کووِڈ- 19کی وجہ سے نوجوانوں میں تنائو
اسلامک یونیورسٹی کے نرسنگ کالج میں ویبنار
اونتی پورہ//’’کووِڈ- 19کی وجہ سے نوجوانوں میں تنائو کاتدارک‘‘ موضوع پر اسلامک یونیورسٹی کے علمدار میموریل نرسنگ ومیڈیکل ٹیکنالوجی کالج میں یک روزہ ویبنار کااہتمام کیا گیا۔ اس موقعہ پرعلمدار میموریل نرسنگ ومیڈیکل ٹیکنالوجی کالج کی پرنسپل ڈاکٹر محمودہ ریگو نے کنبے کے افراد اور اساتذہ پرزوردیا کہ وہ نوجوانوں میں تنائو کے محرکات جوان کی صحت،رویہ ،خیالات اور احساسات کو متاثر کرتے ہیں ،کی متواتر باضابطہ نگرانی کریں تاکہ تنائو کے محرکات کو کسی حدتک کم کیا جائے اوراس طرح نوجوانو ں کے صحت مندطرززندگی کی راہ کسی حدتک ہموارکی جائے۔معروف ماہر نفسیات وسیم ککرونے عالمگیر وباء کے نوجوانوں پر نفسیاتی اثرات کواُجاگر کیا اور اِس تنائو کو قابو کرنے کی حکمت عملی بھی بیان کی۔ ویبنار میں کالج کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ویبنار کے بعد سوال وجواب کی ایک نشست بھی منعقد ہوئی۔
گجر بستی پہلگام جہاں اسپتال ہے نہ دوائی کی دکان
سرینگر// ضلع اننت ناگ سے محض 30 کلو میٹر دور ڑیروارڈ گجر بستی میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ہسپتال یا طبی مرکز تو دور ان کے علاقے میں دوائی کی کوئی دکان بھی موجود نہیں ہے جس کے باعث علاقے کے لوگوں کو علاج و معالجہ کیلئے ضلع ہیڈ کواٹر کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث انہیں گھوڑوں پر مریضوں کو طبی مراکز پہنچانا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ضلع اسپتال 30کلومیٹر دور ہے جبکہ علاقے میں طبی سہولیات کا پوری طرح فقدان ہے ۔ سی این آئی
مدینہ چو ک مائسمہ میں آگ
ایک دکان مکمل طور خاکستر، دو کو جزوی نقصان
سرینگر//مائسمہ کے مدینہ چو ک میں آ گ کی ایک واردات کے دوران ایک دکان مکمل طور خاکستر ہوگئی جبکہ دو کو جزوی نقصان پہنچا ۔عاشق احمد بیگ کے ہمدان کی الیکٹرانکس دکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئی اور دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے سامان کو نقصان پہنچا ۔ آ گ کی اس واردات میں خلیج الیکٹریکل اور ایم کے ایسو سی ایٹس کو بھی نقصان پہنچا ۔ فا ئر ایند ایمر جنسی سروس نے بروقت امدادی کاروائی شروع کرتے ہوئے آ گ کو مزید پھلنے سے روک دیا ہے۔ پولیس نے معاملہ کی نسبت مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔سی این ایس
پولیس کے گیزیٹیڈافسران کی ڈی جی پی سے ملاقات
لیفٹیننٹ گورنر ،مشیر،ہوم سیکریٹری اورپولیس چیف کاشکریہ
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس گیزٹیڈ سروس افسران نے پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی۔جس دوران افسران نے لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر منوج سنہا، ان کے صلاحکار آرآر بٹناگر ، چیف سیکریٹری اے کے مہتا ، ہوم سیکریٹری شالین کابرااور حکومت کے دیگر افسران غیر فعال مالیاتی اسکیم میں ترمیم کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کے سامنے جموں و کشمیر پولیس گیزٹیڈ سروس افسران کے مسائل پیش کرنے پر پولیس سربراہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ہی ان کے مسائل کافی حد تک حل ہو گئے۔ ملاقات کے دوران پولیس سربراہ نے کہا کہ سیول انتظامیہ جموں کشمیر پولیس کے مختلف مسائل کے حل تلاش کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ سینیارٹی ایشو جو برسوں سے زیر التواء تھا ،اس کو انتظامیہ نے حل کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹیاں باقاعدگی سے اپنے اجلاس کاانعقاد کرتی رہی ہے اور مختلف شعبوں میں سینکڑوں افسران و اہلکاروں کو ترقیاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران محکمہ پولیس نے3758افسران واہلکاروں کو ترقی سے نوازا گیا۔ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تعیناتی کے جگہوں پر زیادہ جوش و جذبے سے کام کریں۔
گلوان وادی میں مارے گئے اہلکاروں کو خراج عقیدت
لیہہ میں ’وار میموریل‘ پرتقریب منعقد، قربانیاں ناقابل فراموش:میجر جنرل
سرینگر//گزشتہ برس 15جون کومشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن کے نزدیک گلوان وادی میں لقمہ اجل بنے20فوجی اہلکاروں کواُنکی پہلی برسی پراعلیٰ فوجی افسروںنے خراج عقیدت پیش کیا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ فائر اینڈ فیوری کور نے گذشتہ سال 15جون کو گلوان وادی میں مارے گئے اہلکاروں کو پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ اسی دن چینی فوج کے حملے میں20 جوانوں نے ملک کی حفاظت کے لئے قربانیاں پیش کی تھیں اور چینی فوج کو بھی زبرست نقصان سے دوچار کردیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر فائر اینڈ فیوری کور کے سی او ایس میجر جنرل آکاش کوشک نے لیہہ میں قائم ’وار میموریل‘ پر پھول مالا چڑھا کر ان جوانوں کو خراج پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کی ہمیشہ مشکور رہے گی جنہوں نے کٹھن حالات میں لڑ کر ملک کی خدمت میں قربانیاں پیش کیں۔
کولگام میں نامیاتی سبزیاں فروخت
سرینگر // کولگام میں منگل کونامیاتی سبزیاں فروخت کی گئیں۔ نامیاتی سبزیوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت پیداوار نے منگل کو محکمہ ہارٹی کلچر کے تعاون سے مختلف اقسام کی نامیاتی سبزیوں کو فروخت کیا۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کا افتتاح منی سیکریٹریٹ میں ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹرخالد محی الدین نے انجام دی ۔اس موقع پر ایریا مارکیٹنگ افسر نے بتایا کہ اس طرح کی نامیاتی سبزیوں کی فروخت ضلع کے مختلف مقامات پر مطالبہ کے مطابق کی جائے گی۔
سوز کا بارہمولہ آتشزدگان سے اظہار یکجہتی
سرینگر//سینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے نورباغ بارہمولہ کے آتشزدگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اُن کی باز آبادکاری کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ’’کشمیر کی موسمی صورتحال مدنظررکھتے ہوئے باز آبادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں‘‘۔ سوز کے مطابق انہوں نے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا ، صوبائی کمشنر کشمیر اور ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بوپندر کمار شامل ہیں۔
یتیم فائونڈیشن نے آتشزدگان میں 2لاکھ روپے کی اشیاء تقسیم کیں
سرینگر// جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن نے شمالی ضلع بارہمولہ کے نورباغ علاقے میں آتشزدگی کے متاثرین میں 2لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان تقسیم کیا۔اس موقع پر چیئرمین ہیومن ایڈ سوسائٹی بشیر احمد میر ، چیئرمین با جوا کرامت قیوم ، بی ایم سی چیئرمین توصیف رانا ، بی ایم سی کے سابق چیئرمین عمر اظہر ککرو اور نورباغ ویلفیئر کمیٹی کے ممبران اور دیگر شرکاء کے علاوہ دیگر رضاکاروں کے ہمراہ موجود تھے۔چیئرمین مدر این جی او بشیر احمد میر نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے کے وائی ایف کی جانب سے آتشزدگان کو باورچی خانے کی اشیا کی شکل میں فراہم کی جانے والی امداد ایک مستحسن عمل ہے جس سے متاثرہ خاندانوں کو اپنی روزمرہ کی زندگی کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے میں مدد ملے گی۔یتیم فائونڈیشن کے سابق چیئرمین محمد رفیق لون نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
عرس مبارک حضرت میر سید محمد ہمدانی ؒ
خانقاہِ معلی میں مولانا ہمدانی خطاب کریں گے
سرینگر//حضرت میر سید محمد ہمدانیؒ کا عرس جمعرات کو منایا جارہاہے۔ اس سلسلے میں خانقاہِ معلی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ہوگا۔ نمازِ ظہر سے قبل جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ اور بقعہ عالیہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا ریاض احمد ہمدانی حضرت میر محمد ہمدانی ؒ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات، علمی اور روحانی کمالات پر 12بجے دن کے بعد ہی خطاب کریںگے۔ نماز کے بعد حسب قدیم ختمات المعظمات، دورد و ازکار اور اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی۔ فرزندان توحید سے شرکت کی استدعاکی گئی ہے ۔ اس تقریب کے سلسلے میں ریاست کی تمام خانقاہوں میں بھی مجالس کا انعقاد ہوگا۔
نیشنل کانفرنس کا گورو ارجن دیو جی کو خراج
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گورو ارجن دیو جی کی برسی پرانہیںخراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں این سی صدرنے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ صدیوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدروں کو مضبوط بنانے میں پیش پیش رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تہوار اور دیگر معاملات ہمارے بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تقویت بخشنے میں اہم رول ادا کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں نے ہمیشہ ہندو مسلم سکھ اتحاد کی مشعل کو زندہ رکھا ہے اور یہ ریت ہمیشہ چلتی رہے گی۔ صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا،صوبائی صدرکشمیر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، حسنین مسعودی، ٹریجرر شمی اوبرائے اوراقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد نے بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
حریت کا شجاعت بخاری کو خراج عقیدت
سرینگر// حریت کانفرنس (ع)نے کشمیر کے سرکردہ صحافی، دانشوراور انگریزی روزنامہ’ رائزنگ کشمیر‘کے بانی و مدیر اعلیٰ شجاعت بخاری کی تیسری برسی پر میدان صحافت اور سماج کے تئیں زریں خدمات انجام دینے کیلئے خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔بیان میں حریت نے بخاری کو ایک جراتمند، اصول پسند، دیانتدار اور بے باک صحافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کبھی بھی صحافتی اصولوں کے تئیں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور وہ ہمیشہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہتے اور لکھتے رہے۔بیان میں کہا گیا مرحوم کو اپنی اصول پسندی اور حق گوئی کی قیمت اپنی قیمتی جان اور اٹھتی جوانی کو قربان کرناپڑا ۔حریت کے مطابق شجاعت بخاری ایک دردمنددل رکھتے تھے جو کشمیر کے مظلوم عوام اور سماج کیلئے دھڑکتا تھا۔