مزید خبرں

’بھاجپاکی مخلوط سرکارریاست کی تاریخ میں سیاہ دور‘

غلام نبی آزادریاست کے اگلے وزیراعلیٰ ہونگے:سروڑی

ٹھاٹھری//پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے کہاکہ کانگریس آنے والے اسمبلی انتخابات میں ریاست کے تینوں خطوں میں اپنی فتوحات کے پرچم لہرائے گی اور عوام کے ہردلعزیزرہنماغلام نبی آزادریاست کے آئندہ وزیراعلیٰ ہونگے۔ رکن اسمبلی اندروال سب ڈویژن ٹھاٹھری میں پارٹی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے لوپا، ایس ٹی بستی لوپا، ہجام محلہ، اپرٹھاٹھری، نوتاس رنگولہ، ٹِپری اور ڈاک بنگلوٹھاٹھری  میں بھی خطاب کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ2019کے چنائومیں کانگریس ایک مضبوط جماعت اُبھرکرآئے گی اور غلام نبی آزادکی قیادت میں پارٹی نئی بلندیوں کوچھوئے گی۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس سیاسی  تجزیہ کاروںکے تجزیوں کوسچ ثابت کرتے ہوئے تینوں خطوں سے بڑی جماعت بن کراُبھرے گی۔اُنہوں نے کہاکہ پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کیساتھ ساتھ عوامی وقار اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے استحکام کیلئے لڑائی جاری   رکھے ہوئے ہے۔اُنہوں نے کہاکہ موجودہ سیاسی صورتحال نے ریاست جموں وکشمیر کے بھائی چارے، سا  لمیت اور وحدت کوخطرے میں ڈال رکھاہے اور اس تاریک دور سے باہرنکلنے کیلئے عوام آئندہ انتخابات کابے صبری سے انتظار کررہی ہے تاکہ مفادوفرقہ پرست قوتوں کو نکال باہرکیا جاسکے۔اُنہوں نے کہاکہ ان جماعتوں نے کرسی کیلئے ریاست کے تشخص کوخطرات سے دوچارکیاہواہے۔اُنہوں نے پی ڈی پی۔بھاجپاکی مخلوط سرکارکوریاست کی تاریخ میں بدترین اورسیاہ دور سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ سب سے زیادہ ان جماعتوں نے نوجوان طبقے کااستحصال کیااور انہیں روزگارکے بلندبانگ دعوئوں کے بیچ استحصال کاشکاربناتے ہوئے چوردروازے سے بھرتیاں کرتے رہے۔اُنہوں نے کہاکہ سابق حکمران اتحادی جماعتوں نے نوجوان نسل کو دباہی کے راستے پردھکیل دیا۔اُنہوں نے کہاکہ بے روزگاری سے پریشان نوجوان غلط راستوں پرچلنے کومجبورہے یاپھر اِسے ڈرگ مافیا اپنی لپیٹ میں لے رہاہے جبکہ کشمیرمیں بے چینی بڑھنے سے نوجوان بندوق اُٹھارہاہے ۔اُنہوں نے کہاکہ سرکاری اعدادوشمارانتہائی تشویشناک ہیں جن میں ایک سوسے زائدنوجوانوں کاہتھیار اُٹھانے کاذکرکیاگیاہے۔اُنہو ں نے کہاکہ نوجوان نسل میں مایوسی او ر پریشانی سابق حکمران جماعتوںکی دین ہے۔اس موقع پرسروڑی نے پارٹی کارکنان پرزوردیاکہ وہ ان جماعتوں کی غلط پالیسیوں وپروگراموں کواُجاگرکرنے کیلئے کانگریس کی عوام دوست پالیسیوں کو گھرگھرپہنچائیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔اس موقع پر سروڑی نے درجنوں سیاسی کارکنان کاکانگریس میں شمولیت پروالہانہ استقبال کیا۔اُنہوں نے کہاکہ نئے کارکنان کی کانگریس میں آمد خوش آئند ہے اِسے نہ صرف اندروال میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی مزیدمضبوط ہوگی بلکہ حلقہ کی تعمیروترقی وعوامی مسائل کے ازالہ میں یہ سیاسی نوجوانوں کی قوت کارآمدثابت ہوگی۔
 
 

 سیاسی پارٹیوں کی35۔اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی اپیل

ایم ایم پرویز 
 
رام بن //رام بن کی مُختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے پارٹی لائنوں سے ہٹ کر بی جے پی سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دفعہ 35۔اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرے ۔اس سلسلہ میں مقامی لیڈروں نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار کو خبر دار کیا ہے کہ وہ دفعہ 35۔اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش نہ کرے، جس کی رو سے ریاست کے باشندوں کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔ان لیڈروں نے د عویٰ کیا ہے کہ اس دفعہ کو آئین میں صد ارتی حُکم نامہ کے تحت درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ حُکمران مہاراجہ ہری سنگھ نے ایک قانون لاگو کیا تھا جو سٹیٹ سبجیکٹس اور انکے ریاست جموں و کشمیر کے حقوق کو وضع کرتے ہیں،جب ریاست کا بھارت کے ساتھ الحاق ہوا تھا ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 35۔اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے بی جے پی اور آر ایس ایس اسکو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے خبر دار کیا کہ ایسا کرنے سے ریاست کا بھارت کے ساتھ الحاق پر سوال کھڑا ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس کا استعمال اپنے سیاسی فائدے کیلئے کر رہی ہے۔         
 
 

۔32 مویشی بازیاب ،  3 سمگلر گرفتار

ایم ایم پرویز +طاہر ندیم خان

 
بھدرواہ/رام بن //رام بن اور  ڈوڈہ پولیس نے مویشیوں کی سمگلنگ کی ایک او رکوشش ناکام بناتے ہوئے بدھ کے روز 32 مویشیوں کو بازیاب کرکے 3 مویشی سمگلروں کو گرفتار کیا۔پولیس بیان کے مطابق پولیس نے جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر کہو باغ کے نزدیک ایک ناکہ لگایا اور ایک ٹرک زیر نمبر JK02BQ-3117  کو روکا اور ٹرک کی تلاشی کے بعد اس میں سے18 مویشیوں کو بازیاب کیا ،جنھیں غیر قانونی طور سے سرینگر لیجا یا جا رہا تھا۔پولیس نے دو مشتبہ سمگلروں کو بھی گرفتا رکیا جن کی پہچان عبدل رشید ولد عبدل غنی ساکنہ بشناہ اور فاروق احمد ولد عبدل عزیز ساکنہ تالاب تلو جموں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے ٹرک کو بھی ضبط   کیا ہے اور ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 112رام بن پولیس اسٹیشن میں درج کیا ہے۔ادھر ڈوڈہ پولیس نے مویشیوں کو سمگل کی بدعت کا خاتمہ کرنے کے لئے ایک کارروائی کے تحت سمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے 14مویشیوں کو بازیاب کرکے ایک مویشی سمگلر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے پر بدھ کے روز گرفتار کیا ایس ایچ او پولیس اسٹیشن دیسہ انسپکٹر اندر پال سنگھ کی قیادت میںدیسہ کے بھہرم دار علاقہ میں ایک ناکہ لگایا ۔پولیس پارٹی نے زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد اور ایس پی آپریشنز آر پی سنگھ کی نگرانی میں 14مویشیوں کو بازیاب کیا ،جسے وہ اننت ناگ کی جانب لے جا رہا تھا ۔ پولیس نے مبینہ سمگلر کو گرفتارکیا، جسکی پہچان محمد اقبال ولد علی محمد ساکنہ کاستی گڑھ کے بطور کی گئی ہے۔ ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 15/2018 دیسہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ 
 
 

این ایچ ایم ملازمین کئی مہینوں کی تنخواہوں سے محروم 

اے آئی بٹ
 
کشتواڑ//نیشنل ہیلتھ مشن کے ساتھ کام کرہے ضلع کے ملازمین گُذشتہ دو ،تین مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں،جس کی وجہ سے انہیں اپنے گھریلو اخراجات میں کافی پریشانیوں کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ان ملازمین نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے انکے حق میں تنخواہ جات فوری طور واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔این ایچ ایم کے ایک ملازم نے کہا کہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے انہیں تنگدستی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے انکی گھریلو زندگی میں پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ایک اور ملازم نے کہا کہ این ایچ ایم ملازمین محکمہ صحت کے ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن ہماری خدمات کا حُکام نے کبھی بھی اعتراف نہیں کیا ہے۔اس نے کہا کہ تنخواہ واگُذار نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کی فیس ادا نہیں کر سکتے ہیں۔ان ملازمین نے گورنر اور مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے سے انکی تنخواہ واگُذار کرنے کی اپیل کی ہے،تاکہ اُنکے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔
 

عازم حج کی مدینہ میں موت پربنکوٹ میں صف ِماتم 

محمد تسکین 
 
بانہال //گزشتہ روز مدینہ منورہ میں ایک عازم حج کی رحلت کی خبر کے بعد سینکڑوں کی تعداد لوگ تعزیت پرسی کیلئے ان کے آبائی گھر بنکوٹ پہنچ رہے ہیں اور اس خبر سے پورے علاقے میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ شمس الدین وانی محکمہ پی ایچ ای میں بطور سپروائزر چند سال پہلے سبکدوش ہوئے تھے اور ان کی شرافت اور انسان دوستی پر پورے علاقے میں انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی اچانک موت پرزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی ہے۔ ان کی رحلت پر ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، نیشنل کانفرنس لیڈر سجاد شاہین ، سماجی لیڈر حاجی عبدالمجید وانی، دینیع الم و خطیب عبدالاحد مسرور سمیت کئی سیاسی اور سماجی لیڈروں نے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ ان علاقوں کے لوگوں نے ان کی رحلت پر تعزیت کی ہے جہاں انہوں نے اپنا فرض انجام دیا ہے۔ 
 

کھڑی کا امیدوار NET  میں کامیاب 

محمد تسکین
 
 بانہال // ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے علاقے سے تعلق رکھنے و الے ڈاکٹرعبد الحمید بٹ المدنی نے 2018 کے نیشنل ایلجیبلٹی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان کی کامیابی پر علاقے میں لوگ مسرور ہیں۔ ڈاکٹر عبد الحمید بٹ ولد عبدالوہاب بٹ ساکن بْزلہ ، ترگام تحصیل کھڑی نے ابتدائی تعلیم اپنے گاوں بْزلہ ، کھڑی سے حاصل کی بعد میں کلیہ السلفیہ بربرشاہ سرینگر میں درجہ ادنی میں داخلہ لیا اور اس طرح سے انہوں نے اپنی دینی تعلیم کی شروعات کی۔ انہوں نے سنہ 2002 میں کلیہ سلفیہ مومن آباد سرینگر سے مولوی عالم معہ فضیلت کی ڈگری امتیازی نمبرات سے حاصل کی۔ موصوف نے مرکز تعلیم القرآن والسنہ ناچلانہ بانہال میں بحیثیت استاد کام کیا اور ایک سال بعد ہی موصوف سراج العلوم امام شوپیاں میں بحیثیت استاد مقرر ہوئے اوراسی دوران ان کا بی اے کا داخلہ سعودی عرب کی معروف اسلامک یونیورسٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ ہوا اور جہاں وہ اب اب وہ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی طرف سے قومی سطحی امتحان میں کامیابی پر پوری کھڑی کے لوگ خصوصا ًان کے گاوں بْزلہ ، ترنہ کے لوگ مسرور ہیں اور ان کے گھر جاکر انہیں مبارکبادی پیش کی جا رہی ہے۔ جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کے زعما اور کارکنان نے ان کی کامیابی پر انہیں مبارکبادی پیش کی ہے اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے دعائیں کی گئی ہیں۔ 
 

ہیڈ ماسٹر کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ایم ایم پرویز 
 
رام بن // ضلع کے ہیڈ ماسٹر حبیب اللہ شیخ کی سبکدوشی پر انکے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔الوداعی پارٹی میں محکمہ تعلیم کے متعدد افسروں نے شرکت کی اور ہیڈ ماسٹر کی خدمات کو سراہا۔ حبیب اللہ 38سال کی خدمات انجام دینے کے بعد محکمہ تعلیم سے31جولائی کو سبگدوش ہوئے ہیں۔الوداعی پارٹی میں مقررین نے انکی خدمات کی ستائش کی اور انکی ریٹائرمنٹ کے بعد کی خوشحال اور صحت مند زندگی کے لئے دعا کی۔
 
 

کھڑی قصبے میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ

حملوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس ، چلنا پھرنا محال

محمد تسکین 
 
بانہال // تحصیل کھڑی کے آڑپنچلہ میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ کی وجہ سے عام لوگ خوف کا شکار ہوکر پریشان ہیں اور اب تک کئی افراد کتوں کے حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبہ کھڑی میں آوارہ کتوں کی نقل وحرکت کی وجہ سے عام لوگوں خصوصا ًسکولی بچوں کا چلنا پھرنا دو بھر ہوگیا ہے اور صبح شام لوگوں کو قصبہ اور اس کے اس پاس میں چلنا پھرنا محال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز نماز فجر کی آدائیگی کے بعد سابقہ صدر ٹریڈرس فیڈریشن کھڑی حاجی محمد یاسین جیسے ہی مسجد سے باہر آئے تو بیس کے قریب کتوں کے ایک جھنڈ نے اْن پر حملہ کیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں محمد یاسین کو بانہال ہسپتال سے سرینگر کے ہسپتال مزید علاج ومعالجہ کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ کھڑی میں ایک سو کے قریب آوارہ کتوں کی موجودگی سینکڑوں مقامی لوگوں اور سکول جانے والے بچوں اور خواتین کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں اور ماضی میں ہوئے کْتوں کے کئی حملوں کی وجہ سے عام لوگوں میں کْتوں کا خوف اور ڈر پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ کے نزدیک فورسز اور تعمیراتی کمپنیوں کے میسوں سے بچے ہوئے کھانے اور روٹیوں کی وجہ سے پورے علاقے کے کْتے قصبہ کھڑی میں جمع رہتے ہیں اور آنے جانے والوں پر ان کی غراہٹ اور بھونکنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کھڑی اور آڑپنچلہ کے مقامی لوگوں کا ایک وفد تحصیلدار کھڑی تابش سلیم سے ملاقائی ہوا اور کْتوں کی وجہ سے مقامی آبادی کو درپیش مسائل اور قصبے میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے انہیں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیلدار کھڑی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ چند روز کے اندر اندر اس معاملے کا مکمل حل نکالنے کیلئے ضروری کارروائی کرینگے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اوارہ کْتوں کی بڑھتی آبادی اور انکی طرف سے علاقے میں مچائی گئی ہڑبونگ پر فوری قابو نہ پایا گیا تو لوگ احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوں گے۔ 
 
 

بھدرواہ میں این سی سی کیمپ کا افتتاح

طاہر ندیم خان 
 
بھدرواہ //پی جی کالج بھدرواہ میں وادی چناب کے ڈوڈہ،کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے این سی سی کیڈٹوں کا سالانہ تربیتی کیمپ کابُدھ کے روز افتتاح کیا گیا ۔ 10 ۔روزہ کیمپ میں تین اضلاع کے25سکولوں اور کالجوں کے400کیڈٹ شرکت کر رہے ہیں۔کیمپ کا افتتاح کیمپ کمانڈنٹ لیفٹننٹ کرنل رجنیش پرتاپ نے کیا۔باقاعدہ تربیت کے علاوہ کیڈٹوں کو مختلف سماجی خدمات جیسے کہ سوچھ بھارت ابھیان میں شرکت کرنے اور دیہی علاقوں میں بیداری پروگرام منعقد کرنے میں بھی شرکت کریں گے۔کیڈٹوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ مختلف مدعوں پر لیکچروں کے علاوہ متعدد ریلیاںدس روزہ تربیتی کورس کے دوران منعقد کی جا ئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جہیز مخالف، دختر کشی، ٹریفک ،یوگا وغیرہ پر گیسٹ لیکچر بھی کیمپ کا حصہ ہیں۔ڈاکٹر جاوید نے کہا کہ ہم اے ڈی جی این سی سی ،جے  اینڈ کے ڈائریکٹوریٹ میجر جنرل نالیندر کمارکا بھدرواہ میں یہ کمیپ منعقد کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بار بار درخواستوں کے بعد بھی محکمہ پی ایچ ای انہیں پینے کے پانی کا کنکشن فراہم نہیں کر رہا ہے۔افتتاحی روز کے موقعہ پر ایس ڈی ایچ بھدرواہ کی خاتوں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی ٹیم نے کیڈٹوں کا طبی معائینہ کیا ۔