مزید خبرں

 نعیم ،سُنیل اور آسیہ کا آلسٹنگ گرڈ سٹیشن کا دورہ

سرینگر//بجلی کے وزیر سُنیل شرما نے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور بجلی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش کے ہمراہ آلسٹنگ گرڈ سٹیشن کا دورہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ایم ایل اے گاندر بل شیخ اشفاق جبار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزراء کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار، ڈپٹی کمشنر پاور اصغر علی، ڈی سی گاندربل پیوش سنگلاکے علاوہ کئی دیگر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران چیف انجنئیر کمشنر نے وزراء کو گرڈ سٹیشن پر جاری کام کے بارے میں جانکاری دی۔وزراء نے کاموں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔سُنیل شرما نے چیف انجنیئرکو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمر اور دیگر سازو سامان کے رکھ رکھاؤ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کاموں کو ڈبل شفٹ کے اندر مکمل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آلسٹنگ گرڈ سٹیشن کے مکمل ہونے سے وادی میں بجلی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا کہ کاموں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے تا کہ بجلی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ گرڈ سٹیشن کے مکمل ہونے سے موجودہ دو گرڈ سٹیشنوں پر بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔آسیہ نقاش نے کہا کہ ترسیلی لائنوں کے کاموں کو پورا کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس گرڈ سٹیشن سے وادی کے دیگر علاقوں بشمول لداخ خطہ کو بجلی فراہم ہوتی ہے۔ایم ایل اے گاندر بل نے اس دوران علاقہ میں ایک ٹرانسفارمر ورکشاپ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ بعد میں سُنیل شرما اور آسیہ نقاش نے چشمہ شاہی گرڈ سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر چشمہ شاہی گرڈ سٹیشن کو وسعت دینے سے متعلق منصوبے کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
 

حکومت خود ہی خرمن امن کو آگ لگارہی ہے:حریت (گ)

سرینگر// حریت (گ) نے تحریک حریت راہنما محمد رفیق اویسی اور جماعت اسلامی لیڈر بشیر احمد لون کو گرفتار کرکے PSAکے تحت کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت  RSSکا ایجنڈا عملانے کے لئے عوامی امنگوں اور ان کے حقوق پر شب خون مارنے کے اقدامات کررہی ہے اور جب عوام ان غیر جمہوری اور غیر فطری حربوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں تو پولیس ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے ان کو جیلوں میں بند کرتے ہیں۔حریت نے کہا کہ یہاں کی حکومت خود ہی ریاست کے خرمن امن کو آگ لگارہی ہے، تاکہ ان کے دہلی کے آقا ان سے خوش ہوکر ان کی اقتدار کی کرسی کی مدّت میں اور اضافہ کریں۔ حریت نے امیرِ حمزہ شاہ کی نظربندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو 2016؁ء کی عوامی تحریک سے کئی ماہ قبل گرفتار کرکے مختلف جیلوں میں نظربند رکھا گیا۔ حریت کانفرنس نے امیرِ حمزہ کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے انتقام گیرانہ حربوں سے حکومت کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔ 
 
 
 

فوڈ سیفٹی ایکٹ کی عمل آوری

 امپا میں ملازمین کیلئے تربیتی پروگرام منعقد

سرینگر//کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر نے کل امپا سرینگر میں ملازمین کو تربیت دینے کیلئے یک روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنرفوڈ سیفٹی کشمیر اور کشمیر صوبے کے دیگر افسروں نے تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔اس دوران ڈاکٹر کبیر نے نامزد افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جہاں انہوں نے ریاست میں ایف ایس ایس اے ایکٹ کی عمل آوری سے متعلق پہلوؤں پر بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی وینز کو سکولوں، کالجوں اور دیگر اداروں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے پیش نظر چیکنگ کی مہم کو تیز کیا جائے گا تا کہ قوانین کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ صارفین فوڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنی شکایات فون نمبر01942495191 پر درج کراسکتے ہیں۔
 

جنرل راوت کا بیان حقیقت کے برعکس: حریت (جے کے)

سرینگر//حریت (جے کے )کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو اور تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار نے بھارت کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے ریمارکس کو حقیقت سے کوسوں دور قرار دیتے ہوئے کہا ’آپ شامی حکومت کی طرز پر یہاں کارروائی کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں مگر آپ کو اس بات کا اندازہ و ادراک ہونا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے‘۔
 

 ڈاکٹرمحمد رفیق کے لواحقین سے پیپلز لیگ کی تعزیت پرسی 

سرینگر //پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کا وفد چیئر مین بشیر احمد طوطا کی قیادت میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق کے گھر واقع ژھندن گاندربل گیا اور لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ بشیر احمد طوطا کے علاوہ منیرلاسلام نے مختصر خطاب کیا ۔بشیر طوطا نے غمزدہ کنبہ کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رفیق نے عزیمت کا راستہ اختیار کیا اورااس مفروضے کی نفی کردی کہ یہ عوامی تحریک چند بے روزگار نوجوانوں کی برپا کی ہوئی شورش ہے۔
 

قربانیوں کی ہر صورت میں آبیاری کی جائیگی:مسلم لیگ 

سرینگر//مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تنظیم کو مزید فعال و مضبوط بنانے اور موجودہ تحریکی صورتحال کو مدنظر رکھ کر مستقبل کے لئے لائحہ عمل طے کیاگیا ۔ میٹنگ میں تمام مرکزی و ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی جنھوں نے لیگ کو ضلعی سطح پر مضبوط و منظم بنانے کے لئے کئی تجاویز پیش کیں اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ تربیتی اجتماعات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ اراکین کا ایک تو آپس میں تحریکی رشتہ محکم ہو اور دوسرا تعلق با اللہ کا رشتہ مضبوط ہوجائے۔
 

 سردار رشید حسرت کی برسی پر لبریشن فرنٹ کا خراج عقیدت 

سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے تحریک آزادی کے سرخیل سردار رشید حسرت کو برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ مرحوم سردار رشید حسرت کو ایک بہترین قائد، ایک پرعزم آزادی پسنداور ایک مخلص و حلیم انسان قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ موصوف محمد مقبول بٹ اورامان اللہ خان کے قریبی ساتھی تھے جنہوں نے اپنے وطن کی آزادی اور وحدت کی بحالی کیلئے پرعزم جدوجہد کی اور مرتے دم تک اسی مقدس مشن کے ساتھ وابستہ رہے۔سرادر رشید حسرت کی یاد میں فرنٹ کے مرکزی دفتر سرینگر پر ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں جملہ قائدین و اراکین نے شرکت کی۔ نائب چیئرمین بشیر احمد بٹ کی صدارت میں منعقدہ مجلس میں سیکریٹری جنرل غلام رسول ڈار ایدھی، سینئرزونل نائب صدر محمد یاسین بٹ،زونل جنرل سیکریٹری شیخ عبدلرشید،زونل آرگنائزر بشیر کشمیری،پروفیسر جاویداور دوسرے لوگوں نے شرکت کی۔
  

اوڑی میں نوجوانوں کیلئے تربیتی پروگرام شروع

اوڑی//ظفر اقبال /اوڑی میں' شیپنگ ڈا ینگ مائنڈس ' (Shaping the young minds ) عنوان کے پروگرام کا آغازہوا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج اوڑی میں یونیورسٹی آف کشمیر ، محکمہ تعلیم، سب ڈیوزنل مجسٹریٹ اوڑی کے اشتراک سے ایک رضا کار تنظیم' ویشوگرام ٹرسٹ' نے پروگرام کا انعقاد کیا ۔پروگرام کا مقصد سرحدی قصبہ اوڑی کے دور دراز نوجوانوں کی صلاحت کو ابھارنا ہے اور ان کو ریاستی ور ملکی صطح کے امتحانات میں حصہ لینے کی جانکاری فرہم کرناہے ۔ ویشوگرام ٹرسٹ کے ٹرسٹی مسٹر سنجے نے بتایا کہ انہوں سرحدی قصبہ اوڑی کے قریب 80 سرکاری سکولوں کی نشاندی کی ہے جہاں پر وہ اگلے دو ہفتے تک پروگرام ہونگے۔
 

کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن وفد عمران انصاری سے ملاقی 

سرینگر//کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آج اعلیٰ تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری کے ساتھ ملاقات کی اور اعلیٰ تعلیمی منظر نامے پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر طارق عشائی نے کی جنہوں نے اعلیٰ تعلیم محکمہ کا چارج نبھالنے پر انصاری کو مبارک باد دی۔
 
 
 

ظلم و جور کے باوجود عوام کا جذبہ ¿مزاحمت زندہ: حریت (ع) 

سرینگر//حریت (ع)نے شہدائے کشمیر کے عظیم مشن کے تئیں استقامت کو کامیابی کا ناگزیر تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مبنی برحق جدوجہد میں مصروف قوم ہر روز آلام و مصائب کا سامنا کررہی ہے اور سرکاری سطح پر جاری جبر و تشدد کی کارروائیوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ مزاحمت میںکوئی کمی نہیں آرہی ہے۔جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوںدربہ گام ، آئن گنڈ، رہمواور آری ہل میں گزشتہ ہفتے مارے گئے حریت پسندوںکے لواحقین کے ساتھ ایک وفد ،جس میں غلام نبی زکی ، غلام نبی نجار، پرویز احمد ڈاراور دوسرے حریت کارکنان شامل تھے ،نے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں تحریک میں کشمیری عوام کی ناقابل فراموش قربانیاں اس تحریک کا ایک قیمتی اثاثہ ہےں اور اس کی حفاظت ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے ۔اس موقعہ پر شہداءکے لواحقین کے ساتھ ٹیلیفون کے ذریعے اپنی بھر پور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے شہداءکے لواحقین کو یقین دلایا کہ ان کی قربانیاں کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان قربانیوں کو اپنے منطقی انجام تک لیجانے کیلئے حریت پسند قیادت وعدہ بند ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ بے شک کشمیری عوام آج تاریخ اور تحریک کے نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں اور اس مرحلے پر تحریک کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ہم پوری وابستگی اور استقامت کے ساتھ تحریک کے اہداف پر اپنی توجہ مرکوز کریں تب جاکر کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔
 

 بڈگام میں پولیس اہلکار کی ہلاکت افسوسناک: میر 

سرینگر //ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے وڈون بڈگام میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔غلام احمد میر نے واقعہ کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا تلف ہونا مایوس کن اور دردناک عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہو ،حالات کا خمیازہ صرف اور صرف کشمیری عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گولی ادھر سے چلے یا دوسری طرف سے، اس کی زد میں صرف اور صرف کشمیری ہی آتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کے مجموعی مفاد اور ریاست میں امن کی بحالی کو یقینی بنانے کی خاطر یہاں جاری قتل و غارتگری کو فی الفور بند کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مارے گئے پولیس اہلکار کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
 

 نالہ سندھ سے عدم شناخت لاش برآمد 

 گاندربل//ارشاد احمد//نالہ سندھ میں ایک مرد کی عدم شناخت لاش برآمد کی گئی ہے۔ بنہ ہامہ میں لوگوں نے نالہ سندھ میں تیرتی ہوئی لاش دیکھ اور فوری طور پر اس کی اطلاع پولیس کو دی جنہوں نے نعش کو اپنی تحویل میں لی۔ پولیس کے مطابق مرنے والے کی عمر قریب 30 سال کی ہے اور زیادہ دنوں تک پانی میں رہنے سے لاش کافی بوسیدہ ہوچکی ہے۔لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے مردہ گھر میں رکھی گئی ہے۔ گاندربل پولیس نے لاش کی شناخت کے بارے میں عوام سے ان فون نمبرات پر 01942416478، 01942416564 پر رابطہ کرنے کی کی اپیل کی ہے ۔
 
 

فریڈم پارٹی کے اہتمام سے مزاحمتی جماعتوںکی مشترکہ میٹنگ منعقد

نئی ابھرتی صورتحال پرنئی حکمت عملی وضع کرنے پر زور

سرینگر//متعددمزاحمتی جماعتوں کی ایک مشترکہ میٹنگ صنعت نگر میںمنعقد ہوئی جس کا اہتمام ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کیا۔ میٹنگ میں مسلم لیگ کے مشتاق الاسلام، مسلم پولٹیکل پارٹی کے حکیم عبدلرشید، ماس مومنٹ کے مولوی بشیر،پیپلز لیگ کے محمد یاسین عطائی،لبریشن فرنٹ (حقیقی) کے جاوید احمد میر،اسلامک پولٹیکل پارٹی کے محمد یوسف نقاش،سالویشن مومنٹ کے جاوید احمد ، پیپلز لیگ (خان سوپوری) کے محمد شفیع ،فریڈم لیگ کے امتیاز احمد،مسلم خواتین مرکز کی یاسمین راجہ،کشمیر خواتین مرکز کی زمردہ حبیب اور انجمن شرعی شیعاںکے غلام محمد ناگونے شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت فریڈم پارٹی کے ایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگر نے انجام دی ۔ میٹنگ کے شرکاءنے فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ کی اسیری کے 31سال مکمل ہونے پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ شبیر شاہ کی پوری زندگی جہد مسلسل کی ایک طویل داستان ہے اور اُنہوں نے جس سفر کا آغاز اپنی نوجوانی میں کیا تھا،وہ اُس پر پورے عزم و حوصلے کے ساتھ قائم و قائم ہیں۔مزاحمتی پارٹیوں کی مشترکہ میٹنگ کے دوران موجودہ صورتحال پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا اور ضرورت محسوس کی گئی کہ ایک نئی حکمت عملی وضع کی جائے جو تحریکی تقاضوں کو نئی اُبھرتی صورتحال کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔شرکاءنے زور دیکر کہا کہ جد و جہد آزادی ہر گزرنے والے دن کے ساتھ انمول ہوتی جارہی ہے کیونکہ ہمارے لخت جگر ہر دن اس پر اپنی زندگیاں نچھاور کرکے اسے لہو رنگ بنارہے ہیں۔جاری خون خرابے اور وردی پوش اہلکاروں کے ہاتھوں نہتے عوام پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شرکاءنے کہا کہ نئی دلی کو چاہئے کہ غیر منطقی پالیسی ترک کرکے ایک ایسی راہ اپنائے جس سے تنازع کے حل کیلئے سازگار ماحول قائم ہوسکے،ایک ایسے ماحول کی ضرورت ہے جس میں مخاصمت کے بجائے مفاہمت ممکن ہوسکے ، یہی ایک صورت ہے جس سے تنازع کو لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جاسکے، اس کیلئے ضروری ہے کہ بھارت عملی اقدامات کا آغازکرے۔ میٹنگ میں شبیر احمد شاہ سمیت جملہ سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیااورجملہ قیدیوں کی بلا شرط اور فوری رہائی پر بھی زور دیا گیا۔