مزید خبرں

۔8اضلاع میں کارروائی7ہزار کنال اراضی پر قبضہ ختم

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر کی ہدایت پر وادی بھر میں یکم اگست2018ء سے شروع کی گئی مہم کے دوران 2241.55کنال سرکاری اراضی اور5115.80کنال کاہچرائی اراضی کو ناجائز قبضے اور تجاوزات سے چھڑالیا گیا۔اس مہم کے تحت پلوامہ،کپوارہ،بانڈی پورہ، بارہمولہ، کولگام ،گاندربل،سرینگر اوربڈگام میں گذشتہ ایک ماہ سے جاری مہم کے دوران سینکڑوں کنال سرکاری اورکاہچرائی اراضی کو غیر قانونی قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔صوبائی کمشنر  بصیر احمد خان نے ضلع کلکٹروں کو سرکاری اراضی،جنگلات ،پنچایت ،آبی ذخائر ،قومی شاہرائوں اورعام شاہرائوں پر ناجائز قبضے کی مناسبت سے فوری طور جامع میپنگ کی ہدایت دی تھی تاکہ اس بدعت پر روکتھام کے لئے ایک وسیع مہم جاری رکھی جاسکے۔اس دوران صوبائی کمشنر نے تمام ترقیاتی کمشنروں کو خالی پڑی اراضی کو مختلف ترقیاتی کاموں مثلاً سرکاری سکولوں،صحت مراکز ،کیمونٹی ہالوں،کھیل میدانوں،پنچایت گھروں اورفائر ٹینڈر اسٹیشنوں کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانے کی ہدایت دی تاکہ مقامی لوگوں کو اہم خدمات سے فائدہ پہنچ سکے۔صوبائی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اور کاہچرائی اراضی پر قبضہ کرنے سے اجتناب کریں۔
 

پبلک سروس کمیشن 

امتحانات کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان

سرینگر//جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن نے ستمبر2018 میں منعقد ہونے والے مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان سمیت دیگر  مختلف امتحانات کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔کمیشن کے ترجمان کے مطابق جے اینڈ کے کمبائنڈ کمپی ٹیٹو ا( پری لمنری) امتحانات2018 جو شیڈول کے مطابق2 ستمبر2018 کو ہونے والے تھے اب 16 ستمبر2018 کو منعقد ہوں گے۔سول جج( جونیئر) ڈویثرن/ مُنصف کے لئے امتحان کی تاریخ28 اکتوبر2018 مقرر کی گئی ہے۔بائیو کمسٹری اور میوزک کے لئے لیکچرار10+2 کی اسامیوں کے لئے تحریری امتحانات30 ستمبر2018 ء کو منعقد ہوں گے۔میڈیکل افسر آیورویدک، ہومیو پیتھی اور یونانی کے لئے تحریری امتحان30 ستمبر2018 کو لیا جائے گا۔کیجولٹی میڈیکل افسر/ لیڈی میڈیکل افسر کے لئے تحریری امتحانات30 ستمبر2018 کو منعقد ہوں گے۔
 

ری پبلک ٹی وی اور بھاجپا ترجمان کو نعیم اختر کانوٹس 

سرینگر//سینئر پی ڈی پی لیڈراورسابق وزیر نعیم اختر نے ان کے خلاف غیرشائستہ خبر نشر کرنے کیلئے ریپبلک ٹیلی ویژن اور ریاستی بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان کے نام نوٹس بھیجی ہے۔نعیم اختر نے اپنے وکیل شیخ رضوان جاویدکے ذریعے ری پبلک ٹی وی اور خالد جہانگیر سے ری پبلک ٹی وی پر’بدنام کن‘ ،جس میں خالدجہانگیر کاایک بیان بھی شامل ہے،خبرنشر کرنے پر غیر مشروط طور معافی مانگنے کوکہا ہے۔30اگست کو بھیجی گئی نوٹس میںدرج ہے کہ ری پبلک ٹی وی نے 21جون کو گورنر کے نام خالد جہانگیر کے ایک مکتوب جس میں سابق وزیراعلیٰ کے ایک قریبی معتمدکے خلاف کورپشن اور اقرباء پروری کے بے بنیاد الزام لگائے تھے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ری پبلک ٹی وی نے مذکورہ مکتوب کے بارے میں رپورٹ کرتے ہوئے جان بوجھ کر نعیم اختر کا نام مکتوب میں مبینہ الزامات کے ساتھ جوڑاہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پیش کار نے جموں کشمیرپروجیکٹس کنسٹرکشن میں مبینہ بھاری کورپشن کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ میرے موکل کی ایماء پر ہورہا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ری پبلک ٹی وی نے نعیم اختر اوراُس جماعت جس سے نعیم اختر تعلق رکھتا ہے کا براہ راست ذکر کیاہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ری پبلک ٹی وی اور خالد جہانگیر نے نعیم اختر کیخلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات عائد کئے ہیں جن سے اُن کے اور ان کی جماعت کی شبیہ کو زک پہنچی ہے،اوراس کا مقصدپی ڈی پی لیڈران،کارکنوں اورحمائتیوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنااورپارٹی کوتوڑنا ہے۔نعیم اختر نے ری پبلک ٹی وی اور خالدجہانگیر سے پرنٹ،الیکٹرانک اورسوشل میڈیا پر غیرمشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 
 

ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے امیر جماعت کا چارج سنبھالا

سرینگر//نومنتخب امیر جماعت اسلامی جموںوکشمیر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے مرکز جماعت واقع باراں پتھر بتہ مالو پر اپنے نئے منصب کا چارج سنبھالا۔ اس اہم تقریب میں سابق اُمرائے جماعت غلام محمد بٹ اور محمد عبداللہ وانی کے علاوہ مرکزی و ضلعی ذمہ داراں حاضرتھے۔ اس موقعے پر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دستور جماعت کی پابندی کو اولین ترجیح حاصل رہے گی اور دستور میں دئے گئے طریق کار کے مطابق طے شدہ نصب العین کے حصول کی خاطر پُرامن اور جمہوری ذرائع کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے وابستگان جماعت سے عموماً اور شرکائے تقریب میں موجود حضرات سے خصوصاً مکمل تعاون طلب کیا۔
 

صحافی آصف سلطان کی گرفتاری غیر جمہوری: حریت(ع)

ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے رہائی کی مانگ

سرینگر// کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے پولیس کے ہاتھوں مقامی صحافی اور انگریزی ماہنامے کے اسسٹنٹ ایڈیٹر آصف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف سلطان گذشتہ6روز سے پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں غیر قانونی طور حراست میں ہیں ۔ایسوسی ایشن نے کہا ’ہم ‘ آصف سلطان کو فوری طور رہا کرنے اور ان پولیس آفیسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں جنہوں نے آصف کو غیر قانونی طور گرفتار کیا ‘‘۔اس دوران حریت (ع)نے آصف سلطان کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کے بعد موصوف کو مسلسل حراست میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیاکہ غیر جانبدارانہ طور صحافتی فرائض ادا کرنے کی پاداش میں ایک ذمہ دار صحافی کو گرفتار کرکے حراست میں رکھنا مسلمہ جمہوری اصولوں کے منافی اور اظہار رائے کی آزادیکا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں گزشتہ طویل عرصے سے صحافیوںکو یہاں روزانہ وقوع پذیر ہو رہے حالات اور سرکاری فورسز کی جانب سے لوگوں کیخلاف جبر و زیادتیوں کے واقعات کو منظر عام پر لانے کی پاداش میں سرکاری عتاب کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور جمہوریت کے اس چوتھے ستون کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اس کی بیخ کنی سے گریز نہیں کیا جارہا ہے ۔
 

دیلگام اننت ناگ میں محکمہ بجلی کا عارضی ملازم کرنٹ لگنے سے ہلاک

اننت ناگ//عارف بلوچ//دیلگام اننت ناگ میں محکمہ بجلی کی مبینہ غفلت شعاری کے سبب عارضی ملازم دوران ڈیوٹی لقمہ اجل بن گیا ہے جبکہ واقع میں 4دیگر شدید زخمی ہوئے۔دیلگام میں محکمہ بجلی کے ملازمین نقص زدہ ہائی ٹیشن لائین کی مرمت کر رہے تھے کہ اس دوران بجلی کرنٹ رواں ہوئی اور محمد خلیل ا یتو ساکنہ آرہ خوشی پورہ و غلام محمد بٹ،نزیر احمد وگے ، گلزاراحمد تانترے وپیر عادل ساکنان دیلگام نامی بجلی ملازمین بُری طرح جھلس کر زمین پر گر پڑے ۔اگر چہ سبھی ملازمین کو اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم محمد خلیل زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا جبکہ غلام محمد بٹ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔محمد خلیل محکمہ بجلی میں گذشتہ 8سالوں سے نیڈ بیس کے طور کام کرتا تھا اور وہ اپنے پیچھے دو کمسن بچوں و اہلیہ کو چھوڑ گیا ہے ۔ محکمہ کے ایک اہلکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ لائین کی مرمت کے دوران ملازمین نے محکمہ کو آگاہ کیا تھا ،تاہم اس کے باوجود بھی بجلی بحال کی گئی اور گھر کا واحد سہارا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دوسرا اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔ سپرینڈنگ انجینئر بجلی سوتھ سرکل نے واقع کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے 2 ملازمین جن میںجونیرانجینئر بھی شامل ہے کو معطل کیا ہے جبکہ ایگزیکیٹو انجینئر اننت ناگ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے کر 2روز کے اندر اندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔

 

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی 

بارہمولہ میں پولیس اہلکارسلاخوں کے پیچھے 

فیاض بخاری
 
بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے جمعہ کو آرمڈ پولیس کے ایک اہلکار کو مبینہ طور پر ایک گھر میں مشکوک حالت میں پانے کے بعد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے بتایا کہ جمعہ کو تقرییاً رات کے دس بجے کانسٹیبل ضمیر احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکنہ اشکورہ بارہمولہ کو قاضی حمام اولڈ ٹاون بارہمولہ کے ایک گھر میں مشکوک حالت میں پایا گیا ۔جس کے بعد مقامی لوگوں نے اُسے پولیس کے حوالے کیا ۔انہوں نے بتایا مذکورہ اہلکار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے اوراس کے خلاف ایک ایف آئی آر زیر نمبر 147/2018انڈر شکشنز 457,452,509 پی آر سی کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔مذکورہ اہلکار  کے خلاف محکمہ نے بھی قانونی کاروائی شروع کی گئی ۔
 

کرناہ ٹریفک حادثہ میں 14افراد زخمی

سرینگر //نمائندہ عظمیٰ //کرناہ کے کلٹھا علاقے میں سومو گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں 14مسافر زخمی ہوئے۔سومو زیر نمبر.4219  JK09Aمسافروں کو لیکر ٹنگڈار سے چتر کوٹ جاری تھی اور کلٹھا کے مقام پر گاڑی اور موٹر سائیکل زیر نمبر JKO2L.8620 کے درمیان ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں گاڑی ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سمیت 14افراد زخمی ہوئے ۔جن میں سے 2کو سرینگر منتقل کیاگیا۔ زخمیوں کی شناخت سومو ڈرائیور مختیار احمد ساکن چترکوٹ ، موٹر سائیکل ڈرائیور مدثر شاہ ساکن بٹ پورہ ، عرفان احمد میر ساکن بادرکوٹ ، رخسانہ ساکن تربونی ، عبدالرشید ساکن سماری ،عنایت علی ساکن بادرکوٹ ، قاضی شکور احمد ساکن بانڈی ،محصودہ فاطمہ ساکن پنگلا ہری ڈل ،نظہت فاطمہ ساکن ہری ڈل ، مسرت ساکن تربونی ، عدنان خان ساکن باررکوٹ ، بی بی رائیلاساکن پنگلا ہری ڈل وکاس حسین ساکن بنگلا ہڑی ڈل اور عابد حسین ساکن پنگلا کے بطور ہوئی ہے۔
 
 
 

بانڈی پورہ کے کچھ علاقوں میں دھان کی فصل کو بلاسٹ کی بیماری

عازم جان
بانڈی پورہ//وترنہ اور گذربل بانڈی پورہ میں دھان کی فصل کو بلاسٹ بیماری لگنے سے کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ اس بیماری (بلاسٹ) پر قابو پانے کے لئے محکمہ زراعت تدابیر کرے اور ماہرین کو معائنہ کرنے کیلئے ان علاقوں کی طرف روانہ کرے۔ وترنہ کے غلام رسول خان نامی ایک باشندے نے کہا کہ اس بیماری نے علاقے میںدھان کی فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور کسان پریشان ہیں۔انہوںنے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں سے وترنہ میں دھان کی فصل کو بلاسٹ بیماری تباہ کررہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ نے اس بیماری کے تدارک کے لئے کوئی موثر حکمت عملی اختیار نہیں کی۔ چیف ایگریکلچر آفیسر بانڈی پورہ شیخ اعجاز احمد نے اس ضمن میں کہا کہ وترنہ کے کسانوں نے غیر معیاری بیج استعمال کئے ہیں تاہم ماہرین کی ٹیم معائنہ کرنے کیلئے دونوں علاقوں کی طرف روانہ کی گئی ہے تاکہ اصل صورتحال سامنے آسکے۔
 
 

جنوبی کشمیر میں عوام عذات و عتاب کا شکار:حریت (ع)

سرینگر// حریت (ع)نے جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ ، کولگام اور پلوامہ سمیت کئی علاقوںمیں فوج اور فورسز کی جانب سے کریک ڈائون کے دوران لوگوں کو ہراساں کرنے، گھر گھر تلاشی، گھروں میں داخل ہوکر مکینوں کو خوفزدہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں تعینات فوج اور فورسز عام لوگوںکو اپنے عتاب کا نشان بنانے سے گریز نہیں کررہے ہیںاور جس طرح عسکریت پسندوں کی تلاش کی آڑ میں عام لوگوںکو ہراساں کیا جارہا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس سے سرکاری سطح پر یہاں کے عوام کے تئیں اختیار کی جارہی جارحانہ پالیسیوں کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
 

ایرانی وزیر خارجہ کا بیان حوصلہ افزاء:تحریک کشمیر

سرینگر//تحریک کشمیر نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے دورئہ پاکستان کے دوران کشمیر کے تئیں دیئے گئے بیان کو حوصلہ افزاقرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے تئیں عالم اسلام کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہیں اور پاکستان کے ساتھ ساتھ ایران اس سلسلے میں نہ صرف کشمیری عوام بلکہ اللہ کے حضور بھی جوابدہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں تنظیم کے صدر محمد موسیٰ نے کہا کہ ایران کا کشمیر سے گہرا تعلق رہا ہے اور شاید اسی تعلق کی بنا پر کشمیر کو ایران صغیر سے تعبیر کیا گیاہے۔ 
 

محبوسین غیر انسانی رویہ کا شکار:میر/نقاش

سرینگر//لبریشن فرنٹ (ح )چیئرمین جاوید احمد میراور اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے اپنے مشترکہ بیان میں ریاست اور بیرون ریاست جیلوں میں بند محبوسین کی حالت زار سے متعلق تشویش کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوسین کو جیلوں میں حکام کی جانب سے سخت برتائو اور غیر انسانی رویہ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور جیل مینول کے مطابق سہولیات فراہم کرنے سے انکار کیا جارہا ہے ۔انہوں نے متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے ایک اور فرزند سید شکیل احمدکی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری اور دلی منتقل کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے غیر آئینی وغیر انسانی حرکتوں اور دھونس دبائو سے آزادی پسند قیادت کے  ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے  حقوق البشر کی بین الاقوامی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
 
 

 نئے پنچائت حلقوں کیلئے تجاویز جاری

سرینگر//الیکشن اتھارٹی نے پنچائتی راج ایکٹ1989 کے تحت محکمہ دیہی ترقی کی سفارش پر کچھ نئے پنچائت حلقوں کے لئے تجاویز جاری کی ہیں جس کی رو سے موجودہ پنچائتی حلقوںمیں نئے حلقوں کاقیام عمل میں لانا یا دو حلقوں کو ضم کرنا شامل ہے۔اس کے علاوہ ان تجاویز کے تحت اننت ناگ، بانڈی پورہ، سرینگر، گاندر بل، پلوامہ، شوپیاں، جموں اور سانبہ اضلاع میں پنچائت حلقوں کے نام بھی تبدیل کئے جائیں گے۔الیکشن اتھارٹی کے مطابق اس سلسلے میں تمام تفصیلات ڈسٹرکٹ پنچائت افسر اور متعلقہ بی ڈی او کے دفتر میں دستیاب رکھی گئی ہیں۔یہ تفصیلات سی ای او جے اینڈ کے ویب سائٹwww.ceojk.nic.in پر بھی دستیاب ہیں۔اس سلسلے میں عام لوگ اپنے اعتراضات8 ستمبر2018 سے قبل چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے، کے سرینگر دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد کسی بھی اعتراض کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
 

سید شکیل کو رہاکیا جائے

نگواکی گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

سرینگر //سکمز نان گزیٹیڈ ایمپلائز ویلفیئرایسو سی ایشن نے اپنے ساتھی ملازم سید شکیل احمد کی رہائی کے لئے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ایسوسی ایشن کے ایک بیان کے مطابق سنیچر کو کونان گزیٹیڈ ایمپلائز ویلفیئرایسوسی ایشن (نگوا) کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت جی ایم پنڈت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگوا نے اپنے ساتھی ملازم کی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔ بیان کے مطابق سید شکیل کسی سیاسی غیر سیاسی سرگرمیوں میںملوث نہیں ہے اورنہ ہی آج تک ان کے خلاف اس طرح کی کوئی شکایت سکمز سربراہ کو کوکبھی موصول ہوئی ہے۔ایسوسی ایشن نے گورنرانتظامیہ سے سید شکیل احمد کی رہائی میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔واضح رہے حزب المجاہدین کے سرابرہ سید صلاح الدین کے بیٹے سید شکیل احمد کواین آئی اے نے گرفتار کرنے کے بعد دلی منتقل کیا۔
 
 

حریت (گ)برہم

اسلام آباد//ایک بیان کے مطابق حریت (گ)کا ایک اہم اجلاس کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں اسلام آباد(پاکستان) میں منعقد ہوااورمتحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین کے فرزند شکیل احمد کی این آئی اے  کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔اجلاس میں شامل شرکاء نے کہا کہ بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے اور اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ سید صلاح الدین کے دونوں بیٹوں شاہد یوسف اور شکیل یوسف کی رہائی کے لئے بھارت پر دباو ڈالے۔اجلاس میں محمد فاروق رحمانی،عبدالمجید میر,شیخ محمد یعقوب,ملک عبدالمجید,اشتیاق حمید,عبدالحمید لون,نثار مرزا,محمود ساغر,فواد حسین خطیب,انجئنر مشتاق محمود,شیخ عبدالمتین,عبدالّلہ گیلانی,کفایت حسین رضوی,راجہ خادم حسین,پرویز احمد شاہ،عدیل مشتاق وانی,امتیاز وانی۔جاوید جہانگیر اور محمد سلطان بٹ نے شرکت کی۔
 

بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو

 کا نعرہ کھوکھلا ثابت

زمرودہ حبیب
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے کہا ہے کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا نعرہ دینے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بھاجپا مہیلا مورچہ جموںکی خاتون لیڈر پریہ جرال نے تنظیم میں خواتین کارکنان کے ساتھ جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے۔ زمردہ حبیب نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ شرمناک حرکتوں کی صرف مذمت ہی نہیں بلکہ ملوثین کو سخت سزا دینی چاہئے ۔انہوںنے پریہ جرال سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے استحصالی عنا صر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا۔