مزید خبرں

ڈوڈہ میں 56 نئے مثبت کیس، 50 مریض شفایاب 

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں کورونا وائرس کے 56 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 50 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کووڈ جانچ کے دوران 56 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور 50 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ ضلع میں شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 5137 و فعال کیسوں کی تعداد 1026 رہ گئی ہے اور اب تک کورونا وائرس سے 93 افراد فوت ہوئے ہیں اور سوا لاکھ کے قریب ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
 
 
 

بلڈ بنک سہولت کے بغیر ہی خون کا عطیہ

بانہال ہسپتال میں ڈاکٹر نے خون کر حاملہ خاتون کی جراحی ممکن بنائی

 محمد تسکین
بانہال//جمعرات کے روز ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں تعینات ایک ڈاکٹر نے ایک خاتون بیمار کو خون کا عطیہ دیکر اس کی جان بچائی اور انہیں خون کی حصولیابی کیکئے مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا۔بانہال ہسپتال ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک حاملہ خاتون منیرہ بیگم ساکنہ ترگام تحصیل کھڑی کو بانہال ہسپتال میں داخل کیا گیا اور اس کے آپریشن کیلئے اسےAپازیٹیو خون کی سخت ضرورت آن پڑی جو بانہال ہسپتال میں بلڈ بنک نہ ہونے کی وجہ سے ممکن نہ تھا ۔ایسے میں یہاں تعینات ہڈیوں اور جوڑوں کے ڈاکٹر فرید احمد وانی نے اپنے خون کا عطیہ پیش کرکے آپریشن کی راہ ہموار کی اور محفوظ ڈیلیوری ممکن ہو پائی ۔ اس بلڈ ٹرانسفیوژن کیلئے بانہال ہسپتال لیبارٹری میں تعینات عملہ نے بھی کمال مہارت کا مظاہرہ کرکے بغیر بلڈ بنک کے یہ کام انجام دیا۔بعد میں اس خاتون کو مزید بلڈ ٹرانسفیوژن کیلئے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرید وانی ساکنہ گول کے اس ایثار کیلئے سوشل میڈیا پر ان کی اس انسانیت کیلئے اٹھائے گئے قدم پر ان کی پذیرائی اور سراہنا کی جارہی ہے ۔ 
 
 
 

 شاہراہ کی کشادگی کے دوران درجنوں رہائشی مکانات نقصان

ڈھلواس کے متاثرین کا احتجاج ،کہا آج تک معائوضہ نہیں دیاگیا

 رام بن//سرینگر جموں قومی شاہراہ کی کشادگی کے دوران درجنوں رہائشی مکانات نقصان ہوالیکن ان متاثرین کوآج تک معاوضہ نہیں دیاگیا۔معاوضے کی فراہمی کے مطالبے کولیکرمتاثرین نے یہاںپُرامن احتجاج کیا۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں سرینگر جموں قومی شاہراہ کی کشادگی کے دوران گزشتہ برس درجنوں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا تھا تاہم متاثرہ افراد کو ابھی تک معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔متاثرین نے انتظامیہ اور کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طور معاوضہ فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ ضلع رام بن میں سرینگر جموں قومی شاہراہ پر جاری کام کے دوران مارچ 2020 میں ڈھلواس کے مقام پر مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے تقریباً40 رہائشی مکانات کو سخت نقصان پہنچا تھا، جس کے سبب وہ رہائش کے قابل نہیں رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اُس وقت کی انتظامیہ نے اُنہیں معاوضہ دینے کا صرف وعدہ کیا تاہم ایک برس سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرین کو معاوضہ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔متاثرین کے مطابق ایک برس سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی معاوضہ فراہم نہ کئے جانے سے متاثرہ خاندان کو سخت مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔احتجاج کر رہے لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرین کو فوری مدد فراہم کیے جانے اور انکی بازآبادکاری کے حوالے سے جلد اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ بھی پر سکون زندگی گزار سکیں۔
 
 

ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں جنگلی جانوروں کی دہشت 

عوام خوفزدہ، فصلوں کو بھی پہنچایا نقصان، محکمہ وائلڈ لائف سے حرکت میں آنے کی اپیل 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جنگلات کے ناجائز کٹاؤ سے غیر محفوظ جنگلی جانوروں نے ڈوڈہ ضلع کے دیہاتوں میں آبادی کا رخ کرنا شروع کیا ہے جس کے باعث مقامی لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے۔عوام کے مطابق کہیں پر بندروں و لنگوروں نے فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے تو کہیں جگہوں پر جنگلی تیندوے گھوم پھر رہے ہیں۔گندنہ تحصیل کے گاؤں ملوانہ سے شنکر لال نامی چرواہے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں خونخوار تیندوے و بھالو کی موجودگی سے عوام پریشان ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ و محکمہ وائلڈ لائف سے ان جانوروں کو پکڑنے کے لئے عملی قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک اور مقامی شہری مکیش پریہار نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے خوف سے لوگ مال مویشیوں کے ساتھ جانے میں ڈرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیندوے و بھالو گھاس و جھاڑیوں میں چھپ کر رہتے ہیں اور لوگ نے انہیں دیکھتے ہی اپنے گھروں کو بھاگ جاتے ہیں۔ مکیش پریہار نے وائلڈ لائف محکمہ سے ان جانوروں کو قابو میں کرنے کی مانگ کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ کسی بھی جانی و مالی نقصان کے لئے محکمہ و انتظامیہ ذمہ دار ہو گی۔ ادھر بھدرواہ ،چرالہ ،کاہرہ و بھلیسہ سے بھی کئی لوگوں نے کہا کہ جنگلی جانور تیزی سے آبادی کا رخ اختیار کر رہ ہیں اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ عوام نے محکمہ سے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

رام بن کے دیہی علاقوں میں بجلی کٹوتی عروج پر

ایم ایم پرویز
رام بن//پچھلے کچھ دنوں سے ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں غیر منصوبہ بند طریقہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔محکمہ بجلی سب ڈویژن رام بن کے صارفین نے الزام لگایا کہ ایک طرف محکمہ نے دیہی علاقوں کے صارفین کوبجلی فیس کو دگنا کرکے صوابدیدی انداز میں صارفین کو اعتماد میں لئے بغیر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا ہے ، دوسری طرف انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محکمہ کے ذریعہ بجلی کی غیر متوقع کٹوتیوں کا سہارا لیتے ہوئے لوگوںکو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔گاندھری، ڈگڈول، کانگا ،سیری اورماروگ پنچایتوں کے دیہی نمائند وں کا الزام ہے کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوںکیساتھ دوسرے درجے کے شہریوں کی طرح برتاؤ کیا جاتا ہے۔انہوںنے شکایت کی کہ دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی روک دینا معمول بن چکا ہے اور معمولی فالٹ آنے کے بعد بجلی کے محکمہ کا فیلڈ عملہ ٹرانسمیشن کے رابطوں کو توڑنے کے بعد دنوں بجلی کی فراہمی کے اوقات کو بحال نہیں کرتے ہیں۔ماروگ کے رہائشی فرید احمد نے بتایا کہ انہیں بھی گرمی کے دنوں میں بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔۔دیہی علاقوں کے باشندوں نے ایگزیکٹو انجینئر
بجلی سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی شکایات پر غور کریں تاکہ دیہی علاقوں کے صارفین کو تکلیف نہ ہو۔
 

خاتون منشیات فروش گرفتار

ایم ایم پرویز
رام بن// رام بن پولیس نے جمعرات کے روز ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرکے اُس کے قبضہ سے 465 گرام بھنگ (چرس) برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پولیس تھانہ رام بن کو ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی کہ خواجہ باغ کے علاقے گندھا نالہ میں ایک خاتون منشیات فروخت کررہی ہے۔ اطلاع ملنے پر پی ایس آئی ممتا کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اورخاتون منشیات فروش نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم لیڈی پولیس اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا اور جموں سرینگر ہائی وے پر شان پلیس کے قریب اس کو گرفتار کرلیااور اس کے قبضے سے برآمد شدہ پولی تھین میں 565 گرام بھنگ (چرس)پائی  گئی تھی ۔اسے مجسٹریٹ کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا ۔پولیس نے موقع پر ہی اس خاتون منشیات فروش کی شناخت کی اورپولیس اسٹیشن رامبن میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔
 

21مویشی بازیاب،سمگلر گرفتار

 کشتواڑ// چھاترو کے علاقے راج کنڈن دھر سے 21 مویشیوں کو بازیاب کراتے ہوئے کشتواڑ پولیس نے مویشی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی اور 01 شخص کو گرفتارکرلیا۔ایک مخصوص اطلاع پر پولیس سٹیشن چھاترو کی ٹیم نے راج کنڈن دھر پر ناکا لگایا۔ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی نے محمد اشرف ولدعبد الرزاق لون ساکن برنار لیسو اننت ناگ کو روک لیاجوبغیر کسی اجازت یا متعلقہ اتھارٹی سے کسی دستاویزات کے کشمیر کی طرف مویشی لے جارہا ہے۔اسی کے مطابق مقدمہ ایف آئی آر نمبر 32/2021 زیر دفعہ 188 / IPC ، 11 پی سی اے ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی۔
 

 زرعی یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلرنے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

جموں// وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی برائے زرعی سائنس و ٹکنالوجی جموںپروفیسر جے پی شرما نے سنکلپ بوائز ہاسٹل جموں کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جس میں سی آئی ایس ایف نے تعاون دیاتھا۔وائس چانسلر نے ریمارکس دیئے"پودے فطرت کا اصل جوہر ہیں اور کووڈ۔ 19 وبائی امراض کے دوران ہم دنیا بھر میں پودوں کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ محسوس کررہے ہیں" ۔ پروفیسر شرما نے آم کاپودا لگا کر اس مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے بنی نوع انسان کی بقا کے لئے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں درختوں کی اہمیت اور فوائد پر زور دیا اور سب سے اپیل کی کہ وہ اپنے احاطے اور گردونواح میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔
 

 رام بن میں مارکیٹ چیکنگ،17500 کا جرمانہ وصول

رام بن// اسسٹنٹ کنٹرولر کی سربراہی میں محکمہ لیگل میٹرولوجی کی انفورسمنٹ ٹیم نے رام بن اور چندرکوٹ مارکیٹوں کامعائنہ کیا۔دو دن کی معائنے کی مہم کے دوران مختلف تجارتی اداروں کا معائنہ کیا گیا ، خاص طور پر جو گروسری اشیاء ، کھانے پینے کی اشیاء ، سبزیاں ، پھل اور طبی سامان بیچتے ہیں۔انسپکٹر لیگل میٹرولوجی بٹوت نے قانونی تجارت (پیکجز کموڈٹیز) رولز 2011 کے تحت مناسب لازمی اعلانات کے بغیر غیر معیاری پیکیجز کے ساتھ مصنوعات فروخت کرنے کے لئے ایک میڈیکل اسٹور اور ایک الیکٹریکل آئٹم اسٹور سمیت 6 تاجروں کو بْک کیا۔اسسٹنٹ کنٹرولر نے مقدمہ درج مقدمات کا احاطہ کیا اور مجموعی طور پر مجرموں سے 17500روپے جمع کئے۔تمام تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے تجارتی احاطے میں صرف تصدیق شدہ وزن اور پیمائش کے آلات استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ چارجنگ اور دیگر ناجائز تجارتی طریقوں میں ملوث نہ ہوں۔ محکمہ نے مزید صارفین سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور چوکسی صارف کی حیثیت سے ان کے حق کا استعمال کریں۔
 

سابق ایم ایل اے گول ارناس کو خراج عقیدت

زاہد بشیر
گول// حال ہی میں گول ارناس کے سابق ایم ایل اے و نیشنل کانفرنس کے لیڈر عبدالوحید شان کی وفات پر نیشنل کانفرنس نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال و ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی ۔ ڈاکٹر شمشادہ شان کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جہاں پرنیشنل کانفرنس کے کار کنوں نے عبدالوحید شان مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ مرحوم نے گول ارناس کی عوام کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ نا قابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے گول عوام کو ایک سیاسی پلیٹ فارم قائم کر کے دیا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے اس پلیٹ فارم کو صحیح سمت چلانے کے لئے کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ اس موقعہ پر یہاں موجود تمام ممبران نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مرحوم عبدالوحید شان کے ایصال و ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی۔
 

اعجاز احمد خان کاسابقہ ایم ایل سی 

چوہدری گلزار احمد کی وفات پر اظہارِ تعزیت

ریاسی//اپنی پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے معروف گوجر رہنما اور سابقہ ایم ایل سی چوہدری گلزار احمد کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اعجا زاحمد خان نے کہاکہ وہ ایک معزز گوجر رہنما سے محروم ہوگئے ہیں جنہوں نے سماج کے اندر بلاامتیاز کام کاج کے لئے عزت کمائی۔ بیان میں خان نے کہاکہ ’’میں اُن کی وفات کی خبر سن کر بہت دکھی ہوا ہوں، وہ میری جان پہچان کے تھے اور میرے لئے باعث ِ تحریک تھے ، ہم نے سچ میں ایک بڑے لیڈر کو کھودیا‘‘۔غمزدہ کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اُنہوں نے مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی ہے۔
 

بقایا کی ناقص دیکھ ریکھ پرمحکمہ بجلی کی مذمت 

جموں//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وجے بقایا نے جموں کے توی ویہار اور سدھڑہ علاقوں میں بجلی سپلائی کرنے میں ناکام رہنے پر محکمہ بجلی کی مذمت کی ہے۔بقایانے کہاکہ شدت کی گرمی میں بلاجواز طویل غیر اعلانیہ کٹوتی سے مکینوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ انہوں نے ٹرانس میشن نیٹ ورک کی دیکھ ریکھ نہ کرنے پر پی ڈی ڈی کی سخت تنقید کی ہے جس وجہ سے مرمت میں طویل وقت لگتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ پی ڈی ڈی کو چاہئے کہ وہ شہریوں کو بتائے کہ ٹرانس میشن لائن نیٹ ورک میں بہتری کے باوجود بجلی سپلائی کی حالت خستہ کیوں ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پی ڈی ڈی لوگوں کی مشکلات پر توجہ دے گا جوکہ خصوصی کوئی چیز نہیں مانگ رہے بلکہ بلاخلل بجلی سپلائی اور مناسب دیکھ ریکھ چاہتے ہیں۔