مزید خبرں

 بانڈی پورہ کے چھانہ دجی بہک کا محاصرہ

عازم جان
 
سرینگر//جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعدفوج نے بانڈی پورہ کے چھانہ دجی بہک کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کی،اس دوران وہاں گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق 27آرآرنے چھانہ دجی کے دنابہک میںجنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعداس کا محاصرہ کیااورتلاشی کارروائی شروع کی ۔اس دوران وہاں گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔چھانہ دجی کے دوسرے بہکوں کوبھی فورسزنے محاصرے میں لے لیاہے۔فوج کوشبہ ہے کہ ان بہکوں میں جنگجودراندازی کرکے چھپے بیٹھے ہیںاورانہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے جنگلات کاآپریشن شروع کیا گیا۔چھانہ دجی کے جنگلوں کاسلسلہ  بگتورگریزکے سرحدکے ساتھ ملا ہوا ہے۔آخری خبریں ملنے تک تلاشی کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 

ائر پورٹ اتھارٹی میںملازمت فراہم کرنے کے نام پر لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی 

کرائم برانچ نے قصورواروں کے خلاف معاملہ درج کرکے کارروائی شروع کی

سرینگر//کرائم برانچ کشمیر کو سائبر کرائم سیل کشمیر کی طرف سے یہ جانکاری ملی کہ وادی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی کہ ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا میں ملازمت فراہم کرنے کے نام پر اُن سے دھوکہ دہی کی گئی اوراُنہیں سٹیٹ بنک آف انڈیا دہلی کی مختلف شاخوں میں رقومات جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔تاہم رقومات جمع کرنے کے بعد انہیں نہ ہی ملازمت فراہم کی گئی اورنہ ہی رقومات واپس کی گئیں۔اس طرح اُن سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کی گئی ۔سادہ لوح تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمت کا جھانسہ دینے کے لئے آن لائین کنسلٹنسی اورجاب ویب سائٹ کے علاوہ اشتہارات کا بھی استعمال کیا جاتا رہاہے۔چنانچہ اس سلسلے میں کرائم برانچ نے قصورواروں کے خلاف ایف آئی آر 36/2018،آر پی سی 420کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
 

سکوٹی پلٹنے سے 50سالہ شہری ہلاک

چرارشریف میں صف ماتم 

سری نگر // چرار شریف میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں 50سالہ شہری اس وقت ہلاک ہوا جب وہ اسکوٹی پر سوار ہو کر گھر کی طرف جا رہا تھا ۔  علمدار بستی چرارشریف سے تعلق رکھنے والے پچاس سالہ شہری عبدالرحیم نجار سوموار صبح اپنی اسکوٹی پر سوار ہو کر گھر کی طرف جا رہا تھا جس کے دوران مذکورہ شہری کی اسکوٹی سڑک کے بیچوں بیچ پلٹ گئی ،جس کے نتیجے میں عبدلرحیم شدید زخمی ہوا ۔معلوم ہوا ہے اگر چہ عبدالرحیم کومقامی لوگوں نے سب ضلع اسپتال چرار شریف پہنچایا ،جہا ں سے ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی علاج معالجے کے بعد سرینگر منتقل کیا ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڈبیٹھا۔ 
 

کرناہ سڑک حادثہ

چیر کوٹ کے کنبہ کا ایک اورزخمی فوت ،علاقہ میں پھر صف ماتم 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//  عید کے روز کرناہ کپوارہ میں سڑک کے ایک دلدوزحادثے میں زخمی ایک اورشخص اسپتال میں فوت  ہوگیااور اس طرح اس حادثے میں ایک ہی کنبے کے مرنیوالے افراد کی تعداد4ہوگئی۔عید کی شام دیرگئے رامحال ویلگام کے چیر کو ٹ علاقہ سے تعلق رکھنے والے بلال احمد ملک اپنے والدین اور  اہل خانہ کے ہمراہ کرناہ گئے اور ٹنگڈار پہنچتے ہی بلال کی آلٹو گاڑی جس کو ان کا بھائی چلارہا تھا، ایک سو مو گاڑی سے ٹکرا گئی۔ بلال احمد اور اس کا کمسن بچہ شہزاد بلال موقع پر ہی ہلاک  ہوگئے جبکہ گھر کے مزید 5افراد زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور صورہ میڈیکل انسٹچوٹ منتقل کیا گیااور عید کے دوسرے روز بلال کی ہمشیرہ مریم عرف ثمرن زخمو ں کی تاب نالاکر دم تو ڑ بیٹھی ۔چیر کو ٹ کے لوگ ابھی بلال اور اس کے لخت جگر شہزاد کی تدفین کر رہے تھے تو اس دوران مریم کی لاش بھی گھر پہنچ گئی اور ایک ہی رو ز میں ایک ہی کنبہ کے تین افراد کو سپرد خاک کیا گیا ۔چیر کو ٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ابھی اس دلدوز حادثہ میں مرنے والو ں کی یاد میں صف ماتم تھی اور لوگو ں کا تانتا بندھا تھا لیکن پیر کی علی الصبح کو چیر کو ٹ علاقہ میں پھر سے کہرام مچ گیا جب یہ خبر پہنچ گئی صورہ میڈیکل انسٹچوٹ میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا بلال کا بھائی تنویر احمد ملک بھی زندگی کا جنگ ہا ر گیا ۔تنویر کی لاش کو جب اس کے آ بائی گائو ں چیر کو ٹ پہنچائی گئی تو وہا ں کہرام مچ گیا اور رقعت آ میز منا ظر دیکھنے کو ملے اور پورا علاقہ پھر سوگ میں ڈوب گیا ۔ایک ہی کنبے کے چوتھے فرد کی موت پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیمو ں کے علاوہ تحریک استقامت کے چیر مین غلام نبی وار ،پیپلز کا نفرنس کے سجاد غنی لون ،نیشنل کا نفرنس کے چودھری محمد رمضان ،پیپلز ڈیمو کریٹک کے یوتھ لیڈر صوفی عرفان نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لو احقین سے اظہار ہمدردی کیا ۔
 

جے کے وومن ایمپاور منٹ سوسائٹی کی گورننگ باڈی سر نو تشکیل 

سری نگر//جنرل ایڈ منسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریاست میں خواتین کے مختلف فلاحی پروگراموں اور سکیموں کی عمل آوری کے لئے جموں وکشمیر وومن امپاورمنٹ سوسائٹی کی گورننگ باڈی کو از سر نو تشکیل دینے کے احکامات صادر کئے ہیں۔حکمنامے کے مطابق گورنر کے مشیر ، سماجی بہبود محکمہ سوسائٹی کے چیئرپرسن ہوں گے ۔ارکان میں انتظامی سیکرٹری خزانہ ، انتظامی سیکرٹری صحت ، انتظامی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ،انتظامی سیکرٹری صنعت و حرفت ، انتظامی سیکرٹری محنت و روزگار ، انتظامی سیکرٹری جنگلات ، انتظامی سیکرٹری تکنیکی تعلیم ،انتظامی سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج ، انتظامی سیکرٹری سماجی بہبود، انتظامی سیکرٹری سکولی تعلیم ، انتظامی سیکرٹری محکمہ زراعت ، انتظامی سیکرٹری قانون ، انصاف و پارلیمانی امور ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں، ایم ڈی  جے اینڈ کے سٹیٹ وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سٹیٹ ری ہیبلٹیشن کونسل ، سیکرٹری سٹیٹ کمیشن برائے خواتین،خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے نمائندے ،تین معروف خواتین اور سماجی کارکن اس کے ارکان ہوں گے جبکہ مشن ڈائریکٹر اس کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔حکمنامے کے مطابق جنرل باڈی سوسائٹی کے مؤثر کام کاج کو یقینی بنانے کے لئے مجموعی پالیسی اور ہدایات فراہم کرے  گی اور اس کی میٹنگ کم سے کم سال میں ایک مرتبہ ہوا کر ے گی تاہم دو میٹنگوں کے درمیان وقفہ 16مہینوں سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سوسائٹی حکومت جموں وکشمیر کے ساتھ وقتاً فوقتاً کئے گئے معاہدوں پر مؤثر عمل آوری کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔
 

ایس ایچ اے ، ای سی اور ڈی آئی یو کی تشکیل کو منظوری 

سری نگر//جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریاست میں آ یو شمان بھارت پردھان منتر ی راشٹریہ سواستھ سرکھشا مشن کی عمل آوری کے لئے سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی ، ایگزیکٹیو کمیٹی اور ضلع عمل آوری یونٹ کی تشکیل کو منظوری دی۔جی اے ڈی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے چیئرپرسن چیف سیکرٹری ہوں گے۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ایکس آفیشو وائس چیئرپرسن ہوں گے۔فائنانشل کمشنر مکانات وشہری ترقی ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، پرنسپل سیکرٹری محنت و روزگار، سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج ،ڈائریکٹوریٹ سکمز ، پرنسپل میڈیکل کالج جموں ، پرنسپل میڈیکل کالج سری نگر ، ڈائیریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم اس کے ایکس آفیشو ممبران ہوں گے۔جبکہ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر / چیف ایگزیکٹیو آفیسر سوسائٹی اس کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔حکمنامے کے مطابق پی ایم آر ایس ایس ایم کے تحت خدمات کی فراہمی کے حوالے سے کام کاج ایس ایچ اے عملائے گا۔ حکمنامے کے مطابق ایگزیکٹیوکمیٹی میں ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر / سوسائٹی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر چیئر پرسن ہوں گے جبکہ مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اینڈ جموں اس کے ممبران ہوں گے جبکہ سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے چیف اکائونٹس آفیسر اس کے ممبر سیکرٹر ی ہوں گے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے رول اور ذمہ د اری میں یہ بھی شامل ہوگا کہ وہ پی ایم آر ایس ایس ایم کے تحت ہیلتھ انشورنس اور ہیلتھ سروس فراہم کرنے والوں کا انتخاب کریں۔اس کے علاوہ ایگزیکٹیو کمیٹی دیگر معاملات اور پہلوئوں کا بھی خیال رکھے گی۔جی اے ڈی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی یو کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر ہوں گے جبکہ چیف میڈیکل آفیسر اس کے وائس چیئرمین ہوں گے ۔ڈپٹی میڈیکل آفیسر ممبر سیکرٹری اور بلاک میڈیکل افسران اس کے ممبران ہوں گے۔حکمنامے کے مطابق ڈی آئی یو ہر ایک ضلع میں سکیم کی عمل آوری کے لئے لازمی تعاون دے گا ۔ڈی آئی یو کی صدارت ڈپٹی کمشنر / ضلع مجسٹریٹ / کلکٹر کریں گے اور وہ عمل آوری ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ سکیم کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔
 
 
 

کولگام میں 52 طلا ب بھارت دورے پر روانہ

ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے ہری جھنڈی دکھائی 

سرینگر// سیوک ایکشن پروگرام کے تحت پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے، تہذیب و تمدن اور ثقافت کو فروغ دینے کی خاطر ضلع پولیس لائنز کولگام میں 52طلبا جو کہ کولگام کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہے کو بھارت درشن دورے پر روانہ کیا۔ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امیت کمار آئی پی ایس نے ڈپٹی کمشنر کولگام کی موجودگی میں طلبا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعے پر ڈی آئی جی نے دورے پر جانے والے طلبا کے ساتھ بات چیت کی ۔ انہوں نے طلبا سے تاکید کی کہ دورے کے دوران آپ کو تواریخی مقامات پر جانے کا موقع میسر ملے گا لہذا اس نادور موقعے کا بھر پور فائدہ اُٹھاو ۔ان کے علاوہ ایس ایس پی کولگام ، سی او آرمی ، سی آر پی ایف اور ضلع پولیس کولگام کے دیگر سینئر آفیسران بھی موجود رہے ۔ دورے پر جانے والے طلبا کی قیام و تام کی تمام تر ذمہ داریاں کولگام پولیس کی جانب سے دستیاب رکھیں گئی ہیں۔
 
 

صحافی شفقت بخاری کو صدمہ ،ماموں انتقال کرگئے

سرینگر//سینئر صحافی شفقت بخاری کے ماموں حاجی حمیداللہ بخاری ساکن کریری 95سال کی عمر میںسوموار کومختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔اہل خانہ کے مطابق مرحوم کا رسم چہارم جمعرات کو اُن کے آبائی مقبرہ واقع کریری میں انجام دیا جارہا ہے۔ خبر ایجنسی کے این ایس کے چیف ایڈیٹر محمد اسلم کے نے موصوف کے انتقال پر شفقت بخاری اور مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
 

صحرائی کا اظہار تعزیت

سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سابق عسکری کمانڈر نصیب الدین غازی کی والدہ اور فاروق احمد بخشی کے برادر محمد یوسف بخشی کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کمانڈر اعلیٰ پایہ کے انسان تھے، جنہوں نے اپنی زندگی اسلام اور آزادی کے لیے وقف کی ۔ صحرائی نے کہا کہ دونوں کمانڈروں کے اہل خانہ کو اس راہ میں بے پناہ مصائب اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر ان کے پایہ استقلال میں کسی بھی قسم کی کمزوری نہیں آئی۔ صحرائی صاحب کی ہدایت پر عاشق حسین نارژور، سبزار احمد، مظفر احمد اور یاسر احمد پر مشتمل وفد نے فاروق احمد کے گھر جاکر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔
 

الیکشن کمیشن کا دہلی میں اجلاس

پنتھرس پارٹی نے ای وی ایم نظام ختم کرنے کی اپیل کی

سرینگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نئی دہلی میں تاریخی اجلاس منعقد کیا جس کی چیف الیکشن کمشنر اوم پرکاش راوت نے صدار ت کی اور اس میں 7قومی جماعتوں سمیت 51 علاقائی جماعتوں نے شرکت کی۔ اس  اجلاس میں انتخابی اصلاحات، انتخابات میں خواتین کی شرکت، انتخابی اخراجات، انتخابی تشہیر کی مدت ، انتخابی ضابطہ اخلاق ، ووٹ ڈالنے کے متبادل نظام، مائگرنٹ رائے دہندگان، اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے استعمال پر بات چیت ہوئی۔چیف الیکشن کمشنر نے اپنے افتتاحی خطاب میں سیاسی جماعتوں کی قیادت پر مکمل اعتماد اظہار کیا اور یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن ان کی تمام مثبت شراکتوں کا احترام کرے گا۔اس اجلاس میں پنتھرس پارٹی کی نمائندگی پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ اورچیئرمین ہرش دیو سنگھ نے کی ۔  پنتھرس پارٹی نے ووٹ دینے کے لئے موجودہ ای وی ایم نظام پر کئی اسباب سے اعتماد نہیں کیا جاسکتا اور رائے دہندگان کو اس نظام پر بھروسہ نہیں ہے۔ بھیم سنگھ نے موجودہ ای وی ایم نظام کو ختم کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں ای وی ایم میں جوڑ توڑ کی جاتی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ جمہوریت کے مفاد اور قانون کی حکمرانی کے لئے پرانے پولنگ نظام کی حمایت کی۔
 

اننت ناگ نے جسمانی طور خاص افراد میں ٹرائسکل تقسیم 

اننت ناگ//محکمہ سماجی بہبود اننت ناگ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران ضلع کے جسمانی طور پر خاص افراد میںموٹر ائزڈ ٹرائسکلیں تقسیم کیں۔راحت گھر مٹن میں منعقدہ اس تقریب میںضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمدیونس ملک مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اس دوران باز آبادکاری سکیم کے تحت 32مستفیدین میں ٹرائسکلیں تقسیم کی گئیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے جسمانی طور خاص افراد میں امداد فراہم کی جارہی ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں اس وقت جسمانی طور خاص افراد کی تعداد40000ہے اورمحکمہ سماجی بہبود ان لوگوں کو مالی امداد کے علاوہ امدادی آلات بھی فراہم کررہا ہے۔اس دوران یہ جانکاری بھی دی گئی ہے کہ ایک موٹرائزڈ ٹرائسیکل کی قیمت 80000روپے ہے اور مستحق افراد میں باز آبادکاری سکیم کے تحت موٹر ائزڈ سائیکلیں تقسیم کی جارہی ہیں۔تقریب میں اے ڈی سی،تحصیلدار مٹن اور محکمہ سماجی بہبود کے آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
 

 محکمہ جنگلات کے ملازمین کا دو ساتھیوں کی وفات پر اظہار افسوس

سرینگر//محکمہ جنگلات کے ملازمین اور افسران نے محکمہ کے دوریٹائرڈ آفیسران ایس ڈی اے سلاریہ اورایس کے کھجوریہ کی حالیہ دنوں ہوئی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میںآج شیخ باغ فارسٹ کمپلیکس سرینگر میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پرنسپل چیف کنسرویٹر جنگلات کے علاوہ دیگر آفیسران اورملازمین نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران فوت ہوئے دونوں ریٹائرڈ آفیسران کی خدمات کو یاد کیا گیا اورانہیں خراج عقیدت ادا کرنے کے علاوہ سوگوارکنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
 
 

ڈی سی کپوارہ نے ہندوارہ میں تعمیراتی کامو ں کا جائزہ لیا 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے ہندوارہ کے متعدد علاقوں کا دورہ کر کے تعمیراتی کامو ں کا جائزہ لیا اورموقع پر ہی ہدایت دی کہ وہ ان تعمیراتی کامو ں کا مقررہ نشانہ کے اندر مکمل کریں ۔خالد جہانگیر نے ضلع اسپتال ہندوارہ کا دورہ کر کے وہا ں پر ایڈیشنل بلڈنگ پر ہو رہے کام کاج کا جائزہ لیا اور اس سے متعلق تفصیلی جانکاری حاصل کی اور تعمیراتی ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام میں سرعت  لاکر فوری طور مکمل کریں ۔انہو ں نے کہا کہ اس اسپتال میں جدید سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ضلع کمشنر نے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سے اسپتال میں مریضو ں کو سہولیات سے متعلق مکمل جانکاری حاصل کی ۔انہو ں نے ہندوارہ میں ہورہے تعمیر فوارے کے کام کاج کابھی جائزہ لیا اور متعلقہ ایجنسی سے کہا کہ وہ 15روز کے اندر اندر اس پر کام مکمل کریں کیونکہ اس کی تعمیر کے لئے پہلے ہی مزید 50لاکھ کی رقومات واگزار کی گئی ہے ۔خالد جہانگیر نے لنگیٹ کا بھی دورہ کر کے پینے کے پانی ،سڑکو ں پر ہورہی کام کاج سے متعلق جانکاری حاصل کی جبکہ کئی عوامی وفود نے انہیں اپنے مطالبات سے آ گاہ کیا اور موصوف نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو فوری طور پورا کیا جائے گا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تارت پورہ ،لیلم ،ککروسہ ،پہرو پیٹھ ،چوگل ،کلمونہ ،تلواری ،سراج پورہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کر کے وہا ں کی سڑکو ں پر میکڈم بچھانے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہو ں نے متعلقہ محکمو ں کو ہدایت دی کہ وہ ضابطے کے مطابق ان سڑکو ں پر میکڈم بچھانے کا کام کاج مکمل کریں جبکہ ان علاقوں کے لوگو ں کی درجنو ں وفود نے ان سے ملاقات کے دوران انہیں درپیش مسائل سے جانکاری دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو اولین ترجیحات میں شامل کر کے حل کر نے کی کو شش کریں گے ۔
 

۔35اے کا دفاع ہر صورت میں کیا جائے گا:مزاحمتی و مذہبی جماعتیں

سرینگر//پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دلی ریاست میں مسلم تشخص کو مٹانا چاہتی ہے، جس کے خلاف عوام کو ذہنی طور تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ لیگ ترجمان کے مطابق کورٹ بلوال جیل سے خان سوپوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی حکومت رائے شماری کے عمل کو متاثر کرنے کیلئے روزِ اول سے ہی اپنے حق میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے پیش بندی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں مسلم اکثریتی شناخت ختم کرنے میں لگی ہوئی ہے اور دوسری طرف یہاں نسل کْشی کی مہم بڑی تیزی کے ساتھ چلائی جارہی ہے اور بھارت کشمیر کو فلسطین جیسی صورتحال میں دکھیلنا چاہتی ہے۔پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے ایک بیان میں دفعہ 35اے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کا فرد فرد سٹیٹ سبجیکٹ قانون کی حفاظت کیلئے قربانیاں دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم متحد ہے اور ریاست کو حاصل خصوصی قوانین کی حفاظت کیلئے متحد ہوکر مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے 35A کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کشمیری قوم کو ان حربوں سے تحریک حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی ان مذموم کاروائیوں سے کشمیریوں کو ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے۔ جمعیت علماء اہل السنت والجماعت نے کہاکہ دفعہ35اے اور اس جیسی دیگر دفعات کا تحفظ ہر صورت میں کیا جائے گا۔ جمعیت علماء کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی (مہتمم دارالعلوم شیری) نے کہا کہ ارباب اقتدار اور قانونی ماہرین کو نوشتہ دیوار کا مطالعہ کرنا چاہئے کہ جب پوری ریاست کے سو فیصد لوگ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کے خلاف ہیں اور انکا یہ مطالبہ آئینی بھی ہے تو پھر ان مسائل کو بار بار ابھار کر کونسا کارنامہ انجام دیا جارہا ہے۔مولانا قاسمی نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بسنے والے مختلف مذاہب ومسالک اور مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے لوگ ان دفعات کے تحفظ کیلئے سو فیصد متفق ہیں اور ایک آواز بنکر کھڑے ہیں اور مسئلہ کے دائمی حل تک کھڑے رہیں گے۔
 
 

لالپورہ کنزر میں آگ

رہائشی مکان خاکستر

ٹنگمرگ /مشتاق الحسن/لال پورہ کنزر میں پیر کو محمد مقبول لون ولد راحت لون کا رہائشی مکان آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوا۔معلوم ہوا ہے جس وقت مکان میں آگ نمودار ہوئی اُس وقت افراد خانہ ایک نزدیکی رشتہ دار کی تدفین کے سلسلے میں دوسرے محلے میں گئے تھے۔ کنزر پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
 

قربانیوں کی حفاظت لازمی:مسلم لیگ

لنگیٹ کے غمزدہ خاندان سے یکجہتی کا اظہار

سرینگر//مسلم لیگ نے مظفر احمد ڈار ساکن لنگیٹ ہندوارہ کی برسی پر اُن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ پارٹی کے ایک بیان کے مطابق لیگ کا ایک وفدقائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی قیادت میں لنگیٹ گیا جہاں انہوں نے مظفر احمد ڈارکے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور اُن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد محمد حمزہ میر، محمد یوسف میر، وحید احمد گوجری اورجاوید احمد حجام پر مشتمل تھا۔اس موقعہ پر عبدالاحد پرہ نے تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنا آج قوم کے مستقبل کے لئے قربان کر رہے ہیں لہٰذا اب یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ ان  قربانیوں کی حفاظت کی جائے اور مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔وفد نے مظفر احمد کے والدین تک محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ کا یکجہتی کا پیغام بھی پہنچایا ۔
 

ٹنگمرگ کے لاپتہ طالبعلم کی تلاش کی کوششیں تیز

پولیس کا عوام سے تعاون طلب 

مشتاق الحسن 
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کی پر اسرار گمشدگی کے بعد پولیس نے اُس کی تلاش کی کوشش تیز کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹنگمرگ کے کہی پورہ بالا میں 24 اگست جمعہ شام سات بجے معراج الدین تیلی ولد عبدل مجید تیلی عمر 25 سال اپنے گھر سے باہر نکلتے ہی اچانک لاپتہ ہوگیا۔اگرچہ مذکورہ کو ہر ممکن جگہ پر تلاش کیا گیا تاہم وہ کہیں سے بازیاب نہ ہوسکا۔بتایا جاتا ہے کہ معراج الدین تیلی گریجویشن مکمل کرنے کے بعد اب اگنو کے زریعے پوسٹ گریجویشن کی تیاریاں کرنے میں مصروف تھا اور اس کے اچانک لاپتہ ہونے سے اس کے والدین اور رشتہ دار اس کی سلامتی کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ معراج الدین کی والدہ بیٹے کی جدائی کے غم میں خون کے آنسو رو رہی ہیں۔  ٹنگمرگ پولیس نے اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ درج کرکے اس کی جلد از جلد بازیابی کی کوششیںتیز کردی ہیں۔ ادھر ٹنگمرگ پولیس نے عوام سے گمشدہ پوسٹ گریجویٹ طالب علم کو بازیاب کرانے میں تعاون طلب کیا ہے ۔  
 

سوناواری کے کئی دیہات میںپینے کے پانی کی قلت

ارشاد احمد
سوناواری//سمبل سوناواری سے کئی ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر مقامی آبادی میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔مرکنڈل اورپشواری میں کئی روز سے پینے کے صاف پانی کی قلت کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت عامہ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مرکنڈل اور پشواری میں کئی روز سے پینے کے پانی کی قلت کے نتیجے میں وہ مشکلات سے دوچار ہیں۔محکمہ پی ایچ ای کے چیف انجینئر عبدالواحد نے اس ضمن میں کہا کہ وہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ معلوم کریں گے اور علاقے میں بہت جلد سپلائی بحال کرائیں گے۔