مزید خبرں

جموں میںبین الریاستی منشیات سمگلروں کے گروہ کا پردہ فاش

بھاری مقدار میں نشیلی ادویات اور خشخاش پوست ضبط،5گرفتار

جموں//جموں وکشمیر انسداد مخالف منشیات ٹاسک فورس نے بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے نئی دہلی سے یوٹی لانے والی نشہ آور ادویات کی بھاری مقدار ضبط کرکے 4سمگلروں کو گرفتار کرلیاجبکہ ایک اور کارروائی میں 93کلوگرام خشخاش پوست کو جموں سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک سمگلر کو حراست میں لیا گیا۔ کے این ایس کے مطابق منشیات سمگلروں کا شکنجہ کستے ہوئے جموں وکشمیر ایٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (ANTF)نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران بین الریاستی سمگلروں کے گینگ کا پردہ چاک کرتے ہوئے نشیلی ادویات کی سمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ ایٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس کے ایس ایس پی وجے کمار کاکہنا ہے کہ بدھوار کو دو کارروائیوں کے دوران 5بین الریاستی سمگلروں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ انہیں ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ نئی دہلی سے جموں وکشمیر کیلئے بھاری مقدار میں نشیلی ادویات کی کھیپ سمگل کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انسداد مخالف منشیات ٹاسک فورس کے اہلکاروںنے متعدد مقامات پر ناکے بٹھارکھے تھے جس دوران جموں شاہراہ پر ایک گاڑی زیر نمبرDL1ZC-3148اور ایک ٹرک زیر نمبرPB65L/1769کو روک لیاگیا ۔ ایس ایس پی نے کہاکہ گاڑیوںکی باریک بینی سے تلاشی کے دوران ممنوعہ ادویات کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی جو دہلی سے جموں وکشمیر کیلئے لائی جارہی تھی۔ ایس ایس پی نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں یوٹی میں یہ برآمد کی گئی نشیلی ادویات کی بھاری کھیپ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس سلسلہ میں اہلکاروں نے 4افراد گرفتار کئے جن کی شناخت جسپریت سنگھ (ٹرک ڈرائیور) ساکنہ جندھیالہ تحصیل گرشنکر ضلع ہوشیار پور پنجاب، گرپریت سنگھ ساکن پنڈ جگتپورہ، تحصیل بالاچور ضلع نواشہر پنجاب،مندیپ بھٹی (کار ڈرائیور) ساکن جنک پورہ نئی دہلی اور روی کمار ساکن آدرش محلہ موجپور شامل ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ سمگلروںنے جرم کرنے کی شاطرانہ چال چلتے ہوئے کار کو سیکورٹی کلیرنس کیلئے آگے رکھا جبکہ ٹرک میں چھپائی گئی نشیلی ادویات کو کار کے پیچھے کچھ فاصلے پر رکھا۔ انہوںنے کہا کہ موقعہ پر دونوں گاڑیوں کو ضبط کیاگیا اور مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیاگیا ہے۔ ایس ایس پی نے کہاکہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنا پر ایک اور کارروائی کرتے ہوئے اے این ٹی ایف ٹیم نے 93کلوگرام چشخاش پوست کو ایک جیپ زیر نمبرPB06AS/0153سے برآمد کیاگیا جسے نروال جموں سے پنجاب سمگل کیاجارہاتھا۔ انہوںنے کہاکہ اہلکاروںنے ڈرائیور جگجیت سنگھ ساکنہ سری ہرگووندپور گرداس پور پنجاب کو گرفتار کرکے کیس درج کرلیاہے۔ 
 
 

 بی جے پی کا ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراج عقیدت

کٹھوعہ میں آنجہانی کے مجسمے پر پھول مالا چڑھائی گئی 

جموں // (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ نے منگل کے روز بھارتیہ جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی 68 ویں برسی کے موقعے پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے اس موقع پر کٹھوعہ میں آنجہانی مکھرجی کے مجسمے پر پھول مالا چڑھائی اور وہاں موجود بی جے پی کار کنوں نے ’جو کشمیر ہمارا ہے وہ سارے کا سارا ہے‘ جیسے نعرے لگائے۔اس موقع پر موصوف صدر نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ملک بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنجہانی شیاما پرساد مکھرجی نے پورے بھارت اور جموں وکشمیر میں ایک ودھان، ایک پردھان اور ایک نشان کے لئے جدو جہد کی۔رویندر رینہ نے کہا کہ آنجہانی مکھرجی آج ہی کے دن بھارت ماتا کےلئے قربان ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ آنجہانی مکھرجی کھٹوعہ ترنگا لے کر پہنچے تھے اور یہاں انہیں اس وقت کے حکمرانوں نے گرفتار کرایا۔بتا دیں کہ شیاما پرساد مکھرجی بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی قیادت والی کانگریس حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں اور انہیں بی جے پی کا نظریہ ساز بھی مانا جاتا ہے۔آنجہانی مکھرجی کا جموں و کشمیر کے حوالے سے ماننا تھا کہ ایک دیش میں دو ودھان، دو پردھان اور دو نشان نہیں چلے گا۔
 
 

شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ کا جموں میں محبوبہ مفتی کے خلاف احتجاج

جموں//(یو این آئی) شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ جموں یونٹ نے بدھ کے روز یہاں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے خلاف احتجاج درج کر کے ان کی تصاویر کو نذر آتش کر دیا۔احتجاجی محبوبہ مفتی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی پاکستان کی بولی بول رہی ہیں۔بتا دیں کہ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم کے ساتھ جمعرات کو ہونے والی میٹنگ کو لے کر بھارت کو پاکستان کے ساتھ بھی بات چیت کرنے پر زور دیا ہے۔احتجاج کے موقع پر فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی جانتی ہیں کہ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے واپس آنے والے نہیں ہیں پھر بھی وہ دلی جانے کی بات کر کے جموں وکشمیر کے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی آج بھی پاکستان کی ہی بولی بول رہی ہیں۔ صدر نے کہا کہ جب وہ یہ جانتی ہیں کہ دلی مذکورہ دفعات کو بحال نہیں کرے گی تو وہ پھر وہاں کیا کرنے جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب وہ یہ کہتی ہیں کہ پاکستان بیچ میں آنا چاہئے تو اس مطلب ہے کہ وہ بات چیت نہیں کرنا چاہتی ہیں۔
 
 

اپنی پارٹی کا جموں میں مہنگائی کے خلاف احتجاج

جموں//اپنی پارٹی ضلع کمیٹی نے بدھ کو پریس کلب جموں کے باہر اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج دھرنا دیا۔ ضلع صدر پرنو شگوترہ کی قیادت میں احتجاج کر رہے پارٹی لیڈران وکارکنان نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نعرے بلند کئے۔ انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے عوام پر بہت زیادہ مالی بوجھ پڑا ہے۔ ڈیژل ، پٹرول اور رسوئی گیس کی قیمت نے عام آدمی کے بجٹ کو بُری طرح متاثر کیا ہے جس وجہ سے سبزیاں، پھل ، آٹا چاول اور دیگر یومیہ استعمال کی چیزیں بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ ٹیکس میں کٹوتی کی جائے اور کالابازاری پر نظر رکھی جائے تاکہ عوام کووبائی صورتحال کے بیچ کمزور معیشت کے سبب غیر ضروری طور ہراساں نہ ہونا پڑے۔ پرنو شگوترہ نے کہاکہ لوگوں نے اپنا کاروبار اور نرکریاں کھوئیں، انہیں کویڈ 19وبائی مدت کے دوران بجلی اور پانی کے کرائے سے رعایت دی جانی چاہئے۔ سرمائی موسم کے دوران جموں میں پانی اور بجلی بحران سے متعلق انہوں نے کہاکہ پی ڈی ڈی اور جل شکتی محکمہ رہائشی علاقوں میں بلاخلل سپلائی یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے۔ غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ فوری اقدامات لئے جائیں۔ احتجاج میں ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ابہے بقایہ، ضلع نائب صدر وائی بہو مٹو، ضلع صدر ٹریڈ یونین انیرودھ وششت ، جوگیندر سنگھ، ویشال زوتشی، اتول شرما، سردیش رانا، دیپک براڈو، پرکشت ، وپل بالی، جتندر سنگھ، سنیل گپتا، انکیت سود، محمد آصف، محمد اشرف، راجندر کمار، وویک سورج، انمول سنگھ، چرنجیت سنگھ، اتیندر سنگھ وغیرہ بھی موجود تھے۔