راجوری میں 57مویشی بازیاب کرانے کا دعویٰ
راجوری //راجوری پولیس نے کوٹرنکہ ، تھنہ منڈی اور حبی علاقوں میں ناکے لگاکر سمگل کئے جارہے 57مویشیوں کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس تھانہ کنڈی کی ٹیم نے کنڈی کے مقام پر ایک ناکہ لگارکھاتھا جس دوران مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مویشی سمگلر محمد تاج ولد رحمن علی ساکن کنڈی کو گرفتار کرلیاگیا ۔اس کی تحویل سے چودہ مویشی بازیاب ہوئے ہیں ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ کنڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر 100/2018زیر دفعہ 188آر پی سی ایکٹ کا کیس درج کیاگیاہے ۔دریں اثناء اسی تھانے کی ایک پولیس ٹیم نے کنڈی گلی کے مقام سے چوبیس مویشیوں کو بازیاب کراتے ہوئے محمد اقبال ولد محمد شفیع ساکن کھوڑ بنی خواس کو گرفتار کرلیا ۔اس حوالے سے ایف آئی آر زیر نمبر101/2018زیر دفعہ 188کا کیس درج ہواہے ۔اسی طرح سے تھنہ منڈی پولیس نے ایس ایچ او نذیر احمد ڈار کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ناکہ لگاکر زیر نمبرات JK22-3646اورJK11B-4398گاڑیوں جنہیں لعل حسین ساکن شوپیان اورنظارت حسین ولد زبیر شاہ چلارہے تھے ،کی تلاشی لی جس کے اندر سے پندرہ مویشی برآمد ہوئے ۔وہیں حبی علاقے میں پولیس ٹیم نے ولی محمد ولد عبدالعزیز ساکن ڈھکی کوٹ کو گرفتار کرتے ہوئے چار مویشیوںکو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔
پونچھ انتظامیہ کی کمپلیکس میں صفائی مہم
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ کی طرف سے ڈی سی کمپلیکس میں صفائی مہم چلائی گئی ۔اس مہم میں ڈپٹی کمشنر راہل یادو سمیت کئی افسران نے حصہ لیا ۔اس موقعہ پر کمپلیکس کے آس پاس کے علاقے کی صفائی کی گئی ۔ موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ہر ایک محکمہ صفائی مہم چلائے اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرارکھاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام افسران سوچھتا سرویکشن ایپ ڈائون لوڈ کرکے اپنے رد عمل کا اظہار کریں اور لوگوں سے بھی اس کیلئے اپیل کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ متحرک کرکے ان کی صفائی ستھرائی کے بارے میں رائے لی جائے ۔موصوف نے کہاکہ اس طرح صفائی مہم ہر ایک علاقے میں چلائی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی انسان کی صحت کیلئے انتہائی ضروری ہے جس سے دوری اختیارنہیں کی جاسکتی ۔
نوشہرہ میں فوج کے زیر اہتمام شجرکاری مہم
نوشہرہ //فوج کی طرف سے نوشہرہ کے ہائی سکول گگروٹ میں شجرکاری مہم چلائی گئی ۔ اس مہم کا مقصد طلباء کو شجرکاری کے بارے میں بیدار کرنااور ماحولیات کو برقرار رکھنے کیلئے ان میں بیداری لاناتھا۔اس دوران سکول کے اندر اور آس پاس میں شجرکاری کی گئی جس میں طلباء نے بھی حصہ لیا ۔ طلباء کو شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایاگیا اور ان کو تلقین کی گئی کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف وستھرارکھنے کیلئے پیڑ پودے اگائیں ۔
درخت گرنے سے کالاکوٹ سڑک گھنٹوں بند رہی
کالاکوٹ//شدید بارشوں کے دوران درخت گرآنے کی وجہ سے کالاکوٹ راجوری سڑک لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی ۔حکام کے مطابق کیسر گالاکے مقام پر درخت سڑک پر گرآئے جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمدروفت کا سلسلہ بند ہوگیا۔ اس صورتحال کی وجہ سے طلباء اور ملازمین و عام لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔ تاہم ڈیڑھ گھنٹے کے بعد گریف حکام اور پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچی جس نے سڑک پر درختوں کو ہٹاکر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی ۔
ہائرسیکنڈری تھنہ منڈی کے طلباء کووردیاں فراہم
طارق شال
تھنہ منڈی //گورنمنٹ گرلز ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی کے ساٹھ طلباء میں 120وردیاں تقسیم کی گئیں ۔ منگل کے روز سکول کے پرنسپل منظور احمد گنائی نے تین ممبری کمیٹی تشکیل دی جس میں ڈاکٹر محمد آصف جیلانی ، سہیل احمد ملک اور فیزیکل ماسٹر سلیم نوشاد رینہ کو شامل کیاگیا جنہوں نے پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی 44لڑکیوں اور 16لڑکوں میں مفت وردیاں تقسیم کیں ۔ یہ وردیاں محکمہ تعلیم کی طرف سے فراہم کی گئی ہیں ۔ سکول کے پرنسپل نے کہاکہ محکمہ کی طرف سے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو مفت وردیاں دی جاتی ہیں اور کتابیں اور کھانا بھی فراہم کیاجاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سرکاری سکولوں کا نجی تعلیمی اداروں سے موازنہ کیاجائے تو سرکاری سکول تعلیمی میدان میں نمایاں رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخلہ دلوائیں ۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ مزید محنت سے تعلیم دیں تاکہ اس سال اچھے سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔
نیشنل پبلک سکول
درابہ میں تقریب منعقد
سرنکوٹ //نہرو یواکیندرا پونچھ کی جانب سے نیشنل پبلک ہائی سکول درابہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے تھے ۔ اس پروگرام میں ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر ، بلاک میڈیکل افسر سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار چوہدری ،کنول کمار شرما، محمد شفیق ، طارق بٹ و بڑی تعداد میں طلباء نے بھی شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں شمیم بانڈے نے تعلیم کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور سماجی تربیت کو بھی یقینی بنایاجاناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس سے بڑی سے بڑی جنگ فتح کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر انسان ایک معذورہے اس لئے تعلیم کو فوقیت دی جائے ۔ ایس ایچ او سرنکوٹ نے کہاکہ بنیادی تعلیم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں بچوں کی تربیت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیاکہ وہ سماجی برائیوں سے دور رہیں اور دوسروںکو بھی دور رہنے کی تلقین کریں ۔ آخر میں پرنسپل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
’وطن سب سے پہلے‘مصوری کا مقابلہ کا اہتمام
راجوری //یوم آزادی کی مناسبت سے یوتھ سنٹر پلمہ راجوری میں فوج کی طرف سے ’وطن سب سے پہلے ‘کے موضوع پر طلباء میں مصوری کا مقابلہ کروایاگیا ۔اس مقابلہ کا مقصد طلباء میں وطن پرستی کا جذبہ پیدا کرناتھا۔اس پروگرام میں گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول ،آزاد پبلک سکول اور نواز ہائراسکینڈری سکول کے بڑی تعداد میں طلباء نے حصہ لیا ۔طلبا نے موضوع کے مطابق مصوری کے ذریعہ اپنے فن کا مظاہرہ کیااور وطن پرستی کا ثبوت پیش کیا۔پروگرام میں سکولوں کے اساتذہ ومقامی معززین بھی شریک تھے ۔اس دوران بہترین کارکردگی پیش کرنے والے طلباء کو یوم آزادی کے موقعہ پر انعامات سے نوازاجائے گا۔
کیندریاودیالیہ پرنسپل
حرکت قلب بند ہونے سے فوت
سمت بھارگو
راجوری //کیندریاودیالیہ راجوری کے پرنسپل کی اچانک موت واقع ہوگئی ہے ۔بتایاجارہاہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ وفات پاگئیں ۔پرنسپل اے ایس مینا نے سینے میں درد ہونے کی شکایت کی جس پر انہیں بی ایس ایف میڈیل سنٹر لیجایاگیاجہاں سے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا تاہم وہ دم توڑ بیٹھیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق موت کی وجہ حرکت قلب بند ہوجاناہے ۔کیندریا ودیالیہ راجوری کا ایک معروف سکول ہے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں طلاب زیر تعلیم ہیں ۔
مدرسے کے طلباء کیلئے طبی کیمپ کا اہتمام
راجوری //محکمہ صحت کے بلاک کنڈی کی طرف سے مدرسہ عزیزیہ رضویہ زیار ت نگروٹہ میں طبی کیمپ کا اہتمام کیاگیا۔اس دوران ڈاکٹر فاروق احمد تانترے ، ڈاکٹر انظر ، ڈاکٹر غلام نے بلاک میڈیکل افسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک کی قیادت میں مریضوں کا معائنہ کیا اور ان میں ادویات تقسیم کیں ۔ کیمپ کے دوران ساٹھ طلباکا معائنہ کیاگیا اوران کو دوائیاں فراہم کی گئیں ۔ڈاکٹروں نے طلباء کوصحت کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں ۔اس موقعہ پر مدرسے کے طلباء نے بلاک میڈیکل افسر کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا اور صفائی ستھرائی کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔بی ایم او نے منشیات کے خلاف جدوجہد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس ناسور کا خاتمہ کیاجائے ۔
فنکشنل منیجر کے اعزاز میں الوداعیہ
راجوری /ضلع انڈسٹری سنٹر راجوری نے تبدیل ہوئے فنکشنل منیجر یاسر عرفات کے اعزازمیں الوداعی تقریب منعقد کی ۔موصوف نے اس عہدے پر ڈھائی سال تک خدمات انجام دی ہیں ۔الوداعی تقریب میں ضلع انفارمیشن افسر محمد شفاعت ، فنکشنل منیجر خلیل الرحمن ، پروجیکٹ منیجر عبدالجبار ، انڈسٹریل پرموشن افسر ساجد حسین و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔تمام افسران نے یاسر عرفات کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور انہوں نے بہت اچھے سے کام چلایا۔یاسر عرفات 2012بیچ کے اے ایس افسر ہیں جو اس سے قبل اے آرٹی او لیہہ اور لکھنپور بھی رہ چکے ہیں ۔
ضلع صدر پٹوار ایسو سی ایشن کو صدمہ
مینڈھر//پٹوار ایسو سی ایشن پونچھ کے ضلع صدر افتخار خان جنجوعہ کے والد نسبتی محمد ایوب خان کاکل انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 56برس تھی اورکافی عرصہ سے علیل تھے۔ان کو آبا ئی قبرستان پٹھانہ تیر مینڈھر میں سپرد خاک کیاگیا۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔پٹوار ایسو سی ایشن پونچھ کے عہدیداران نے افتخار احمد خان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحو م کے ایصال ثواب کے لئے دعا مغفرت کی ہے۔ پٹوار ایسو سی ایشن ضلع صدر راجوری افتخار مرزا نے بھی افتخار احمد خان جنجوعہ عرف طارق خان کے والد نسبتی کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیاہے۔
اعجاز اسد نے یاترا نتظامات کاجائزہ لیا
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے سترہ اگست سے شروع ہورہی سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ موصوف نے یاترا گرائونڈ کا دورہ کرکے خود انتظامات کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ دیگر افسران بھی تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں کسی طرح کی مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے ۔انہوں نے کہاکہ یاترا کو بحسن خوبی انجام دیاجائے ۔ اسی طرح سے اے ڈی سی سندر بنی نے بھی اے ایل جی سندر بنی میں یاترا نتظامات کاجائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے موقعہ پر ہدایات جاری کیں اور کہاکہ مقامی کمیٹی کے تعاون سے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔
پانی کے تحفظ پر
توسیعی لیکچر کا انعقاد
پونچھ//پانی کے تحفظ پر جانکاری فراہم کرنے کی غرض سے فوج نے یاسین انگلش سکول لورن پونچھ میں ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا ۔یہ توسیعی لیکچر ’پانی کاتحفظ‘کے موضوع پر تھا۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں طلباء و نوجوانوں نے حصہ لیا ۔ توسیعی خطبے کے دوران انہیں بتایاگیاکہ وہ کس طرح سے پانی کا تحفظ کرسکتے ہیں ۔ اس موقعہ پر بتایاگیاکہ پانی کی قلت کا مسئلہ دنیا بھر میں درپیش ہے اور یہ سب کچھ ماحولیاتی توازن بگڑ جانے کی وجہ سے ہواہے ۔مقامی لوگوں کو ان اقدامات کے بارے میں بتایاگیاجن کے ذریعہ پانی کا تحفظ ممکن بنایاجاسکتاہے ۔ اس دوران بچوں کو بھی پانی کے تحفظ کے طریقہ کار کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ ان پر زور دیاگیاکہ بارش کے پانی کو محفوظ کیاجائے ۔مقامی لوگوں نے فوج کی طرف سے کی گئی اس کوشش کی سراہنا کی اور کہاکہ اس طرح کے سماجی معاملات پر بیداری فراہم کرنا اہمیت کا حامل ہے۔
پانی کے بحران پر جواہر نگر میں احتجاج
راجوری //پانی کی عدم دستیابی پر راجوری کے جواہر نگر اپر کے لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیا جس دوران مین سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔یہ احتجاجی دھرنا شیو مندر کے نزدیک دیاگیا۔ مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ علاقے میں پچھلے کئی دنوں سے پانی کا بحران پایاجارہاہے لیکن حکام کی طرف سے صرف جھوٹی یقین دہانیاں مل رہی ہیں اور عملی سطح پر کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔لگ بھگ آدھے گھنٹے کے بعد ایس ایچ او راجوری طاہر خان موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو پانی کی سپلائی بحال کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کروایا ۔