مزید خبرں

’محدود آپریشنز‘ جاری رہیں گے

فائر بندی معاملے پر فوج کو اعتماد میںلیا گیا

نیوز ڈیسک

سرینگر // وادی میں جنگجو مخالف آپریشنوں کو ماہ صیام کے دوران ملتوی کرنے اور جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے فوج کو قبل از وقت ہی اعتماد میں لیاجاچکا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنگ بندی کا اعلان وزارت داخلہ کے حکام اور وادی میں تعینات سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان صلاح و مشورہ کے بعد ہی کیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے فوج کے جملہ خدشات پر کافی غورو خوض کیا جس دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ وادی میں فوج ماہ صیام کے دوران جنگجو مخالف کارروائیوں کو ملتوی کرے گی تاہم خصوصی اطلاعات کی بنیاد پر ’محدود آپریشنز‘ فوج ہنوز جاری رکھے گی۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد یہ طے پایا کہ اگر جنگجو فوج پر حملہ آور ہوں گے تو اس صور ت میں فوج کو بھر پورحق حاصل ہوگا کہ وہ جنگجوئوں کی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ فوج کو اس صور ت میں یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ خود پر ہورہے حملوں اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جنگجوئوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ وزارت داخلہ نے اعلیٰ افسران سے بتایا کہ جنگ بندی معاہدے کے دوران سڑکوں اور شاہرائوں کی نگرانی اور حفاظت کا عمل جاری رہے گا۔
 
 
 

ڈپٹی سپیکر نے گریز میں جاری 

پاور پروجیکٹوں کے کام کا جائیزہ لیا 

سرینگر//قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور ایم ایل اے گریز نذیر احمد خان گریزی نے بجلی محکمہ اور پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے بانڈی پورہ ، گریز اور تلیل میں بجلی کی ترسیلی لائین بچھانے اور دیگر پروجیکٹوں کے کام کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں بجلی کے وزیر سنیل کمار شرما ، محکمہ بجلی کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار ، ڈیولپمنٹ کمشنر پی ڈی ڈی اصغر علی اور محکمہ بجلی کی چیف انجینئر شہناز گونی کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی سپیکر نے گریز میں پائی جانے والی بجلی کی صورتحال کا مدعا اٹھاتے ہوئے دین دیال اپادھیائے گرام جیوتی یوجنا کے تحت جاری پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔ انہیں بجلی کے وزیر سنیل کمار شرما نے یقین دلایا کہ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کیلئے عنقریب منظوری حاصل کی جائے گی ۔ نذیر احمد خان گریزی نے کہا کہ رازدھان علاقے میں بجلی کی ترسیلی لائینیں زیر زمین بچھائی جانی چاہئیں تا کہ موسمِ سرما کے دوران گریز کے لوگوں کو بجلی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے 17 میگاواٹ صلاحیت والے مرکوٹ پاور پروجیکٹ کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں ۔ میٹنگ کے دوران بجلی کے وزیر نے محکمہ بجلی کے حکام کو بار چاٹ کے مطابق کام کرنے کی ہدایت دی تا کہ جاری پروجیکٹوں کو وقتِ مقررہ کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ نذیر احمد خان گریزی نے بڈھی گام میں خراب پڑے جرنیٹر کو جلد از جلد ٹھیک کرنے کیلئے کہا تا کہ ماہِ رمضان کے دوران لوگوں کو بجلی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ 
 
 

 پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کا وفد 

الطاف بخاری سے ملاقی

سرینگر//پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے شوکت چودھری کی قیادت میںوزیر خزانہ، محنت اور روز گار محمد الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر نے وفد کے مسائل غور سے سُنے۔ انہوں نے ریاست میں تعلیمی شعبۂ کو فروغ دینے میں نجی سکولوں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اُن کے تمام جائیز مطالبات حل کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔دریں اثنا کئی دیگر وفود نے بھی آج وزیر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان مسائل کا تعلق راشن، بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر شعبوں سے تھا۔وزیر نے ان کے مسائل غور سے سُنے اور کئی ایک کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔
 
 

اوڑی میں مارکیٹ چیکنگ

سبزی اور پھل ضائع،جرمانہ وصول 

ظفر اقبال

اوڑی// رمضان کی آمد کے پہلے ہی روز اوڑی میں مارکیٹ چیکنگ کی گئی جس کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا جرمانہ کیاگیااور غیر معیاری سبزی اور پھل ضائع کئے گئے۔ تحصیلدار اوڑی محمد اسلم چوہان کی سربراہی میں محکمہ مال،مونسپل کمیٹی اوڑی،محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بازار کا معائنہ کیا جس کے دوران 50کلوگرام غیر معیاری سبزی اور پھل ضائع کیاگیا جبکہ 2کلوگرام پالیتھین ضبط کرکے دکانداروں سے5ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ 
 
 
 

پولیس اہلکار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

نیو زڈیسک

جموں//ویجی لنس نے ایک پولیس ہیڈ کانسٹبل کو 10ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق ایک شخص نے 60ہزار رواپے میں ایک بھینس اور اس کا بچہ خریدا، وہ جب مویشی لے کر اپنے گھر جا رہا تھا تو کچھ لوگوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالہ کر دیا جہاں اس کے خلاف ایف آئی آر در ج کر لیا گیا۔ تاہم 15مئی کو عدالت نے اس کے مویشی ریلیز کرنے کا حکم جاری کیا۔ ایس ایچ او گھروٹہ نے ہیڈ کانسٹبل سوہن لال کو عدالتی حکم کے تعمیل کیلئے کہا لیکن ہیڈ کانسٹبل مذکور نے 10ہزار روپے رشوت طلب کر لی۔ متاثرہ شخص نے ویجی لنس سے رابطہ کیا تو ویجی لنس نے ایف آئی آر 10/2018درج کر کے جال بچھایا اور پولیس اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
 
 
 

لبریشن فرنٹ کااظہار تعزیت 

سرینگر//لبریشن فرنٹ نے ماہر تعلیم بشیر احمد ڈار کی والد نسبتی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔موصوفہ معروف سماجی رکن حاجی عبدالعزیز کی والدہ تھیں ۔ فرنٹ کے ذمہ دار اشرف بن سلام نے مرحومہ کے گھر جاکر لواحقین تک فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور مرحومہ کی جنت نشینی کے ساتھ ساتھ اُن کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا ئیں کیں ۔  
 
 
 

لاش کی شناخت کیلئے لوگوں سے تعاون طلب

سرینگر // 13مئی 2018کو پولیس تھانہ سونہ مرگ نے ایک عدم شناخت نعش برآمد کی ۔ لاش کو پبلک ہیلتھ سینٹر کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔ اس ضمن میں دفعہ 174سی آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے کارروائی شروع کی گئی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نعش غیر ریاستی باشندے کی ہے۔ اس سلسلے میں اگر کسی کو اس بارے میں کوئی جانکاری ہو تو وہ ان فون نمبرات 0194-2416564, 0194-2416478پر رابط قائم کرسکتا ہے۔ پولیس کنٹرول روم کے ٹول فری نمبر 100پر بھی جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔ 
 
 

ہاشم قریشی کا مولوی فاروق اور عبدالغنی لون کو خراج عقیدت

سرینگر// ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے مولوی محمدفاروق اورخواجہ عبدالغنی لون کو اُنکی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں قائدین نے اپنی قربانیوں سے تحریک کی آبیاری کی ۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی ہلاکت کسی بھی قومی تحریک کو پروان نہیں چڑھا سکتے بلکہ آزادی کی تحریکیں دم توڑ دیتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ  جدو جہد میں مصروف لیڈ ران و کارکنان متحدہو کر ایک ہی پلیٹ فارم پر آکر آر پار جموں کشمیر کی مکمل آزادی کے لئے منصوبہ بندی کریں ۔ 
 
 

سامون نے محکمہ مال کے کام کاج کاجائزہ لیا

سرینگر//فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر اصغر حسین سامون نے یاست کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران محکمہ مال کے کام کاج کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر محکمہ مال کے کام کاج کو مزید فعال بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ عوام کے لئے بہتر خدمات کی دستیابی یقینی بن سکے اور لوگوں کو محکمہ مال کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنروں نے عملے کی کمی، لازمی ڈھانچے اورگاڑیوں کی قلت جیسے معاملات اُٹھائے۔فائنانشل کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ان معاملات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
 
 

فرضی جھڑپ میں مارے گئے نوجوان کی برسی آج

سرینگر//اٹھارہ سال قبل فرضی جھڑپ میں مارے گئے سمبل بانڈ ی پورہ کے نوجوان بشیر احمد بٹ عرف بشارت الاسلام کی17 ویں برسی آ ج یعنی جمعہ کو منائی جا رہی ہے۔اس موقعہ پر ان کے گھر میں تعز یتی مجا لس کا اہتمام ہورہا ہے۔ سی این ایس کے مطابق نسبل سمبل سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد بٹ عر ف بشارت الاسلام 18 مئی 2001کوسرینگر میں مخدوم صاحب علاقے میں گرفتارکیا گیا اور بعد میں اسے اپنی ہی گا ئوں نسبل پہنچا کر فوج اور ٹا سک فورس نے فرضی جھڑ پ کے دوران جان حق کیا۔ بشارت کی برسی پر ان کے گھر میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے اور اُن کے ایصا ل ثواب کے لئے قرآ ن خوانی کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔
 
 
 

تصدق مفتی کی صدار ت میں میٹنگ کاانعقاد

پہلگام میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

پہلگام//سیاحت کے وزیر تصدق حُسین مفتی نے افسروں کی منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران پہلگام میںمختلف ایجنسیوں کی طرف سے چلائے جارہے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائیزہ لیا۔ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد وانی، وائس چیئرمین جے کے ٹی ڈی سی رفیع احمد میر، سیکریٹری ٹورازم ریگزن سمفل، سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق احمد سمنانی اور محکمہ سیاحت، پی ڈی اے اور ضلع انتظامیہ کے افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے مختلف محکموں کو آپسی اشتراک قائم کر کے مختلف پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ وزیر نے علاقہ میں بنیادی ڈھانچے اور صحت و صفائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر نے سالڈ ویسٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کے علاوہ انفورسمنٹ ونگ آف میونسپل کمیشن پہلگام کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ دریا کے کنارے یا سڑک پر گندگی کوجمع کرنے کے عمل کو روکا جاسکے۔تصدق مفتی نے علاقہ میں ترقیاتی کاموں کو عملانے کے دوران ماحولیات کا خاص خیال رکھنے کی بھی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔وزیر نے علاقہ کے ہوٹلوں کے ایس ٹی پیز کو باقاعدگی کے ساتھ چیک کرنے کی بھی ہدایات دیں۔اس کے علاوہ وزیر نے سیاحوں سے زیادہ دام وصول کرنے اور سڑکوں پر گاڑیاں دھونے کے ساتھ ساتھ نالہ کے پانی کو آلودہ کرنے کی وبا کو روکنے کی ہدایت دی۔ بعد میں وزیر نے مقامی سیاحت شعبۂ کے ساتھ جڑے ہوئے لوگوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور ان کی شکایات کو بغور سُنا۔
 
 

مٹو ، ذوالفقار ، تصدق مفتی ، شکتی نے برسوانہ کا دورہ کیا 

ڈوڈہ//وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو ، تعلیم ، حج و اوقاف ، امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی اور تعلیم ، سیاحت ، دیہی ترقی کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے ضلع ڈوڈہ کے برسوانہ علاقے کا دورہ کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رقوال ، ناظمِ سکولی تعلیم جموں ، ایس ایس پی ڈوڈہ ، سی ای او بی ڈی اے ، اے سی آر کے علاوہ ضلرع انتظامیہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر اور وزراء نے حاجی پبلک سکول کے ڈائریکٹر ، طلاب اور عملے سے ملاقات کی اور اُن کے تجربات اور خواہشات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ مٹو نے طلاب سے کہا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں اپنے خواب پورے کرنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری رکھیں ۔ وزراء نے اس موقعہ پر مقامی لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور شادی ون ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کا بھی اعلان کیا ۔ ذوالفقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی پبلک سکول کی انتظامیہ کو معیاری تعلیم اور طلاب میں نظم و ضبط قایم رکھنے پر مبارکباد دی ۔ سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے اپنی تقریر میں ضلع ڈوڈہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو ترقی دینے پر زور دیا ۔ وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے بھی سکول انتظامیہ کو طلاب کیلئے انتھک کوششیں کرنے کیلئے سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ برسوانہ کو بہتر سڑک رابطہ فراہم کرنا اُن کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ 
 
 

مسلم لیگ کا قیدیوں کو خراج تحسین

رہائی کیلئے عالمی اداروں سے مداخلت کی اپیل 

سرینگر//مسلم لیگ نے قیدیوں کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ قربانیاں جو ایک مقدس اور مبنی بر حق جدوجہد کی خاطر دی جارہی ہیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق قائمقام چیئرمین عبدالاحد پر ہ ،محمد حمزہ میر، غلام حسن شاہ اور سجاد احمد پر مشتمل تنظیم کا ایک وفد بانڈی پورہ اور سوپور گیا جہاں انہوں نے جیلوں میں بند قائدین و کارکنان کے گھر والوں کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔قائمقام چیئرمین نے مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیعی شریعتی، غلام قادر بٹ ، محمد یوسف میر، آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ، اسداللہ پرے،فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، حکیم شوکت، معراج الدین نندا، مولوی سجاد، محمد یوسف فلاحی، امیر حمزہ، عبدالرشید بٹ، خان سوپوری، فاروق توحیدی، عبدالمجید ڈار، عبدالرشید بٹ، فیاض احمد طلاق، محمد اشرف ملک، عبدالغنی بٹ،میر حفیظ اللہ، محمد قاسم شیخ، ذاکر حسین بٹ، معراج الدین نائیکواور خورشید احمد سمیت تمام محبوسین  کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں بند اسیروں کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیکر ان کی رہائی کے لئے اقدامات کریں ۔ 
 
 

سیکریٹری انفارمیشن سے جے کے ایڈیٹرز فورم ملاقی

سرینگر//جے کے ایڈیٹر فورم نے سیکرٹری انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سرمد حفیظ سے ملاقات کی اور مختلف اخباروں کو درپیش معاملات سے انہیں واقف کرایا ۔ فورم نے ایڈیٹروں کو درپیش مشکلات اور اُن کی شکایات کا ازالہ کرنے کی درخواست کی ۔ فورم کے کنوینئر ظہور ہاشمی ( آفتاب ) ، کوکنوینئر محمد اسلم ( کے این ایس ) ، رشید راہل ( ایشین میل ) ، ارشد رشید ( ڈیلی گڈیال )، ظہور گلزار ( گلوبل پوسٹ ) ، طارق علی (بے لاگ صحافت ) اور شری کانت ( دی جپسی جموں ) نے ڈیلی گیشن میں شمولیت کی ۔ ڈیلی گیشن نے اشتہاروں کو بانٹنے ، نئی اشتہاری پالیسی کی عمل آوری، ایڈیٹروں کیلئے ایکریڈیٹیشن عمل جیسے معاملات سے سیکرٹری کو آگاہ کیا ۔ سیکرٹری انفارمیشن نے ڈیلی گیشن کے مطالبات کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ جس حد تک ہو سکے اُن کی شکایات کو دور کریں گے ۔ 
 
 
 

معیاری تعلیم کالج کیمپس کے امن و امان سے مشروط: عمران انصاری 

سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے طلاب کو معیاری تعلیم ہر سطح پر فراہم کرنے پر زور دیا ۔ اعلیٰ تعلیم محکمے کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے تقریب میں شریک مختلف ڈگری کالجوں کے پرنسپلوں سے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نہ کالج کیمپس میں امن و امان قایم ہو تب تک طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنا نا ممکن ہے ۔ وزیر نے کہا کہ اگر ہمیں اپنے کالجوں اور یونیورسٹیوں کو عالمی سطح پر موجود معیار کی سطح پر لانا ہے تو پھر ہمیں نوجوان محقیقین ، سکالروں اور طلاب کی ضروریات کا خیال رکھنا ہو گا ۔ انہوں نے ریاست کے معزز ماہرین تعلیم سے کہا کہ وہ آگے آ کر اعلیٰ تعلیمی سیکٹر میں بہتری لانے کیلئے حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ انہوں نے پرنسپلوں اور اساتذہ سے کہا کہ حکومت اُن کی کاوشوں میں ہمیشہ اُن کے ساتھ ہے اور جہاں بھی انہیں حکومت کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہو وہاں فراخدلی سے حکومت انہیں تعاون فراہم کرے گی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری ایجوکیشن ، ڈائریکٹر کالجز ، ڈائریکٹر جے جے کے ایس ڈی ایم ، مختلف کالجوں کے پرنسپل صاحبان موجود تھے ۔ 
 
 
 

مودی کے دورئہ کشمیر پر مزاحمتی جماعتیں برہم 

کہاجمہوریت پر اعتماد ہے تو قیدیوں کو رہا کرے

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورئہ کشمیر کیخلاف شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی ایما پر ہی کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے لیکن اب وہ متنازعہ خطے کا دورہ کرکے بین الاقوامی برادری کو یہ تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔ ایک بیان میںڈی ایف پی کے ترجمان نے کہا کہ اسی بھارتی وزیر اعظم نے شبیر شاہ سمیت متعدد کشمیری قائدین کو بے بنیاد اور من گھڑت کیسوں میں پھنسا کر سلاخوں کے پیچھے دھکیلا ہے ۔ لیڈروں کو ہی نہیں بلکہ سینکڑوں عام کشمیریوں کوبھی ریاست یا بیرون ریاست زینت زندان بنایا گیا ہے۔فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کوچاہئے کہ وہ یہاں آکر متنازعہ خطے کو حل کرنے کا اعلان کریں۔نیشنل فرنٹ نے کہا ہے کہ اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی حقیقت میں جمہوریت پر اعتقاد رکھنے والا ہے تو اُسے چاہئے کہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی فی الفور اور بلاشرط رہائی عمل میں لاکر ایک ایسے ٹھوس عمل کا آغاز کرے جس کے ذریعے تنازعہ کشمیر ہمیشہ کیلئے حل ہونے کی راہ ہموار ہوسکے۔ فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی حکومت کی ایما پر اُس کے مقامی ایجنٹوںنے متنازعہ خطے کے اندر چنگیزیت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔چاروں طرف موت اور خون خرابے کا بازار گرم ہے یہاں تک کہ کسی کو بھی مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
 
 
 
 
 
 

عالم اسلام کی سربلندی کیلئے دعا کریں:مولانا ہمدانی

پیروان ولایت اور الجبار ٹرسٹ کی مبارکباد

سرینگر // جمعیت ہمدانیہ کے سرابراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ماہ مبارک کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ اپنی نمازوں کے دوران ، عالم اسلام کی سربلندی ، فتح ونصرت اور اہل کشمیر کی مکمل آزادی کے لئے دعا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے خلاف گھناونی سازشیں ہوری ہے اسلئے ہمیں متحد د ہوکر اس کا مقابلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور فلسطنیوں کے قتل عام پر تشویش  کا اظہار کیااور اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کی۔پیروان ولایت اور الجبارویلفیئر ٹرسٹ نے ماہ رمضان کی آمد پر امت مسلمہ بالعموم اور کشمیری قوم کو بالخصوص مبارکباد پیش کی ہے۔ پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے مسلمانان عالم کو تمام برائیوں سے اپنے آپ کو آزاد کرنے کی اپیل کی ہے ۔مولانا قمی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ ماہ مبارک میں متحد و متفق ہونے کا عہد کریں تاکہ اسلام دشمن قوتوں کے منصوبوں پر بآسانی پانی پھیرا جاسکے ۔ انہوں نام عالم اسلام سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مظلوم اقوام کی سربلندی اور آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔الجبار ویلفیئر ٹرسٹ نے مسلمانان عالم بالخصوص وادی کشمیر کے مسلمانوں کو رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ ٹرسٹ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں غرباء ،مساکین، یتیموں اوردیگر حاجت مند لوگوں کی ضروریات کا خاص خیال رکھیں۔ٹرسٹ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ الجبار ویلفیئر ٹرسٹ کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں تاکہ آپ بھی اس نیک و مقدس مشن میں شامل ہو جائیں۔
 
 
 
 

پلوامہ میں وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیاں ،خلیل بند نے عمل آوری کا جائزہ لیا

 ٹرانسفارمر بنک قائم کرنے کیلئے 20 لاکھ روپے فراہم کئے

پلوامہ//زراعت کے وزیر محمد خلیل بند نے منی سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے پلوامہ ضلع میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل آوری کے عمل کا جائیزہ لیا ۔ جنگلات ، صحت عامہ اور آئی اینڈ ایف سی کے وزیر مملکت ظہور احمد میر ، ایم ایل اے ترال مشتاق احمد شاہ اور سابق ایم ایل اے شوپیاں عبدالرزاق زاورہ نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈار ، ایس ایس پی پلوامہ و دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ وزیر نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا ہم انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے عمل میں لائے جا رہے پروجیکٹوں پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ضلع میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کیلئے زراعت کے وزیر نے ضلع میں ٹرانسفارمر بنک قایم کرنے کیلئے اپنے سی ڈی ایف میں سے 20 لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ڈیزل جنسیٹ کو حاصل کرنے کیلئے 2 لاکھ روپے کی فراہمی کا بھی اعلان کیا تا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو بلا خلل پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق دیہی ترقی شعبے میں 13 فیصلوں پر عمل کیا گیا اس کے علاوہ محکمہ بجلی کے 12 ، فلڈ کنٹرول کے تین ، انیمل ہسبنڈری کے تین ، طبی سیکٹر کے 30 ، تعلیم کے 16 ، آبپاشی کے 14 ، اعلیٰ تعلیم کے 5 ، بنکنگ کے تین ، سیساحت کے 6 اور محکمہ داخلہ کے تین فیصلہ جات پر عمل درآمد کیا گیا ۔ زراعت کے وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبودی کے مدِ نظر وزیر اعلیٰ کے فیصلوں کو جلد از جلد عمل میں لائیں ۔ 
 
 
 
 
 
 

میر ظہور کاپی ایچ ای سکیموںکی مؤثرعمل آوری پر زور

سرینگر//پی ایچ ای کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے وادی میں پی ایچ ای سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور دیا ہے تا کہ لوگوں کو پینے کا معیاری پانی دستیاب ہوسکے۔ محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ لوگوں کو بہتر خدمات بہم پہنچانے کے لئے ورک کلچر میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بلا خلل پانی فراہم کیا جانا چاہئے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ این آر ڈی ڈبلیو پی کے تحت358 سکیمیں، نبارڈ کے تحت28 سکیمیں جبکہ ایل آئی سی کے تحت29 سکیمیں ہاتھ میں لی گئی ہیں۔ ان سکیموں میں سے گذشتہ برس کے دوران52 سکیمیں مکمل کی گئی ہیں جب کہ باقی ماندہ سکیموں کو رواں مالی سال کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے میں پینے کے پانی کی سہولیات کو تقویت دینے کے لئے125 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔علاوہ ازیں محکمہ نے کشمیر صوبے کے مختلف علاقوں میں20 ہزار ہینڈ پمپ نصب کئے ہیں جبکہ رواں برس کے دوران اس طرح کے460 پمپ نصب کئے جائیں گے جن پر12.48 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔اس سے پہلے سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو نے محکمہ کے کام کاج کا تفصیلی خاکہ میٹنگ میں پیش کیا۔
 
 
 
 
 

گورنر سے پروفیسر سوز ملاقی

 معمول کے حالات بحال کرنے پر تبادلہ خیال

سرینگر//سنیئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن اور معمول کے حالات بحال کرنے سے جڑے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
 
 
 

 سماجی اور اقتصادی بدلاؤ جاری

تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے ویری کا تبادلہ خیال 

سرینگر// دیہی ترقی کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ دیہی ترقی محکمہ دیہی علاقوں میں بدلاؤ لانے میں ایک کلیدی رول ادا کررہا ہے اور اس محکمہ کے اہداف حاصل کرنے کے لئے متعلقین کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔کشمیر صوبے کے تمام اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں کی ایک میٹنگ میں وزیر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔میٹنگ میں دیہی ترقی محکمہ کی سیکرٹری شیتل نندہ اور محکمہ کے ناظمین برائے کشمیر/ جموں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ضلع سطح پر دیہی ترقی سکیموں کی نگرانی میں ضلع ترقیاتی کمشنروں کے رول کو اہم قرار دیتے ہوئے عبدالرحمان ویری نے کہا کہ انہیں ان سکیموں کی زمینی سطح پر کامیاب عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیر نے کہا کہ سکیموں کی عمل آوری کے لئے مناسب رقومات دستیاب ہیں جن کا منصفانہ استعمال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے عہدے داروں کو لوگوں کی توقعات پورا کرنی چاہئیں۔وزیر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو دیہی ترقی سکیموں کی کامیاب عمل آوری پر خاص توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع کے تعلق سے دیہی ترقی سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں تفصیلات دیں۔وزیر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کی جانب سے اُبھارے گئے تمام معاملات کو حل کرنے کا یقین دلایا۔
 
 
 
 

 وقف جائیدادیں محفوظ رکھنے کی ہدایت 

سرینگر//سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے وقف حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ وقف سے متعلق تمام جائیدادوں کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر کوششیں انجام دیں اور ان جائیدادوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی اضافہ کریں ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے حج و اوقاف محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کے دوران کیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سال 2017-18 کے دوران وقف بورڈ نے 2372.42 لاکھ روپے آمدنی حاصل کی جبکہ اسی مدت کے دوران 1508.77 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔ وزیر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وقف کی جائیداد جہاں بھی ناجائیز طریقے پر کسی نے اپنے پاس رکھی ہے اُن لوگوں سے یہ جائیدادیں واپس لی جانی چاہئیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ وقف کی 815 دوکانیں ، 25 عمارات ، 105 کوارٹر شیڈ کمرے ، 30 ہال اور چار گیسٹ ہاوس ہیں ۔ وزیر نے ہدایت دی کہ وقف جائیدادوں سے حاصل شدہ ریونیو کو جائیز طریقے پر خرچ کیا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے جے کے پی سی سی حکام کو ہدایت دی کہ وہ حج ہاوس میں لفٹ پر جاری کام فوری طور مکمل کریں تا کہ بزرگ افراد کو سیڑھیوں پر چڑھنا نہ پڑے ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری حج و اوقاف ، ایم ڈی جے کے پی سی سی ، وقف کے منتظمین موجود تھے ۔ 
 
 
 
 
 
 

 سرکاری اراضی پر ناجائیز قبضہ  مرتکبین کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے:ہانجورہ 

سرینگر//مال کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کسٹوڈین محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری اراضی پر ناجائیز قبضہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی شروع کریں۔وزیر موصوف نے کہا کہ کسٹوڈین اراضی سے ناجائیز قبضہ ہٹانے کے لئے ایک خصوصی مہم شروع کی جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت یہاں کسٹوڈین محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران دی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری مال کے علاوہ کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ہانجورہ نے کسٹوڈین جائیداد کو تحفظ دینے کے لئے تمام محکمانہ ایکٹس پر سختی سے عمل کرنے کی ضرور ت کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے کہا کہ کسٹوڈین اراضی کو فائدہ بخش اثاثوں میں تبدیل کیا جانا چاہئے تا کہ محکمہ کے لئے آمدن میں اضافہ کیا جاسکے۔وزیر نے اس جائیداد کامتواتر طور پر تخمینہ لگانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے کام کاج میں ہر سطح پر شفافیت لائی جانی چاہئے۔اس سے قبل وزیر کو جانکاری دی گئی کہ یہ محکمہ اس وقت جموں میں14 لاکھ کنال جبکہ کشمیر صوبے میں58000 کنال اراضی کی دیکھ ریکھ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ کے حد اختیار میں مکانات، دکانیں اور باغات بھی شامل ہیں۔
 
 
 

حاجن میں نوجوان کی لاش برآمد 

عازم جان 

بانڈی پورہ//حاجن بانڈی پورہ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک مقامی میوہ باغ میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 23 سالہ پینٹر ہلال احمد پرے ولد عبدالرشید کی لاش صبح سویرے برآمد ہوئی ۔بتایا جاتا کہ گزشتہ شب نامعلوم افراد شکرالدین محلہ حاجن میں عبدالرشید پرے کے گھر کے صحن میں نمودار ہوئے اور ہلال احمد پینٹر کوراستہ دکھانے کیلئے اپنے ساتھ لے گئے۔ رات گذرنے کے بعد صبح سویرے شکرالدین محلہ سے آدھا کلو میٹر دور سیب کے باغ میں مقامی لوگوں نے اسکی لاش پائی اور پولیس کو مطلع کیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ہلال احمد پرے سابقہ حزب کمانڈر بشیر احمد پرے جو 1993 ء میں بانیاری کے مقام پر فوج کے ساتھ تصادم آرائی میں جانبحق ہوئے تھے ، کا بھتیجا ہے۔ حاجن علاقے میں اب تک یہ پانچواں واقعہ ہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔
 
 

سیاسی قیدیوں کی رہائیفوری طور عمل میں لائی جائے:تحریک حریت

سرینگر//تحریک حریت نے بٹہ مالو سرینگر کے منظور احمد خان2برسوں سے مسلسل نظربندی ، محمد رفیق راتھر اور مشتاق احمد ملہ ساکنان اجس بانڈی پورہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کے لیے عوام کو بالعموم اور جوانوں کو بالخصوص انتقام گیری کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور یہاں کے برسرِ اقتدار طبقے نے ہر دور میں اپنے سیاسی مخالفین اور خصوصاً آزادی پسندوں سے بدترین انتقام لیا۔ سالہا سال تک جیلوں میں بند کرکے سڑایا گیا۔ تحریک حریت نے کہا منظور احمد خان پہلے بھی 11سال جیل میں رہے ہیں اور 2015؁ء میں جیل سے رہا ہوئے تھے۔ رہائی کے بعد اپنے گھر کی کفالت کرتے رہے۔ اُن کے گھر میں صرف اُن کی والدہ ہے۔ 2016؁ء میں اُن کو پھر سے گرفتار کیا گیا، تب سے آج تک سینٹرل جیل سرینگر میں بند ہیں۔ آج اُن کی والدہ بسترِ مرگ پر زندگی کی آخری سانسیں لے رہی ہیں اور اپنے بیٹے کی ملاقات کے لیے ترس رہی ہیں، مگر سنگ دل اور بے رحم حکمران اُن کے والدین کے درد کو کیا جانیں گے جو والدین دنیائے فانی سے رخصت ہوتے وقت اپنے لختِ ہائے جگروں کی ملاقات کے لیے ترستے رہے۔ تحریک حریت نے منظور احمد خان کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی والدہ بسترِ مرگ پر ہے اور گھر میں منظور احمد خان کے علاوہ کوئی بھی بیٹا یا کوئی اور فرد اُن کی ماں کی تیمار داری کرنے کے لیے موجود نہیں، لہٰذا اُن کا واحد سہارا منظور احمد خان ہی ہے جسکی فوری رہائی عمل میں لائی جائے ۔
 
 
 
 
 

تہاڑ جیل میں قید حریت لیڈران علیل

سری نگر//این آئی اے کے ہاتھوں گرفتار کئے گئے حریت (ع) ترجمان شاہد الاسلام، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور حریت (گ) کے سینئر لیڈر الطاف فنتوش تہار جیل میں سخت علیل ہونے کے باعث مشکلات سے دوچار ہے۔ گرفتار افراد کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے تینوں افراد جیل میں مختلف عارضوں میں مبتلا ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انکے گھروالوں کو اُن کی سلامتی کے حوالے سے سخت تشویش ہے۔ این آئی اے کی جانب سے گرفتار کئے گئے حریت رہنمائوں بشمول حریت (ع) ترجمان شاہد الاسلام، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور حریت (گ) لیڈر الطاف فنتوش نئی دہلی کی تہار جیل میں سخت علیل ہیں۔ ذرائع نے کے این ایس کو بتایا کہ جیل میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے تینوں رہنمائوں کی صحت کافی حد تک بگڑ گئی ہے جس کی وجہ سے گھر والوں کو اُن کی سلامتی کے حوالے سے کافی تشویش ہے۔۔ 
 
 
 
 
 

۔5کے اے ایس افسران کے تبادلے

جموں//نیوزڈیسک//انتظامیہ نے 5کے اے ایس افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ چرنجیت سنگھ جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن کو جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔ محمد حسین میر کو محکمہ تعلیم میں سپیشل سیکرٹری، غلام رسول میر کو ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، مسرت الاسلام ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن کو ڈائریکٹر لائبریری،جب کہ شمیم کرائپاک کو ڈویژنل کمشنر جموں کے دفتر میں ایڈمنسٹریٹو افسر بنایا گیا ہے ۔
 
 

رام بن ۔بانہال شاہراہ پر اچانک پتھر گرآیا

منی بس میں سوارمتعددمسافر بال بال بچے

بانہال // جموں ۔سرینگر شاہراہ پر واقع رامسو کے نزدیک رام بن سے بانہال کی طرف آنے والی ایک میٹاڈار میں سوار مسافر اس وقت بال بال بچ نکلے جب ہنگنی اور گانگرو کے درمیان پہاڑی سے ایک بڑا پتھر شاہراہ پر گر آیا۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ دوران سفر رام سو کے نزدیک ایک بھاری پتھر شاہراہ پر گر آیا اور وہاں سے بانہال کی طرف جانے والی منی بس میں سوار مسافر بال بال بچ نکلے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاپرواہی ہے اس کیلئے فورلین شاہراہ کو تعمیر کرنے والی کمپنی ایچ سی سی زمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں رام بن اور بانہال سیکٹر میں گرتے پھتںروں کی زد میں آنے کی وجہ سے کئی مسافر لقمہ  اجل بن چکے ہیں اور آج جمعرات کو بھی ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔
 
 
 
 
 

جموں وکشمیر کیلئے بنیادی حقوق کی فراہمی لازم:بھیم سنگھ

سرینگر// پینتھرس پارٹی کے سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی پارلیمنٹ پر زور دیا کہ تمام بنیادی حقوق( آرٹیکل 13 سے آرٹیکل 35 تک( جموں وکشمیر کے لوگوں کو فراہم کئے جائیں جس کا 27اکتوبر، 1947کو ہندستان کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔انہوںنے افسوس کے ساتھ کہا کہ اس ریاست کو دیگر 576ریاستوں ، جن کے حکمرانوں نے 1950سے قبل ہندستان کے ساتھ الحاق کیا تھا، کی طرح ہندستانی آئین میں منصفانہ جگہ نہیں فراہم کی گئی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ ہندستانی آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ  1954میں  جموں وکشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے لئے آرٹیکل 35میں ترمیم کرکے اس کے ساتھ ’A‘ جوڑ دیا گیا جس سے جموں وکشمیر کی حکومت اس کا اختیار مل گیا کہ وہ ریاست کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھ سکے اور اس طرح ریاستی حکومت کو پارلیمنٹ کے مقابلہ میں زیادہ اختیار ات مل گئے۔ یہاں تک پارلیمنٹ بھی اس میں دخل نہیں دے سکتی۔