مزید خبرں

 ڈوڈہ میں خاتون سمیت 2چرس سمگلر گرفتار

ڈوڈہ // ضلع میںمنشیات کی بدعت کا خاتمہ کرنے کیلئے ڈوڈہ پولیس کی ایک پارٹی نے زیر قیادت ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ڈوڈہ انسپکٹرسنیل شرما اور ایس آئی فردوس احمد اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر جمعرات کے روزصادق آباد علاقے میں ایک بد نام زمانہ منشیات سمگلرشکیلہ بیگم عر ف تایہ کے مکان پر چھاپہ مارا۔پولیس پارٹی نے تلاشی کے دوران اسکے قبضہ سے ایک کلو گرام اور 125گرام چرس برآمد کی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر159/2018 زیر دفعہ  8/20/29 منشیات ایکٹ درج کرکے مبینہ ملزمہ شکیلہ بیگم عرف تایہ زوجہ فارروق احمد شاہ ساکنہ صادق آباد ،ڈوڈہ کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا ، مبینہ ملزمہ  کے انکشاف پر ایک اور منشیات فروش شیراز احمد ولد نیاز احمد ساکنہ دیسہ روڈ ،ڈوڈہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے یہ گرفتاری ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد کی نگرانی میں انجام دی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میںدیگرمنشیات فروشوں کے رابطہ کیلئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
 
 

 جوینائل جسٹس بورڈ ڈوڈہ فعال 

ڈوڈہ //جوینائل جسٹس بورڈ ڈوڈہ  نے 13 کیسوں کولے کر جمعرات سے اپنا کام کاج شروع کردیاہے۔ پرنسپل مجسٹریٹ جے جے بی بورڈ نے ارون کوتوال اور ممبران شمیمہ بانو اور ارینا کوثر پر مشتمل بورڈ کو کے کے بندرال (سی پی او ڈوڈہ)نوید وانی (ایل سی پی او) کرشن شرما (ایس جے پی او) ارشو شرما (ڈاٹا اینلسٹ)اور پرینکا کٹوچ نے بورڈ کو اکام کاج کرنے میں  معاونت کی۔ بورڈ نے پہلے روز ہی  13کیسوں میں سے02کیسوں کا نپٹارہ کیا۔ڈسٹرکٹ چا ئلڈ پروٹکشن یونٹ اور چائلڈ ویلفیئرکمیٹی کی پوری ٹیم نے بورڈ کو فعال بنانے میں مدد کی۔
 
 

ڈوڈہ میں ذرائع ابلاغ کیساتھ تبادلہ خیال نشست

ڈوڈہ //ضلع اطلاعاتی افسرمحمد اشرف وانی نے جمعرات کے روزضلع کی میڈیا برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کی ایک نشست منعقد کی، جس میں متعدد میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے ورکنگ جرنلسٹوں نے شرکت کی۔ڈی آئی او نے سرکار کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کواُجا گر کرنے اور لوگوں کو دنیا کے تازہ ترین حالات اور واقعات سے باخبر رکھنے میں میڈیا کے رول کی سراہنا کی۔انہوں نے میڈیا برادری سے تعمیری صحافیت کا ماحول بنانے کی اپیل کی،تاکہ سماج میں موجود برائیوں سے لوگوں میں بیداری پھیلائی جا سکے۔تبادلہ خیال کی نشست   کے دوران متعدد مدعوں بشمول ڈوڈہ میں پریس کلب کا قیام ، وی آئی پیزکے دوروںکی بر وقت جانکاری کے علاوہ میڈیا میں سیکورٹی پاس جاری کرنے وغیرہ اُٹھائے گئے۔ڈی آئی او نے میڈیا برادری کو یقین دلایا کہ انکے جائز مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں ازالہ کرنے کے لئے لایا جا ئے گا ۔
 

بال نکیتن کشتواڑ نے سالانہ دن منایا 

 کشتواڑ//آدرش بال نکیتن ہائی سکول کشتواڑ نے اپنے 58ویں سالانہ دن کے موقعہ پر سہ روزہ تقریبات کا آغاز کیا ۔ اے ڈی سی کشوری لعل نے روایتی شمع جلا کر تقریبات کا افتتاح کیا ۔اس سے قبل سکول کمیٹی کے صدر رمیش چندر سین  نے مہمان خصوصی اے ڈی سی کشوری لعل کا خیر مقدم کرکے سکول کے متعلق مکمل جانکاری فراہم کی۔بعدازاں ، کلچرل پروگراموں کا آغاز گنیش وندنا کے ساتھ کیا گیا ،سکولی بچوں نے رنگارنگ پروگرام پیش کئے جبکہ مختلف موضوعا ت پر تقریر بھی کی گئی۔پروگرام میں کافی تعداد میں سکو ل کے طلاب ،سٹاف اور طلاب کے والدین نے شرکت کی۔سکول کے پرنسپل آر سی شرما نے بھی سکول کی کارکردگی کے متعلق جانکاری فراہم کی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سکول کی ڈیولپمنٹ کیلئے اپنی بیش قیمتی صلاح دی اور سکولی بچوں کو سالانہ دن منانے پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ گُذشتہ 58 برسوں سے متعدد لوگوں نے تعلیم حاصل کی ہے ،جن میں سے بہت سے اعلیٰ عہدوں پر فائض ہیں، جس سے سکول کی کارکردگی میں چار چاندلگ گئے ہیں۔سالانہ دن کے موقعہ پر دوسری نشست کی قیادت انچارج سی ایم او ڈاکٹر وی آر پنڈتا نے انجام د ی۔تیسری نشست کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیل کمار چندیل نے کی ۔ طالب نے اس موقعہ پر مختلف رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے، جس سے سامعین محظوظ ہو گئے۔ پروگرام کے اختتام پر سکول کے پرنسپل آر سی شرما نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔
 

پاڈر بلاک کانگریس کا اجلاس عہدیداران  نامزد

کشتواڑ//ضلع کے گلاب گڑھ علاقہ میں پاڈر حلقہ کی کانگریس کمیٹی کے عہدہ داروں کو تعینات کرنے کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کی قیادت بلاک صدر سردار نریندر سنگھ نے نیک رام منہاس اور امر سنگھ کی موجودگی میں کی۔ پارٹی کو زمینی سطح پر فعال بنانے کیلئے بلاک کانگریس کمیٹی نے اتفاق رائے سے اشوک کمار تکو اور لیکھ راج پریہار کو صلاح کار، ارشاد احمد بٹ کو سینئر نائب صدر، سری لعل کو نائب صدر، رویندر سنگھ پریہار کو جنرل سیکرٹری، دیو راج کو خزانچی،شاہد حسین کھانڈے ،راکیش کمار، ابھیمنیو کو سیکرٹری،اومکار سنگھ اور منوج کمار کو پبلسٹی سیکرٹری ،بھوپیندر سنگھ ،رنگزن دورجے، گوری لعل ،سورج رام ، کلدیپ کمار کپور، ہری کرشن ، دیوی سنگھ ،رنجیت سنگھ ،سجان سنگھ بودھ اور موہن لعل کو بطور ایگزیکٹو ممبران نامزد  کیا گیا ۔
 

سنگلدان میں سیمینار کا اہتمام 

رام بن //کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سنگلدان میں اخلاقی تعلیم ،وقت کی ضرورت( Moral Education is the need of  hour)کے موضوع پر ایک سیمنار کا انعقادکیا گیا ۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول پنکج بگوتر ہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ تحصیلدار گول محمد اشرف مہمان ذی وقار تھے ۔میزبان سکول کی پرنسپل گلزار بیگم نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔ سیمنار میںجی ایم ایس سنگلدان  کی دکھشا دیوی، ایچ ایس دلواہ کی آسیہ انجم اور مسبحیٰ تن نسا جی ایچ ایس ایس کی مونیکا دیوی نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔سیمنار میں شرکت رکنے والوں اور فاتح کو انعامات سے نوازا گیا،جس میں سب ڈویژن کے16سکولوں کے 35طلاب نے شرکت کی۔سیمنار میں جی ایچ ایس ایس کے لیکچرار مختار احمد، اختر حسین،ہیڈ ماسٹر جی ایم ایس سنگلدان رمیش سنگھ نے بطور جج فرائض انجام دئے۔محمد اشرف بالی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںایس ڈی ایم نے اخلاقی تعلیم کی اہمیت اُجا گر کرنے پر مقررین کی کافی ستائش کیاور کہا کہ اخلاقی تعلیم کے بغیر تعلیمی نظام مکمل نہیں ہے۔
 
 

 ڈگری کالج چھاترو میںبیداری کیمپ 

اے آئی بٹ
کشتواڑ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسزاتھارٹی کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج چھاترو میں قانونی بیداری کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا ،جسکا اہتمام ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین نے ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے چئیر مین ایس سی کٹل کے ہدایات پر ’’شہری کے بنیادی فرض ‘‘ کے عنوان سے کیا تھا ۔ پروگرام کے دوران شیخ ناصر کے علاوہ نوڈل پرنسپل جی ڈی سی چھاترو ڈاکٹر عاشق حسین ،بی ڈی او مظفر وانی ، پروفیسر سنجے کمار، شبیر احمد نائیک نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور شرکا کو آئین ہند کے تحت شہری کے بنیادی فرائض سے روشناس کیا ۔کالج طلاب کے علاوہ فیکلٹی ممبران ،آر ڈی ڈی کے اہلکاروں ،لیگل سروسز اتھارٹی کے سٹاف ممبران اوم دت رینہ، شاردا ٹھاکور ،پی ایل وی رافیہ اور متعدد معزز شہریوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
 
 

بی جے پی کے فیصلے عوام کش: سروڑی

کشتواڑ// ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے آج کہا کہ کانگرس کی حکومت بننے پر عوام کے کام ترجیحی بنیاد پر کئے جائیں گے۔تحصیل مغل میدان کے گورنمنٹ مڈل اسکول ہرمولا کچھال میں اضافی کلاس رومز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے 2014میں برسراقتدار آئی بھاجپا سرکار سے بہت امیدیں وابستہ کی تھیں مگر اب انہیں بہت بڑی غلطی محسوس ہورہی ہے کہ انہوں نے بھاجپا کو ووٹ کیوں دیا اس وقت وہ بھاجپا کی سرکار کو کوس رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھاجپا سرکارصرف ایک ہوا کی لہر تھی جو اب تک ہوا میں ہی ہے سرکار نے آنے سے پہلے بہت وعدے کئے تھے مگر اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کر سکی ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا اپنی حکومت کے دوران بہت سے مسائل کھڑے کردیئے ہیں جن میں جی ایس ٹی،نوٹ بندی،راشن کوٹہ میں کمی، پٹرول کے داموں میں روز بروز بڑھوتری،گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ،جیسے مسائل پیدا کردیئے ہیں جن کو حل کر پانا مشکل ہوگیا ہے اس کے علاوہ بھاجپا نے پورے ملک میں مذہبی جنون کا جو بیج بویا ہے اس کو ٹھنڈا کرپانا مشکل ہی نا ممکن بنتا جارہا ہے آئے روز مذہب کی بنیادوں پر جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔جب کہ مرکزی بھاجپا سرکار نے عوام کی روز مرہ کی ضروریات جیسے پینے کا پانی، بجلی ہسپتال جیسی ضروری سہولیات وغیرہ پر کوئی دھیان نہیں دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگرس ورکرز عوام کے سامنے آئیں اور این ڈی اے کی طرف سے کئے گئے کاموں کے خلاف ایک جٹ ہوجائیں اور کانگرس کی پالیسیوں بارے لوگوں کو آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے2014کا چنائو صرف جھوٹ کی بنیاد پر ہی لڑا اور جیتا اس سرکار نے عام آدمی کے لئے کچھ نہیں کیا بلکہ مزید الجھنیں پیدا کردی ہیں۔انہوں نے غلام نبی آزاد کی سرکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگرس سرکار نے ہی اپنے دور اقتدار میں ریاست میں5کالج  اور2کینسر انسٹی ٹیوٹ دئے تھے مگر این دی اے کی کولیشن سرکار نے ان پر دھیما کام کیا جو اب تک لٹکے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا اور پی ڈی پی 850میگاواٹ کا راٹل ہیڈروالیکٹرک پاور پروجیکٹ مکمل کرنے میں بھی ناکام رہی ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں کانگرس کی سرکار آئے گی اور عوام کے کام خاس کر دور دراز رہنے والے لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے میں اہم رول نبھائے گی۔