ٹنگمرگ کی طالبہ کی مبینہ خودکشی
ٹنگمرگ //مشتاق الحسن //ٹنگمرگ میں دسویں جماعت کی طالبہ نے خود کومبینہ طور پھانسی پر لٹکایا ۔تفصیلات کے مطابق سوموار کو ٹنگمرگ کے وانیلو گائوںمیں دسویں جماعت کی طالبہ (نام مخفی) نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خود کومبینہ طور پھانسی پر لٹکاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی لاش اپنی تحویل میں لی اور پو سٹ مارٹم اور دیگر قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش وارثوں کے سپردکی ۔
گاندربل میں64فیصدآبادی کی ٹیکہ کاری:ڈپٹی کمشنر
گاندربل//ارشاداحمد//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے آج کہا کہ ضلع میں 18سے44سال تک کی عمرکی 64 فیصد آبادی کو کووِڈ- 19ٹیکے کی پہلی خوراک دی گئی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے یہ بات ضلع میں کووڈ -19 کی مجموعی صورت حال کو پیش کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتائی۔تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں پچھلے ہفتے فعال مثبت کیس 47 تھے ،جو اب بڑھ کر 52 ہو گئے ہیں اور کووِڈ- 19 مثبت معاملات میں سب سے زیادہ اضافہ کنگن بلاک میں ہوا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پچھلے ہفتے عاشورہ اور سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کی تقریب پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی اور لوگوں نے عاشورہ مناتے ہوئے کووِڈمناسب رویے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کیا۔ سونمرگ اور مانسبل سیاحتی مقامات میں ہفتے کے آخر میں پابندیوں کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس ہفتے میں بھی دونوں مقامات پر پابندیاں برقرار رہیں گی اور عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان پابندیوں پر عمل کریں کیونکہ یہ ان کی حفاظت کے لیے لگائی گئی ہیں۔جاری ویکسینیشن مہم کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت نے ایسے دیہات کی نشاندہی کی ہے جہاں لوگ ویکسینیشن سے ہچکچاتے ہیں اور مسلسل لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں اور ویکسینیشن کے بارے میں شکوک و شبہات کو دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے صحت عامہ کی ٹیموں کے ساتھ عام لوگوں سے تعاون طلب کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ ویکسین لگائیں جو کہ ان کی جان بچانے اور معاشرے کو مہلک وائرس سے بچانے کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع گاندربل کووِڈ کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہوگا ،اگر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین دی جائے۔
شوپیان میں کووِڈ- 19بیداری مہم
ِِشوپیان//’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر ضلع اِنفارمیشن سینٹر شوپیان نے ضلع اِنتظامیہ اور محکمہ صحت شوپیان کے ساتھ مل کر عوام الناس کو کووِڈ ۔19،کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور ایس او پیز کے بارے میں شوپیان قصبے اور مختلف بازاروں میں اعلانات کے ذریعے بیداری مہم جاری رکھی۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر شوکت احمد خان نے کہا کہ اس بیداری مہم کے اِنعقاد کا بنیادی مقصد عوام میں کووِڈ۔19 مناسب طرز عمل ( سی اے بی) کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔اُنہوں نے عوام کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ سی اے بی اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اَپنے آپ اور اَپنے کنبہ کے اَفراد کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچائیں۔اُنہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ ماسک پہنیں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ، باربار ہاتھ صابن سے دھوئیں ، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔اِس کے علاوہ قریبی ٹیکہ کاری سینٹروں میں جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں کیوں کہ یہ انفیکشن سے بچنے کے لئے واحد مؤثر ذریعہ ہے۔اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ وہ اَفواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ جلد اَز جلد خود کو کووِڈ مخالف ٹیکے لگائیں۔
مکتبہ نورالقرآن پانزوترال میں سیرتی ٹسٹ کے نتائج کا اعلان
سید اعجاز
ترال//مکتبہ نور القرآن پانزو ترال کی جانب سے گزشتہ دنوںلئے گئے سیرتی ٹسٹ کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ اس ٹیسٹ میں 150بچوں نے حصہ لیا تھا ۔اس حوالے سے مکتبہ کے مولوی سہیل احمد نے بتایا کہ فرقان الواحدساکن نئی بگ ترال نے پہلی، منزہ منظورساکن لرو ترال نے دوسری اور حادیہ فاروق ساکن پانزو ترال نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ان تینوں بچوں کو بالترتیب5ہزار،3ہزار اور2ہزار روپئے کے نقد انعامات سے نوزا گیا جبکہ دیگر7پوزیشن ہولڈروں کوایک ایک کتاب اوراسنادسے نوازا گیا ۔
عوام کی آواز
بارہمولہ کے نوجوان کا اُن کی تجویز کا ذکرکرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا اظہارتشکر
سرینگر//بارہمولہ کے ظہور احمد میر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج کا شکریہ اَدا کیا ہے کہ اُنہوں نے جموںوکشمیر میں ’’ جن آوشدی کیندروں‘‘ کو مستحکم کرنے کے بارے میں اُن کی تجویز کو تسلیم کیا ۔ 15؍ اگست 2021ء کو نشر ہونے والے ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کی پانچویں قسط میں ظہور احمد کے نام کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس کی تجویز کوسراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے صحت شعبے کو بہتر بنانے کے لئے موصول مختلف دیگر تجاویز جن میں جن آو شدی کیندروں کو مستحکم کرنا ، انوینٹری مینجمنٹ ، سپلائی چین اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ اَدویات کی دستیابی وغیرہ شامل ہیں، کا بھی خیر مقدم کیا ۔اُنہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مناسب کاررِوائی کے لئے تجاویز کو احتیاط سے لیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیرکے 20 اَضلاع میں کل 103 جن آوشدی کیند ر قائم کئے گئے ہیں تاکہ مارکیٹ ریٹ سے 50فیصد کم اَدویات فراہم کی جاسکیں۔ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کی پانچویں قسط کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے موصول ہونے والی اَنمول تجاویز اور خیالات پر روشنی ڈالی ۔ حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں میں معنی خیز تبدیلیوں اور مداخلتوں سے متعلق تجویز دیں جس کا مقصد زیادہ مؤثر نتائج ، طریقہ کار کو اَحسن اور وسائل کو زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرنا ہے۔اِ س بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ جموںوکشمیر آج اَپنے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کر رہا ہے ۔ اَب یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم جموںوکشمیر کے ہر طبقے کی یکساں ترقی کے لئے ہر محاذ پر ٹھوس اِقدامات کے ذریعے اِس خلا کو پُر کریں۔ اگر چہ کام شروع ہوچکا ہے ، ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ میں ہر مہینے کے تیسرے اتوار کا شدت سے انتظار کرتا ہوں تاکہ یوٹی حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے جو مجھے موصول ہونے والے خیالات اور تجاویز پر کام کر رہے ہیں۔ ظہور احمد نے کہا ،’’ میں ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ میں کشمیر بھر میں پردھان منتری بھارتیہ جنو شادھی سینٹروں کی کمی کی فراہمی کا مسئلہ اُٹھانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کا شکر گزار ہوں۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘ ایک منفرد عوامی رَسائی پروگرام ہے جو لیفٹیننٹ گورنر نے شروع کیا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ ’’ عوام کی آواز‘‘ ریڈیو پرگرام سے غریبوں اور دُور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔
محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کاہندوارہ میںتمدنی پروگرام
ِِسر ی نگر//’’آزادی کا امرت مہا اُتسو‘‘ کے ایک حصے کے طور پر کلچرل یونٹ سرینگر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اور ضلع اطلاعاتی مرکز کپوارہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول ہندوارہ ، ضلع کپوارہ میں ایک رنگارنگ تمدنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ کلچرل یونٹ سرینگر کے فنکاروں اور وادی کے چند نامور فنکاروں نے موضوع کی مناسبت سے مختلف نغمے گا کر سامعین کو محفوظ کیا۔ کلچرل یونٹ سر ینگرکے فنکاروں بشمول اُستاد مشتاق احمد سازنواز ، اطہر بلپوری ، جی ایم انزوالی ، جی ایم کھانڈے نے وادی کے ایک مقبول کشمیری لوک گروپ فیروز احمد شاہ اور گروپ کے فنکاروں کے ساتھ مل کر حب الوطنی کے گیت پیش کئے جبکہ ہلال احمد متو ، شبیر حکاک اور دیگر تھیٹر اَداکاروں کے گروپ نے ملک کی آزادی کے بعد سے آج تک کی حصولیا بیوں اور قومی ترقیاتی پیش رفت کو اُجاگر کیا۔ اِس کے علاوہ فنکاروں نے کووِڈ ۔19 کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک اور سکٹ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ نے کووِڈ۔ 19 سے متعلق عوامی بیداری پروگراموں کے اِنعقاد کیلئے محکمہ اطلاعات کی سراہنا کی جبکہ پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول ہندوارہ نے حبُ الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے اور حسبِ حال موضوعات پر عوامی بیداری پروگراموں کے اِنعقاد کے لئے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔ اَپنے ویڈیو پیغام میں کلچرل افسر کشمیر توحید احمد میر نے فنکاروں کی تعریف کی اور کہا کہ ہر شہری کو دل سے ملک سے جڑنا چاہئے اور وطن پرستی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیئے۔ تقریب میں موجود مہمانوں اور فنکاروں کا رسمی اِستقبال کرتے ہوئے اے اِی سی اُو کلچرل یونٹ سیّد شکیل شان نے نو آموز فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ اُنہوں نے کلچرل یونٹ ڈی آئی پی آر کے ذریعے نوجوان فنکاروں کو اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنے کا وعدہ کیا۔ بعد ازاں نظامیہ ایجوکیشنل گروپ اور وائٹ گلوب این جی او کی جانب سے ضلع کپواڑہ کے مقامی نوجوان اور ہنر مند خواہش مندوں کے لئے کیریئر کونسلنگ سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب پر ضلع اطلاعاتی آفیسر کپواڑہ محمد یوسف میر، ڈی آئی سی کپواڑہ کے ملازمین، تعلیمی اِداروں کے سربراہان، طلبا اور مقامی لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔
انجمن شرعی شیعیان کا محرم تقریبات کے پر امن انعقاد پر اظہار اطمینان
سرینگر//محرم الحرام کی خصوصی تقریبات کے پر امن اور شایان شان انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے تمام متعلقین بشمول عزادارن ،خطباء و ذاکرین ،نواح خوانوں اور گرانقدر خدمات انجام دینے والی انجمنوں اور تنظیمی اراکین و عاملین کا شکریہ ادا کیا۔ علما کونسل نے عزاداروں کی طرف سے مجالس و جلوس ہائے عزا کے دوران احتیاتی تدابیر پر عمل کرنے اور آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے کے جذبہ کو سراہا۔ علما ء کونسل نے 8اور 10محرم کے تاریخی عاشورہ جلوسوں پر مسلسل پابندی کی مذمت کرتے ہوئے امسال قدغن ہٹانے کے حکومتی اعلان کو عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیا اور لالچوک سرینگر میں عزاداروں پر وحشیانہ پولیس تشدد کی مذمت کی۔ بیان میں علماء کونسل نے میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظر بندی اور شیعہ عالم دین مولوی منظور احمد ملک کی گرفتاری کے خلاف ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ علماء کواپنی منصبی ذمہ داریوں سے روکنے سے نہ ہی کشمیر کے زمینی حقائق اور صورتحال کو تبدیل کیا جا سکتا ہے اور نہ عوام کی اضطرابی کیفیت کا رخ موڑا جا سکتا ہے ۔ علما ء کونسل نے مولوی منظور احمد ملک کی گرفتاری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی قوم اس وقت اپنی سیاسی تاریخ کے ایک کربناک مرحلے سے گزر رہی ہے ۔کونسل نے اپنے بیان میں مولوی منظور ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
گریز میں آکسیجن بینک قائم
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نذیر احمد خان نے درد ویلفیئر سوسائٹی اور احساس انٹرنیشنل کی شراکت سے گریز میں ایک فلاحی آکسیجن بینک کا قیام عمل میں لایا جس کا مقصد ضرورتمندوں کو وقت پر آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ گریزی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران مشاہدہ کیا گیاکہ آکسیجن کی کمی سے لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گریز میں یہ آکسیجن بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ضرورتمند وں کو آکسیجن دستیاب رہے۔
’حسرتوں کے سرہانے‘
پلوامہ کے طالب علم کا شعری مجموعہ منظر عام پر
نیوز ڈیسک
پلوامہ// ڈگری کالج پلوامہ میں زیر تعلیم طالب علم شاہی شہباز ساکن وشہ بگ کے شعری مجموعہ ’’حسرتوں کے سرہانے ‘‘ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر فاروق اندرابی نے مہمان خصوصی کے طور شرکت کی۔انہوں نے شہباز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہنرمند طلبہ کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کالج کیلئے فخر کی بات ہے کہ شہباز جیسے طالب علم یہاں زیر تعلیم ہیں ۔اس دوران کالج کے دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا اور شاہی شہباز کو مبارکباد پیش کی۔واضح رہے کہ یہ شاہی شہباز کا پہلا شعری مجموعہ ہے۔محفل میں کئی ادب نوازوں نے بھی شرکت کی۔
یتیم فائونڈیشن کی ایمبولینس سروس
بانہال کے نوجوان کی نعش کو آبائی گھرپہنچادیا
سرینگر//جے اینڈ کے یتیم فائونڈیشن کی ایمبولینس سروس نے سرینگر سے بانہال کے کھڈی ترگام کے ایک نوجوان مزدور کی لاش اس کے آبائی گھر سمبل بانڈی پورہ سے راتوں رات منتقل کی۔ فائونڈیشن کے بانڈی پورہ یونٹ کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈاکٹر نثار احمد ملک کی طرف سے ایک ایس او ایس موصول ہوئی جس کے مطابق بانہال سے تعلق رکھنے والے ایک 17سالہ مزدور فیاض احمد کچر ولد عبدالغنی کی موت ایک دلدوذ حادثے میں واقع ہوئی کی لاش کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سمبل سے ترگم بانہال تک ایمبولنس فراہم کرنے کی استدعا کی ۔فائونڈیشن نے ایمبولینس بانڈی پورہ سمبل رات9بجے روانہ کی اورسب ڈسٹرکٹ ہسپتال سے 21اور22اگست کی درمیانی رات لاش لیکر10:35بجے روانہ ہوئی اور صبح 3:30بجے آبائی گائوں پہنچادیا۔فائونڈیشن چیئرمین محمد احسن راتھر نے ایمبولینس ڈرائیور نثاراحمد کے جوش اور جذبے کو سراہتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کے لیے انکے حق میں دو ہزارروپے انعام واگزار کیا ہے۔
چوہدری ذوالفقار کا میاں بشیر کی وفات پر اظہاررنج
راجوری//اپنی پارٹی کے نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے پیر کو کنگن کے گاؤں بابانگری وانگت جاکر میاں بشیر احمد لاروی کی وفات پر سوگوار کنبے سے تعزیت پرسی کی۔ انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب اور لواحقین کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لئے دعا کی۔انہوں نے کہاکہ میاں بشیر احمد لاروی جموں وکشمیر کی ایک عظیم روحانی شخصیت تھے جن کے عقیدتمندوں اور جموں وکشمیر میں ان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزرکا اظہار ِ تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوازئر نے عبدالرحیم کھانڈے کی دختر ِ نسبتی کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جس کا اپنی رہائش گاہ پر پنجی پورہ چاڈورہ میں انتقال ہوگیا۔ فاروق اندرابی نے مرحومہ کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ اندرابی نے مرحومہ کو ایک نیک سیرت، مہمان نواز اور نرم طبیعت خاتون قرار دیتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
مولانا آزاد یونیورسٹی میں داخلہ امتحان شروع
سرینگر//مولانا آزاد نیشنل ا ردو یونیورسٹی کے ریگولر کورسز میں داخلوں کے لیے انٹرنس ٹسٹ کا ملک کے 19 شہروں میں کووڈ 19 سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے درمیان آغاز عمل میں لایا گیا۔ داخلہ امتحان کا سلسلہ 24 اور 25 اگست کو بھی جاری رہے گا۔ مرزا فرحت اللہ بیگ ‘ کنٹرولر امتحانات کے مطابق داخلہ امتحان کے پہلے دن صبح کے سیشن میں تمام مراکز پر بحیثیت مجموعی تقریباً 75 فیصد طلبہ نے امتحان لکھا۔ تقریباً 10400 طلبہ تین دن میں شرکت کریں گے۔ ان میں سے سب سے زیادہ 4259 درخواستیں بی ایڈ کے لیے آئی ہیں جس کے لیے کل 815 نشستیںدستیاب ہیں۔ دوسرے نمبر پر 1346 درخواستوں کے ساتھ پالی ٹیکنیک رہا جس میں 1050 نشستیں دستیاب ہیں۔ تیسرے نمبرپر ڈی ایل ایڈ جس کی 125 نشستوں کے لیے 1170 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اردو میں پی ایچ ڈی اور بی ٹیک کی جملہ 9 اور 75 نشستوں کے لیے بالترتیب 620 اور 546 درخواستیں موصول ہوئیں۔