راجوری میں نوجوان کے قتل کا معاملہ
۔3افراد گرفتار ،کئی مشتبہ افرد کو حراست میں بھی لیا گیا
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں مبینہ گائو رکشکوں کی جانب سے نوجوان کے قتل کے سلسلہ میں جموں وکشمیر پولیس نے 3افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے کئی مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقہ کے نوجوان کو مراد پور میں قتل کئے جانے کے بعد پولیس کی پارٹیاں تشکیل دی گئی تھی تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی منتخب پارٹیوں نے مختلف علا قوں میں چھاپوں کے دوران 3ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے جبکہ اس دوران کئی دیگر افراد کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مختلف علا قوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گزشتہ روز بھی کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے ۔غور طلب ہے کہ تھنہ منڈی کا 20سالہ نوجوان اعجاز ڈار ولد محمد افضل کو بھینس لے جاتے ہوئے مراد پور علا قہ میں مبینہ طورپر کچھ گائو رکشکوں نے قتل کر دیا تھا ۔قتل کے بعد ضلع راجوری کے کئی مقامات پر احتجاج بھی ہوئے ہیں ۔
قاتلوں پر پی ایس اے عائد کرنے کا مطالبہ
پریز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ کی سیول سوسائٹی نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مراد پور قتل واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر کے جیل میں بند کیا جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں سیول سوسائٹی منجا کوٹ کے اراکین نے ا س واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ راجوری ضلع میں اس نوعیت کے معاملات کا پیش آنا تشویش ناک ہے جبکہ ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مذکورہ معاملہ میں سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اس طرح کے اقدامات نہ اٹھا سکے ۔معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس قتل معاملہ میں ملوث ا فراد کو جلداز جلد پی ایس اے عائد کیا جائے تاکہ اہل خانہ کو انصاف مل سکے ۔
انتظامیہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام :ندیم
جاوید اقبال
مینڈھر //پی ڈی پی لیڈر ندیم رفیق خان نے کہاکہ جموں وکشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کیساتھ ساتھ مینڈھر سب ڈویژن میں مکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ اس وقت سب ڈویژن کے کئی دیہات میں لوگ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ،سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے شدید پریشان ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں مینڈھر کے مختلف علا قوں سے لوگوں کی مسلسل شکایت موصول ہو رہی ہیں تاہم اس سلسلہ میں مقامی انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ واٹر سپلائی سکیموں کے سلسلہ میں نصب کردہ پاپئیں اب خستہ ہوگئی ہیں تاہم ان کی تبدیلی کیلئے بھی پلان مرتب نہیں کیا گیا ہے ۔موصوف نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میںخستہ حال سڑکوں ،واٹر سپلائی سکیموں کیساتھ ساتھ بجلی کے نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
ڈی ڈی سی ممبر نے پانی کی سکیموں کا جائزہ لیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں ضلع ترقیاتی کونسل رکن سیری سنگیتا شرما نے سیری بلاک کے مختلف علا قوں میں چل رہی واٹر سپلائی سکیموں کا تفصیلی معائینہ کیا ۔اس دوران موصوفہ نے محکمہ کے آفیسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے تمام واٹر سپلائی سکیموں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت جاری کیں کہ گرمی کے موسم میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کیا جائے ۔اس دوران موصوفہ نے دبڑ ،گگروٹ ،پوٹھہ ،سیال ،بیری پتن ودیگر علاقوں میں چل رہی واٹر سپلائی سکیموں کا معائینہ کیا ۔