مزید خبرں

 پینے کے پانی کی سپلائی پوزیشن 

سیکرٹری پی ایچ ای نے صورتحال کاجائزہ لیا

سرینگر//پی ایچ ای، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے سیکریٹری فاروق احمد شاہ نے چیف انجینئر اور دیگر افسروں کی میٹنگ طلب کر کے ریاست میں پینے کے پانی کی سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے ریاست میں مختلف واٹر سپلائی سکیموں پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔پینے کے پانی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے فاروق احمد شاہ نے پینے کے پانی کے معیار کو برقرار رکھنے کی بھی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو معیاری پانی سپلائی یقینی بنائی جانی چاہئے تاکہ لوگ اس پانی کو اپنی بنیادی ضروریات کے لئے استعمال میں لاسکیں۔فاروق احمد شاہ نے کہا کہ جن علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی میں کسی بھی طرح کا خلل پڑ جاتا ہے یا پانی کی سپلائی میں کمی آجاتی ہے وہاں لوگوں کی سہولیت کے لئے ٹینکر سروس دستیاب کی جانی چاہئے۔سیکرٹری موصوف نے کہا کہ جہاں جہاں پانی کی پائپیوں میں خرابی پیدا ہوئی ہے وہاں اس خرابی کو ٹھیک کیا جانا چاہئے تاکہ پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صوبائی اور تمام اضلاع کی سطح پر ہیلپ لائن نمبروں کو دوبارہ شروع کرے گا تاکہ لو گ پینے کے پانی کے تعلق سے اپنی شکایات درج کراسکیں۔فاروق احمد شاہ نے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی شکایات سننے کے لئے محکمہ کے اندر میکانزم کو تقویت بخشنے پر زور دیا۔انہوں نے پانی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی جو سپلائی پوزیشن کی نگرانی کریں گے۔شاہ نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے پر کسی بھی افسریا اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں موجودپی ایچ ای کشمیر کے چیف انجینئر بھی موجود تھے جبکہ چیف انجینئر جموں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔انہوںنے سیکرٹری موصوف کو ریاست میں پینے کے پانی کی سپلائی پوزیشن کے بارے میں جانکاری دی ۔
 

اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس11نئے کورس متعارف کرے گا

سرینگر//مرکزی حکومت کی کلچر وزارت کے تحت کام کر رہے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس ( آئی جی این سی اے) نے کلچر اور اس سے منسلک مضامین میں پانچ نئے ڈپلومااور 6 سر  ٹیفکیٹ کورس متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورسز میں جو مضامین پڑھائے جائیں گے ان میں کلچرل انفارمیٹکس ، پرونٹیو کنزرویشن ،بدھسٹ سٹیڈیز ، ڈیجیٹل لائبریری اینڈ ڈیٹا منیجمنٹ اور مینو سکرپٹولوجی کے پی جی کورسز شامل ہیں۔ان پانچ ڈپلوما کورسز کے لئے خواہشمند امید 10جولائی 2018ء سے پہلے درخواستیں دے سکتے ہیں ۔ کورس کے بارے میں تفصیلات ویب سائٹ http://ignca.gov.in/pg-diploma-course-at-ignca/سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔جو 6نئے سرٹیفکیٹ کورس متعارف کئے جارہے ہیں ان میں اکیڈیمک انٹگریٹی اینڈ ریسرچ ایتھکس ، اوپن ایکسس فار لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس پروفیشنلز ، اوپن ایکسس فار ریسرچرس ، ڈیجیٹل لائبریری اینڈ انفارمیشن منیجمنٹ ، ریسرچ میتھاڈالوجی اور سنیما سٹیڈیز اینڈ کلچرل ڈاکیومنٹیشن شامل ہیں۔
 

برہان وانی کو برسی پر خراج عقیدت

سرینگر//تحریک مزاحمت اورحریت ( جے کے) نے برہان وانی کو برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال احمد صدیقی نے برہان وانی کو قوم و ملت کا ایک قابل تقلید ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے مشکل اور کٹھن حالات میں مزاحمت کی مشعل کو تھاما اور اس کو فروزاں رکھا۔انہوں نے کہا کہ انتہائی کم عمر میں اللہ نے انہیں عظیم الشان صلاحیتوں سے نوازا تھا بلکہ محدود وسائل کے باوصف مرحوم نے جو بہادری دکھائی وہ اپنی مثال آپ ہے۔حریت (جے کے) نے برہان وانی کو برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان کی برسی کے سلسلے میں انہوں نے کچھ پروگرامات تشکیل دئے ہیں۔فورم کے کنوینرشبیر احمد ڈارنے کہا کہ اس حوالے سے کل مساجد میں دعائیہ مجالس اور فاتحہ خوانی کی جائے گی اور8 جولائی کو برہان وانی کے گھر جاکر دعائے مجلس میں بھی شرکت کی جائے گی ۔
 

لبریشن فرنٹ کا قیدیوں کی صورتحال پراظہار تشویش

غلام محی الدین ڈیجو کو برسی پر خراج عقیدت

سرینگر//لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے ریاست اور بیرون ریاست مختلف جیلوں میں مقیدمزاحمتی قائدین و کارکنان کی حالت زار پر فکر و تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری اسیروں کی حالت انتہائی ابتر ہے جو انسانیت و جمہوریت کش ہے۔نور محمد  کلوال نے کورٹ بلوال جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے مقید فرنٹ لیڈر شیخ نذیر احمدپر ڈھائے جارہے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ نذیر احمد کو عدالت کی تاریخ پر سرینگر لایا گیا تھا لیکن پیشی کے فوراً بعد انہیں واپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا ۔ کلوال نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں اور جملہ اسیران کشمیر کو جلد رہائی نصیب کرے۔اس دوران لبریشن فرنٹ نے غلام محی الدین ڈیجو عرف ڈیڈی کو انکی برسی پر  خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ فرنٹ کے صدر دفتر پر اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نور محمد کلوال نے کہا کہ مرحوم ڈیجو کی قربانی اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
 

حج2018:کولگام ضلع میں ٹیکے لگوانے کیلئے اطلاع

سرینگر//ضلع کولگام کے عازمین کو7سے9جولائی تک ٹیکے لگوائیں جائیں گے اور یہ سہولت ضلع کے مختلف طبی مراکز میں دستیاب ہو گی۔چیف میڈیکل آفیسر کولگام کی ایک اطلاع کے مطابق ضلع سے تعلق رکھنے والے تمام عازمین کو7سے9جولائی تک ٹیکے لگوائیں جائیں گے جس کے لئے ضلع میں مختلف مقامات پرقائم مختلف طبی مراکز میں عازمین کے لئے یہ سہولیات دستیاب ہونگی۔دمحال ہانجی پورہ  کے عازمین کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈی ایچ پورہ جبکہ یاری پورہ کے عازمین کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال یاری پورہ جبکہ بلاک قاضی گنڈ کے عازمین کو پبلک ہیلتھ سنٹر قاضی گنڈ دیو سر ، کیموہ بلاک کے عاز مین کوپی ایچ سی کیموہ اور بلاک کولگام کے عازمین کواولڈ اسپتال کولگام میں 7سے 9جولائی تک ٹیکے لگوائیں جائیں گے۔
 
 

 مانسبل میں پارکنگ سہولیات کی عدم دستیابی 

سرینگر/ /سیاحتی مقام مانسبل میں پارکنگ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی سیلانیوں کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سی این ایس کے مطابق سیاحتی مقام مانسبل میں آج کل سیاحوں کا رش لگا رہتا ہے اورروزانہ سینکڑوں گاڑیوں میں سوار ہوکر سیلانی مانسبل جھیل کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ اس کے علاوہ روزانہ مختلف اسکولوں اور کالجوں کے منتظمین طلاب کو وہاں سیر کرانے لاتے ہیں ۔سیاحوں کے رش کے باوجودوہاں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مناسب انتظام نہیں ہے ۔ ان گاڑیوں کی عارضی بنیادوں پردیکھ ریکھ کرنے والے منتظمین ،عام لوگوں اور سیاحوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ کی سہولیات بہم رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
 

نوشہرہ میںچار مویشی حد متارکہ عبور کرگئے

رمیش کیسر
 
نوشہرہ//نوشہرہ کے سرحدی علاقے سیر سے ایک کسان کے چار مویشی حد متارکہ عبور کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہوگئے ہیں۔مقامی شہری نریش کمار کے چار مویشی گزشتہ رات جنگل سے چارہ چرتے ہوئے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی حدود میں داخل ہوگئے جس پر اس شخص نے فوج و پولیس کو تحریری طور پر مطلع کیاہے۔نریش کمارنے اس سلسلے میں فوج سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستانی فوج سے بات کرکے اس کے مویشیوں کو واپس لانے میں مدد کرے کیونکہ یہی مویشی اس کا سب کچھ ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ نوشہرہ کے سرحدی علاقوں سے آج تک کئی مویشی اْس پار چلے گئے ہیں جن میں سے کئی کو آج تک واپس نہیں لایاگیاہے۔
 

اننت ناگ کے لاپتہ 

لڑکے کی بازیابی کیلئے عوام سے تعاون طلب 

 سرینگر //اننت ناگ پولیس نے 18جون سے لاپتہ لڑکے کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے عام شہریوں سے تعاون طلب کیا ہے۔ غلام محمد بٹ نامی شہری نے پولیس اسٹیشن مٹن میں رپورٹ درج کی ہے کہ اُن کا بیٹا رئوف احمد بٹ گھر سے کسی کام کے سلسلے میں نکلا تاہم واپس نہیں لوٹا ۔ اس ضمن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ لڑکے کو تلاش کرنے کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے۔ اگر کسی کو بھی اس لاپتہ لڑکے کے بارے میں کوئی علمیت ہو تو وہ پولیس اسٹیشن مٹن کے فون نمبر 9596777623یا پی سی آر اننت ناگ کے فون نمبرات  9596777669, 94190-51910پر رابط قائم کرے۔ پولیس کنٹرول کشمیر کے ٹول نمبر 100پر جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔ 
 

ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی وزیراعظم سے ملاقات

دہلی//مرکزی وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن اور بھارتی جنتا پارٹی کی ریاستی نائب صدر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دلی میں واقع دفتر میں ملاقات کی۔ڈاکٹر اندرابی نے وزیراعظم کو ریاست جموں کشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال اور ریاست کے مختلف علاقو ںمیں جاری مرکزی سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے جموں کشمیر کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر بھی وزیراعظم مودی کو اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کو ریاست جموں کشمیر کے لئے میگا اکنامک پیکیج فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر درخشاں اندرابی کو بتایا کہ مرکزی حکومت ریاست میں فراہم کئے گئے پیکیج کو زمینی سطح پر عملانے کیلئے وعدہ بند ہے۔
 

بھیم سنگھ کی صدرہند سے ملاقات

دفعہ 370میں ترمیم اور بنیادی حقوق کی توسیع کا مطالبہ

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر ہند رامناتھ کووند سے نئی دہلی میں ملاقات کرکے انہیں گورنر راج کے نفاذ کے بعد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا۔ پنتھرس سربراہ نے صدر کوبتایا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کی ایک اہم وجہ وہاں کے لوگوںکو  ہندستانی آئین کے چیپٹر ۔3میں دیئے گئے  بنیادی حقوق سے محروم رکھا جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی بنیادی حقوق سے محرومی کی وجہ آرٹیکل 35(A)ہے جو جموں وکشمیر میں اس کا اپنا آئین نافذ ہونے سے خود ہی بے معنی ہوگیا ہے۔انہوں نے صدر کو بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگ بھی قوم پرست، سیکولر اورامن پسند ہیں لیکن انہیں ہرہندستانی شہری کو حاصل بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ آرٹیکل 35کے ساتھ A کو جوڑنا اور دفعہ 370(3) جوڑنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندستانی شہریوں خاص طورپر جموں وکشمیر کے لوگوں کے غصہ کی ایک اہم وجہ بنیادی حقوق سے محرومی ہے جوہندستانی آئین میں ہندستان کے ہر شہری کو دیئے گئے ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر ہندکے ساتھ اس ملاقات کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صدر آئین کی دفعہ 370(3)اور آرٹیکل 35(A)اور جموں وکشمیر آئین کے 1957کے تعلق سے ہندستان کے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوطی فراہم کرنے والا فیصلہ کریں گے جس کا انہیں اختیار حاصل ہے تاکہ جموں وکشمیر میں امن بحال ہوسکے اور جموں وکشمیر میں رہنے والے تمام ہندستانی شہریوں کو حق و انصاف مل سکے۔
 

غلام نبی گوہر کوادبی مرکز کمراز کا خراج

کرالہ پورہ چاڈورہ میں تقریب

سرینگر//ادبی مرکز کمراز نے کشمیری زبان کے نامور ادیب، شاعر، محقق، ترجمہ کار، ناول نگار اور قانون دان غلام نبی گوہر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب غلام نبی گوہر کی رہائش گاہ کرالہ پورہ چاڈورہ میں منعقد ہوئی۔ جس میں ادبی مرکز کمراز کے اراکین کے علاوہ سرکردہ ادیبوں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ جن میں سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر عزیز حاجنی، پروفیسر محمد زمان آزردہ، پروفیسر اقبال نازکی، ڈاکٹر رفیق مسعودی، شہوار گوہر (فرزند غلام نبی گوہر)، مشتاق احمد مشتاق، غلام رسول جوش، جی این شاکر، خورشید قریشی، غلام نبی حلیم، عنایت گُل،ضمیر انصاری،عبدالاحد حاجنی،سید رشید جوہر،عبدالخالق شمس، شبنم تلگامی،جمیل انصاری، شبنم گلزار شامل ہیں۔ تقریب کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے صدر فاروق رفیع آبادی نے کی۔ اس موقع پر ریاستی کلچرل اکیڈیمی کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے غلام نبی گوہر کو اپنا خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈیمی شیرازہ کشمیری کا غلام نبی گوہر نمبر ترتیب دینے کی کوششوں میں مصروف ہے اور بہت جلد مذکورہ طباعت شایع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈیمی غلام نبی گوہر پر ایک سمینار منعقد کرنے کی تیاریاں کررہی ہے جس میں مرحوم کے مختلف ادبی اور ثقافتی پہلوئوں پر سیر حاصل بحث کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر غلام نبی گوہر کے فرزند شہوار گوہر نے تمام حاضرین خصوصاً ادبی مرکز کمراز اور کلچرل اکیڈیمی کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی کا شکریہ ادا کیا
 
 

 ہردہ اچھلو ٹنگمرگ میں ائر ٹیل صارفین پریشان

ٹنگمرگ //مشتاق الحسن//ٹنگمرگ کی مضافاتی بستی ہردہ اچھلو میں ایرٹیل مواصلاتی کمپنی کی ناقص سروس پر صارفین نے مذکورہ کمپنی پر سروس کے نام پر دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قصبے ٹنگمرگ سے چند کلومیٹر دوری پر واقع ہردہ اچھلو گاوں میں گزشتہ ایک ماہ سے صارفین کوموبائل پر ایک دوسرے سے رابطہ کرنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ رابط خود بخود منقطع ہوجاتاہے جبکہ بہ وقت ضرورت صارفین کو بات کرنے کے لیے دور دور تک بھٹکنا پڑتاہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کئی بار کمپنی کے ٹول فری نمبر 121 پر بھی ناقص سروس کے بارے میں شکایت درج کرائی گئی تاہم آج تک سروس کو بہتر بنانے کے لیے کوئی موثر قدم نھیں اٹھایا گیا ۔