مزید خبرں

ناظم سیاحت نے امریکی سفارتحانہ کی نائب سفیر سے ملاقات کی

نئی دہلی //ناظم سیاحت کشمیر تصدق جیلانی نے نئی دہلی میں امریکی سفارتحانہ کی نائب سفیر کیٹرینہ ڈِکس کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں امریکی شہریوں کو درپیش کسی بھی مشکل کے ازالہ کے لئے سفارتحانہ کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔بہتر تعلقات کی وجہ سے امریکی شہریوں کو کسی بیماری، زخمی ہونے، پاسپورٹ کی گمشدگی یا موت واقع ہونے جیسی ایمرجنسی میں ضروری معاونت فراہم کی جائے گی جس کے لئے ڈائریکٹر موصوف نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ محکمہ سیاحت ریاست میں سیاحوں کی سہولیات کے لئے پیش پیش ہے تا کہ اُن کا سفر یاد گار اور آرام دہ بن سکے۔امریکی شہریوں پر ریاست کے سفر کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تصدق جیلانی نے بتایا کہ ریاست ایک پُر تحفظ مقام ہے جہاں سیاح بنا کسی مشکل کے اپنا وقت خوشی سے گذارتے ہیں اور میڈیا کے چند حلقوں کی وجہ سے کشمیر سے متعلق منفی تاثر پیدا کیا جاتا ہے۔انہوں نے امریکی سفارتحانہ سے ایسے منفی تاثر کو دور کرنے میں تعاون کی اپیل کی۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و پبلسٹی اینڈ ریکریشین بھی موجود تھے۔
 

اننت ناگ میں شبانہ گرفتاریاں،تحریک حریت تحصیل صدر سمیت 2افراد گرفتار

اننت ناگ//عارف بلوچ//اننت ناگ میں پولیس نے دوران شب تحریک حریت کے تحصیل صدر سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے ۔زرائع کے مطابق پولیس نے 17اور18ستمبر کی درمیانی رات کو مختلف چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران تحریک حریت کے تحصیل صدر عاشق حُسین نارچور و سرتاج احمد نامی افراد کو حراست میں لے کر تھانہ نظر بند کیا ہے ۔اہل خانہ کے مطابق گرفتار افراد بے گناہ ہے اور اُن پر جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ،اُنہوں نے انکی جلد رہائی کی مانگ کی ہے ۔
 
 

۔110ویں فارسٹ ایڈوائزری کمیٹی 

چیف سیکریٹری نے کئی منصوبوں کو منظوری دی

سر ی نگر// چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی سربراہی والی فارسٹ ایڈوائزری کمیٹی 110ویں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں قواعد و ضوابط کے تحت عوامی اہمیت اور فوری نوعیت کے حامل پانچ ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دی گئی۔جن منصوبوں کو آج منظوری دی گئی اُن میں جموں ۔ اکھنور سڑک کو چار گلیاروں والی بنانے کے لئے جنگلاتی اراضی کا استعمال ، رام نگر اور بانڈی پورہ میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر اور دیگر چند منصوبے شامل ہیں۔جنگلاتی اراضی کے استعمال کے تحت کم سے کم درختوں کی کٹائی اور مزید درختوں کو لگانے پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کے کناروں پر درختوں کو لگانے کے لئے ایک منصوبہ ترتیب دیں جس کے لئے محکمہ کے پاس فنڈس دستیاب ہیں۔کمیٹی کی 109ویں میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے تعلق سے ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کی گئی۔کمیٹی کو جانکاری دی گئی کہ ایم اے سی کے قواعد و ضوابط کی نگرانی کے لئے کنزرویٹر سطح کا ایک مانیٹرنگ میکانزم ترتیب دیا گیا ہے۔مانیٹرنگ کمیٹی میں کنزرویٹر جنگلات چیئرمین کی حیثیت سے کام کر یں گے جبکہ ڈی ایف او اور محکمہ مال کے نمائندے اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔
 
 

فیملی کورٹس کا قیام

 محکمہ قانون شراکت داروں کی تجاویز طلب کرے گا

سر ی نگر//گورنر انتظامیہ نے ریاست میں فیملی کورٹس قائم کرنے کیلئے ایک قانون مرتب کرنے کا فیصلہ کیا۔فیملی کورٹس قائم کرنے کا مقصد شادی بیاہ اور فیملی معاملات میں کسی بھی قسم کے تنازعوں کو آپسی افہام تفہیم کے ساتھ حل کرنا ہوگا۔قانون کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ کے مطابق قانون سازیہ مشاورتی پالیسی کے ایک حصے کے طور پر جموں او رکشمیر فیملی کورٹس بِل 2018 کا ڈرافٹ محکمہ قانون کے ویب سائٹ (www.jklaw.nic.in) پر دستیاب رکھا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس ڈرافٹ بِل کی ہارڈ کاپی محکمہ قانون ، انصاف و پالیمارنی امور سول سیکرٹریٹ سری نگر میں بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔قانون کے سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ قانون ڈرافٹ بِل پر مختلف سرکاری محکموں / اداروں / بار ایسو سی ایشنوں / شراکت داروں اور عام لوگوں سے ان کی رائے طلب کر رہا ہے جس کی آخری تاریخ 30؍ ستمبر2018ء مقرر کی گئی ہے۔
 
 
 

سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت :تحریک حریت

سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے ذمہ دار عاشق حسین نارژور اسلام آباد اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کو گرفتار کرکے پولیس تھانوںمیں نظربند رکھنے اور آزادی پسند رہنماؤں و عام نوجوانوں کو پولیس کی طرف سے آئے روز تنگ وطلب کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں تحریک حریت نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں امن وقانون کی کوئی چیز موجود نہیں ہے اور یہاں جنگل راج قائم ہے جس کے تحت یہاں کے لوگوں کے نظریات اور خیالات پر مکمل طور پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ مذکورہ نوجوان سیاسی کارکُن ہیں اور وہ اپنی تمام تر سرگرمیاں سیاسی طور ہی انجام دیتے ہیں، مگر یہاں کی پولیس انتظامیہ اپنے ہی قوانین کی بیخ کُنی کرکے یہاں کے سیاسی کارکنوں کو بندوق کی نوک پر زیر کرنا چاہتا ہے۔
 
 

خارجی و داخلی امور پربحث لازمی:بھیم سنگھ

 قومی یکجہتی کونسل کی ہنگامی میٹنگ منعقد کرنے کا مطالبہ

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم نریندرمودی سے قومی یکجہتی کونسل کی ہنگامی میٹنگ طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے ہندستان کے آس پاس پیدا ہونے والے بین الاقوامی امور اور داخلی محاذ پر ملک کے پریشان کن حالات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔انہوں نے وزیراعظم پر زور دیا کہ قومی یکجہتی کونسل کو بحال کیا جائے جس کااب کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے 1963میں قومی یکجہتی کونسل قائم کی تھی اور بین الاقوامی اور گھریلو معاملات شدت سے شامل ببحث رہے اور قومی سطح پر تقریباًً تمام شعبوں کے سیاسی اور سماجی نمائندو ں کا اہم قومی پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی صورتحال بگڑ رہی اور جنوبی ریاستوں یا پھر شمال مشرقی علاقوں سے بھی قومی اتحاد کے لئے حوصلہ افزا اشارے نہیں مل رہے ہیں۔ملک کے تمام علاقوں کے لوگوں کو انصاف، سماجی تحفظ اور ہندستانی آئین میں دیئے گئے انسانی حقوق چاہئیں۔قومی یکجہتی کونسل سے یہ واضح پیغام جانا چاہئے کہ ہندستان میں تمام شہریوں کو ہر سطح پر تمام انسانی ، بنیادی حقوق  اور انصاف ملنا چاہئے۔ کشمیر سے کنیا کماری تک تمام لوگوں کو ایک آئین اور ایک جھنڈے کے ساتھ سماجی تحفظ اور بنیادی حقوق ملنے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کی صدارت میں قومی یکجہتی کونسل سے لوگوں کو یہ پیغام جائے گا تو زیادہ اثر دار ہوگا۔
 
 

مشتاق گوروڈاکٹر فاروق کا سیاسی صلح کار نامزد

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی لیڈر مشتاق گورو کو اپنا سیاسی صلح کار نامزد کیا ہے۔ مشتاق گورو سرینگر بڈگام گاندربل پارلیمانی حلقہ انتخاب کے انچارج بھی ہیں۔ مشتاق گورو کو نئی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنا کام کرتے رہیں گے اور پارٹی و عوامی مفادات کیلئے کام کرتے رہیں گے۔
 

 ریاست کے چند اضلاع میں جنسی تناسب میں تفاوت تشویشناک:ڈاکٹر لون

سر ی نگر//محکمہ سماجی بہبود کے سیکریٹری فاروق احمد لون نے کہا ہے کہ سماج کی ترقی و خوشحالی کے لئے خواتین اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا ا ظہار سیکرٹری نے ایک روزہ جان کاری کیمپ کے دوران کیا جس کا اہتمام سوشل ویلفیئر محکمہ کے ریسورس سینٹر برائے خواتین نے کیا تھا۔  سیکریٹری نے کہا ہے کہ ’’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ‘‘مہم کو بچیوں کو بااختیار بنانے اور ان کے والدین کی اس سلسلے میں حوصلہ افزائی کرنے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ سماج میں ایک اہم رول ادا کرسکیں۔سیکرٹری نے کہا کہ ریاست کے چند اضلاع میں جنسی تناسب میں تفاوت باعث تشویش ہے جس کی جانب خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں جانکاری کیمپوں کے انعقاد پر زور دیا۔فاروق احمد لون نے کہا کہ کوئی بھی سماج خواتین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے پر خاص توجہ دی جانی چاہئے ۔انہوں نے خواتین کے لئے پروگرام منعقد کرنے اور انہیں جانکاری دینے کے لئے ریسورس سینٹر کے اہلکاروں کی سراہنا کی۔سیکرٹری نے کہا کہ آنگن وارڈی ورکروں کو ’’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ‘‘مہم کو فروغ دینے کے لئے لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیئے تاکہ متعلقین اس مہم سے استفادہ کرسکیں۔ایک روزہ جانکاری پروگرام میں سماجی بہبود اور اس سے منسلک دیگر محکموں کے کئی افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔دریں اثنا سیکرٹری سماجی بہبود نے آج جے اینڈ کے  ایس سی ، ایس ٹی اینڈ بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے منعقد کئے گئے جانکاری کیمپ اور لون میلے کا افتتاح کیا۔ اس میلے کے دوران کارپوریشن نے 80مستحقین میں 154.80لاکھ روپے کے قرضے کو منظوری دی۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ محکمہ کی ان سکیموں سے استفادہ کریں۔اس موقعہ پر موجودہ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں مقرر کئے گئے اہداف کی حصولیابی پر زور دیا۔
 

شکایتی سیل نے 78شکایات کا نپٹارا کیا 

سر ی نگر//پروجیکٹ ڈائریکٹر جموں اینڈ کشمیر گورنرس گریوینس سیل انعام الحق صدیقی نے جموں صوبے پانچ محکموں سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی اور مختلف شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات اُٹھائے۔ یہ شکایات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 18؍ ستمبر 2018ء کو زیر غور لائے گئے ۔سبھی پانچ محکموں کے نوڈل افسران جن میں چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی جموں، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ، ڈائریکٹر سول سپلائز اینڈ سی اے ، ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں اور ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں شامل تھے،نے سول سیکرٹریٹ جموں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان محکموں سے اب تک 108 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں 78شکایات کا نپٹارا کیا گیا اور 30 شکایات پر عمل جاری ہے ۔متعلقہ محکموں کے نوڈل افسروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کے ساتھ سنجیدگی کے ساتھ پیش آئے اور ان کے جائز مطالبات اور شکایات کا ازالہ وقت پر انجام دیں۔
 

خورشید احمد شاہ اور فاروق شاہ نے 

عالمی بنک کی معاونت والے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا

سرینگر//تعمیرات عامہ محکمہ کے کمشنر سیکرٹری خورشید احمد شاہ اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف اور باز آباد کاری محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے ایک میٹنگ میں ریاست میں عالمی بنک کی معاونت سے عملائے جارہے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ عالمی بنک کی طرف سے 4 پُلوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے جس کے لئے متعلقہ افسران نے جلد سے جلد ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ7 مزید پُلوں اور12 سڑکوں پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ متعلقہ افسران نے پروجیکٹ کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے کے احکامات دیئے۔انہوں نے جے کے پی سی سی کو8 پُلوں اور3 سڑکوں کے کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے سمیت سکولوں، ہسپتالوں، پُلوں، سلک فیکٹری راج اور سولنہ و دیگر پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کے بھی احکامات دیئے۔
 

بڈگام میں فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزی

قصورواروں پر 

1.75لاکھ روپے کا جرمانہ عائد

بڈگام//اے او،اے ڈی سی بڈگام خورشید احمد شاہ نے ضلع بڈگام میں فوڈ سیفٹی سٹنڈارس کی خلاف ورزی میں ملوث دکانداروں،تاجروں اورہول سیل ڈیلروں پر1.75لاکھ روپے کاجرمانہ عائد کیا۔ قصورواروں پر فوڈ سیفٹی سٹنڈارڈس کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں معاملات کی سماعت کے دوران یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔اے ڈی سی نے فوڈ سیفٹی آفیسران کو قصوروارتاجروں اور دکانداروں کے خلا ف قانون کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدیت دی ہے۔
 

لیہہ میں ایف ایس اینڈ ایس ایکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا

اشیائے خوردنی کے27نمونوں میں13درست پائے گئے

  لیہہ//کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے لیہہ ضلع میں فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈارڈ ایکٹ کی عمل آوری کے سلسلے میں  افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران تفصیلی جائزہ لیاتاکہ لوگوں کو معیاری غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔کمشنر نے ضلع میں انفورسمنٹ افسرو ںکی طرف سے چلائے جارہی مختلف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈاکٹر ڈار کو بتایا گیا کہ اپریل 2018ء سے اگست 2018ء تک مختلف اشیائے خوردنی کے 37 نمونے جمع کئے گئے اور ان میں سے 27 نمونوں کی جانچ کی گئی ۔ایکٹ کے تحت صرف 13نمونے درست پائے گئے ۔اس مدت کے دوران انفورسمنٹ افسروں کی طرف سے چلائی جارہی مہم کے تحت سات افراد کو قانون کی خلاف ورزی کی پاداش میں 36,800 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ڈاکٹر کبیر نے اس موقعہ پر ہوٹیلیز ایسو سی ایشن لیہہ ، ریسٹورنٹ ایسو سی ایشن لیہہ اور مرچنٹس ایسوسی ایشن لیہہ کے ساتھ کئی میٹنگیں منعقد کیںاور انہیں ایف ایس اینڈ ایس ایکٹ میں موجود دفعات کے بارے میں روشناس کیا گیا۔ان ایسو سی ایشنوں نے کمشنر کو اپنی تجارتی کام کاج میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے موسم سرما کے دوران پینے کے پانی کی کمی اور صحت و صفائی کے مسائل سے انہیں جانکاری دی۔ہوٹل ایسو سی ایشن نے کمشنر کو بتایا کہ سردی کے موسم میں سبزیوں کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہوٹیلیر اپنے کچن گارڈن چلائے رہے ہیں۔کمشنر نے ریسٹورنٹ ایسو سی ایشن کو ہدایت دی کہ وہ اشیائے خوردنی کو تیار کرنے میں کسی بھی رنگ کے استعمال سے اجتناب کریں۔کمشنر نے ایسوسی ایشنوں کے ممبرا ن سے کہا کہ آنے والے دنوں میں محکمہ ریاست میں ’’ ہائی جین ریٹنگ ایںڈ ریسپارنسبل پلیس ٹو ایٹ ‘‘ کا آغاز کرے گا جس کے تحت ڈھا بہ والوں سے ہوٹل والوں تک فروخت کئے جارہے کھانے کی اشیاء کی ریٹنگ ہوگی تاکہ صارفین کو بہتر پکوان میسر ہوسکے۔اس کے علاوہ ضلع میں انفورسٹمنٹ افسروں کی طرف سے مختلف اشیائے خوردنی بیجنے والوں کا معائینہ کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی ( ایچ کیو) اور کمشنر فوڈ سیفٹی نے نگرانی کی۔ 
 
 

 ڈ ی جی لوکل فنڈ آڈِٹ نیلم گپتاکے والد فوت

 اکائونٹس ایسو سی ایشن کی تعزیت 

سر ینگر///اکائونٹس ایسو سی ایشن ایمپلائز سیکریٹریٹ یونین کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈ ی جی لوکل فنڈ آڈِٹ نیلم گپتا کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔اکائونٹس ایسوسی ایشن کے تمام ممبران نے نیلم گپتا کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور آنجہانی کی روح کی شانتی کے لئے پرارتھنا کی۔
 

میونسپل چناؤ 2018

ضلع گاندربل کیلئے آر اووز اوراے آر اووز تعینات

گاندربل//گاندربل میونسپل کمیٹی کے 17وارڈوں میںمیونسپل چنائو کے احسن انعقاد کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا جو کہ ضلع چنائو آفیسر بھی ہیں نے 4ریٹریننگ آفیسران اور 8اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔بشیر احمد مٹو چیف ہارٹیکلچر آفیسر گاندربل،محسن علی خان سپر انٹنڈنٹ آئی ٹی آئی گاندربل،عبدالمجید تانترے اسسٹنٹ لیبر کمشنر گاندربل اور ڈاکٹر عبدالمجید بٹ ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر گاندربل کو ریٹریننگ آفیسران کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔جب کہ عبدالرزاق میر ایگریکلچر ایکسٹنشن آفیسر غلام نقشبند ایگریکلچر آفیسر،ڈاکٹر یونس فاروق (وی اے ایس) ڈی ایس ایچ او،عمرا ن علی اسسٹنٹ انجینئر پی ایم جی ایس وائی،محمد سلیم درزی (ایچ ڈی او) سی ایچ او،خورشید خلیل آئی /سی فنکشنل منیجر ڈی آئی سی،مشتاق احمد بٹ (اے ای ای) سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سنیل گپتا ایچ ڈی اوچیف ایگریکلچر آفیسر کی اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسران کے طور تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔اس کے علاوہ منظور احمد ڈسٹرک منرل منیجر جیولاجی اینڈ مائننگ گاندربل کو اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسر ہیڈ کواٹر کے طور پر تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔سی ای او کے دفتر کی طرف سے جاری پروگرام کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تاریخ24ستمبر ہے،نامزدگی کے کاغذات یکم اکتوبر تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔کاغذات کی جانچ پڑتال3اکتوبر کو ہوگی۔جبکہ کاغذات5اکتوبر تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔پولنگ 16اکتوبر کو صبح7بجے سے دوپہر 2بجے تک ہوگی۔چنائو کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے نوڈل آفیسران کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ضابطہ اخلاق کے بارے میں جانکاری کے لئے نذیر احمد بابا اے ڈی ڈی سی گاندربل سے رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے ۔ہتھیاروں کے جائز لائیسنس رکھنے والے ضلع گاندربل کے تمام شہریوں اورریٹائرڈ فوجی آفیسران سے کہا گیا ہے کہ وہ 21ستمبر2018ء یا اس تاریخ سے قبل اپنے ہتھیار مقامی پولیس اسٹیشنوں میں جمع کرائیں۔
 

اننت ناگ :سیکٹورل اورزونل مجسٹریٹس کو چنائو تربیت

اننت ناگ//اننت ناگ میں بلدیاتی چنائو کے سلسلے میں آج ڈاک بنگلہ کھنہ بل میںسیکٹورل اورزونل مجسٹریٹس کو چنائو عمل کے سلسلے میں تربیت دی گئی۔ضلع چنائو آفیسر اننت ناگ محمد یونس ملک اورنوڈل آفیسر الیکشن ٹریننگ تحصیلدار کوکر ناگ نے مجسٹریٹوں کو ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے کیلئے تربیت دی۔ سیکٹورل اور24زونل سیکٹورل مجسٹریٹوں کو ضلع اننت ناگ میں چنائو کے لئے مامور کیا گیا ہے۔
 

اصغر سامون نے پولٹری پالیسی کا جائیزہ لیا

ریاست کے75ہزار نوجوان پیشہ سے وابستہ

سرینگر//بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے پولٹری پالیسی کے مسودے کا جائیزہ لینے کی غرض سے ایک میٹنگ طلب کی جس میں اس شعبۂ کو فروغ دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میںڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری ایم وائی چاپرو، ڈائریکٹر سی اے پی ڈی، جموں وکشمیر بنک، محکمہ صنعت اور سکاسٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔میٹنگ میں پالیسی کے مسودے کے متعدد جُزوں پر سیر حاصل بحث کے علاوہ پالیسی سے متعلق کسانوں،ڈیلروں اور ماہرین سے فیڈ بیک اور آراء طلب کی گئیں۔ پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں تاکہ متعلقین کے لئے پالیسی سود مند ثابت ہوسکے۔انہوں نے پولٹری شعبۂ کو انشورنس کے دائرے میں لانے کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولٹری شعبۂ کو مکمل طور سے صنعت بنانے کی خواہاں ہے تا کہ ریاست کو پولٹری شعبۂ میں خود کفیل بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے 75 ہزار نوجوان اس پیشہ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اگلے پانچ برسوں کے دوران1.40 لاکھ نوجوانوں کی جانب سے اس شعبۂ کو اپنانے کی توقع ظاہر کی۔ڈاکٹر سامون نے افسروں کو ڈریسڈ چکن کی غیر قانونی درآمدگی پر روک لگانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے اضلاع میں پولٹری منڈی کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ اس شعبۂ سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے۔میٹنگ کے دوران پولٹری ڈیولپمنٹ بورڈ اور پولٹری ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پرپولٹری فارم سے وابستہ افراد نے پولٹری کی پیداوار اور مارکیٹنگ میں حائل رکاوٹوں سے متعلق اپنی مطالبات پیش کئے۔اصغر سامون نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے کارو بار کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون دے گی تا کہ ان کے معیار حیات میں بہتری آنے کے علاوہ دیگر لوگوں کو بھی روز گار کے مواقعے دستیاب ہوں گے۔
 

ڈگری کالج ٹنگمرگ میں منشیات کی روک تھام پر ورکشاپ

نوجوان نسل کا نشے کی لت میں پڑنے پر تشویش 

ٹنگمرگ/مشتاق الحسن /گورنمنٹ ماڈل ڈگری کالج ٹنگمرگ میں منشیات کی روک تھام پر ایک روزہ ورکشاپ یوتھ ایڈ فائونڈیشن چندی لورہ کی طرف سے منعقد کیا گیا جس میں طلاب، تحصیل انتظامیہ، سیول سوسائٹی،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے وادی کشمیر میں نوجوان نسل کے تیزی کے ساتھ منشیات کی لت میں پڑنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے موجود طلاب کو منشیات سے دور رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہیں پڑھائی کی طرف متوجہ ہونے کی تلقین کی ۔تحصیلدار ٹنگمرگ ڈاکٹر نثار رسول نے منشیات مخالف تقریر میں کہا کہ اس وقت وادی کشمیر میں خاصی تعداد میں نوجوان نسل منشیات کی عادی بن چکی ہے جو کہ پورے سماج کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ منشیات کے عادی نوجوان اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاتے ہیں جس کی روک تھام کرنا ہر ایک فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوامی بیداری کی خاطر سیول سوسائٹی اور میڈیا کو آگے آنے کی اپیل کی تاکہ بیداری کی بدولت ہی منشیات پر روک لگ سکتی ہے۔۔ یوتھ اینڈ فاونڈیشن کے ایک ذمہ دار نے اس بات کا انکشاف کیا کہ صرف ضلع بارہمولہ میں 32 ہزار کے قریب نوجوان نشیلی ادویات کی لت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر فاونڈیشن کے جانب سے طلاب، سیول سوسائٹی ،کالج کے پرنسپل،تحصیلدار ٹنگمرگ میڈیا سے وابستہ نامہ نگاروں کو بہترین کارکردگی پر توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔
 

سابق مخلوط حکومت کا ایجنڈا 

خصوصی پوزیشن ختم کرنا تھا: شمیمہ فردوس 

سرینگر//نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ کی صدر شمیمہ فردوس نے کہا ہے کہ سابق پی ڈی پی اور بھاجپا مخلوط حکومت کا ’ایجنڈا آف الائنس‘ اصل میں جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنا تھا ، آر ایس ایس سمیت تمام بھگوا جماعتیں جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو ختم کرنے کی کوششوں میں آج بھی مصروف ہے ۔شمیمہ فردوس نے کہاکہ پی ڈی پی نے اقتدار میں رہ کر ان کی کوششوں کو کھلے عام دوام بخشا، 35اے پر غیر یقینیت اور ریاست کے تینوں خطوں کے عوام میں اس دفعہ سے متعلق پائی جارہی تشویش بھی پی ڈی پی حکومت کی ہی دین ہے۔ شمیمہ فردوس نے ضلع سرینگر کے عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ وہ مستقبل میں کبھی بھی بھاجپا کیساتھ اتحاد نہیں کریں گی جبکہ انہوں نے لوگوں کو ایسا ہی کچھ راگ 2014کے الیکشن سے پہلے بھی سنایاتھا۔ شمیمہ فردوس نے کہا کہ جھوٹ بولنے اور فریب کاری میں محبوبہ مفتی کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ بی جے پی کی طرف سے ہزیمت آمیز طریقے سے برطرفی کے بعد بھی محبوبہ مفتی نے راجیہ سبھا کے انتخابات میں اپنے ممبران کو غیر حاضر رکھ کر بھاجپا کی درپردہ مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور یہاں کی شناخت کو ختم کرنے کیلئے جس طرح سابق پی ڈی پی سرکار ناگپور کے فرمانوں پر عمل پیرا رہی وہ کشمیری قوم کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی۔ سابق پی ڈی پی بھاجپا حکومت میں دفعہ370 اور دفعہ35A(سٹیٹ سبجیکٹ قانون) کو کمزور کرنے کیلئے طرح طرح کے حربے اپنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قلم دوات جماعت کی سرکار کی مہربانی سے آج ریاست کا بچہ بچہ اپنی شناخت ، پہنچان اور کشمیریت کے بچائو کے تئیں فکر مند ہے کیونکہ انہی خصوصیات کی وجہ سے ریاست کو انفرادیت حاصل ہے اور یہاں کا آبادیاتی تناسب برقرار ہے۔ 
 

گانگوہ پلوامہ میں عطیہ خون کا کیمپ منعقد

40افراد نے خون کا عطیہ دیا

پلوامہ /سید اعجاز /گانگوہ پلوامہ میں مقامی لوگوں نے ضلع ہسپتال پلوا مہ کے اشتراک سے شہدائے کربلا ؑکی یاد میں عطیہ خون کا کیمپ منعقد کیا جس میں علاقے کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے چند کلومیٹر دور شعیہ آبادی والے علاقے گانگوں میں منگل کو ضلع اسپتال پلوامہ کی اشترک سے ایک عطیہ خون کا کیمپ منعقد کیا ہے۔ کیمپ کے منتظمین کا کہناتھا کہ کیمپ میں زندگی کے سبھی شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور خون کا عطیہ پیش کیا۔کیمپ کا آغاز چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ ڈاکٹر محمد جعفر نے گاؤں کے معززشخصیات کی موجودگی میں کیا۔اس موقعے پرچیف میڈیکل افسر پلوامہ نے خون کے عطیہ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ آپسی بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے بلکہ اس سے انسانی جانوں کو زیاں ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔اس موقعے پر چالیس سے زائد افراد نے اپنا خون بطور عطیہ پیش کیا۔
 

امر ناتھ شرائین بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او اور ڈپٹی ایس پی کو الوادع 

سرینگر//راج بھون نے شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او بھوپندر کمار اور ڈپٹی ایس پی راج بھون سیکورٹی اجے شرما کو الوادع کیا۔ بھوپندر کمار قومی صحت مشن کے مشن ڈائریکٹر اور اجے شرما ایس ڈی پی او اکھنور تعینات کئے گئے ہیں۔گورنر ستیہ پال ملک نے دونوں افسران کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔
 

ہائر سکینڈری سکول کپوارہ میں محفل مشاعرہ کا اہتمام 

اشرف چراغ 
کپوارہ // کلچر ٹرسٹ کپوارہ کی جانب سے ہائر سکینڈری سکول کپوارہ میں منگل کو محفل مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں ضلع انفارمیشن محکمہ نے مالی معاونت کی۔ مشاعرے کی صدارت محمد یوسف مشہور نے کی جبکہ دیگر شعراء جن میں عبدالغنی بیگ اطہر، عبد الا احد جمشید، مشتاق ساگر، بزرگ شاعر عبد العزیز مستانہ، عبدالااحد حامی، سجاد راشد منظور نے حصہ لیکر اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔مشاعرے کی نظامت مشتاق ساگر نے انجام دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ محمد یوسف شبنم مہمان خصوصی تھے اور اپنا کلام سنایا۔