مزید خبرں

ایل او سی پر گولہ باری 

پاکستانی شہری زخمی

نیوز ڈیسک
 
میرپور//پاکستان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے 70 سالہ بزرگ شہری زخمی ہوگیا۔ بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنا ڈالا۔ بھارتی فوج نے  ایل او سی پر گوئی سیکٹر کے گاؤں ندھیری میں راکٹ حملہ کیا جس میں 70 سالہ بزرگ محمد صدیق شدید زخمی ہوگیا۔زخمی محمد صدیق کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، محمد صدیق کے دونوں بازو ضائع ہوگئے اور چہرہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔
 

میانمار میں صحافیوں کو جیل

ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کا سخت رد عمل 

میانمار میں بین الاقوامی سطح کے دو صحافیوں کو جیل بھیجے جانے پر ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے مذمت کی ہء ۔رائٹرس سے وابستہ دو صحافیوں کو میانمار میں سرکاری رازداری کے قانون کو توڑنے کے الزامات کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ان دونوں صحافیوں نے میانمار فوج کے ذریعے مسلمانوں کے قتل عام کی رپورٹنگ کی تھی ۔ایڈیٹرس گلڈ نے اپنے بیان میں کہاکہ میڈیا کی آوازکو دبانے کیلئے اس طرح کے قانون کو عملایا جاتا ہے جوکہ مذمو ہے ۔بیان میں ان دونوں صحافیوں کی جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے
 

بارہمولہ اور بڈگام میں جنگلات کاصفایا

خورشید گنائی کا اظہار تشویش،افسران سے اقدامات کی تلقین

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے رفیع آباد بارہمولہ اور بڈگام کے کچھ جنگلاتی علاقوں میں پیڑوں کی غیر قانونی کٹائی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا کے ایک حصہ نے خبریں شائع کی تھیں۔سبز سونے کا خاتمہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت دیتے ہوئے مشیر موصوف نے بارہ مولہ اور بڈگام اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹوں اور ایس ایس پیز سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں فوری طور اقدامات کریں۔خورشید احمد گنائی نے فارسٹ ڈویثرنوں کو نوٹیفائی کرنے اور نگرانی کے عمل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ان واقعات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ کے ملوث افراد کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کرنے کیلئے کہا۔
 
 

ڈورو میں تندوے کے حملہ میں شہری زخمی

عارف بلوچ
 
ویری ناگ// ڈورو میں تندوے نے ایک شخص پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ہے۔40 سالہ صادق چچی ولد غلام حسن ساکنہ کاون ڈورو گھر کے باہر کھڑا تھا کہ تندوے نے اس پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ۔ا سے علاج معالجہ کیلئے سب ڈسڑکٹ اسپتال ڈورو میں داخل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مزید علاج معالجہ کیلئے ضلع اسپتال منتقل کیا۔
 
 

گاندربل کا18سالہ نوجوان لاپتہ

والدین اورپولیس نے عوامی تعاون طلب کیا

گاندربل//وسطی ضلع گاندربل کے نُنرکاایک 18سالہ نوجوان یکم ستمبرسے لاپتہ ہے ،جسکے باعث اُسکے اہل خانہ سخت پریشان ہیں ۔گاندربل پولیس نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ نوجوان کی تلاش شروع کردی۔معلوم ہواکہ 18سالہ راقب احمدلون ولدبشیراحمدلون ساکنہ ننرگاندربل یکم ستمبرکوگھرسے کہیں چلاگیالیکن مذکورہ نوجوان شام دیرگئے تک جب واپس گھرنہیں پہنچاتواہل خانہ کوفکرلاحق ہوگئی ،اورانہوں نے راقب کی تلاش شروع کردی لیکن اسکاکوئی سراغ نہیں مل پایا۔بشیراحمدلون نے پولیس تھانہ گاندربل پہنچ کراپنے جواں سالہ بیٹے کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ درج کرادی ۔پولیس نے رپورٹ درج کرنے کے بعدراقب نامی نوجوان کی تلاش شروع کردی ،اوراس سلسلے میں گاندربل پولیس نے عام لوگوں سے بھی تعاون طلب کیا۔گاندربل پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ اگرکسی بھی شخص کو18سالہ راقب احمدلون ولدبشیراحمدلون ساکنہ ننرگاندربل کے بارے میں کوئی جانکاری یاعلمیت ہوتووہ موبائل نمبرات 0194-2416225،0194-2416564،0194-2416478اورپولیس کنٹرول روم کشمیرکے ڈائل فری نمبر100پررابطہ کرسکتاہے۔
 

پاکستان کے صدر کا انتخاب آج

اسلام آباد// ملک کے تیرہویں صدر کا انتخاب آج کیا جائے گا جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔صدارتی انتخاب میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔تمام ایوانوں میں اراکین کی کل تعداد 11سو 74 ہے تاہم کچھ حلقوںمیں انتخابات ملتوی ہونے یا حلف نہ لینے کی وجہ سے صرف 11 سو 21 ارکین حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔آئندہ 5 سال کے لیے صدرِ مملکت کے انتخاب کا عمل آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت عمل میں لایا جائے گا، جبکہ صدارتی امیدوار کی کم سے کم عمر 45 سال ہونا بھی ضروری ہے۔صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، مولانا فضل الرحمٰن اور اعتزاز احسن  امیدوار ہیں۔واضح رہے کہ ملک کے 12ویں صدر مملکت ممنون حسین کے عہدے کی میعاد رواں ماہ 9 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔
 

بلدیاتی وپنچایتی انتخابات 

کانگریس نے امیدواروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا 

سرینگر// بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے پیش نظر پارٹی ہیڈکواٹر واقع مولانا آزاد روڑ پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ضلع سرینگر اور جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداراں اور کارکنان نے شرکت کی ۔پارٹی نے گور نر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان انتخابات کے پیش نظر امیدواروں کے جان ومال کی حفاظت کویقینی بنایا جائے ۔ ترجمان نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔ ضلع سرینگر کے صدر عرفان نقیب کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کے امیدواروں کی فتح یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کریں ۔تاہم کانگریس نے امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔
 

جنرل موسیٰ کے ساتھ تعزیت پرسی 

سرینگر//حریت (گ)، لبریشن فرنٹ،انجمن شرعی شیعیان ،پیپلز لیگ اور مسلم لیگ نے تحریک کشمیر کے صدر محمد موسیٰ کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے۔حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر پیر عبدالرشید کی قیادت میں حریت وفدنے مرحومہ کے گھر جاکر تعزیت کی۔وف میں سید محمد شفیع، خواجہ فردوس وانی، محمد یوسف مجاہد اور محمد افضل وانی شامل تھے۔وفد نے سوگوار خاندان بالخصوص محمد موسیٰ تک حریت چیئرمین کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرحومہ اور انکے خانوادے کی تحریکی و دینی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ مرحومہ کی حلیمانہ شخصیت اورمحبت بھرے رویہ کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ یاسین ملک اور دوسرے فرنٹ قائدین بشمول نور محمد کلوال، مشتاق اجمل ،بشیر احمد کشمیری وغیرہ مرحومہ کے گھر گئے اور غمزدہ لواحقین بشمول جنرل موسیٰ کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خانوادہ سے تعزیت کی ۔آغا صاحب نے کہا کہ مرحومہ کا گھر ابتدا سے ہی تحریک سرگرمیوں کا ایک مرکز بنا رہا اور اس خانوادے کی دین داری اور دین فہمی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ کے کنبے کی تحریکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔پیپلز لیگ کے چیئر مین شیخ محمد یعقوب اور سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے رنج وغم کا اظہار کر تے ہو ئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی ہے ۔پیپلز لیگ کا ایک وفد محمد یاسین عطائی ،عبدالحمید الٰہی ،بشیر احمد اور محمد یوسف بٹ نے سعدہ کدل جاکر تعزیت پرسی کی۔وفد میں تحریک حریت کے سرگرم کارکن سید امتیاز حیدر بھی شال تھے۔مسلم لیگ نے جنرل موسیٰ کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ لیگ کا ایک وفد جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں جنرل موسیٰ کے گھر گیا جہاں انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔
 

جسمانی طور خاص طلاب وظائف کیلئے درخواستیں جمع کریں

سرینگر//سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون کے مطابق جسمانی طور خاص بچوں کے لئے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور اعلیٰ تعلیم کے لئے وظیفہ حاصل کرنے کی غرض سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔یہ وظائف مرکزی سرکار کے ڈیپارٹمنٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز کی جانب سے دیئے جاتے ہیں۔مذکورہ بچوں کے لئے پری میٹرک سکالر شِپ وظیفہ کی درخواستیں 30 ستمبر 2018 جبکہ پوسٹ میٹرک اور اعلیٰ تعلیم وظیفہ کے لئے درخواستوں کی رجسٹریشن31 اکتوبر 2018 تک کرائی جاسکتی ہے۔ یہ درخواستیں نیشنل سکالر شِپ پورٹلhttps://scholarships.gov.in/. پر درج کرائی جاسکتی ہیں۔ڈاکٹر لون نے مستحق بچوں سے کہا ہے کہ وہ اس سکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔
 

لورمنڈا اور لارنو میں آ گ،رہائشی مکان اور گائوخانہ خاکستر

ڈورو//عارف بلوچ// لارنو کھرٹی میں محمد اقبال حجام کا رہائشی مکان آگ کی واردات میں خاکستر ہوا ہے جبکہ لورمنڈاقاضی گنڈ میں سہیل احمد پیر کا گائو خانہ بھی آتشزدگی واردات میں مکمل طور خاکستر ہوا ۔آگ لگنے کی وجوہات بجلی شاٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کئے ہیں۔
 

خان سوپوری کی نظربندی انتقام گیری :پیپلز لیگ 

سرینگر//پیپلز لیگ نے عالمی ریڈکراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ علیل مزاحمتی رہنما غلام محمد خان سوپوری کی رہائی ممکن بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ موصولہ بیان میں لیگ ترجمان غلام قادر راہ نے غلام محمد خان سوپوری کی کورٹ بلوال جیل میں مسلسل نظربندی کو سیاسی انتقام گیری قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان سوپوری کے متعلق حکومتی پالیسی انتہائی بے رحمانہ ہے اور اس کیلئے کوئی آئینی یا قانونی جواز موجود نہیں ہے ۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیاواچ اور حقوق انسانی کے لئے کام کرنے والے دیگر اداروں سے اپیل کی کہ شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی ، مسرت عالم ، ڈاکٹرمحمد قاسم، محمد شفیع شریعتی، ایاز اکبر ،پیر سیف اللہ، نعیم احمدخان ،الطاف احمدشاہ،ماسٹر عبدالرشید وانی،شمس الدین خان، فاروق احمدتوحیدی ، مشتاق الاسلام، غلام محمد بٹ اورراجہ معراج الدین کلوال سمیت سبھی نظر بندوں کی رہائی کے لئے حکومت ہند پر دبائو ڈالیں ۔
 
 

ویری ناگ کا نوجوان14سال سے مقید:زمرودہ حبیب

سرینگر// کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے 14 برسوں سے مقید بٹہ گنڈ ڈورو ویری ناگ کے پیر محمد اشرف کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے کہ عدالتی حکمنامہ کے باوجود اُس کی رہائی میں کیوں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔زمرودہ حبیب نے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر اس غریب سے پولیس کی کیا دشمنی ہے جو13 بار اُس پر پی ایس اے عائد کرکے قید و بند کو طول دیاجا رہا ہے۔بیان کے مطابق مذکورہ نوجوان گذشتہ 14برسوںسے اسیری کی زندگی گزار رہا ہے اور اس وقت مٹن جیل میں مقیدہے۔
 

 ڈاکٹر فاروق کی پروفیسر طلعت کے ساتھ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے نامور ماہر تعلیم اور کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے مرحومہ کے سوگوارکنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
 

گرفتاریاںعوام کو خوف میں مبتلا کرنے کی کوشش:سمجھی

سرینگر// حریت (گ) کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی  انتظامیہ اور افواج پبلک سیفٹی ایکٹ اور افسپا جیسے قوانین کا سہارا لیتے ہوئے کسی بھی معصوم شخص کو تختۂ مشق بنانے، خوف وہراس میں مبتلا کرنے کی کارروائیوں کی پاداش میں کسی مواخذہ سے اپنے آپ کو بری سمجھتے ہیں۔ حریت رہنما نے وردی پوش اہلکاروں کی طرف سے حریت سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنوں کی اندھا دھند گرفتاریوں اور ان کے گھروں پر متواتر چھاپہ مار کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت دفتر پر باورچی ملازم محمد امین کو پی ایس اے کے تحت کورٹ بلوال جیل منتقل کرنا سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال ہے۔
 
 

فورسزپر قدگام شوپیان میں توڑ پھوڑ کرنے کاالزام

شوپیان//قدگام شوپیان کے لوگوں نے الزام لگایاہے کہ اتوارکی شام لری امام صاحب میں جنگجومخالف آپریشن ناکام رہنے کے بعدواپسی پرفورسزنے یہاں مکانات وگاڑیوں کی توڑپھوڑکرنے کیساتھ ساتھ کئی عام شہریوں کوبلاوجہ مارپیٹ کانشانہ بنایا۔قدگام شوپیا ن کے لوگوں نے بتایاکہ لری امام صاحب کاعلاقہ یہاں سے کافی دورپڑتاہے لیکن وہاں اتوارکے روزرونماہوئی صورتحال کی سزافورسزاہلکاروں نے اس گائوں کے لوگوں کودی۔انہوں نے الزام لگایاکہ امام صاحب سے واپسی پرفورسزاہلکاروں نے قدگام میں اودھم مچادی۔لوگوں نے الزام لگایاکہ پتھربازی تولری امام صاحب میں ہوئی لیکن فوجی وفورسزاہلکاروں نے ہمیں بلاوجہ تشددکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ یہاں مکانات کی کھڑکیاں توڑی گئیں،دروازے توڑے گئے ،گاڑیوں کی توڑپھوڑکی گئی ،گھروں میں گھس کرگھریلوسامان تہس نہس کیاگیا اورکئی افرادکابغیرکسی اشتعال کے زدوکوب کیاگیا۔مقامی لوگوں کے بقو ل فوجی اہلکاروں کی مارپیٹ کے نتیجے میں کئی افرادزخمی ہوئے جن میں مزمل اسماعیل ڈار،شیرازاحمدچوپان اوردوسرے کئی شہری بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں آئے دنوں فورسزکے غیض وغضب کانشانہ بنناپڑتاہے  ۔ایک میڈیارپورٹ میں ڈی سی شوپیان اوئیس احمداورایس ایس پی شوپیان سندیپ چودھری کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ قدگام شوپیان میں مبینہ زیادتیوں کی تحقیقات کرائی جائیگی۔
 
 

مسلم لیگ کا فیاض احمد طلاق کی رہائی پر اطمینان

سرینگر//مسلم لیگ نے فیاض احمد طلاق ساکنہ ملکھ ناگ اسلام آباد کی تقریباََ پانچ سال کی اسیری کے بعد رہائی پر اطمنان کا اظہار کیا ہے۔ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق تنظیم کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں ملکھ ناگ گیا جہاں انہوں نے فیاض احمد کومبارکباد پیش کی ۔وفد میںخورشید احمد ڈار اور فیاض احمدبھی شامل تھے۔اس موقعہ پر محمد رفیق گنائی نے کہا کہ دورانِ اسارت کئی جسمانی عارضوں میں مبتلا ہونے اور صحیح علاج ومعالجہ نہ ملنے کے باوجود انہوں نے جس طرح صبر و استقامت کا دامن تھاما اور خندہ پیشانی سے ساتھ قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں وہ زندہ ضمیر کی جیتی جاگتی مثال ہے ۔
 

کرگل زنسکار سیاحتی میلے کیلئے تیاریاں مکمل

ڈپٹی کمشنر نے انتظامات کا جائیزہ لیا

کرگل//کرگل لداخ سیاحتی میلہ2018 جو کہ کرگل میں4 اور5 ستمبر اور پدم زنسکار میں8 اور9 ستمبر کو منعقد ہورہا ہے، کے سلسلے میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔پولو، تیز اندازی، تمدنی پروگرام اور تھنکا میلہ کے علاوہ گھوڑوں کی دوڑ میلے کے دوران لوگوں کی مرکزی دلچسپی کے حامل ہوں گے۔اس میلے کے انعقاد کا مقصد لداخ خطے کی تہذیب و تمدن اور روایات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اس خطے کی جانب راغب کیا جاسکے۔میلے کے دوران خطے کے روائتی پکوان بھی نمائش میں رکھے جائیں گے۔توقع ہے کہ میلے میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ڈپٹی کمشنر کرگل وکاس کُنڈل نے میلے کے لئے محکمہ سیاحت کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا۔انہیں بتایا گیا کہ میلے میں حصہ لینے والے لوگوں کے قیام کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میلے کے احسن انعقاد کے لئے مختلف محکموں کے مابین تال میل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افسروں اور اہلکاروں کو لگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔
 

کمپاملازمین SRO 520کے دائرے سے باہر

حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل

ارشاد احمد
 
گاندربل//مرکزی حکومت کی معاونت والی اسکیم کمپا کے تحت تعینات کئے گئے ملازمین کو SRO520سے باہر رکھنے سے ان ملازمین کا مسقبل تاریک ہوا ہے اور انہوں نے ریاست کو گورنرا ور چیف سیکریٹری سے اپیل کی ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔مرکزی حکومت کی معاونے سے جاری کمپا اسکیم کے تحت سندھ فارسٹ ڈویژن،سوشل فارسٹری گاندربل وپونچھ راجوری میں فائرواچر،واچ اینڈ وارڈ ہزاروں ملازمین  پچھلے کئی برسوں سے تعینات کئے گئے ،جو دن رات جنگلات کی حفاظت کا کام کرنے کے علاوہ،نئے پودے لگانے،جنگلات میں لگی آگ کوبجھانے یا نئی نرسریاں بنانے کاکام کرتے ہیں۔ان ملازمین نے بتایا کہ حال ہی میں ریاست کے چیف سیکریٹری کی صدارت میں ایک میٹنگ میں ان ملازمین کو SRO520سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیاگیا،جس کے باعث ان ملازمیں کا مستقبل تاریک ہوگیا۔ملازمین کے وفد نے ریاستی گورنراورچیف سیکریٹری سے اپیل کی کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرکے  ان ملازمین کو بھیSRO 520کے دائرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبے پر غور نہیں  کیا تو وہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔
 

کرگل میںکھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کا یک روزہ جانکاری کیمپ 

کرگل//ریاستی کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ نے کرگل میں بے روز گار نوجوانوں کو خود روز گار یونٹ قائم کرنے اور انہیں اس سلسلے میں مالی مدد فراہم کرنے کے بارے میں جانکاری دینے کیلئے یک روزہ جانکاری کیمپ منعقد کیا۔کیمپ میں تقریباً120 بے روز گار لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر بورڈ کے ضلع منیجر عبدل ہادی نے شرکاء کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے اُن سے تلقین کی کہ وہ ان سکیموں سے استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاری سے بے روز گار نوجوان نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی روز گار کی سبیل بن سکتے ہیں۔اس موقعہ پر جموں وکشمیر بنک کرگل شاخ کے کلسٹر ہیڈ اور دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں۔
 

تحریک حریت وفد سبزار کے گھر تعزیت پرسی کیلئے گیا 

سرینگر:؍؍ تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد یوسف مکرو، عاشق حسین نارچور اور یاسر احمد پر مشتمل وفد نے سبزار احمد بٹ کھنہ بل اسلام آباد کی پھوپھی جان کے انتقال پر اُن کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تعزیتی مجلس سے محمد یوسف مکرو نے خطاب کرتے ہوئے مرحومہ کے خاندان کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کا لخت جگر تحریک آزادی کی جدوجہد میں شہید ہوچُکا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میںبلنددرجات کی دُعا کی۔
 

دراس میں پہلی بار کل ہند مشاعرہ

شبیراحمد مصباحی کی تصنیف ’تعلیمی نفسیات اور بیداری ‘بھی اجرا

غلام نبی ضیاء
 
کرگل//دنیا کے دوسرے سردترین مقام دراس میں پہلی بار منعقدہ کل ہندمشاعرے کے دوران شبیراحمدمصباحی کی تصنیف ’تعلیمی نفسیات اوربیداری‘اجراء کی گئی۔لداخ کی تاریخ میں پہلی بار سوموارکو دراس میں ایک کل ہند مشاعرے کا اہتمام کیا گیاجس میں ملک کے پندرہ ممتازشعراء نے شرکت کی۔اس موقعہ پر سابق ڈپٹی کمشنراورتاریخ  بلتستان لداخ کے مصنف کاچواسفندیارخان مہمان خصوصی تھے،جبکہ نیوز18کے چنل ہیڈ راجیش رینہ مہمان ذی وقار تھے۔مہمانوں کاخیرمقدم روائتی طور خوشبوجلانے سے کیا گیا۔اس موقعہ پرشبیراحمد مصباحی کی تصنیف ’تعلیمی نفسیات اوربیداری‘بھی جاری کی گئی۔بعدازاں شعراء نے اپنا کلام سنایا،جس میں کشمیراوردراس کی خوبصورتی بیان کی گئی ۔لوگوں اورشعراء نے چنل18کے ہیڈراجیش رینہ کا والہانہ استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجیش رینہ نے کہا کہ یہ خوی کی بات ہے کہ دنیا کے دوسرے سردترین مقام دراس میں بھی اردوکے شیدائی ہیں۔انہوں نے شبیراحمد مصباحی کی بھی سراہنا کی ۔انہوں نے کہا کہ چنل18لداخ خصوصاًدراس کے مسائل ومشکلات کو حکام تک پہنچانے میں اپنا بھرپور تعاون دے گی۔