ہاتھ میں لی ہیں۔آبپاشی سکیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ متعلقہ محکمہ نے3 ارب روپے کی لاگت سے7 بڑے ایل آئی ایس پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں۔وزیر موصوف نے آبپاشی سکیموں کی تیز تر تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا تا کہ بنیادی سطح پر لوگ مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رقومات کا منصفانہ استعمال کیا جانا چاہئے۔میر ظہور نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کسانوں کو آبپاشی کی بہتر سہولیات بہم پہنچائی جانی چاہئیں۔ علاوہ ازیں تمام علاقوں میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی دستیاب کیا جانا چاہئے۔
 

حکیم اجمل خاں کی 150ویں یوم پیدائش 

ورلڈ ٹریڈ سینٹرممبئی میں طب یونانی کی کانفرنس کا اہتمام

 نئی دہلی//ٹرینٹی گروپ کی جانب سے حکیم اجمل خاں کی ۰۵۱ ویں یوم پیدائش کے موقع پر ممبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں طب یونانی کی ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد 11 تا 13 مئی صبح 11 بجے سے شام 7 بجے تک کیا جائے گا جس کی انٹری فری رکھی گئی ہے۔ پروگرام کے پرائم اسپانسر یونانی و آیورویدک دواﺅں کے ساتھ ساتھ فوڈ پروڈکٹس اور مصالحہ جات کی 800سے زائد پیکنگ بنا کر بازار میں پیش کرنے والی ملک کی مایہ ناز کمپنی ریکس ریمیڈیز لمٹیڈ ہے۔ اس تقریب میں فروغ طب یونانی کے لئے کانفرنس بعنوان عالمی جلسہ ¿ یونانی طب ۸۱۰۲ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اس گلوبل ایگزی بشن میں طب یونانی کے معلوماتی لیکچرس، بائیر- سیلر میٹنگ، طب یونانی سے منسلک تعلیمی اور کاروباری حضرات کی میٹنگ وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریکس ریمیڈیز لمیٹیڈ پریذینٹ یونانی گلوبل انڈیا 2018 میں یونانی علاج سے منسلک کمپنیاں بھی حصہ لے کر اپنے اپنے اسٹال لگائیں گی۔
 

ائر ٹیل کے نئے لامحدود پوسٹ پیڈ پلان

سرینگر//بھارت کی سب سے بڑی مواصلاتی کمپنی بھارتی ائر ٹیل نے اپنے پوسٹ پیڈ صارفین کےلئے ”انفنٹی پوسٹ پیڈ سریز “ کے تحت 659روپے اور799روپے کے دو نئے پلانز کا اعلان کیا ہے۔انفنٹی پلان649کے عوض صارفین ایک پیرنٹ اور ایک ایڈ آن نمبر پر بغیر کسی اضافی رقم کے ماہانہ50جی بی کا ڈیٹا استعمال کرسکتے ہیںاور اگر یہ ڈیٹا استعمال نہیں ہوا تو اسے اگلے مہینے کے کھاتے میں جمع کرنے کی سہولیت دستیاب ہے۔صارفین بھارت کے اندر لامحدود مفت کالنگ اورنیشنل رومنگ کی سہولیت سے بھی مستفید ہونگے۔کمپنی کے ایک بیان کے مطابق انفنٹی پلان 799کے عوض صارفین کو لامحدود کالنگ اور نیشنل رومنگ کے ساتھ ساتھ ایک پیرنٹ اور ایک ایڈ آن کنکشن پر ماہانہ60جی بی ڈیٹا استعمال کرنے کی سہولیت فراہم ہوگی اور اسکے لئے کوئی اضافی رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ اس موقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ائر ٹیل کے ہَب سی ای او اَپر نارتھ منو سود نے بتایا”بھارت کا سب سے بڑا سمارٹ فون نیٹ ہونے کے ناطے اپنے صارفین کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کےلئے متواتر تخلیق سے کام لیتے ہیں،نئے پلانز بھی ڈیٹا کے شوقین صارفین کو اپنے سمارٹ فون پر مکمل آزادی کے ساتھ ڈیٹا کا مزہ لے سکتے ہیں“۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں نئے پلانز کے ساتھ صارفین کو ایک سال کےلئے999روپے کی” امیزان پرائم ممبر شپ“ حاصل ہونے کے علاوہ وینک میوزک اور ائر ٹیل ٹی وی تک رسائی حاصل ہوگی۔”امیزان پرائم ممبر شپ“ کے تحت صارفین امیزان پرائم ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور انہیں امیزان کے11ملین سے زائد پراڈکٹس تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
 

چشمہ شاہی میں جے کے بنک اے ٹی ایم عوام کے نام وقف 

سرینگر//بیرونی و مقامی سیاحوں کے علاوہ عام لوگوں کی راحت کیلئے جے کے بنک نے ایک آٹو ٹیلر مشین چشمہ شاہی میں نصب کرکے عوام کے نام وقف کی ۔چشمہ شاہی معروف و مشہور مغل باغات کا حصہ ہے اور سرینگر میں نمایاں سیاحتی مرکز ہے جو ڈل جھیل کے کنارے بلیوارڑ سے متصل ہے ۔جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے اس ٹیلر مشین کا افتتاح جنرل منیجر آپریشنز جے کے ٹورسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن محترمہ تبسم کاملی ،بنک کے ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ وہگیس چندر ،پریذیڈنٹ پی کے تکو ،وائس پریذیڈنٹ سشیل کمار ،زونل ہیڈ کشمیر سنٹرلiمنظور حسین ،کلسٹر ہیڈ ،منیجر جے کے ٹی ڈی سی بشیر احمد و دیگر بنک و سرکاری افسران کی موجودگی میں کیا ۔اس موقعے پر بولتے ہوئے چیئرمین نے کہاکہ ”چشمہ شاہی مغل باغات کا ایک خوبصورت و دلفریب مقام ہے جہاں ملک وبیرونی ممالک سے بھاری تعداد میں سیاح آتے ہیں ۔اس مقام پر اے ٹی ایم کی تنصیب کا مقصد یہاں آنے والے سیاحوں ،مقامی لوگوں اور صارفین کو راحت پہنچاتے ہوئے اعلیی بینکنگ سہولیات فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صارفین کی راحت ہماری اولین ترجیح ہے“۔پرویز احمد نے کہاکہ جے کے بنک نے ہمیشہ ہی ریاست میں سماج کے سبھی طبقوں کی خدمت کرنے میں ہراول دستے کا کام کیا ہے ۔مجھے خوشی ہے کہ بنک نے یہاں اے ٹی ایم کی تنصیب عمل میں لائی ہے جس سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو نقدی کی ضروریات پوری ہونگی۔اس اے ٹی ایم کے افتتاح کے بعد جموں وکشمیر میں ان مشینوں کی تعداد1112تک پہنچ گئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوسطاً ان مشینوں سے 2.5لاکھ بار لین دین ہوتا ہے جس سے100کروڑ روپے نکالے جاتے ہیں ۔
 

منیال نے جی بی پنتھ ہسپتال میں سہولیات کا جائیزہ لیا

سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے وزیر دیوندر کمار منیال نے کل جی بی پنت ہسپتال سرینگر کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا جائیزہ لیا۔ایم ایل سی وکرم رندھاوا بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ڈی جی ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان، پرنسپل/ ڈین ، جی ایم سی سرینگر پروفیسرسمیہ رشید، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر یش پال شرما، ایچ او ڈی پیڈیاٹرکس جی بی پنت اور میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے ہسپتال میں فراہم کی جارہی سہولیات کا تفصیلی جائیزہ لیااور نیونیٹل اور پیڈیاٹرکس انٹینسو کئیر یونٹس کا معائنہ کیا۔وزیر دیگر وارڈوں بالخصوص این آر سینٹر بھی گئے۔ 
 
 

عباس وانی نے پرائمری ہیلتھ سنٹرکا افتتاح کیا

نیوز ڈیسک
ٹنگمرگ/ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی نے جمعرات کو یہاں کنزر سے تین کلومیٹر دور مولہ گام میں فروغ یافتہ طبی مرکز کا بطور پرائیمری ہیلتھ سینٹر افتتاح کیا۔ اس موقعے پر وانی نے بتایا کہ لوگوں کو صحت انکی ترجیحات میں اول نمبر پر ہے اور اسی سلسلے کے تحت مولہ گام کے طبی مرکز کو بیس بستروں والے ہسپتال کو طور پر بڑھوتری دیدی گئی ہے جہاں چوبیس گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن ڈاکٹر عوام کی خدمت کے لئے میسر رہیں گے۔ تقریب میں تحصیلدار کنزر شاہدشیرازی بھی موجود تھے۔ بعد میں وانی نے ٹنگمرگ میں لوگوں سے گفت شنید کرکے انکے مسائل سنے۔ ادھر وسن بانگل کے لوگوں نے عباس وانی اور سب ڈیویژنل انتظامیہ ٹنگمرگ کی اس بات کے لئے سراہنا کی ہے کہ انکو ماہِ رمضان کی آمد سے قبل ہی تین انچ پائیپ کے زریعے پانی فراہم کیا گیا ہے۔