کرالہ پورہ کے معروف استاد کی زندگی پر کتابچہ کی رونمائی
کپوارہ/اشرف چراغ /علاقہ شولورہ کرالہ پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک معروف استاد مرحوم غلام رسول میر کی زندگی کے واقعات پر سرکاری مڈل سکول شولورہ میں ایک کتابچہ کی رسم رونمائی کئی گئی ۔اس سلسلے میں سکول میں ایک ادبی کانفرنس کے دوران ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد لوگو ں نے شرکت کی۔ اس موقع پر غلام رسول میر مرحوم کی زندگی کے واقعات اس کے فرزند جاوید احمد میر کے ہاتھو ں رسم رو نمائی انجام دی گئی۔
ڈورو میںصحافی برادری کی جانب سے مفت طبی کیمپ
ڈورو/عارف بلوچ/زملگام ڈورو شاہ آباد میں صحافی برادری نے بلاک میڈیکل آفیسر ویری ناگ و میڈیکل سپرانڈنٹ ڈورو کے اشتراک سے مفت طبی کیمپ منعقد کیا ۔کیمپ میں600سے زائد مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ مفت تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات تقسیم کی گئیں۔میڈیکل کیمپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کر تے ہوئے صحافیوں نے بتایاکہ پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو طبی امداد فراہم کر نا مقصد تھا ۔اُنہوں نے کہا کہ کیمپ بالکل غیر سرکاری ہے اور اس کے انعقاد میں کسی بھی سیاسی یا غیر سرکاری تنظیم کاہاتھ نہیں ہے ۔ایس ڈی ایم ڈورو عبد الرشید میر نے کیمپ کا معائنہ کیا اور کیمپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے کشمیر عظمیٰ کے عارف بلوچ اور منصف ٹی وی کے شاہ ہلال کے رول کی سراہنا کی۔
لال چوک چلو پروگرام کامیاب بنایا جائے: پیروان ولایت
سرینگر /پیروان ولایت نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی لال چوک چلو پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے کشمیری قوم سے اپیل کی کہ وہ پروگرام کو کامیاب بنا کر عالمی ایوانوں تک اپنی آواز پہنچائیں۔تنظیم کے سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری قوم نریندر مودی کے جموں و کشمیر دورے کے دن مزاحمتی قیادت کی جانب سے مرتب کردہ پروگرام کی بھر پور انداز میں حمایت کریں کیونکہ اُن کا دورئہ کشمیر اقوام عالم کو گمراہ کرنے کیلئے ہے۔
کے اے ایس افسران کا اظہار تعزیت
سرینگر//کے اے ایس آفیسرس ایسوسی ایشن نے عطا اللہ مومن ٹاک (کے اے ایس) انڈر سیکریٹری محکمہ ڈزاسٹر منیجمنٹ کی والدہ اور اکرم اللہ ٹاک (کے اے ایس) جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کشمیر کی والدہ نسبتی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔تصدق حسین میر کی صدارت میں ایک میٹنگ میٹنگ ہوئی جس میںایسو سی ایشن کے ممبران نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان اور مرحومہ کے لئے دعا کی۔
ترجمان حقانی ٹرسٹ سے اظہار تعزیت
سرینگر// مختلف دینی اور سماجی تنظیموں نے حقانی میموریل ٹرسٹ کے ترجمان بشیر احمد ڈار کی والدہ نسبتی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بشیر احمد ڈار کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔حقانی میموریل ٹرسٹ ،اسلامک ایجوکیشنل ٹرسٹ ،محفل بہار ادب شاہورہ پلوامہ اور کئی ملازم انجمنوں اور سماجی حلقوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔مرحومہ کا چہارم سنیچر کو آبائی مقبرہ اومپورہ بڈگام میں انجام دیا جائے گا ۔
ڈاکٹر مریضوں کے ساتھ عزت و نرمی سے پیش آئیں:ڈاک
سرینگر //ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر نے بدھ کو کہا ہے کہ مریض کشمیر میں سرکاری اسپتالوں میں ملنے والے طبی نگہداشت سے مطمئن نہیں ہے۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارلحسن نے کہا کہ سرکاری اسپتال میں آنے والے مریضوں کو اُمید ہوتی ہے کہ سرکاری اسپتال میں انہیں ہر قسم کی طبی امداد ملے گی مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو عزت اور نرمی سے علاج فراہم نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے ساتھ نرمی اور ہمدردی کے ساتھ پیش آنا بھی علاج میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے مریض کے ساتھ بات چیت اور سماجی اثرات کے بارے میں جاننے بغیر علاج کرنے سے مریض کے ٹھیک ہونے میں پریشانی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر نثار نے کہاکہ ماضی میں ہسپتالوں کو بااعتماد دوست ماناجاتاتھا لیکن اب ہسپتالوں کے تئیں مثبت سوچ میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ مریضوں کو علاج اور مشاورت کیلئے طویل انتظار کرناپڑتاہے جس کی وجہ سے وہ پریشانی کا سامناکررہے ہیں اور بہت سے وقت وہ بغیر علاج کے واپس چلے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہسپتالوں کا ماحول غیر آرام دہ اور پریشان کن ہے ۔ان کاکہناہے کہ ہسپتالوں کے وارڈوں میں کوئی پرائیویسی بھی نہیں رکھی گئی ۔ڈاکٹر نثار نے کہاکہ شعبہ صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنا اہم ہے ۔
نوٹ کے بدلے وفاداریوں پر روک لگائی جائے:عمر عبداللہ
سرینگر//جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ان ممبران اسمبلی پر ایک مرتبہ انتخابات میں شرکت کرنے کیلئے پابندی عائد کی جانی چاہے جو اپنی جماعتوں کو چھوڑ کر چلے جائیں،تاکہ ایوان میں کسی بھی جماعت کو اکثریت نہ ملنے کے موقعہ پر نوٹ کے بدلے وفاداری کے سلسلے پر روک لگا دی جاسکے۔ عمر عبداللہ غالباً کرناٹکا میں مابعد انتخابات کی صورتحال پر بھاجپا کی طرف سے حکومت بنانے کے دعوئے پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے،جبکہ انہیں سرکار بنانے میں8ممبران اسمبلی کی کمی کا سامنا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے کار گزار صدر عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر تحریر کیا’’ نوٹ کے بدلے وفاداریوں کو روکنے کیلئے ان ممبران اسمبلی کو نا اہل قرار دینے سے یہ سلسلہ نہیں رکے گا،جبکہ ان میں سے بیشتر نئی جماعت کے منڈیٹ سے واپس آتے ہیں،انہیں انتخابات میں شرکت کرنے پر کم از کم ایک مرتبہ پابندی عائد کی جانی چاہے‘‘۔عمر عبداللہ نے ایک اور ٹیوٹر میں تحریر کیا’’ چاہے کانگریس جنتا دل(ایس) کو حمائت کرنے سے حکومت بنانے کا انتظام کریں،یا نہیں، انہیں اس کوشش کیلئے تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہے،بی جے پی بالکل وہی کام کر رہی ہے،اگر پوزیشن ادلا بدلی کی ہوتی۔سابق وزیر اعلیٰ نے بتایا ان ریاستوں کا کیا جہاں بی جے پی نے چور دروازوں سے داخلہ لیا۔
ماحولیات کو تحفظ دینے کیلئے اختراعی نوعیت کے اقدامات کی ضرورت:وزیر جنگلات
سرینگر// جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے جموں وکشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے کام کاج میں معقولیت لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاد بند مدت کے اندر اہداف حاصل کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہارجے کے پی سی بی کے کام کاج کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقد میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بورڈ کے چئیرمین سدارتھا کمار، ریجنل ڈائریکٹر کشمیر جے کے پی سی بی ڈاکٹر سید ندیم حُسین کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں ماحولیات کو برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں ہر سطح پر جوابدہی اور شفافیت کو برقرار رکھا جانا چاہئے تا کہ نظام میں بہتری لائی جاسکے۔
ہوٹلوں میں سحری و افطار کا انتظام رکھیں:جمعیت علمائ
سرینگر// جمعیت علماءاہلسنت والجماعت جموں وکشمیرکے سیکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے ماہ صیام کی آمدپر امت مسلمہ کو مبارک بادی دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں امت مسلمہ سے اس مبارک مہینہ کے تقدس کا خصوصی خیال رکھنے ،قرآن پاک کی تلاوت کرنے خصوصاًتراویح کے اندر قرآن پاک کے سننے اور سنانے کی درخواست کی ۔جمعیت علماءنے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے کسی بھی عمل سے اس مبارک مہینہ کے تقدس اور عظمت کو پامال نہ کریں ۔جمعیت علماءنے ہوٹل مالکان سے بھی خصوصی گذارش کی ہے کہ ماہ صیام میں اپنے ہوٹلوں کو روزہ کے اوقات کے دوران کھانے پینے کیلئے بالکل بندرکھ کرغیرت ایمانی اور حمیت اسلامی کامکمل ثبوت دیں بلکہ بہت بہتر رہے گا کہ ہوٹلوں میں سحری وافطاری کا انتظام رکھیں۔
آزاد اور ذوالفقار سمیت کئی لیڈران کی مبارکباد
جموں//ریاست جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اورراجیہ سبھامیں حزب اختلاف کے رہنماغلام نبی آزادنے ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔مبارکبادی پیغام میںغلام نبی آزاد، غلام محمد سروڑی، محمد شریف نیازاور عبدالمجیدوانی نے دعا کی ہے کہ یہ مبارک مہینہ ہر ایک کے لیے امن اور خوشی کا پیغام لے کر آئے اور جموں وکشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کی مضبوطی کا باعث بنے۔ حج اور اوقاف کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ماہ رمضان کے مقدس مہینے کی آمد پر ریاست کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے ایک پیغام میں وزیر نے کہا کہ اس ماہ مبارک سے ہمیں صبر ، استقلال ، صدقہ ، خیرات اور مفلسوں کی معاونت کرنے کی تعلیم ملتی ہے ۔ وزیر نے دعا کی کہ یہ مبارک مہینہ ریاست جموں کشمیر کیلئے امن اور خوشحالی کا پیغام لائے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمدمیر نے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت ماہ صیام کے دوران تمام سہولیات میسر رکھنے میں کامیاب ہو گی۔انہوں نے کشمیری عوام کو ماہ صیام کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ رمضان وادی میں امن و امان اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ماہ صیام کے دوران لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
خلیل بندھ نے انتظامات کا جائیزہ لیا
سرینگر// وزیر زراعت محمد خلیل بند ھ نے پلوامہ میں ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں ماہ رمضان کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں جنگلات کے وزیرمملکت ظہور احمد میر، ایم ایل اے ترال مشتاق احمد شاہ اور سابق ایم ایل اے شوپیاں عبدالرزاق زاو¿رہ نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ڈی سی پلوامہ غلام محمد ڈار، ایس ایس پی پلوامہ محمد اسلم چوہدری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو وافر مقدار میں راشن، گیس، تیل خاکی، کھانڈ اور آٹا دستیاب رکھیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور سے افطار اور سحری کے وقت بجلی اور پانی کا خصوصی انتظامات کیا جانا چاہئے۔انہیں بتایا گیا کہ ضلع میں ہر طرح کی چیزیں معقول مقدار میں دستیاب ہیںا ور لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور زیارت گاہوں کے گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کا خاص انتظام کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔
ریاست کی موجودہ صورتحال افسوسناک:ہاشم قریشی
سرینگر// ڈےمو کرےٹک لبرےشن پارٹی کے چیئرمےن ہاشم قرےشی نے ریاست جموں کشمےر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کےا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اےک طرف نہتے نو جوانوں کا قتل عام ہو رہا ہے تو دوسری طرف سےا ستدان سےاسی کھےل کھےل کر رےاستی عوام کو بےو قوف بنا نے میں مصروف ہےں۔ انہوں نے فورسز کی طرف سے عام انسانوں کے خلاف بے درےغ طاقت کے استعمال اور عسکرےت پسندوں کی طرف سے پولےس اہلکاروںکو مارنے پر بھی تشوےش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ اےسی کارواےاں ہمےں خانہ جنگی کی طرف لے جا رہی ہیں جس سے ہماری جدو جہد متاثر ہو سکتی ہے‘۔
بانڈی پورہ میں ویلفیئر فورم تشکیل
بانڈی پورہ /عازم جان/بانڈی پورہ میں کئی سبکدوش افسروں اور تجارت پیشہ شخصیات ودیگر ذی عزت شہریوں نے ڈسٹرکٹ ویلفیئر فورم تشکیل دے دیا ہے۔فورم کی باضابطہ پہلی میٹنگ سابق تحصیلدار غلام محمد میر کی صدارت میں ٹاو¿ن حال بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ضلع کے مسائل کا بغور جائزہ لینے کے بعدمتفقہ طور پر فیصلہ لیا گیا کہ ماہ رمضان کے اختتام کے بعد ضلع کے تمام دانشوروں کو اکٹھا کر کے سبھی علاقوں کے نمائندوں کو چن کر باقاعدہ عہدیداران کو منتخب کیا جائے گا۔
رمضان مبارک کے موقعہ پر وزیراعلیٰ کی مبارک باد
قربِ الٰہی حاصل اور تشدد کے خاتمے کیلئے دعا ئوں کی تلقین
سرینگر// رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ اس سلسلے میں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس اور متبرک مہینے میں اپنی عبادات کے دوران خداوند کریم کی خوشنودی حاصل کرنے ، گناہوں کی معافی طلب کرنے اور تشدد کے خاتمے کے لئے دعا کریں۔اپنے مبارکبادی کے پیغام میں وزیر اعلیٰ امید ظاہر کی کہ برکتوں سے پُر یہ مہینہ ریاست میں امن و امان اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے ۔انہوں نے دعا کی کہ ماہ ِصیام ریاست اور یہاں کے لوگوں کے لئے نجات کا باعث بنیں۔محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہینے کے دوران پُر اثر طریقے پر عبادات میں محو رَہ کر قرب الٰہی حاصل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ سید الشہور ہے اوراس دوران ہمیں روزہ رکھنے اور نماز تراویح اداکرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں اور مستحقین کو بھی یاد رکھنا چاہیئے۔وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کو خیرات دینے اور ہمدردی کا مہینہ قرار دیا۔ انہوں نے سماج کے ہر ایک طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت مہینے کے دوران دِل کھول کر فلاحی کاموں کے لئے معاونت کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ عظیم مہینہ ہمیں صبر و تحمل ، نظم و ضبط ، اخوت ، آپسی رواداری ، ہمدردی اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔اپنی اپیل میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس مہینے کے دوران بیوائوں ، یتیموں ، ناداروں ، غربا، مساکین ،محتاجوں کی طرف بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے اور ان کی بھرپور معاونت کرنی چاہیئے۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے ریاستی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کی سہولیت کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لئے اس پر فضیلت مہینے کے دوران بجلی، پانی اور اشیاء ضروریہ کہ بلا خلل دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہیئے۔انہوں نے سول انتظامیہ ، پولیس اور فوج کے مکمل اشتراک پر بھی زور دیا تاکہ اس مہینے کے دوران عام لوگوں کو کسی بھی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
’’شری امرناتھ یاتراگائیڈ بُک ۔ 2018‘‘ کا اجرا
سرینگر// گورنر این این ووہر انے یہاں راج بھون میں ٹورازم فیڈریشن آف جموں کی طرف سے شائع کردہ شری امرناتھ جی یاترا گائیڈ بُک ۔ 2018ء کا اجرا کیا۔ اس کتا ب میں یاتریوں کے لئے مفید اطلاعات درج ہے ۔اس سال کی گائیڈ بُک میں ہندی اور انگریزی لسانوں میں اطلاعات درج ہے تاکہ یاترا کے دوران یاتریوں کو مکمل رہبری حاصل ہو۔ یاتریوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچانے کے لئے گورنر نے اس گائیڈ بُک کی اشاعت اور تقسیم بڑے پیمانے انجام دینے کی ہدایت دی تاکہ ملک بھر کے یاتریوں کو اس کتاب سے فائدہ ہو۔ڈاکٹر سریندر کمار جین، آل انڈیا جوائنٹ سیکرٹری ، ویشو ہندو پریشد راجیش گپتا ،چیئرمین ٹی ایف جے اور اُس کے ممبران نے میٹنگ میں شرکت کی۔شرائین بورڈ کی طرف سے گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ اور امرناتھ جی شرائین بورڈ ے سی ای او بھوپندر کمار نے نمائندگی کی۔
کشمیرکو ایک بار پھر جیل خانہ بنادیا گیا:تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے دورہ کشمیر سے پہلے جموں کشمیر کے عوام کو یرغمال بنائے رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے وادی میں پھر سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ آزادی پسندوں کو تھانوں میں بلا کر گرفتار کیا جاتا ہے۔ تحریک حریت نے کہا جموں کشمیر کے عوام کے لیے ہر آنے والا دن مصیبتوں سے پُر نظر آتا ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کو ہر مسئلے میں پولیس قربانی کا بکرا بنارہی ہے۔ اگر بھارت کے وزیر اعظم کو کشمیر کا دورہ کرنا ہے تو عوام کو بالعموم اور آزادی پسندوں کا بالخصوص کیوں جیلوں، تھانوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں بند رکھ کر انتقام لیا جاتا ہے۔ تحریک حریت نے نریندر مودی کی آمد پر کشمیر کو پھر سے جیل خانے میں تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں جوانوں کو تھانوں پر بلا کر گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ عمر کا لحاظ کئے بغیر بزرگوں کو بھی تھانوں پر طلب کیا گیا ہے۔ ماسٹر علی محمد حاجن (75سالہ بزرگ)، عبدالحمید پرے حاجن (60سال(کو بھی حاجن تھانے بلایا گیا ہے، جبکہ یہ دونوں ڈھائی سال کے بعد گزشتہ مہینے ہی رہا ہوئیہیں اور ابھی چند دن ہی گھر میں رہنے کے بعد پھر سے اُن کو تھانے میں بلانا بدترین انتقام گیری ہے۔
مسلم لیگ لیڈر پیش عدالت، 30مئی تک دوبارہ سنٹرل منتقل
سرینگر//مسلم لیگ کے نائب چیرمین محمد یوسف میر کو سینٹرل جیل سرینگرسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے خلاف 2015ء میں پولیس کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آر کے تحت فارسٹ کورٹ میںسماعت ہوئی ۔ دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سماعت 30مئی 2018ء کومقرر کی جس کے ساتھ ہی محمد یوسف میر کو دوبارہ سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اخباروں کے نام اپنے بیان میں کہا کہ محمد یوسف میر کی اسیری کو جس انداز سے طول دیا جارہا ہے اس کو دیکھ کر با آسانی یہ نتیجہ اخذ کیاجاسکتا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ان کی سیاسی زمین تنگ کی جارہی ہے اور انھیں پشت بہ دیوار کرنے کے لئے تمام کل پُرزے استعمال کئے جاتے ہیں ۔
تیندوے کے حملے میں3سالہ بچہ لقمہ اجل
راجوری //ایک دلدوز واقعہ میں منجاکوٹ کے گلہوتی علاقے میں تین سالہ بچے کو خونخوار تیندوے نے اپنا نوالہ بنالیا ۔تین سالہ محمد عثمان ولد محمد عزیز ساکن ڈوبیاں موہڑہ گلہوتی پر صبح کے وقت تیندوے نے اس وقت حملہ کردیا جب وہ اپنے گھر کے باہر بیٹھاہواتھا ۔اسے شدید زخمی حالت میں پرائمری ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ لایاگیاجہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیا ۔اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف غم وغصہ پایاجارہاہے اور خوف و ہراس کا ماحول ہے ۔