مزید خبرں

یو ای ای ڈی کے پروجیکٹوں کو 

مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے: ست شرما

سرینگر//مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما نے کہا ہے کہ افسروں کو چاہئے کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کر کے یو ای ای ڈی سیکٹر میں ہاتھ میں لئے گئے تمام پروجیکٹوں کو معیاد بند مدت کے اندر پورا کریں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار سٹیٹ سیکٹر کے تحت یو ای ای ڈی کے کاموں، امرت اور بڑے سیوریج پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ایچ یو ڈی ڈی، ڈائریکٹر خزانہ اور دیگر کئی افسروں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ جموں اور سرینگر شہروں کے علاوہ ریاست کے دیگر قصبہ جات میں296.32 کروڑ روپے کی لاگت سے12 سکیمیں عملائی جارہی ہیں۔اسی طرح جے این این یو آر ایم کے تحت دو بڑی سیوریج سکیمیں جموں اور سرینگر میں ہاتھ میں لی گئی ہیں جن کا75 فیصد کام مکمل کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا کہ گریٹر سرینگر زون کے لئے 2 سیوریج سکیمیں153.30 کروڑ روپے کی لاگت سے ہاتھ میںلی جارہی ہیں اور بِڈ طلب کرنے کا کام جاری ہے۔ اسی طرح129.24 کروڑ روپے کا ایک سیوریج پروجیکٹ جموں میں عملایا جارہا ہے۔ست شرما نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں امرت سکیموں کو فوری طور سے مکمل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
 
 
 

قیصر لون نے ڈی آر ایس سی میٹنگ کی صدارت کی 

مکانات و شہری ترقی محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا 

سرینگر//قانون ساز کونسل کی ڈیپارٹمنٹ رلیٹڈ سٹینڈنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل سی قیصر جمشید لون کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مکانات و شہری ترقی محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ لیا گیا ۔ کمیٹی نے محکمہ کی کلہم کارکردگی جس میں اربن لوکل باڈیز ، یو ای ای ڈی ، جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ ، سرینگر میونسپل کارپوریشن ، ایس ڈی اے ، ٹاؤن پلاننگ آرگنائیزیشن کشمیر ، لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی و دیگر منسلک ونگ شامل ہیں ۔ ارکانِ قانون سازیہ آغا سید محمود ، محمد خورشید عالم اور جی ایل رینہ نے میٹنگ میں شرکت کی اور محکمہ ہذا سے متعلق اپنی قیمتی آراء میٹنگ میں پیش کیں ۔ فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال نے کمیٹی کو محکمہ کی کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات سے روشناس کیا ۔ ایم ڈی جے کے ہاوسنگ بورڈ ، وائس چئیر مین ایل اے ڈبلیو ڈی اے ، وائس چئیر مین ایس ڈی اے ، ڈائریکٹر یو ایل بی ، سی ٹی پی کے ، سی ای جے کے یو ای ای ڈی کے علاوہ سپیشل سیکرٹری کونسل و متعلقہ محکمہ کے افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ 
 
 
 

سرینگر سونہ مرگ گُمری شاہراہ اورڈیفنس اسٹیٹ معاملات

ترقیاتی کمشنر گاندربل نے پیش رفت کاجائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران سرینگر سونہ مرگ گُمری شاہراہ کی پیش رفت کاجائزہ لیا جو کہ بیکن کی طرف سے مکمل کی جارہی ہے اور جس کی دیکھ ریکھ کا کام بھی بیکن انجام دے رہا ہے۔میٹنگ کے دوران ایس ایس جی شاہراہ کے لئے حصول اراضی کے عمل میں حائل رکائوٹوں کو ہٹانے اور سونہ مرگ ڈیفنس اسٹیٹ کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شاہراہ کی تکمیل کے لئے 1103کنال اراضی کے حصول کی خاطر64.52کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران سونہ مرگ ڈیفنس اسٹیٹ کے معاملے پر بھی غور وخوض کیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اقدامات پر عملدر آمد کا فیصلہ کیا گیا ۔میٹنگ میں اے اے سی آر گاندربل،ایس ڈی ایم کنگن،سی ای او سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈیفنس اسٹیٹ آفیسر کشمیر سرکل سرینگر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔
 
 

ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی صدارت میں میٹنگ منعقد 

اسپائریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت مائیکرو لیول پلانز کا جائزہ لیا

کپوارہ //ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں بھارت سرکار کی پہلی اسپائریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت مائیکرو لیول پلانز کاجائزہ لیا۔میٹنگ میںمحکمہ تعمیرات عامہ بارہمولہ کے ایس ای،پرنسپل،پالی ٹیکنک کالج کپوارہ ،اے سی آر،پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس کپوارہ،سی ایم او،سی ای او،سی اے او،سی ایچ او اور مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ زونل ایجوکیشن آفیسران اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران صحت ،تغذیہ ،تعلیم،بنیادی ،ڈھانچے اورہنروں کے فروغ کے تحت جاری سرگرمیوںکی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے اسپائریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوںنے ضلع کے متعلقہ آفیسران پرنبیادی سطح پر ٹیمیں تشکیل دینے پر زوردیا تاکہ مقررہ وقت میں اہداف کا حصول یقینی بن سکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کپوار ہ ضلع کو اسپائریشنل ڈسٹرکٹ قراردئے جانے کے بعد یہاں مختلف نوعیت کی ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔جس کے تحت مختلف مرکزی اور ریاستی سرکار کی معاونت والی ترقیاتی سکیموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے ٹھوس توجہ مبذول کی جارہی ہے۔
 
 
 

پلوامہ کے سپر وائزروں اوربی ایل اووز کے لئے تربیتی پروگرام کا اعلان

پلوامہ//الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے تحت ضلع پلوامہ میں بی ایل اووز کی گھر گھر جانچ کی رجسٹر اورہائی برڈ موبائیل اپلیکیشن کی مناسبت سے سپر وائزروں اوربی ایل اووز کے لئے تربیتی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت ترال اور پانپور کے لئے میٹنگ ہال ڈی سی آفس پلوامہ میں بالترتیب 28مئی صبح11بجے سے ایک بجے تک اور2بجے سے 4بجے تک تربیتی پروگرام کا انعقادکیا جائے گا۔جب کہ پلوامہ اورراجپورہ کے لئے 29مئی کو میٹنگ ہال ڈی سی آفس پلوامہ میں بالترتیب صبح11بجے سے ایک بجے تک تربیتی پروگرام منعقدہوگا۔تمام اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسران (تحصیلداران) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بوتھ لیول آفیسران کو تربیتی پروگرام میں مقررہ وقت اورجگہ پر شامل ہونے کے سلسلے میں مطلع کریں۔
 
 
 

غلام الدین گلشن کے انتقال پر 

نیشنل کانفرنس کا اظہار تعزیت

سرینگر //نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کارگزار صدر عمر عبداللہ اور جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے ضلع بارہمولہ کے معروف سیاسی ، سماجی ، شخصیت غلام الدین گلشن ساکنہ شیری زگیار کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔موصوف کافی عرصہ تک نیشنل کانفرنس سے وابستہ رہے۔ صدر ضلع جاوید احمد ڈار ، ضلع سیکریٹری غلام حسن راہی ، ایڈوکیٹ شاہد علی ، عبدالمجیدآخون نے بھی موصوف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مقامی لیڈران نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی ڈھارس بندھائی اور مرحوم کی نماز جنازہ اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔ شمالی کشمیر کے زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور زون سیکریٹری اور سابق ایم ایل اے میر غلام رسول ناز نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ 
 
 
 

اننت ناگ : خواتین کیلئے قانونی جانکاری پروگرام منعقد

اننت ناگ//ریاستی کمیشن برائے خواتین نے ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں قومی کمیشن برائے خواتین نئی دہلی کے اشتراک سے ایک قانونی جانکاری پروگرام کاانعقاد کیا۔جس کی صدارت ریاستی کمیشن برائے خواتین کی چیرپرسن نعیمہ احمد مہجور نے کی۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ،اے ڈی ڈی سی،سیکریٹری کمیشن،ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر اور کشمیر یونیورسٹی سے ریسورس پرسنز کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے آفیسران اورخواتین نیز طالبات بھی موجو د تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیمہ احمد مہجور نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کی خواتین صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں اُن کی خدمات ناقابل ِ فراموش ہیں انہوںنے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسی ضلع سے تعلق رکھتی ہیں اورانہیں ریاست کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کا شرف بھی حاصل ہے۔کمیشن کی چیرپرسن نے کہاکہ کمیشن کی طرف سے خواتین کی فلاح وبہبود اورترقی کے لئے متعدد پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ انہیں قانونی امور سے متعلق جانکاری فراہم کی جاسکے۔انہوںنے کہا کہ ہمارا سماج اسی صورت میں مستحکم اور مضبوط ہوسکتاہے جب خواتین ایک دوسر ے کے ساتھ شانہ بشانہ ہوکر کام کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے اننت ناگ میںقانونی جانکاری سے متعلق پروگرام کا انعقاد کرنے کے لئے کمیشن کی سراہنا کی۔انہوںنے کہا کہ آئین نے خواتین کو سماج کی مجموعی ترقی کے لئے خصوصی اختیارات دئے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین کو اُن کے اختیارات سے متعلق روشناس کیا جائے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بعدمیں شرکأ خصوصاًطالبات نے ماہرین کے ساتھ خواتین کے حقوق کے بارے میں سوالات وجوابات کی ایک نشست منعقد کی جس دوران ماہرین نے طالبات کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
 
 

منشیات مخالف مہم

۔4 افراد گرفتار،4کلو فکی ضبط

سرینگر//کولگام پولیس نے ایس ایچ او قاضی گنڈ تنویر احمد کی سربراہی میں اپر بازار قاضی گنڈ کے قریب ناکہ لگایا اورایک مشتبہ شخص ظہیر عباس ساکن باغوت تحصیل بٹوٹ رام بن کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس دوران اُس کے قبضے سے 4کلو گرام فکی برآمد ہوئی ۔ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 126/2018زیر دفعہ 8/15این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ 
 
 
 
 

فارسٹ آفیسرس ایسو سی ایشن کی وزیر جنگلات سے ملاقات

سرینگر//سٹیٹ فارسٹ آفیسرس ایسو سی ایشن کے ایک ڈلی گیشن نے جنگلات وماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ سے ملاقات کی اور انہیں عرصہ دراز سے التوا میں پڑے مطالبات کی فہرست پیش کی۔ڈیلی گیشن کی قیادت منشی اقبال کر رہے تھے ۔انہوںنے ریاستی محکمہ جنگلات میں ملازمین کے مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا۔ وزیر نے ڈیلی گیشن کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات مرحلہ وار طریقے پر پورے کرے گی۔انہوں نے کمشنر سیکریٹری محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ ریکروٹمنٹ رولز پر نظر ثانی کریں اور محکمانہ پروموشنز کمیٹی کا انعقاد کر کے ملازمین کے مسائل حل کریں۔
 
 
 

آر پار شیلنگ:نائب وزیر اعلیٰ نے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا

جموں//نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے آر ایس پورہ، سچیت گڑھ اور ارنیہ کے کراس بارڈر فائیرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ان دیہات میں صورتحال کا جائیزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ پی ایچ ای، آبپاشی کے وزیر شام چودھری، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور ارکان قانون سازیہ رویندر رینہ اور گگن بھگت بھی تھے۔کویندر گپتا نے مختلف مقامات پر قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائیں۔وہاں موجود لوگوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔کویندر، شام اور جگل نے ریلیف کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے پہلے ہی معاوضہ کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دی ہے۔صوبائی کمشنر جموں ہمنت کمار شرما، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی سنگھ، ڈی سی جموں کمار راجیو رنجن اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ نے ایس ڈی ایم آفس آر ایس پورہ میں سول اور پولیس انتظامیہ کی ایک میٹنگ کے دوران متاثرہ کنبوں کی مدد کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائیزہ لیا۔
 
 
 
 

 گاندر بل میں شکائتی کیمپوں کا انعقاد 

نعیم اختر نے شکایات کے ازالہ کیلئے احکامات جاری کئے 

گاندر بل//تعمیراتِ عامہ و تمدن کے وزیر نعیم اختر نے ضلع گاندر بل میں ایک شکائتی کیمپ کا انعقاد کیا اور لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔ زندگی کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے کئی وفود وزیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیاجن میں سڑکیں ، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی شامل ہیں ۔ وزیر نے وفود کو یقین دلایا کہ گاندر بل ضلع کی ترقی ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس سلسلے میں کافی سنجیدہ ہیں ۔ وزیر نے مزید کہا کہ حکومت اس ضلع کی کلہم ترقی کیلئے ایک جامہ منصوبہ تیار کرے گی جن میں سڑکوں کی کشادگی اور صحت و صفائی کے پروجیکٹ شامل ہیں تا کہ اس تاریخی قصبے کی عرصے سے التوا میں پڑے مطالبات پورے کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جدید سہولیات سے لیس ایک نیا ہسپتال قایم کیا جائے گا جس کی بدولت گاندر بل کے طبی نگہداشت کے معاملات دور ہو جائیں گے ۔ 
 
 
 

 سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ

محکمہ دیہی ترقی کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا

سرینگر//ریاستی قانون ساز کونسل کی ڈیپارٹمنٹ ریلٹیڈ سٹینڈنگ کمیٹی نے آج ایک میٹنگ کے دوران دیہی ترقی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ ایم ایل سی نریش کمار گپتا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شیتل نندا اور ایڈیشنل سیکرٹری راکیش کمار کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجودتھے۔محکمہ کے سیکرٹری نے کمیٹی کے ممبران کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ دیہی ترقی محکمہ کی مختلف سکیموں ی عمل آوری کے علاوہ محکمہ کے لئے بجٹ کی تفویض اور اخراجات کے معاملات پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت او ڈی ایف کے اہداف کے مقابلے میں 80 فیصد حصولیابی کی گئی ہے جبکہ کشمیر اور لداخ سمیت 5 اضلاع کوکھلے میں رفع حاجت بشری سے پاک قرار دیا گیا ہے۔کمیٹی کے چیئرمین نے اس سلسلے میں افسران کو ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن تیار کرنے کی ہدایت دی۔اس سلسلے میں کمیٹی ممبران نے محکمہ کے عہدے داروں سے تجاویز بھی طلب کیں۔میٹنگ میں انٹی گریٹیڈ واٹر شیڈ منیجمنٹ پروگرام اور پردھان منتری آواس یوجنا کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ کے حکام نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سال 2017-18 کے دوران ایم جی نریگا کے تحت 1208.5 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ 6.99 لاکھ کنبے مستفید ہوئے ۔ کمیٹی نے دیہی ترقی محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
 
 
 
 
 
 

مین اسٹریم اور مزاحمتی جماعتیں متحد ہوں

سوز نے ڈاکٹر فاروق کی تائید کی

سرینگر//پروفیسر سیف الدین سوز نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان ،جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مین اسٹریم اور علیحدگی پسندوں کو مشترکہ کوششیں کرنے کی تجویز پیش کی ہے ،کی صد فیصد تائید کا اعلان کیا ہے ۔سوز نے کہاکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس بیان کو کشمیر کے سبھی سماجی اور سیاسی حلقوں میں پذیرائی ہونی چاہئے کیونکہ سب لوگ جانتے ہیں کہ کس طرح کشمیر میں کمسن بچے گولیوں کی برسات میں لقمہ اجل ہو جاتے ہیںانہوں نے کہاکہ  اگر ڈاکٹر عبداللہ اس سمت میں مستحکم رہیںگے تو کشمیر کو موجودہ تشویش ناک صورتحال سے باہر نکل کر صحیح راستہ ملے گا ۔‘‘
 
 
 
 

سرحدی کشیدگی پر بھیم سنگھ کو تشویش

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مکتوب ارسال کیا

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اٹونیو گوئترس کو ہند۔پاک بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ سے جموں و کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال کے بارے میں خط لکھا ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ پنتھرس پارٹی بین الاقوامی امن اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ہدف اور مقاصد کیلئے عہدبند ہے اور ریاست میں امن چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میںجموں و کشمیر کا سابق رکن اسمبلی ہوں۔ جموں و کشمیر کی پاکستان کے ساتھ 170 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد ہے جو پاکستان کی جانب سے جارحیت کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے خط میں جموں علاقے (جموں و کشمیر ریاست) میں بین الاقوامی سرحدوں پر پاکستانی فائرنگ سے موت اور تباہی سے گاؤں کے معصوم لوگوں کو بچانے کیلئے فوری طور مداخلت کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا۔انہوں نے خط میں جموں و کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی درخواست کی ۔