آسیہ اندرابی طبی سہولیات سے محروم
سرینگر//دختران ملت نے تہاڑ جیل میں آسیہ اندرابی کو طبی سہولیات فراہم نہ کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔تنظیم کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ آسیہ اندرابی کے اہل خانہ نے جیل کے اندر ان سے ملاقات کی تو انہیں پتہ چلا کہ آسیہ کو جیل میں طبی سہولیات میسر نہیں جس کی وجہ سے ان کی طبیعت تشویش ناک حد تک بگڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ انداربی کیلئے بغیر تکیہ بیٹھنا ناممکن ہے کیونکہ وہ گردن کے عارضہ میں مبتلا ہے جبکہ جیل میں ناقص کھانا بھی ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔انہوں نے عالمی تنظیم ریڈکراس سے مانگ کی کہ وہ اس معاملہ کی سنجیدہ نوٹس لے ۔
مانسبل پارک دھماکہ
ایک اور نوجوان پرپی ایس اے عائد
گاندربل//ارشاد احمد// مانسبل پارک میں دوسری عید پر ہوئے دھماکے میں ملوث ایک نوجوان کو گرفتار کرکے پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے سنٹرل جیل کورٹ بلوال جموں منتقل کردیا گیا ہے۔17 جون 2018 کو جب لوگ دوسری عید منانے کی خاطر مانسبل پارک میں مصروف تھے۔تبھی کوڑے دان میں رکھا ہوا بارودی مواد اچانک پھٹ گیا تھا جس کے زد میں آکر درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس نے اس معاملے میں پانچویں نوجوان کو گرفتار کرکے اس پر زیر نمبر DMG/PSA/2018/08 کے تحت پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے سنٹرل جیل کورٹ بلوال جموں منتقل کر دیا۔واضع رہے اس سے قبل چار نوجوان پر دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا ہے ۔
غیر ریاستی آفیسروں کی تعیناتی کا سلسلہ بند کیا جائیـ :مظفر شاہ
سرینگر//سیول سوسائیٹی کارڑی نیشن کمیٹی کے ممبر اور اے این سی کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ 1958ء سے جموں و کشمیر میں غیر ریاستی آئی اے ایس آئی پی ایس اور آئی ایف ایس آفیسروں کی تبدیلی اور تعیناتی کا سلسلہ بند کیا جائے اور ریاست کے KAS درجہ کے مسلمان ، ہندو،سکھ،عیسائی اور بودھ آفیسروں کو ہی انتظامیہ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے مستحق اور حقدار تصور کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آج کی یہ صورت حال قابل ذکر ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں 95فصیدی غیر ریاستی آفسیر تعینات کئے گئے ہیں اور اہم عہدوں پر فائیز ہیں۔ مظفر شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر آئین ساز اسمبلی نے ہی ریاست کے سربراہ کو انتظامی امور کی عمل آوری اور ریاست میں آفسیروں کی تقرری، ترقی اور تعیناتی کا اختیار دیا ہے مرکزی سرکار کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کو سرداری Sovereignty کا درجہ بھی آئین سازاسمبلی نے دیا ہے اور یہ آئین ساز اسمبلی ہندوستان کے آئین کے دفعہ 370کے مطابق وجود میںلائی گئی تھی جسے بعد میں 1952 ء میں دہلی اگر یمنٹ کے تحت منظوری ملی ہے جس میں یہ بات طے پائی ہے کہ تین معاملات کے بغیر ریاست کو تمام امور میں سرداری حاصل رہے گی۔سی ایس سی سی کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ اجیت ڈاوئل کا جموں و کشمیر آئین کے بارے میں مضحکہ خیز بیان آئین اور قانون سے متعلق اْس کی لا علمیت کی بھر پور عکاسی کرتا ہے اور اْن کی یہ نا واقفیت قانون دانوں کے آگے شر ماگئی۔
بائیکاٹ عوامی خواہشات کی ترجمانی:ایڈوکیٹ نظیر
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور پارٹی کے شمالی زون کے سیکریٹری ایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے اپنائے گئے موقف پر نہایت ہی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوام کی خواشہات اور جذبات کی نمائندگی کرتی ہے ۔انہوں نے واضح کر دیا کہ عوامی خواشہات اور جذبات کو مد نظر رکھ کر ہی پارٹی نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ملک کا کہنا ہے کہ ہندوستانی آئین کا دفعہ 35Aریاستی قانون سازیہ کو مذید طاقت ور بناتا ہے اور نیشنل کانفرنس نے کسی بھی حال میں اس منفرد شناخت کو برقرار رکھنے کا تعین کر رکھا ہے اور ریاست کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی نیشنل کانفرس نے ہمیشہ سے ریاستی عوام کی خواشہات اور جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کر کے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہوکے ہر حال میں عوام کا ساتھ دیا ہے۔
سوپور میں ترکھان مکان کی چھت سے گرکر لقمہ اجل
کالاکوٹ راجوری میں نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک
سرینگر//سوپورقصبہ میں ایک جواں سال ترکھان زیرتعمیر مکان کی چھت سے گرنے کے بعددم توڑبیٹھاجبکہ کالاکوٹ راجوری میں ایک نوجوان بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ سوپورمیں بدھ کی شام شاہ آبادعلاقہ میں ایک ترکھان40سالہ محمداشرف بٹ ولدمحمداکبرساکنہ ڈانگرپورہ سوپورایک زیرتعمیرمکان کی چھت سے گرگیا۔مذکورہ جواں سال ترکھان کونازک حالت میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپورپہنچایاگیاتاہم ڈاکٹروں نے اُسے سری نگرمنتقل کیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑبیٹھا۔ادھر ضلع راجوری کے منگروٹ کالاکوٹ گائوں میں بدھ کی شام ایک23سالہ نوجوان غلام عباس اُسوقت بجلی کرنٹ کی زدمیں آگیاجب وہ یہاں محکمہ پی ڈی ڈی کے نصب کردہ بجلی ٹرانسفارمرکی مرمت کررہاتھا۔مذکورہ نوجوان کونازک حالت میں اسپتال منتقل کیاگیالیکن وہ یہاں دم توڑبیٹھا۔
۔7کشمیری مزاحمتی لیڈروں اور تاجرکی عدالت میں پیشی
سرینگر//مبینہ طورپرحوالہ نیٹ ورک کے ذریعے رقومات لینے کی پاداش میں گزشتہ تقریباً14مہینوں سے تہاڑجیل میں نظربند7کشمیری مزاحمتی لیڈروں اورایک معروف کشمیری تاجرکوجمعرات کو پٹیالہ ہائوس کورٹ میں پیش کیاگیا۔کیس کی سماعت کے بعدمذکورہ عدالت کی خاتون جج نے اس کیس کی اگلی شنوائی کیلئے10،اکتوبرکی تاریخ مقررکردی۔خیال رہے سینئرمزاحمتی لیڈرنعیم احمدخان ،الطاف شاہ ،ایازاکبر،پیرسیف اللہ ،شاہدالاسلام،معراج کلوال ،فاروق ڈارالعروف بٹہ کراٹے کوقومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے 24جولائی2017کوسرینگراورنئی دہلی میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران گرفتارکیاتھاجبکہ لگ بھگ 2ہفتے بعد4اگست 2017کومعروف کشمیری تاجرظہوروٹالی کوبھی این آئی اے کی ایک ٹیم نے سرینگرسے حراست میں لیکرنئی دہلی منتقل کیاتھا۔(کے این ایس)
ڈوول کا بیان تاریخ کو مسخ کرنے کے مترادف:تاریگامی
سرینگر//جموں کشمیر کے علیحدہ آئین پر نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کے بیان کو سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے حقیقت اور تاریخ کو مسخ کرنے کے متراد ف قرار دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر نے ہندوستان کے ساتھ اس ضمانت کے ساتھ الحاق کیاہے جو اسے آئین ہند نے دی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ یہ آئین ساز اسمبلی تھی جس نے دفعہ 370کو آئین میں شامل کیا جس کی بنیاد پر جموں وکشمیر کا وفاق کے ساتھ آئینی رشتہ بنا۔تاریگامی نے کہاکہ دفعہ 370آئین ہند کا واحد ایسا دفعہ ہے جو براہ راست جموں و کشمیر میں قابل عمل ہے ،یہ کوئی عارضی طریقہ کار نہیں بلکہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کا ایک حصہ ہے۔ان کاکہناہے کہ 1947میں تقسیم کے وقت ماسوا ئے جموں وکشمیر تمام ریاستوں نے جلد یا دیر مرکزکے ساتھ بغیر کسی شرط کے الحاق کیا اور یہ ریاستیں آئین ہند و تسلیم کرتے ہوئے ہندوستا ن کا حصہ بن گئیں تاہم جموں و کشمیر واحد ایسی ریاست تھی جس نے وفاق میں رکنیت کیلئے شرائط پر بات چیت کی اوراسی نتیجہ میں مرکز اور ریاست کا رشتہ قائم ہوا لیکن جموں وکشمیر کا اپنا آئین شامل کیاگیا جو اس کی اپنی آئین ساز اسمبلی نے تیار کیاتھا۔تاریگامی نے کہاکہ ریاست میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کا سامنا انہی عوامل کا نتیجہ ہے جن میں ریاست کو حاصل خود مختاری چھینی گئی اور تاریخ و حقائق کو مسخ کرنے سے یہ بحران مزید پیچیدہ بنے گا۔
سوپور میں دوران شب ہوزری دکان کاصفایا
غلام محمد
سوپور//سوپور میں گزشتہ شب کے دوران نقب زنوں نے ایک ہوزری دکان کولوٹ لیا۔تفصیلات کے مطابق 5اور6ستمبر کی درمیانی شب کو نامعلوم افراد نے شاہ فیصل مارکیٹ میںایک دکان میں نقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کاہوزری سامان اُڑالیا۔مالک دکان محسن علی کے مطابق جمعرات کی صبح وہ جب دکان کھولنے مارکیٹ میں آیا تو اُسے اپنی دکان ’سنیکرپوائنٹ‘کوتوڑکردیکھتے ہی دھچکہ لگا۔ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر محمداشرف گنائی مء چوری کی اس واردات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ قصبے میں چوری کی وارداتوں میںاضافے کی وجہ سے تجارت تباہ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا حکام قصبے میں چوری کی وارداتوں پر قدغن لگانے میں ناکام ہوئے ہیں۔ادھر ایس ایچ او سوپورنے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس نے کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پانی کے وسائل کومنصفانہ طور بروئے کار لانے کی ضرورت:سیکریٹری پی ایچ ای
سرینگر//پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے متعلقہ محکموں کے انجینئروں پر زور دیا ہے کہ وہ زمینی سطح پر نگرانی میں اضافہ کریں تا کہ لوگوں کو پینے کے پانی اور آبپاشی کی بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔سیکرٹری موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ان محکموں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مقامی آبادی کے رابطے میں رہ کر اُن کی مشکلات کو حل کریں۔سیکرٹری نے کہا کہ وادی کے کئی علاقوں میں لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قدرت نے پانی کے بے شمار وسائل سے مالا مال کیا ہے تا ہم انہیں منصفانہ طور بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ این آر ڈبلیو ڈی پی کے تحت265 سکیمیں ہاتھ میں لی گئی ہیں جن میں سے73 سکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ پانی کی قلت والے علاقوں میں 1150 ہینڈ پمپ نصب کرے گا جن میں سے اب تک612 مکمل کئے گئے ہیں اور باقی ماندہ پمپوں کو مارچ2019 تک مکمل کیا جائے گا۔اس موقعہ پر وادی کے مختلف علاقوں میں عملائی جارہی سکیموں اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا گیا۔سیکرٹری موصوف نے عام لوگوں سے اپیل کی وہ پانی کا منصفانہ استعمال کریں۔ انہوں نے تمام فلٹریشن پلانٹوں کے بہتر رکھ رکھاؤ اور پانی کا تجزیہ کرنے کی لیبارٹریوں کو بڑھاوا دینے کی بھی ہدایات دیں۔چیف انجینئر پی ایچ ای، آبپاشی و فلڈ کنٹرل کشمیر ایم ایم شاہ نواز، چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر عبدالواحد اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
چرارشریف میںمارکیٹ چیکنگ
گلی سڑی سبزیاں ضائع کردی گئیں
سرینگر// حکام نے چرار شریف کے بازاروںکے معائنہ کے دوران گلی سڑی سبزیوں کو ضائع کرنے کے علاوہ صارفین کیلئے مخصوص گھریلو استعمال کے دو گیس سلنڈر اور ایک کلو پالتھین کوضبط کیا ۔ تحصیلدار کے مطابق دکانداروں سے تین ہزار روپیہ کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا ۔ تحصیلدار چرار شریف کی ہدایت پر نائب تحصیلدار اور ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی کی سربراہی میں ٹیم نے چرار شریف کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس دوران گلی سڑی سبزیوں کو ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ دو گیس سلنڈروں اور ایک کلو پالتھین کو ضبط کیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ دکانداروں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ صارفین کو مناسب داموں میں سبزیاں اور دوسری اشیاء فروخت کریں بصورت دیگر اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تحصیلدار چرار شریف نے اس بات کی تصدیق کی کہ چرار شریف میں دکانداروں سے تین ہزار روپیہ کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل کے دوسرے علاقوں میں بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
موسم سرما کے پیش نظر کرگل ضلع میں اشیائے ضروریہ کا سٹاک یقینی بنانے کی ہدایت
کرگل//ڈپٹی کمشنر کرگل وِکاس کنڈل نے متعلقہ حکام کو موسم سرما کے پیش نظر مقررہ مدت کے اندر اشیائے ضروریہ کے سٹاک کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات ضلع میں موسم سرما کے پیش نظر اشیائے ضروریہ ، تعمیری مواد کے سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائزہ لینے کی غرض سے طلب کی گئی ایک میٹنگ کے دوران دیں۔میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے سٹاک او رسپلائی پوزیشن کے حوالے سے حصولیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے وِکاس کنڈل نے متعلقین سے کہا کہ وہ اشیائے ضروریہ بشمول پیٹرول ، رسوئی گیس ، تعمیری مواد ، ادویات ، تعمیر اتی لکڑی ، بالن کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء کی سٹاک کو وافر مقدار میںدستیابی یقینی بنائیںتاکہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 74000 کوئنٹل چاول، 23000کوئنٹل آٹا، 2600 کوینٹل کھانڈ،385 کلومیٹر تیل خاکی،48000 ایل پی سلنڈر ضلع کے مختلف مقامات پر سٹور کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں موجود انڈین آئیل کارپویشن لمٹیڈ کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ وہ ضرورت کے مطابق ضلع میں پیٹرول اور ڈیزل کی معقولیت کو یقینی بنائیں گے۔میٹنگ میں ضلع افسران کے علاوہ دیگر متعلقین نے بھی شرکت کی۔
بانڈی پورہ میں صحافیوں کیلئے جانکاری ورکشاپ
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں پریس انفارمیشن بیورو گورنمنٹ آف انڈیا سرینگر کی جانب سے صحافیوں کیلئے جانکاری ورک شاپ منعقد کیا گیا ، جسمیں بانڈی پورہ اور گاندربل کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ورکشاپ کے دوران ڈائریکٹر پی آئی بی غلام عباس چوہدری اوربارہمولہ ڈگری کالج میں شعبہ ماس کمیونیکیشن کے پروفیسرپرویزمجید لون اور دیگرشخصیات نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔ورکشاپ کاافتتاح ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے کیا ۔
پارٹی رکن کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق اور عمر کا اظہار رنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن اور سماجی شخصیت غلام نبی بٹ آف نمچہ بل فتح کدل،خانقاہِ معلی کے تاجر غلام نبی صوفی اور ہرپورہ شوپیان کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیت بشیر احمد گنائی (برادر نسبتی شیخ محمد شفیع سابق ایم ایل اے شوپیان) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی و بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس، یوتھ صوبائی صدر سلمان علی ساگر نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پارٹی کے سینئر لیڈران سکینہ ایتو، عبدالمجید لارمی، محمد الطاف کلو، شوکت حسین گنائی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ڈاکٹر محمد شفیع ، عمران نبی ڈار اور غلام محی الدین میر نے بھی خواجہ بشیر احمد گنائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ لیڈران نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔
فاریسٹ ایمپلائز فیڈریشن صدر کے ساتھ ملازمین کا اظہار تعزیت
سرینگر// فاریسٹ ایمپلائز فیڈریشن کے ریاستی صدر فاروق احمد کاو کے ماموں جان غلام محمد ہاگرو ساکن گرگڑی محلہ زینہ کدل سرینگر مختصر علالت کے بعد5 ستمبر کو انتقال کر گئے۔فاریسٹ ایمپلائز فیڈریشن کے ذمہ داروں نے فاروق احمد کاو سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس غم میں برابر شریک ہے اور اللہ تعالی سے دعا گو ہے کہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دئے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
لہہ میںریاستی وومن
ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا بیداری کیمپ
لیہہ//ریاستی وومن ڈولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول لیہہ میں خواتین صنعت کاروں کے لئے ایک بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔یہ کیمپ نیشنل مائینارٹیز ڈیولپمنٹ اینڈ فائنانس کارپوریشن کی طرف سے سپانسر کیا گیا تھا۔خواتین کے لئے نامزد کونسلر رنچن لامو نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کی جبکہ کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناہید سوز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور مختلف سیلف ہیلپ گرؤپوں کے ممبران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے کونسلر موصوف نے کارپوریشن کی مختلف سکیموں سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کی شرکاء سے تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کی بدولت خواتین کو روز گار کمانے اور اپنے خوابوں کوشرمندۂ تعبیر کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناہید سوز نے ضلع کی خواتین کی سراہنا کرتے ہوئے تمام سکیموں کے تعاون سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے خواتین کی بہبودی کے لئے شروع کی گئی سکیموں خاص طور بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت خواتین کی بہبود میں کافی مدد ملی ہے۔کیمپ میں دیگر کئی مقررین نے بھی خطاب کیا۔بعد میں اُن مستفیدین جنہوں نے اپنے قرضے واپس ادا کئے ہیں، کے حق میں این او سی جاری کئے گئے۔
کڈنی اسپتال میں امن دیپ ہیلتھ کیئرکامفت امراض قلب کا کیمپ
سرینگر//شمالی بھارت کے معروف ہیلتھ کیئرگروپ امن دیپ اسپتال نے وادی کے لوگوں کو مناسب قیمت پرعالمی معیار کی صحت سہولیات بہم رکھنے کیلئے کڈنی اسپتال سرینگر میں او پی ڈی شروع کیا ہے ۔اس سلسلے میں امن دیپ میڈسٹی کے ڈائریکٹر کارڈیک سائنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹریدوندرسنگھ8ستمبر کو4بجے سے شام7بجے تک اور9ستمبرکوصبح8.30بجے سے11بجے تک مریضوں کاملاحظہ کریں گے۔ موصوف شمالی ہندوستان کے معروف ماہر امراض قلب ہیںاوراسٹنٹ لگانے میں نئی تیکنیک استعمال کرتے ہیں جس میں درد کم ہوتا ہے اور خون بھی زیادہ ضائع نہیں ہوتااورمریض کو کچھ دن بعد ہی اسپتال سے رخصت کیاجاتا ہے۔یہ اسٹنٹ لگانے میں بھی دیگر تیکنیکوں سے سستا ہے۔آج تک ڈاکٹر موصوف ہزاروں مریضوں کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔امن دیپ اسپتال مریضوں کومناسب قیمت پر بہتر علاج فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ پیش پیش ہے اور اسی کے تحت ایک ماہ تک جاری مفت امراض قلب کے او پی ڈی کااہتمام کیا ہے۔ 25فیصد رعایت پرایکوٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔ مریض فون نمبر0194-2500919 & 91154-05302پراپوینٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
ترکانجن واقعہ دلدوز:جمعیت علماء
مجرموںکوسخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ
سرینگر// جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیر نے ترکانجن بونیار میں پیش آئے دلدوز اور دردناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مجرموںکوسخت سے سخت سزا دینے کی مانگ کی ہے ۔جمعیت علماء نے کہا کہ ریاست کا بچہ بچہ، بزرگ وجوان اورمرد وزن مظلوموںکو انصاف دلانے میں ان کے ساتھ ہیں اور مجرموں کو سخت سزا دلانے کی جدوجہد میں یک زبان ہیں۔ جمعیت کے سیکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی (مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ )نے کہا کہ ولیوں کی سرزمین میں ایسے واقعات کا رونما ہونا یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ آخر ایسے واقعات کیوں رونما ہوتے ہیں اوراس کے ذمہ دار کون ہیں۔انہوں نے کہا’’ ہم سب کو مل بیٹھ کر اور آپسی ناراضگیوں اور گلے شکوے چھوڑ کر ایسے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کیلئے کمر بستہ ہونا چاہئے ۔مولانا قاسمی نے کہا کہ ایسے مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف مجرموں کا خاتمہ ہوجائے بلکہ جرائم کا بھی نام ونشان باقی نہ رہے۔جمعیت علماء نے مساجد کے ائمہ وخطباء سے گذارش کی کہ اپنے اپنے خطبات میںترکانجن بونیار اور اس جیسے دیگر واقعات کی مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اصلاح معاشرہ کیلئے تن من دھن سے کام کرنے کی ترغیب دیں۔
شبیر شاہ کی صحتیابی کیلئے دعا کریں، فریڈم پارٹی کی اپیل
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے ائمہ مساجد اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ آج نماز جمعہ کے موقع پرسینئر مزاحمتی قائد اور فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتما کریں۔ شبیر شاہ دلی کے تہاڑ جیل کے اندر کئی امراض میں مبتلاء ہوئے ہیں اور اُنہیں عدالتی احکامات کے باوجود مناسب علاج و معالجہ فراہم نہیں کیا جارہا ہے جس سے جیل کے اندر قید تنہائی کے ایام گذارنے والے شبیر شاہ کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ ائمہ مساجد اور خطباء حضرات کے نام اپنی اپیل میں فریڈم پارٹی ترجمان نے کہا کہ شبیر شاہ کوجولائی 2017میں گرفتار کرکے دلی پہنچایا گیا تاکہ اُنہیں اُن کی اُس دلیرانہ سیاست کی سزا دی جائے جس کا کھلا اظہار وہ اپنی ساری زندگی کرتے آرہے ہیں۔
نوگام سوناواری میں احتجاج
سڑک پرغیر معیاری میکڈم بچھانے کا الزام
ارشاد احمد
سوناواری//سمبل سوناواری کے نوگام علاقہ میں سڑک پرمبینہ طور ناقص اور غیر معیاری میکڈم بچھانے کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے نوگام چوک سے گنڈ نوگام تک تین کلومیٹرپر مشتمل رابطہ سڑک پر میکڈم بچھایا جارہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق کئی برسوں کے بعد اس سڑک پر تارکول بچھانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ غیرمعیاری ہے۔اس بارے میںضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر ناقص مواد ڈالا جارہا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سکمز میں شکیل یوسف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج
سرینگر//شیر کشمیر میڈیکل انسٹچوٹ میں کام کر رہے سینکڑوں ملازمین نے این آئی اے کے ہاتھو ںادارے کے ایک سینئرملازم سید شکیل احمد کی گرفتاری کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔ملازمین کی انجمن نگوا کے ایک بیان کے مطابق احتجاجی ملازمین نے سید شکیل یوسف کوفوری طور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی ملازمین میں گزیٹیڈ ،نان گزٹیڈ اورٹیکنکل ملازمین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ انہوںنے جمعرات کی صبح سکمز احاطے میں جمع ہو کر اپنے ساتھی ملازم سید شکیل احمد کی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ معلوم رہے کہ حزب سربراہ سید صلاح الدین کا فرزند سید شکیل یوسف سکمز میں سینئر لیب ٹکنشن کے بطور تعینات ہے،جس کو30اگست کو این آئی نے شبانہ چھاپے کے دوران اپنی رہائش گاہ واقع رام باغ سرینگر سے گرفتار کر کے دلی پہنچا دیا جہاں انہیں این آئی اے عدالت نے 10 روز کی پولیس تحویل میں دیا ہے ۔واضح رہے کہ سید شکیل کے چھوٹے بھائی کو فنڈنگ کیس کے الزام میں گزشتہ سال گرفتار کیا تھا جو تہاڑ جیل میں مقید ہے ۔اس دوران سکمز ملازمین یونین اور نان گزیٹیڈ ایمپلائز یونین کے صدر اشتیاق بیگ نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ملازم کو فوری طور رہا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار نے شکیل یوسف کو فوری طور رہا نہیں کیا تو سکمز کے اہم شعبہ جات ہڑتال پر جانے سے پر مجبور ہو جائیں گے۔
ٹنگمرگ میں دھان کی فصل تباہ
ہزاروں کنال اراضی بلاسٹ بیماری کی لپیٹ میں
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ کے کئی دیہات میں دھان کی فصل بلاسٹ بیماری کی لپیٹ میں آنے سے زمینداروں میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے ۔ٹنگمرگ چھاندل ، وانی گام، تمبرہامہ،کلہامہ ،دار ہامہ،ہری اوٹنو، تریرن،شراے، کٹہ پورہ ،دیو بگ اورکڈی بگ سمیت کئی دیہات میں گزشتہ کئی روز سے دھان کی فصل بلاسٹ بیماری کا شکار ہوگئی ہے جس کی وجہ سے زمیندارطبقہ فکر مند دکھائی دے رہاہے۔ہری اوٹنو کے ایک زمیندار عبدالجبار نے بتایا کہ جس طرح بلاسٹ بیماری بے قابو ہوکر تیزی کے ساتھ ٹنگمرگ اور کنزر میں پھیل گئی ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال موسم بہتر رہنے کے باوجود زمیندار طبقہ کی محنت ضائع ہوجائے گی۔اس دوران زمینداروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت قبل از وقت موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔ زمینداروں نے ضلع اورصوبائی انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ انہیں مقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔
دنیشور شرما کی گاندربل میں سیاسی وسماجی وفود سے ملاقات
ارشاد احمد
گاندربل//مرکزی مذاکرات کار دنیشور شرما نے جمعرات کو منی سیکریٹریٹ گاندربل میں سیاسی،سماجی اور عوامی وفود سے ملاقات کی۔حلقہ انتخاب کنگن سے نیشنل کانفرنس کی جانب سے چار رکنی وفود نے ملاقات کی جبکہ سیول سٹیزن فورم گاندربل ، ڈگری کالج گاندربل میں زیر تعلیم طلاب اورمختلف علاقوں سے آئے ہوئے سماجی فورموں سے وابستہ وفودسمیت کئی تنظیموں نے ان سے ملاقات کی اور مختلف مسائل پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ سیاسی جماعتوں سے وابستہ وفود نے دنیشور شرماسے کہا کہ ہندو پاک کو حریت کانفرنس سمیت دیگر اداروں سے بات چیت شروع کرکے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پہل کرنی چاہئے ۔ڈگری کالج گاندربل کے طلاب نے کالج کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ٹنل کے آر پار زلزلے کے جھٹکے
سرینگر//ٹنل کے آر پار اور ہندو پاک کے کچھ علاقوں سمیت جمعرات کی 8بجکر34منٹ پر کچھ سیکنڈوں کے لئے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم اس دوران کسی بھی علاقے سے کسی نقصان کی کو ئی اطلاع نہیں ہے ۔محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے زلزلے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کہ زلزلہ ہلکے نوعیت کا تھا جو 3.2کی شدت سے ریکٹر سکیل پر مانپا گیا۔
فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوںکی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
سری نگر//کمشنر فوڈ سیکرٹری ڈاکٹر عبدالکبیر ڈا ر نے ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں قائم فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام کے عمل اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران کمشنر کو پچھلے چار مہینوں کے دوران فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں عمل میںلائے گئے مختلف ٹیسٹوں اور حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 1125 نمونوں میں سے 764 نمونوں کی جانچ کی گئی اور 361نمونے درست نہیں پائے گئے۔اس موقعہ پر پبلک اننالسٹ اور فوڈ انالسٹوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ جانچ کئے گئے نمونوں کے بارے میں رِپورٹ پیش کریںاور اس سلسلے میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ لیبارٹری پرایکٹسس عمل میں لائیں۔کمشنر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ اپنی نوعیت کی منفرد فوڈ لیبارٹریوںکو استعمال میںلائیں اور خوراک سے متعلق نمونوں کی جانچ کے لئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کے اقدامات کریں۔ میٹنگ میں کنٹرولر ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن جے اینڈ کے لوٹیکا کھجوریہ، اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی ایچ کیو ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن جے اینڈ کے ، اسسٹنٹ کنٹرولر فوڈ ایچ کیو ، اسسٹنٹ انجینئر ایم ای ڈی سری نگر ، فوڈ اننالسٹس کشمیر پراویژن ، پبلک اننالسٹ پبلک ہیلتھ لیبارٹری جموں / کشمیر اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بعد میں کمشنر نے لیبارٹری کے مخِتلف سیکشنوں کا معائینہ کیا جن میں بائیو کمسٹر ی اور مائیکرو بیالوجی شامل ہے۔
آصف سلطان کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے: صحافی بغیر سرحد
سرینگر//صحا فی بغیر سر حد نامی تنظیم نے وادی کے نو جوان صحا فی اور کشمیر نریٹرکے اسسٹنٹ ایڈیٹر اا صف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہو ئے کہا کہ ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات واپس لئے جائیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ آصف گزشتہ 10روز سے پولیس کی حراست میں ہے جو کہ سراسر جمہوری اور انسانی حقوق کی پامالی ہے ۔صحا فی بغیر سر حد نامی تنظیم کے ایشیائی سر براہ ڈینئل باسٹرڈنے بتایا ہے کہ کسی بھی صحا فی کو بغیر ثبوت کے پولیس حراست میں رکھنا نا قا بل قبول ہے ۔انہوں نے ریاستی حکومت سے مانگ کرتے ہو ئے آصف سلطان کو رہا کر نے اور ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں ریاستی انتظامیہ سے مانگ کی کہ جن پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر تے ہو ئے نو جوان صحافی کو جھوٹے الزامات کے تحت پابند سلاسل رکھا ان کے سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
انتخابات کے پیش نظر
گرفتاریاں بوکھلاہٹ:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کے پیش نظر پولیس کی طرف سے شروع کی گئی گرفتاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی خاطر پورے کشمیر کو فوج اور پولیس کی تحویل میں دینے سے یہ عیاں ہوجاتا ہے کہ کشمیری عوام ہمیشہ ہندوستان کے ہر انتخابی عمل کو مسترد کرتے آئے ہیں۔ لیگ ترجمان سجادایوبی نے کہا کہ الیکشن جیسے جمہوری عمل کو عملانے کے لئے طاقت کے بیجا استعمال اور قیدخانوں کا سہارا لے کر عوام کو تکالیف اور تشدد سے دوچار کیا جارہا ہے بلکہ پچھلے چند دنوں میں تھانوں اور جیلوں کو بے گناہوں سے آباد کیا گیاجو قابل مذمت ہے۔
ترال کا نوجوان لاپتہ
سرینگر // چندر ی گام ترال سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ طاہر احمد خان ولد علی محمد خان2 ستمبر کو اپنے گھر سے پراسرار طور لاپتہ ہو گیا ہے۔ یہ نوجوان سرینگر کے ایک ہوٹل میں کام کررہا تھا۔ اسکی گمشدگی کے بعد ا سکے لواحقین میں زبردست تشویش پھیل گئی اور انہوںنے ایک گمشدفی رپورٹ پولیس تھانہ اونتی پورہ میں درج کرا ئی ہے۔ (سی این ایس)