مزید خبرں

بچے قوم کا مستقبل،مناسب تعلیم ورہبری لازمی

ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کواہم تجاویزپیش

سرینگر//نجی اسکولوں کی انجمن نے انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ تعلیمی شعبے کو بلندیوں پر لیجانے کیلئے وہ ہرقسم کا تعاون دیں گے اوربچوں کیلئے ڈجٹل طریقے سے سیکھنے کے تدریسی عمل کو تعلیم دینے کا کامیاب طریقہ بنائیں گے۔ایک بیان میں نجی اسکولوں کی انجمن نے اس حقیقت کو دہرایا کہ نجی اسکول تعلیم کے شعبے میں متعلقین کا سب سے بڑاطبقہ ہے۔انجمن کے ترجمان نے اسکولی تعلیم کے محکمہ کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ جموں کشمیرکے بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے معاملے میں سرکاری اور نجی اسکول ایک ہی صف میں ہیں،اورانجمن تمام قواعدوضوابط کی پاسداری کرے گی۔نجی اسکولوں کی انجمن کا ماننا ہے کہ بچے ملک کا مستقبل ہیںاوران کی مناسب تعلیم اور رہبری سے ہی ایک مہذب سماج وجودمیں آئے گا۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو ایک تجاویزپر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے،جس میں آن لائن تعلیم کے دوران سکرین  دورانیہ ودیگرکے بارے میں معروف ماہرین تعلیم،بچوں کی نفسیات کے ماہراورذہنی صحت کے ماہرین کی سفارشات کوبیان کیا گیا ہے ۔انجمن نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ان کی تجاویز پرغور کرے گی اورایک واضح پالیسی لیکر سامنے آئے گی تاکہ ڈجٹل طور درس وتدریس کے عمل کو زیادہ مفیداورآسان بنایاجائے۔ 
 

بڈگام میں کووِڈ19-صورتحال بہتر:ڈپٹی کمشنر 

بڈگام// بڈگام  ضلع بھر میں کووِڈ۔19 صورتحال میںبہت زیادہ بہتری آئی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دینے کے دوران کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یکم اپریل سے ضلع بڈگام میں کووِڈ ۔19 کے 14,187 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور ان میں سے 13,584 مریض آج تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ضلع بھر میں صرف 640 مثبت معاملات سرگرم ہیں ۔مثبت معاملات کی شرح میں بھی اِنتہائی کمی آچکی ہے اور اب یہ 2فیصد سے بھی کم ہے ۔
 
 

غلام حسن میر اور قیوم وانی نے معقول معاوضہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا

سرینگر// اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے منگل کو رمبیل پورہ کنزر میں 24بھیڑوں کی ہلاکت کو بد قسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف سے گذارش کی کہ وہ اس سلسلے میں ایک ٹیم روانہ کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لے۔ ایک بیان میں میر نے کہا کہ اس واقع سے مقامی لوگوں میں خوف ہے ۔انہوں نے وائلڈ لائف محکمہ پرزور دیا کہ اس سلسلے میںایک جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات کے نزدیک آوارہ کتوں کو پھینکنے اورسامان ڈالنے کی وجہ سے اِس طرح کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور جنگلی جانورانسانی بستیوں میں گھوم رہے ہیں۔ انہوںنے مانگ کی کہ اِس حادثے میں جن افراد کا نقصان ہواہے،اُن کو معقول معاوضہ دیاجائے۔ادھرجموں وکشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبد القیوم وانی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وانی نے کہا کہ رمبیل پورہ کنزرمیں منگل کودو درجن سے زیادہ بھیڑیںہلاک ہونے سے ایک غریب کنبے کے نانِ شبینہ کا وسیلہ چھن گیا ۔ اس غریب آدمی کی واحد آمدنی کا یہی ایک ذریعہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے انسانی بستیوں میں اب رہائش گاہوں اور احاطوں میں کھیلتے بچوں یا پھر مویشیوں پرحملہ کرکے نقصان پہنچارہے ہیں۔ وانی کا کہنا تھا کہ واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اوراس سنگین مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بحران سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کووضع کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ایک ریسرچ پر مبنی روکتھام سے متعلق مشاورتی پالیسی وضع کی جانی چاہئے اور متاثرین کے لئے بحالی کی پالیسی پر عمل  ہونا چاہئے۔
 
 

اننت ناگ میںشہری 55کلوخشخاش پوست سمیت گرفتار

سرینگر// پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران اننت ناگ میںایک شہری کو گرفتارکر لیا ہے۔ بجبہاڑہ تھانہ کی پولیس پارٹی نے واگہامہ بجہاڑہ کراسنگ کے نزدیک ایک گاڑی زیرنمبر JK03C-8799 کی تلاشی کے دوران 55 کلوگرام خشخاش پوست کا بھوسہ برآمدکیا۔ اس سلسلے میںگاڑی کے ڈرائیور غلام محمد داس ساکن واگہامہ کو گرفتار کیا گیا ۔ اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 185/2021 درج کیا گیا اورمزید تفتیش شروع کردی گئی۔
 

سونہ مرگ weighbridge پر سی سی ٹی وی نصب کرنے کا مطالبہ

غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے وزن کرنے کیلئے قائم پل (weighbridge)پر سی سی ٹی وی نصب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ لداخ اور کرگل شاہراہ پر چلنے والے ڈرائیوروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے سونہ مرگ میں ایک وے برج قائم کیا ہے جہاں مال بردار گاڑیوں کا وزن کرکے انہیں آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ ان ڈرائیوروں نے ٹرانسپورٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ برج پر سی سی ٹی وی نصب کئے جائیں اور وے برج کو آن لائن کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ ان سے وزن میں معمولی اضافہ کیلئے 22000ہزار روپے کا جرمانہ لیا جاتا ہے جو لداخ شاہراہ پر چلنے والے ڈرائیوروں کے لئے کسی مصیبت سے کم نہیں ۔
 

چیری پارک نگین میں صفائی مہم کا اہتمام 

سرینگر//محکمہ سیاحت کشمیر نے نگین کی چیری پارک میں صفائی مہم کا انعقاد کیا۔ اِس مہم کو محکمہ سیاحت کے عملے نے ناظم سیاحت کشمیر کی ہدایت پر کیا جس میں سیاحتی شعبے سے وابستہ دیگر شراکت داروں نے بھی شرکت کی۔یہ مہم محکمہ کی جانب سے چلائی گئی تھی جس کامقصد سیاحتی مقامات پر نازک ماحولیات کو محفوظ رکھنا اور اس جگہ آس پاس کے ماحول کو برقرار رکھنا ہے۔
 

بوہری باغ کھنموہ بنیادی سہولیات سے محروم

سرینگر// بوہری باغ کھنموہ سرینگرمیںپینے کے پانی کی عدم دستیابی اور سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔اس سلسلے میں بستی کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انہیں ٹیوب ویل کا پانی استعمال کرنا پڑتاہے۔وفد کے مطابق سڑک کی حالت خستہ ہے بلکہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے۔ وفد غلام رسول ، ریاض احمد ، عبدالرشیداور شفاعت احمد پر مشتمل تھا۔انہوںنے جل شکتی اور آر اینڈ بی محکموںکے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میںمداخلت کی اپیل کی۔وفد نے علاقے کیلئے ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
 

اننت ناگ کیلئے اپنی پارٹی کے عہدیداروں کی تقرری 

سرینگر// اپنی پارٹی نے منگل کو سابق احکامات میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے طارق شاہ کو پارٹی ضلع کمیٹی کا سیکریٹری تعینات کیا اور اُنہیں یوتھ ضلع سیکریٹری اننت ناگ کی ذمہ داری سے راحت دی گئی ہے۔ اسی طرح راجہ شوکت احمد کو ضلع سیکریٹری یوتھ ونگ اپنی پارٹی اننت ناگ تعینات کیاگیاہے۔ یہ تقرریاں پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں۔
 

خانقاہ ایشان زینہ کدل میں جمعہ کوخصوصی مجلس

سرینگر//حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کاعرس مبارک جمعتہ المبارک کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اِس سلسلے میںخانقاہِ ایشان زینہ کدل میں 25جون بمطابق 14ذی القدہ ایک تقریب کا انعقاد ہوگا۔ نمازِ جمعہ سے قبل مولوی ریاض احمد ہمدانی خطاب کریںگے۔کورونا کے پیش نظر امسال تبرکات کی نشاندہی نہیں کی جائے گی۔ عرس کے ایام متبرکہ جاری ہیں اور ہر دن نمازِ مغرب سے عشاء تک ختمات المعظمات، دورد و اذکار اور اوراد خوانی کی مجلس جاری ہے۔ 
 

حکیم یاسین کی سید صالح ؒ کے عرس پر لوگوں کو مبارکباد

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین صوفی بزرگ سید صالحؒ خانصاحب کے سالانہ عرس پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔  یہ عرس نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تقریب پر کوورونا ایس او پیز کومدنظر رکھ کر درودواذکارکا اہتمام کریںاور شب خوانی کے دوران اس عالمی وبا کے فوری خاتمے اور ریاست میں امن و خوشحالی کی بحالی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ حکیم یاسین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ایام عرس کے دوران علاقے میں بغیر خلل بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی اور صفائی ستھرائی یقینی بنائیں۔
 

 ڈاکٹر فاروق کاآغا سید یوسف کو یوم وصال پر خراج عقیدت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انجمن شرعی شیعان کے بانی آغا سید یوسف الصفوی کے 39ویں یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ملت اسلامیہ کی تبلیغ میں پوری عمر گزاری ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر، علی محمد ڈار، تنویر صادق، ایڈوکیٹ شوکت میر، منظور احمد وانی، عبدالاحد ڈار، ڈاکٹر محمد شفیع، سیف الدین بٹ، پروفسیر عبدالمجید متواور غلام نبی بٹ نے بھی مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیا ۔
 

گوروہرگوبند جی کے یوم پیدائش پر انتظامات کی اپیل

سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر اور اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ گورو ہرگوبند جی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں جوںوکشمیر کے گوروداروں اور سکھ آبادی والے علاقوں میں تمام سہولیات ، جن میں بجلی، پینے کا صاف پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ شامل ہے، میسر رکھے جائیں۔
 

عوامی مجلس عمل کا دیدہ مری کے انتقال پر اظہار تعزیت

سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے بزرگ رہنما اور زونل صدر محمد سعید دیدہ مری کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔تنظیم نے مرحوم دیدہ مری کی تنظیمی سرگرمیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے تنظیم کے قیام کے دوران 1964میں ایک سرگرم اور جانباز کارکن کی حیثیت سے تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اورسربراہ تنظیم مولوی محمد عمر فاروق کی قیادت میں تادم آخر تنظیمی اور تحریکی پروگراموں کو پورے جوش اور قوت کے ساتھ آگے بڑھانے میں اپنا بھر پور رول ادا کیا۔تنظیم نے موصوف کی وفات کو ایک بڑا سانحہ اور تنظیمی صفوں میں ایک خلا قرار دیا۔ بیان میں مرحوم کی بے لوث سیاسی خدمات کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم دیدہ مری تنظیم کے ساتھ گہری وابستگی رکھنے کے علاوہ میرواعظ خاندان کے ساتھ بھی زبردست عقیدت و محبت رکھتے تھے جسے مرحوم نے پوری زندگی خلوص کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی ۔سربراہ تنظیم میرواعظ محمد عمر فارو ق اور قیادت کی جانب سے مرحوم کی خدمات کو شاندار خراج عقیدت اور مرحوم کے فرزند مظفر احمد دیدہ مری کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔