مزید خبرں

موجودہ صورتحال تشویشناک:محاذ آزادی

سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے ایک اجلاس میں جموں کشمیر کے طول و عرض میںفوجی محاصروں ،تلاشیوں اورگرفتاریوں کے جاری سلسلے کی مذمت کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دئے گئے ہر پروگرام کی بھر پور حمایت جاری رکھی جائے گی۔اجلاس تنظیم کے صدر محمد اقبال میر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نائب صدر قطب عالم ،جنرل سیکریٹری جمشید عادل،سیکریٹری ارشاد حسین ،ڈاکٹر علی محمد وانی،نذیر احمد ،منظور احمد بٹ اور شبیر احمد کے علاوہ تمام مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ پارلیمنٹ الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جائے گی۔
 
 
 

پولیس نے حاجن میں بھنگ کی کاشت تباہ کی 

سرینگر//منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس اور ایکسائز محکمہ نے حاجن کے مختلف علاقوں میں بھنگ کی کاشت کو ضائع کیا۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقار آزاد کی ہدایت پرڈی ایس پی حاجن کی نگرانی میں ایس ایچ او نے ایکسائز محکمہ کے ہمراہ ماڈون ، باٹ گنڈ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں اُگائی گئی بھنگ کی فصل کو تباہ کیا۔ مقامی لوگوں ، ذی عزت شہریوں اور نوجوانوں نے بانڈی پورہ پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف چلائی جارہی مہم کو خوب سراہا  ۔
 
 
 

گاندربل  کے 45 طلبہ بھارت درشن دورے پر روانہ 

سرینگر//گاندربل پولیس کے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گاندربل پیوش سنگلا اور ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال نے ضلع پولیس لائنز میں گاندربل کے مختلف علاقوں کے45طلبہ کو بھارت درشن دورے پر روانہ کیا۔ اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی گاندربل نے دورے پر جانے والے طلبا سے بات چیت کی ۔ انہوںنے طلبا سے تاکید کی کہ دورے کے دوران تواریخی مقامات پر جانے کا انہیں موقع میسر آئے گا ،لہذا اس موقعے کا بھر پور فائدہ اُٹھایا جانا چاہئے۔ انہوںنے اس موقعے پر مزید کہاکہ ایسے دوروں سے بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ ساتھ تجربہ اور خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس تقریب میں اے ایس پی گاندربل ، ڈی ایس پی ڈی اے آر ، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر گاندربل اور ضلع کے دوسرے پولیس اور سیول آفیسران موجود تھے۔
 
 

ایڈوکیٹ ککرو کی خدمات ناقابل فراموش:مجلس عمل

سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے سرکردہ رکن ،معروف ماہر قانون اور میرواعظ مولوی محمد فاروق کے قریبی عزیز اور سیاسی رفیق ایڈوکیٹ عبدالحمید ککرو ساکن بارہمولہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی رحلت کو تنظیم کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔بیان کے مطابق تنظیم کے ایک اجلاس میں مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ تنظیم کے سیاسی اور فلاحی پروگراموں کے فروغ کی پاداش میں جب مولوی فاروق اور تنظیم کی قیادت کو پابند سلاسل کرکے عذاب و عتاب سے گزارا گیا تو مرحوم ککروبھی اس قافلے میںشامل تھے ۔اجلاس میں مرحوم کی استقامت اور تنظیم اور قیادت کے تئیں وفاداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کیلئے انکی مثبت سرگرمیوں کو ایک مثال قرار دیا گیا۔اس دوران سربراہ تنظیم و حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے مرحوم مرزا سیف الدین احمد (ریٹائرڈ سیشن جج) کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت ویکجہتی کا اظہار کیا۔
 
 

کیرلہ سیلاب زدگان کیلئے امداد کریں:ڈاکٹر الکندی

سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے ملت اسلامیہ کشمیر اورجمعیت سے وابستہ ائمہ مساجد ، انتظامیہ اور خطباء  کو آنے والے جمعہ کے موقع پر کیرلہ سیلاب زدگان کیلئے خصوصی چندہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمع شدہ رقم دفتر جمعیت میں بعوض رسید جمع کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو کبھی جان ومال کی ترقی اور کبھی تنزلی سے آزماتا ہے تاکہ صبر کرنے والوں اور انسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ایک دوسروں کے کام آنے والوں کی پہچان ہو اور ہر طبقہ اللہ کے احکامات کی بجا آوری اور انسانی ہمدردی پر اجر عظیم کے طور پر جنت الفردوس میںاپنا مقام بنا سکے۔
 
 

کولگام میں غیر مہذب حرکات کا مرتکب درزی گرفتار

سرینگر//کولگام پولیس اسٹیشن میںدرج کی گئی ایک تحریری شکایت کہ ایک شخص دکان میں غیر مہذب حرکات انجام دے رہا ہیں،کے بعد ایس ایچ او کولگام کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے دکان پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود سبزار احمد میر ساکنہ آری گنتو کو ایک دوشیزہ کے ساتھ غیر مہذب حرکات انجام دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ مذکورہ شخص پیشہ کے لحاظ سے درزی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 157/2018کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے 
 
 
 
 
 
 
 

سونر ونی میں سرکاری اراضی خالی کی جائے

 چیف انجینئر بیکن کوصوبائی کمشنر کی ہدایت

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے چیف انجینئر بیکن کو سونرونی بانڈی پور ہ میں سرکاری اراضی پر فوری طور غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ صوبائی کمشنر کو ایک میٹنگ میںبتایا گیا کہ کھائیر سونرونی میں بیکن کی تحویل میں 41کنال 5مرلہ اراضی ہے جس کے بعد صوبائی کمشنر نے یہ اراضی خالی کرکے ترقیاتی مقاصد کے لئے استعمال میں لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کو20دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں کئی متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
 
 

میرواعظ اورمزاحمتی جماعتوں کی نواز شریف سے تعزیت

سرینگر// حریت(ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف کی شریک حیات کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں میرواعظ نے مرحومہ کو ایک اعلیٰ صفات کی حامل خاتون قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے انکی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ میرواعظ نے کہا ہے کہ غم و الم کی ان گھڑیوں میں ہم شریف خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے ۔ماس مونٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی۔فریدہ بہن جی نے مرحومہ کو ایک ملنسار خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تئیں مرحومہ کا موقف واضح تھاجبکہ ریاست میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر ہمیشہ انکا دل پسیج جاتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کا کشمیر سے گہر ارشتہ تھاجس کی وجہ سے کشمیر کیلئے ہر وقت انکا دل دھڑکتا تھا۔ پیپلز لیگ کے چیئر مین شیخ محمد یعقوب اور سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے گہر ے دکھ کا اظہارکیا۔انہوں نے لیگ قیادت اور اراکین کی طرف سے تعزیتی پیغام میں نواز شریف اور انکے اہل خانہ سے گہر ی ہمدردی اور تعزیت کر تے ہو ئے مر حومہ کی جنت نشینی کی دعا کی۔
 
 

قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا:مزاحمتی خیمہ

جبروتشدد سے عوام کو پشت بہ دیوار نہیں کیا جاسکتا:سمجھی

سرینگر//حریت (گ) کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے ہندواڑہ معرکے میںجاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ ’ہماری نوجوان نسل کی ان عظیم قربانیوں کو تاریخ کشمیر میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ‘۔انہوںنے کہا کہ ان قربانیوں کے ساتھ وفا کرتے ہوئے ان کے مقدس مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سمجھی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاست کے طول وعرض میں عوام کے ساتھ فوج اور پولیس ٹاسک فورس کی طرف سے کارروائیاں جاری رکھنے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چیرہ دستیوں سے ریاستی عوام اپنے حقِ خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال پورہ کوکرناگ کے فیروز احمد حجام ولد غلام رسول حجام کو کھنہ بل ایس ٹی ایف کے اہلکاروں نے 5ستمبر کو گرفتار کرکے شدید جسمانی ٹارچر کا شکار بنایا۔ فیروز احمد کو ناڑورہ کیمپ کے حوالہ کیا گیا جہاں اُس کی شدید مارپیٹ کی گئی اوراس کے گلے پر گہرے زخم لگنے کے بعد اسلام آباد اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے اُسے صدر اسپتال سرینگر منتقل کرکے نیم مردہ حالت میں چھوڑا گیا ہے اور اس وقت بھی وہ اسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ پیپلز لیگ کے ایک وفد نے لیاقت احمد لون کے گھر واقع ہرون سوپور جاکر تعزیت پرسی کی۔وفد کی قیادت لیگ کے سینئر رہنما محمد مقبول صوفی کررہے تھے۔ماس مونٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے جان بحق ہوئے نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔بیان کے مطابق ماس مونٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے خون نے رواں تحریک کو عالمی ایوانوں تک پہنچایا۔
 
 

محرم الحرام 1440ہجری

 بانڈی پورہ اوربڈگام میں انتظامات کا جائیزہ لیا گیا

بانڈی پورہ+بڈگام//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ضلع کے شادی پورہ، سمبل اور دیگر ملحقہ علاقوں میں قائم امام باڑوں کا دورہ کر کے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ضلع میں محرم الحرام کے انتظامات کے تحت58 امام باڑوں میں بجلی کی بلا خلل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔اس کے علاوہ ہر اما م باڑہ میں ایک ہزار لیٹر گنجائش والی پانی کی دو ٹینکیاں بھی دستیاب رکھی جارہی ہیں۔امام باڑوں میں انورٹر دستیاب رکھنے کے لئے 32 لاکھ روپے جبکہ ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے لئے30 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔شیعہ آبادی والے علاقوں میں پانی کے ٹینکر دستیاب رکھے جانے کے علاوہ پینے کے پانی کی سپلائی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے7 لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لئے میونسپل کمیٹی کو3.50 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔محرم الحرام کے جلوسوں کی برآمدی کے پیش نظر مختلف سڑکوں کی تعمیر و تجدید پر27.50 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔دورے کے دوران کئی ضلع افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔اِدھر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام خورشید احمد ثنائی نے ضلع کے مختلف شیعہ اکثریتی علاقوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔دورہ کے دوران انہوںنے امام باڈہ ماگام اور سونہ پاہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے محرم جلوسوں کے لئے کئے گئے انتظاما ت کا مفصل جائزہ لیا۔اس دوران کئی عوامی وفود نے بھی اُن سے ملاقات کی اور اپنے مسائل اُن کے سامنے رکھے۔
 
 
 

ڈاکٹر فاروق کا اظہارتعزیت 

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق جج مرحوم سیف الدین مرزا کی اہلیہ کے انتقال پر نشاط جاکر لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ اس موقع پر مرحومہ کے حق میں مغفرت اورلواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ ڈاکٹر فاروق نے پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، شیخ محمد رفیع،شبیر احمد میر اور مشتاق احمد گورو بھی تھے۔
 

 پولیس نے ہیلپ لائن نمبرات جاری کئے 

سرینگر//محرم الحرام کے پیش نظر پولیس نے لوگوں کی سہولیات کی خاطر ہیلپ نمبر ات جاری کئے ہیں۔ لوگ ہیلپ لائن نمبرات کے ذریعے بجلی ، پانی ، طبی سہولیات ، صفائی ستھرائی ، فائر اینڈ ایمرجنسی اور دیگر مسائل کے بارے میں شکایات درج کرا سکتے ہیں تاکہ حکام اُن کا ازالہ وقت پر کر سکیں۔ صارفین لینڈ لائن نمبر 0194-2506508یا فیکس 0194-2506505کے ذریعے بھی آگاہ کر سکتے ہیں۔ پولیس کنٹرول روم کشمیر کے ٹول فری نمبر 100پر مذکورہ شکایات کے حوالے سے جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔
 
 
 

اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ خوش آئند:بار/فریڈم پارٹی

سرینگر// کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق میچیلی بیچیلیٹ کے حقوق انسانی کونسل کے39ویں اجلا س سے خطاب کاخیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے رپورٹ میںکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی جامع اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کرانے کامطالبہ کیا گیا تھااور بھارت اور پاکستان سے کہا گیاتھا کہ وہ کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی قوانین کے تحت رائے شماری کا حق دیں۔ایک بیان میں بار نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے صحیح کہا ہے کہ کشمیر کے لوگوں کو بھی انصاف اور عزت کا وہی حق ہے جو پوری دنیا کے عوام کو حاصل ہے۔بار ایسوسی ایشن نے لال پورہ کپوارہ کے اسلامی اسکالر عبدالاحد گنائی کی نامعلو م افراد کے ہاتھوں ہلاکت کی بھی مذمت کرتے ہوئے ا س قتل کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔بار ایسوسی ایشن نے احتجاجی ایس ایس اے اساتذہ کے خلاف طاقت کے استعمال کی بھی مذمت کی۔ بار نے ایڈوکیٹ مرزا آصف احمد اور مرزاآفتاب احمد کی والدہ کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیا۔بار نے پاکستان کے سابق وزیراعظم میان نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر بھی دکھ کااظہار کیا۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ کے بشری حقوق کی سربراہ مائیکل بیچلیٹ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام بین الاقوامی ادارے کی جانب سے ایسے عملی اقدامات چاہتے ہیں جن سے اُنہیں مسلسل مظالم سے نجات مل سکے۔فریڈم پارٹی کے ایک بیان کے مطابق عوام کی خواہش ہے کہ اقوام متحدہ اور اس سے جڑے دیگر ادارے بیانات جاری کرنے سے آگے بڑھیں اورا یسے اقدامات کریں جن سے مظلوم لوگوں کو راحت نصیب ہو۔واضح رہے کہ حقوق بشر کے عالمی ادارے کی سربراہ نے بھارت کی یہ کہتے ہوئے سخت تنقید کی ہے کہ اُس نے کشمیر کے بارے میں ادارے کی حالیہ رپورٹ کو لیکر کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ سر زمین کشمیر کے اندر سرکاری مظالم کو اُسی وقت روکا جاسکتا ہے جب اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرے گا ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام مائیکل بیچلیٹ کے مشکور ہیں کہ اُس نے ایک بیباک بیان جاری کرکے بھارت کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

لداخ کونسل کا اجلاس 14ستمبر کو متوقع

نیشنل کانفرنس نے کونسل کی تشکیل کادعویٰ پیش کیا

 جموں// لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چوتھے عام انتخابات جس میں نیشنل کانفرنس 10نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ابھر کرسامنے آئی تھی، نے نئی کونسل تشکیل دینے کا دعویٰ کیاہے۔این سی نے دعویٰ کیاہے کہ اس کو چار آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔اس سلسلہ میں گذشتہ روزنیشنل کانفرنس کے فیروز احمد خان کو بطور چیف ایگزیکٹیو کونسلر کی امیدواروں کے لئے متفقہ طور منتخب کیا گیا۔ فیروز خان سابقہ نیشنل کانفرنس۔ کانگریس مخلوط حکومت میں وزیر مملکت بھی رہے ہیں جب وہ ایم ایل اے زنسکار تھے۔این سی امیدوار چار آزاد کونسلرکے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل سے ملی اور انہیں نئی کونسل تشکیل دینے کے بارے میں بتایا اور انہیں فہرست پیش کی۔ ذرائع کے مطابق این سی کو چار آزاد امیدواروں کونسلروں میںلنکیچی سے آزاد امیدوار غلام حیدر ‘ ٹریسپون سے سعیدمجتبیٰ‘گنڈ منگل پورسے سعید مہدی‘سیلاسکوٹ سے آغا سعید حسن شامل ہیں ،کی حمایت حاصل ہے۔ 30ممبر کونسل میں سے 26نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے جبکہ چار ممبران حکومت کی طرف سے نامزد کئے جانے ہیں۔کونسل کی تشکیل کے لئے کم سے کم 16ممبران چاہئے اور این سی کو توقع ہے کہ حکومت کی طرف سے نامزد کئے جانے والے چار ممبران میں سے کم سے کم دو کی اس کو حمایت حاصل ہوجائے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ 14ستمبر کوکونسل کا اجلاس متوقع ہے جس میں این سی کو اپنی اکثریت ثابت کرنی ہوگی۔یاد رہے کہ 27اگست کو چناؤ ہوئے تھے اور نتائج کا اعلان31اگست کو کیاگیاتھا جس میں نیشنل کانفرنس کو10، کانگریس کو8، آزاد امیدوار5، پی ڈی پی کو2اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک نشست پر کامیابی ملی تھی ۔یو این آئی
 
 
 

امریکہ پاک۔ بھارت مذاکرات کا حامی

 مذاکرات میں تعمیری شرکت کرنے کی اشدضرورت :ا یلس ویلز

سرینگر// امریکی سینئر سفارتی اہلکار ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکہ پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کرے گا۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں جنوبی اور وسطی ایشیا بیورو کی سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو دو واضح پیغام بھیجے ہیں جن میں سے ایک مذاکرات میں تعمیری شرکت اور دوسرا پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ امئیک پومپیو کے ذریعے مذاکرات کا کوئی پیغام ارسال کیا اور ان کی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا گیا توایلس ویلز نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان میں انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ادھر نئی دہلی میں ان کی امریکی ملٹری چیف جنرل جوزف ڈنفرڈ کے ہمراہ بھارتی حکام سے دونوں ممالک کے 2،2 افراد پر مشتمل ملاقات ہوئی تھی۔خیال رہے کہ ان دونوں دوروں کا بظاہر آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا تام بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ پاکستانی حکام نے مائیک پومپیو سے بھارت کو مذاکرات کے حوالے سے پیغام ارسال کرنے کی درخواست کی تھی۔متاہم امریکی عہدیدار ایلس ویلز کا ایسے کسی بھی پیغام کی تصدیق یا تردید کیے بغیر کہنا تھا کہ امریکہ پاک بھارت مذاکرات کی حمایت کرے کا جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ان کا مزید کہنا تھا ہم عمران خان کے وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ہونے والی گفتگو کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان روابط کے ذرائع کابھی ذکر کیا، جس میں قومی سلامتی کے مشیروں اور ڈی جی ایم اوز کے درمیان مذاکرات اور عوام کا عوام سے رابطہ شامل ہے۔
 
 
 
 
 

 اکریڈیٹیڈ صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم 

سر ی نگر//گورنر انتظامیہ نے ایک خاص فیصلے کے تحت ریاست کے ایکریڈیٹیڈ صحافیوں کے لئے گروپ میڈیکلیم ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کی ۔ سکیم کے تحت ایک ایکریڈیٹیڈ صحافی اپنے پانچ اہل خانہ کے ساتھ سالانہ 6لاکھ روپے کے ہیلتھ انشورنس کے دائرے میں لایا جائے گاجو ریاستی ملازمین کے حق میں بھی رائج ہے ۔اس کنبے میں نوزائیدہ بچے اور عمر رسیدہ والدین بشمول 100سالہ عمر کے افراد بھی شامل ہوں گے۔ صحافی جو انشورنس کے دائرے میں آنے کا خواہشمند ہو کو ریاست یا ریاست سے باہر 4700 تسلیم شدہ ہسپتالوں میں دستیاب آوٹ پیشنٹ اوراِن پیشنٹ طبی سہولیات بغیر فیس کے حاصل کرسکتا ہے ۔حکومت نے اس مقصد کے لئے محکمہ اطلاعات کو بطور نوڈل محکمہ مقرر کیا ہے۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ریاست میں 326ایکریڈیٹیڈ صحافی موجود ہیں جو اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔
 
 
 

 ڈگریوں / تعلیمی قابلیت کی برابری کیلئے سٹینڈنگ کمیٹی تشکیل

سرینگر//گورنر انتظامیہ نے ڈگریوں/ تعلیمی قابلیت کی برابری کے لئے سٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔اس سلسلے میں جاری ایک حکم نامے کے مطابق مذکورہ کمیٹی بھرتی قوانین کی رُو سے اُمیدواروں کی جانب سے سرکاری محکموں کے سامنے پیش کی جانے والی ڈگریوں/ تعلیمی قابلیت کی برابری کی جانچ کرے گی۔اعلیٰ تعلیم محکمہ کے انتظامی سیکرٹری اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ اے آر آئی اینڈ ٹریننگز، بجلی، جی اے ڈی، سکولی تعلیم، تکنیکی تعلیم اور صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کے انتظامی سیکرٹری کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔یہ کمیٹی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، اے آئی سی ٹی، ایم سی آئی اور ڈی سی آئی وغیرہ جیسے اداروں کے ضوابط کے تحتڈگریوں/ تعلیمی قابلیت کے سلسلے میں مختلف محکموں کی جانب سے پیش کئے جانے والے معاملات کی جانچ پڑتا ل کرے گی۔
 
 
 

برآمدات کا فروغ، ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل 

سرینگر//گورنر انتظامیہ نے برآمدات کو فروغ دینے کی غرض سے ریاستی سطح کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کو منظوری دی۔اس حوالے سے جی اے ڈی کی طرف سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی ریاست میں تجارت کو فروغ دینے اور خاص طور سے برآمدات کو آگے لے جانے کے لئے بنیادی ڈھانچہ اور لاجسٹک تفاوت کو دُور کرنے کی غرض سے ایک حکمت عملی تیار کرے گی۔کمیٹی کی سربراہی صنعت و حرفت محکمہ کے انتظامی سیکرٹری کریں گے جبکہ ٹرانسپورٹ، خزانہ، تعمیرات عامہ، باغبانی اور زراعت محکموں کے انتظامی سیکرٹری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔اس کے علاوہ ریجنل اتھارٹی آف ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نارتھ زون کے سربراہ کمیٹی کے کو کنونیئر اور خصوصی مدوعین ہوں گے۔ریاستی سطح کی کمیٹی جموں وکشمیر میں ٹی آئی ای ایس کے موثر عمل آوری کو یقینی بنائے گی اور برآمدات سے جڑے معاملات کے تعلق سے لازمی فیصلے لے گی۔
 
 
 

 وادی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس

شدت 4.6ریکارڈ ،مرکز کرگل کا علاقہ تھا

سرینگر//وادی کشمیر میں بدھ کی علی الصبح ایک مرتبہ پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،تاہم انکی شدت زیادہ خطرناک نہیں تھی ۔بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کا مرکز کرگل کا پہاڑی علاقہ تھا ۔معلوم ہوا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت4.6ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح 5بجکر15منٹ پر وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ،تاہم اس میں کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز لداخ علاقے میں کرگل کے شمال میں 200کلومیٹر کی دوری پر رہا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کے بیشتر حصے زلزلے کے خطرناک 5اور4زون میں آتے ہیں ۔
 
 
 

۔ 2014میں کشمیریوں کی کس نے مدد کی؟ :انجینئر رشید 

حکمنامہ اجراء کرنے کاسرکار کے پاس کوئی جواز نہیں

سرینگر// ریاستی سرکار کی طرف سے سرکاری ملازمین کو ایک دن کی تنخواہ کیرلہ کے سیلاب سے متاثرین کو دئے جانے کے حکمنامے کو تاناشاہی پر مبنی قرار دیتے ہوئے اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے سرکار سے کہا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ آخر اس سے ایسا حکمنامہ اجراء کرنے کی ضرورت کیوں پڑی ۔ انجینئر رشید نے کہا ’’کشمیریوں سے زیادہ کیرلا کے سیلاب متاثرین کے دکھ درد کو اور کون بہتر سمجھ سکتا ہے کیونکہ اہل کشمیر نے 2014میں جو تباہی سیلاب کے دوران دیکھی وہ ناقابل بیان ہے ۔ جہاں اہل کیرلا کی امداد کرنا ہر شخص کا اخلاقی فرض ہے وہاں یہ بات جاننا بھی ضروری ہے کہ جب کشمیر کے لوگ 2014میں مصیبت میں پھنسے تھے تب کتنی ریاستوں نے اپنے ملازمین سے ایک دن کی تنخواہ اہل کشمیر کے لئے وقف کرنے کا حکمنامہ صادر کیا تھا ۔ کون نہیں جانتا کہ 2014کے سیلاب متاثرین کی ایک اچھی خاصی تعداد اب بھی ہر دفتر کا دروازہ چند ٹکوں کیلئے کھٹکا نے پر مجبور ہے ۔ جس طرح 2014میں ہندوستانی میڈیا ، سیاستدانوں اور متعصب دانشوروں نے کشمیریوں کی بے بسی کا مذاق اڑایا اس کو بھولے سے بھی بھلا یا نہیں جا سکتا۔ جہاں مختلف علاقوں میں بہادر کشمیری نوجوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر کہیں سیاحوں تو کہیں وردی میں ملبوس فوجی اہلکاروں کو سیلاب زدہ علاقوں سے باہر نکالا وہاں بد قسمتی سے ہندوستانی ٹی وی چینلوں نے کچھ مخصوس تو کچھ جعلی تصاویر دکھلا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اہل کشمیر صرف فوج کے بھروسے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ اس بات سے بھی انکار کی گنجائش نہیں کہ فوج نے سیلاب کے دوران جن چند ہیلی کاپٹروں کو کام پر لگایا تھا اس کے عوض ایک ایک پائی ریاستی سرکار سے وصول کی گئی‘‘۔ انجینئر رشید نے ریاستی سرکار سے کہا کہ اہل کیرلا کی فکر کرنے سے پہلے اس سے اپنے گھر کی فکر کرنی چاہئے جہاں روز کہیں انسانی جانیں انکائنٹروں کے نام پر ضائع ہوتی ہیں تو کہیں بھاری مالیت کی جائیدادیں فورسز کے ہاتھوں تلف ہوتی ہیں اور ایسے میں سرکاری ملازمین جو کہ سماج کا اہم حصہ ہیں پہلے ہی بھاری ذمہ داریوں کے بوجھ کے تلے دبے ہوئے ہیں اور اُن سے تانا شاہی حکمانے کے ذریعے ایک دن کی تنخواہ کی وصولیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری ملازمین کو بندھوا مزدوز سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو بتا دینا چاہئے کہ اگر وہ ابھی تک اہل کرناہ کی ایک پائی کی بھی مدد نہیں کر پائی ہے جہاں چند دن پہلے سیلاب کی وجہ سے تباہی مچی تھی تو اسے کیرلا کے متاثرین کیلئے جموں کشمیر بنک اور دیگر اداروں سے بھارری رقومات عطیہ میں دینے کی کون سی جلدی تھی ۔ انجینئر رشید نے ریاستی سرکار سے کہا کہ وہ نادر شاہی حکمنامے کے بجائے اگر سرکاری ملازمین کے علاوہ ریاستی لوگوں سے انسانیت کی بنیاد پر اہل کیرلا کی امداد کی اپیل کرتی تو زیادہ بہتر رہتا لہذا سرکار کو چاہئے کہ اپنے حکمنامے کو فوراً منسوخ کرکے زیادہ سے زیادہ اہل کیرلا کیلئے امداد کی خاطر ایک اپیل جاری کرے۔ 
 
 
 

۔35اےکے تصفیہ تک انتخابات لاحاصل مشق:سول سوسائیٹی

سری نگر//سیول سوسائیٹی کوارڑنیشن کمیٹی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے طرز عمل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوںجماتیں ریاست کے تینوں خطے اور سرحدی علاقوں میں رہائش پزیر لوگوں کو مختلف مراعات اور مرکزی اسکیموں کی لالچ دیکر انتخابات میں حصہ لینے کی دعو ت دیکر انہیںاکسانے کی کوشش کر رہی ہیں چونکہ جموں کشمیر کی راے عامہ نے ان انتخابات میں شامل ہونے کی کوشش کو لا حاصل مشق قرار دیتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ جموںوکشمیر سیول سوسائٹی کارڈی نیشن کمیٹی نے بدھوار کو سرینگر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس پر الزام عائد کیا کہ ریاست میں نامساعد حالات کے باوجود پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات کو منعقد کرانے کے لیے دونوں جماعتیں ریاست کے تینوں خطوں سے وابستہ عوام اور سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو مختلف مراعات کا جھانسا دے کر انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اُکسانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ انہیں جموں کشمیر میں انتخابات میں امید وار دستیاب نہیں ہونگے اس لئے اب وہ متبادل امید واروں کی تلاش میں لوگوں کو لالچ دے رہی ہیں۔ سیول سوسائیٹی کارڈی نیشن کمیٹی نے کہا ہے کہ موجودہ نا مساعدحالات کے پیش نظر مرکزی حکومت گزشتہ دوسال سے اننت ناگ پارلیمانی حلقے کا الیکشن نہیںکرا سکی ہے ۔سپریم کورٹ میں اس وقت  دفعہ35A اوردفعہ370 زیرسماعت ہے، کشمیریوں کا تشخص، انفرادیت اور شناخت کو پس پشت ڈال کر انتخابات کرانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے دفعہ35A کے سلسلے میں چار مہینے کا وقفہ دیا ہے جب تک سپریم کورٹ جموں کشمیر کے بارے میں حتمی فیصلہ صادر نہیںکرتی تب تک الیکشن کومنعقد کرانے کے بارے میںسوچا بھی نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کشمیر کی آب و ہوا میں ایندھن ڈال کر ریاست کو مذہبی اور علاقائی بنیاد پر تقسیم کرنے کے در پے ہے ۔سیول سوسائیٹی کارڑنیشن کمیٹی نے کانگریس کے صدر اور پارٹی کا اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے بھی موجودہ حالات کے پیش نظر ان انتخابات سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیول سوسائیٹی کارڑنیشن کمیٹی کی کوشش ضرور رنگ لائے گی اور ریاستی عوام کے متحد ہو جانے کے سبب سپریم کورٹ بھی دفعہ 35Aاور دفعہ 370 کر خارج کر دے گی۔ کمیٹی نے اس سلسلے میں مسلم ،ہندو، سکھ،اور بودھ بھائیوںسے متحد ہو کر آر ایس ایس بی جے پی کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس موقعے پر کمیٹی کے ممبران جن میں مظفر شاہ، ایڈوکیٹ میر جاوید، سکھ فیڑریشن کے چیرمین سردارجگموہن سنگھ رینہ اور ایڈوکیٹ یاسمین وانی شامل ہیں، نے عوام اوردیگر تنظیموں کاشکرایہ ادا کیا۔
 
 
 

 صحت و طبی تعلیم محکمہ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد

سرینگر//صحت و طبی تعلیم محکمہ کی مجموعی کارکردگی کا جائیزہ لینے کے لئے گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار کی صدارت میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری اتل ڈُلو، کمشنر فوڈ سیفٹی عبدالکبیر ڈار، ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر موہن بھٹی،صحت و طبی تعلیم کے ڈائریکٹر فائنانس رفیق مٹو، جموں و سرینگر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے پرنسپل صاحبان کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور لوگوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔کئی معاملات کے تعلق سے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ضروری ہدایات دی گئیں۔مشیر موصوف نے محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری کے ساتھ دیہی اور شہری علاقوں کی ضروریات کے مد نظر ڈاکٹروں کی ریشنلائزیشن، ڈی ٹیچ منٹ، ٹرانسفر پالیسی، سینی ٹیشن ورکروں کے مشاہرے میں اضافہ، عوامی رابطہ مہم میں بہتری، اضلاع میں ایمبولنس گاڑیوں کی سہولیات کی فراہمی اور ٹراما ہسپتالوں کو کارگر بنانے کے علاوہ قومی شاہراہ پر طبی سہولیات کی فراہمی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ڈی پی سی کے انعقاد میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے وجے کمار نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس کمیٹی کی میٹنگ جلد از جلد طلب کرنے کے لئے اقدامات کریں تا کہ تقرریوں اور ترقیوں کے اہل معاملات کو نپٹایا جاسکے۔قومی شاہراہ پر108 ایمبولنس گاڑیوں کی دستیابی سے متعلق وجے کمار نے ان ایمبولنس گاڑیوں کی حصولیابی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔