مزید خبرں

چئیر پرسن کے وی آئی سی (نارتھ زون ) اور 10+2 کنٹریکچول لیکچرر ایسوسی ایشن کی گورنرسے ملاقی

سرینگر//ڈاکٹر حنا شفیع بٹ چئیر پرسن کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری کمیشن ( نارتھ زون ) وزارت مائیکرو ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائیزز نے کل یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری کی طرف سے دیہی علاقوں میں عملائے جا رہے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔اس دوران ارون بخشی اور سنیتا کول صدر و جنرل سیکرٹری 10+2 کنٹریکچول لیکچرر ایسوسی ایشن آف جے اینڈ کے نے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ صدر اور جنرل سیکریٹری نے گورنر کو کنٹریکچول لیکچرروں کے مطالبات سے آگاہ کیا ۔ جو اپنی خدمات کو باقاعدہ بنانے کیلئے پچھلے593 دنوں سے احتجاج پر ہیں انہوں نے نکالے گئے کنٹریکچول لیکچرروں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔ 
 
 

عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستانی فوج کا طرز عمل جارحانہ: ڈی جی بی ایس ایف

سری نگر//بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے اپنے منصب سے سبکدوش ہونے سے ایک روز قبل پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کریکٹر سے سیاست دان بنے عمران خان کے اقتدار میں آنے کے مابعد پاکستانی فوج جارحانہ طرز عمل اختیار کرچکی ہے۔18ستمبرکوجموں کے سانبہ سیکٹر میں نریندر سنگھ نامی بی ایس ایف اہلکار کی ہلاکت پر پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹ کی سرگرمیاں اگر چہ ماضی میں لائن آف کنٹرول تک ہی محدود تھی تاہم دن بہ دن ان کی سرگرمیاں بین الاقوامی سرحد پر وسیع ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کا طرز عمل ماضی سے بہت زیادہ جارحانہ ہوچکا ہے۔ڈی جی نے بتایا کہ سرحد پار فی الوقت جنگجوئوں کے مختلف تربیتی مراکز کام کررہے ہیں جہاں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ہتھیاروں کی تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ بھارت میں جنگجوئوں کو دھکیلنا پاکستانی کی قومی پالیسی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ہم ساتھی اہلکار کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے دشمن کو بڑے نقصان سے دوچار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بخوبی معلوم ہے کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد سے 5سے 7کلومیٹر کے دائرے تک جنگجوئوں کے تربیتی مراکز کام کررہے ہیں ۔
 
 

ڈی جی پولیس کا بانڈی پورہ دورہ

 اُمیدواروں کوسیکورٹی فراہم ہوگی

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس لائن بانڈی پورہ میں پولیس جوانوں اور افسران کو خطاب کیا ہے ۔انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا  جائزہ لیا ہے ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال چوہدری ایس ایس پی بانڈی پورہ تھے ۔آخر میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی اور پنچایتی چناو کے لیے سیکورٹی انتظامات مکمل کر دئے گئے ہیں تمام امیدواروں کو مکمل سیکورٹی فراہم ہوگی تاکہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو بھی مکمل تحفظ فراہم ہوگا ۔
 
 

چیف الیکٹورل افسر نے  تحصیلداروں کی تبدیلیوں کاحکم منسوخ کیا

 سرینگر//محکمہ مال کی طرف سے تحصیلداروں کی تبدیلیوں اورتقرریوں کے احکامات کو ریاست کے چیف الیکٹورل افسر نے منسوخ کیا ہے۔جوائینٹ چیف الیکٹورل افسر کے حکم کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنروں نے بتایا کہ آنے والے بلدیاتی چنائو ے پیش نظریہ تبدیلیاں اورتقرریاں انتخابی ضابطہ اخلاق کے منافی ہیں۔محکمہ مال کی طرف سے 28ستمبر کو جاری تحصیلداروں کی تبدیلیوں اورتقرریوں کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے چیف الیکٹورل افسر نے تمام ڈی ای اوز کو ہدایت دی کہ وہ ان تبدیلیوں پر عملدرآمد چنائو ضابطہ اخلاق کے لاگو ہونے کی وجہ سے تاحکم ثانی رد کریں ۔انہوں نے اُن حکام جنہوں نے نئے مقامات پر کام کاج سنبھالا ہے ،کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنی پرانی جگہوں پر واپس جائیں۔
 

بلدیاتی انتخابات 2018 

کرگل میں پولنگ عملے کی پہلی رینڈمائیزیشن  

کرگل //ضلع الیکشن آفیسر کرگل وکاس کنڈل نے ضلع حکام کی ایک میٹنگ میں میونسپل انتخابات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ میں ضلع کے ایس پی ڈاکٹر ونود کمار ، اے سی آر سونم چسجور، سی ایم او محمد ابراہیم خان ، ڈپٹی ضلع الیکشن آفیسر نرگس بانو اور کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی ۔ اس سے پہلے ڈی ای او کرگل کی صدارت میں پولنگ عملے ، ٹرانسپورٹیشن اور ریٹرننگ افسروں کی پہلی رینڈمائیزیشن بھی منعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف چناؤ کو یقینی بنانے کیلئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ 
 

لیہہ میں چنائو عملے کیلئے ٹریننگ سیشن کاانعقاد 

لیہہ//لیہہ میں میونسپل انتخابات کے سلسلے میںچناؤ عملے کی تربیت کیلئے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر لیہہ ایونی لواسہ جو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھی ہیں ، بھی موجودتھے ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے پولنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تمام پولنگ عملے کو ہدایت دی کہ وہ یہ تربیت سنجیدگی کے ساتھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے دوران ملازمین کو چناؤ رہنما خطوط اور چناؤ کے دیگر اہم امور کے بارے میں روشناس کرایا جائے گا ۔ ڈپٹی ضلع الیکشن آفیسر ڈاکٹر ادھم داس نے پرذائیڈنگ اور پولنگ افسروں پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ہر سطح پر چوکسی برت کر کسی بھی لیت و لعل کی گنجایش نہ رکھیں ۔ تربیتی پروگرام کے دوران چناو عمل کے تمام عوامل کے بارے میں ملازموں کو تربیت دی گئی جن میں پولنگ مواد حاصل کرنا ، پولنگ سٹیشن قایم کرنا ، پولنگ افسروں کیلئے بیٹھنے کا انتظام ، ووٹروں کی نشاندہی ، ای وی ایم کا استعمال ، پرذائیڈنگ افسروں اور پولنگ افسروں کا رول جیسے امور شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ پولنگ عملے کو حتمی تربیت 6  اکتوبر کو دی جائے گی اور 7 اکتوبر 2018 کو تمام وارڈوں کیلئے پولنگ پارٹیاں روانہ کی جائیں گی ۔ 
 

 ڈیوٹی سے غیر حاضر 5آئی سی ڈی ایس ملازم معطل 

جموں//سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس جموں کشمیر نے جموں کوٹ بلوال اور مڑھ میں آئی سی ڈی ایس پروجیکٹوں کا اچانک معائینہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے پروجیکٹ کے پانچ اہلکاروں کو غیر قانونی طور ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا ۔ انہوں نے فوری طور سے ان ملازموں کو معطل کرنے کے احکامات  صادر کئے  ۔ 
 

خورشید گنائی آج 

جموں میں لوگوں کی شکایات سنیں گے 

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کنونشن سنٹر کنال روڈ جموں میں آج یعنی 30 ستمبر کو عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کیلئے دوپہر دو بجے سے شام چھ بجے تک حاضر رہیں گے ۔ 
 

ـ الیکٹریکل ایمپلائیز سرکل پلوامہ کا تعزیتی اجلاس

سرینگر//جموں وکشمیر الیکٹریکل ایمپلائیز یونین کا ایک تعزیتی اجلاس سرکل پریذیڈنٹ پلوامہ عبدالرشید سانبوری کی صدارت میں منعقدہوا۔ اجلاس میں 28  ستمبر کو سیکریٹری محمد اشرف ڈار کے بہنوئی کے وفات پانے پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے حق میں ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اللہ تعالی سے دعا کی گی کہ مرحوم کو جواررحمت میںجگہ  دے کر مرحوم کے اہل خانہ کو یہ غم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔
 

سابق وزیر اور شیعہ عالم

مولوی افتخار کو محبوبہ مفتی کاخراج عقیدت

سرینگر// پیپلزڈیموکریٹک پارٹی صدر اورسابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق وزیراورمعروف شیعہ عالم مولوی افتخارحسین انصاری کواُن کی برسی پر شاندارالفاظ میں خراج عقیدت اداکیا۔ ایک بیان میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرحوم انصاری وادی کے نامور شیعہ اسکالر تھے جن کا وادی میں مذہبی تعلیم کوعام کرنے اور مسلکی اتحاد کوبرقرار رکھنے کیلئے رول تاریخی ہے۔ محبوبہ مفتی نے مرحوم کی اُن خدمات کو بھی یاد کیا جوانہوں نے بطور ایک سیاسی ومذہبی رہنمااور وزیر کے وادی کی سیاسی اورسماجی زندگی میں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما نے سماج کے پسماندہ طبقے کی بھلائی اور بہبودی کیلئے جوکام کیا وہ مدتوں یاد رکھاجائے گا۔
 

 اننت ناگ میں  بھنگ کی فصل تباہ

اننت ناگ(اسلام آباد)//اننت ناگ پولیس نے سریگفوارہ بجبہاڑہ میں بیس کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی فصل کو تباہ کیا۔ منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس ، ایکسائز ڈیپاٹمنٹ اور محکمہ مال سے وابستہ اہلکاروں نے لیور سری گفوارہ اننت ناگ میں 20کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت کو ضائع کیا ۔ مقامی لوگوں ، ذی عزت شہریوں اور نوجوانوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا۔
 
 

رائل گنڈ میں حادثہ 9سالہ بچہ زخمی

 غلام نبی رینہ
کنگن// رائل گنڈ میں ایک نا معلوم گاڑی نے نو سالہ بچے کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔ تحصیل گنڈ کے رائل نامی علاقے میں ایک نا معلوم گاڑی نے نو سالہ شاہد احمد ملک ولد معراج الدین ملک ساکنہ رائل کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا ۔وہاں موجود لوگوں نے مذکورہ بچے کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر گنڈ منتقل کیا جہا ں سے ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک قرار دیکر اس کو مزید علاج و معالجہ کے لئے صورہ میڈیکل انسٹی چوٹ منتقل کیا ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ سید عارف نے بتایا کہ نا معلوم گاڑی کو تلاش کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔
 

موجودہ صورتحال عوام کو مرعوب کرنے کی کوشش:الطاف اندرابی

سرینگر// محازآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے کہا ہے کہ وادی میں تشویشناک صورتحال پیدا کی جارہی ہے تاکہ یہاں کے عوام کو مرعوب کیا جا سکے۔موصولہ بیان میں صدر تنظیم نے کہا کہ کشمیر میں آگ و آتش کا ماحول پیدا کرکے کشمیریوں کو مٹانے کی کوششیں جاری ہیں،اسلئے ہر گذرتے دن کے ساتھ معصوم اورنہتے کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اور کشمیریوں کو فرضی کیسوں میں پھنسا کر عقوبت خانوں اور زندانوں میں ذہنی و جسمانی تکالیف میں مبتلا کیا جارہا ہے۔اندرابی کے مطابق حد تو یہ ہے کہ کشمیر کی خواتین رہنماؤں کو بھی انتقام کا نشانہ بنا کر ریاست سے باہر جیلوں میں اذیت سے دوچار کیا جارہاہے۔ انہوں نے بھارت کے منصوبہ ساز اداروں پر زور دیا کہ برصغیر کو تباہی سے بچانے کے لئے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل نکالنے کی طرف اپنی توجہ مبذول کریں اور جنگ وجدل سے بچ کر بر صغیر کے عوام کو راحت اور سکون کی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کریں۔
 

 روڈ سیفٹی فنڈ کیلئے قوانین نوٹیفائی 

سرینگر//گورنر انتظامیہ نے روڈ سیفٹی فنڈ کو بروئے کار لانے کیلئے قوانین نوٹیفائی کئے ہیں تا کہ جموں و کشمیر سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل ایکٹ 2018 کی موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کے مطابق روڈ سیفٹی کونسل ایکٹ کے ذریعے سے سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل اور روڈ سیفٹی فنڈ کی تشکیل ہو سکے گی تا کہ ریاست میں روڈ سیفٹی پروگراموں کی عمل آوری ہو سکے ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ یہ قدم روڈ سیفٹی کے تعلق سے سپریم کورٹ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق اٹھایا گیا ہے ۔ جس میں ریاست میں نان لیپس ایبل روڈ سیفٹی فنڈ کے قیام کی بات کہی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی فنڈ میں روڈ سیفٹی سے متعلق سکیموں ، پروگراموں ، پروجیکٹوں کی عمل آوری کیلئے اخراجات مختص کرانے اور روڈ سیفٹی کیلئے لازمی آلات کی خرید اور تنصیب کیلئے بھی رقومات فراہم کی جائیں گی ۔ 
 

 نیشنل کانفرنس کا پارٹی عہدہ دارکے انتقال پراظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے نائب صدرِ بلاک گلوان پورہ بڈگام عبدالعزیز خان کے سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن جانے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ اورممبراسمبلی بڈگام آغا سید روح اللہ نے بھی اس سانحہ  پر سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
 

قربانیوں کی حفاظت لازمی:تحریک حریت

ویری ناگ اور نہامہ میں غمزدہ کنبوں سے تعزیت پرسی کی

سرینگر// تحریک حریت کے میر حفیظ اللہ نے آصف احمد ویری ناگ گھاگنڈ، بلال احمد اور غلام محمد ہرہ نے عرفان احمد ستھر نہامہ کی یاد میں بلائے گئے تعزیتی اجتماعات میں غمزدہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔تعزیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان آزادی کے حصول کیلئے اپنی جانیں نچھاور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے سیاستدانوں نے بھارتی زنجیروں کو مضبوط کرکے یہاں کے عوام کو عذاب وعتاب میں مبتلا کردیا ۔ مقررین نے کہا کہ قوم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں اور آنے والے پنچائتی اور بلدیاتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت جموں کشمیر میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، ہر طرف فوجی راج ہے، خوف ودہشت کا ماحول ہے اور لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔
 

تنازعات حل کروانااقوام متحدہ کی ذمہ داری: فریڈم پارٹی

عالمی برادری کے بیانات حوصلہ افزاء:جاوید میر

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کے سلسلے میںعملی اقدامات کئے جائیں۔ایک بیان میںفریڈم پارٹی نے اس عالمی ادارے پر زور دیا ہے کہ کشمیر جیسے تنازعات حل کئے جائیں تاکہ امن و استحکام کو لاحق خطرات کا قلع قمع کیا جاسکے اور انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ روکا جاسکے۔ پارٹی ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی قرار دادیں عملانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ یہاں رہنے والے لوگ ایک آزاد فضا میں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرکے خوشحال زندگیاں گزار سکیں۔بیان کے مطابق بھارت اور پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رکن ہیں اور دونوں نے سلامتی کونسل میں قراردادوں پر دستخط کر رکھے ہیں، اس لئے باقی ممبرانِ ادارہ پر واجب ہے کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے دو نیوکلائی طاقت رکھنے والے ہمسایہ ممالک کو اس دیرینہ تنازعہ کا حل نکالنے کیلئے راضی کرائیں۔فریڈم پارٹی نے عالمی ادارے سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی زندگیاں بچانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔اس دوران لبریشن فرنٹ (ح)کے چیئرمین جاوید احمد میر نے اقوام متحدہ میں جاری اجلاس میں عالمی برادری اور ان ممالک کے بیانات کو حوصلہ افضاء قرار دیا ہے جنہوں نے تنازعہ کشمیر کو پر امن طور حل کروانے اور جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بد ترین پا مالیوں پر کشمیری عوام کی حمایت میں اپنے بیانات جاری کئے۔ انہوں نے کہا بھارت کی حکومت اقوام متحدہ میں جاری اجلاس کے دوران تنازعہ کشمیر پر دئے گئے بیانات پر اپنی ہٹ دھرمی پر رہ کر جنوبی اشیاء کے حالات کو مزید بگاڑنے کے لئے ایک بار پھر دوہری پالسی اختیار کر چکا ہے۔ میر نے حریت پسند قائدین اورکارکنوںکی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی حکومت کو آزمائے ہوئے نسخوں سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ۔ 
 
 

ڈورہ میں طلاب کا احتجاج

عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 11ویں جماعت کے طلاب نے بورڈ کی جانب سے مشتہر کئے گئے ڈیٹ شیٹ پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے ابھی نصاب مکمل نہیں کیا ہے اور بورڈ نے ڈیٹ شیٹ جاری کردیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنراننت ناگ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور سالانہ امتحانات اسکولی سطح پر لینے کا مطالبہ کیا ۔
 

مسرت عالم پیش عدالت،کورٹ بلوال منتقل

سرینگر//مسلم لیگ چیرمین مسرت عالم بٹ کوکل کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انھیں 2015ء میں پولیس کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آر کے تحت فارسٹ کورٹ (Forest Court)  میں پیش کیا گیا جہاں دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سنوائی /16 2018/10کو رکھی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو بھاری پولیس حصارمیںدوبارہ کورٹ بلوال منتقل کیا گیا۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ مسرت عالم بٹ کے ساتھ روا رکھا گیا یہ سلوک سیاسی عداوت کی عظیم مثال ہے اور یہ بات سمجھ سے کوسوں دور ہے کہ مسرت عالم بٹ کو کن وجوہات کی بنیاد پر بدترین سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنا کر جموں کشمیر کے ہر تھانے اور جیل کی زینت بنارہے ہیں کیونکہ مسرت عالم بٹ پر عائد کے گئے تمام پی ایس اے عدالت کی طرف سے کالعدم ہوئے ہیں اور 36 واں پی ایس اے کی معیاد بھی ختم ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ان کی اسیری کو طول دیا جاتا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔
 

 ڈپٹی ڈائر یکٹرلائبریریز کشمیرکے ملازمین تنخواہوں سے محروم 

سرینگر//ڈپٹی ڈائر یکٹرلائبریریزاینڈ ریسرچ کشمیرمیں کام کررہے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیںجبکہ لداخ خطے کے ملازمین بھی تین ماہ کی تنخواہوں سے محروم رہنے کے نتیجے مالی بحران کا شکار ہیں۔ سی این ایس کے مطابق ڈپٹی ڈائر یکٹرلائبریریز اینڈ ریسرچ کشمیرمیں کام کررہے ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے اْن کی حالت ناگفتہ بہ بنی ہوئی ہے۔معلوم ہواہے کہ لداخ خطے کے ملازمین بھی تین ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ تحصیل  لائبریریز کرناہ کے ملازمین چھ مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہونے کے نتیجے میں سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔ متعلقہ محکمہ میں کام کررہے ملازمین کا کہناہے کہ تنخواہیں واگذار نہ ہونے کی وجہ سے اُن کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر اُن کی تنخواہیںواگذار نہیں کی گئیں تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے۔ انہوںنے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ کا سنجید ہ نوٹس لیں اور تنخواہیں واگذار کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
 

  جموں و کشمیر میںقومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کی ایک اورشاخ قائم کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی//قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے نئے ڈائریکٹرجموں و کشمیر میں اردو کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر اگر اپنی اولین ترجیح میں یہاںایک شاخ قائم کریں گے ، تو وہ اردو زبان کی ایک بہت بڑی خدمت بھی ہوگئی۔ دبستان علم و ادب کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محی الدین زور نے نئے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان نئی دلی پوری اردو دنیا میں ایک اہم ہی نہیں بلکہ سب سے بڑا ادارہ مانا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ادارہ کاڈائریکٹر ہونا جس قدر بہت بڑا رتبہ حاصل کرنا ہے ،ٹھیک اُسی قدر ایک بہت بڑا چلینج بھی ہے اور یہ چلینج اردو زبان کے محب،ادب شناس اور ایک پُر خلوص انسان ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے قبول کر لیا ہے جو خوش آئیند ہے۔