مزید خبرں

بلدیاتی چنائو کیلئے تعینات ملازمین کا تربیتی کیمپ 

حسین محتشم
پونچھ// سرنکوٹ اور پونچھ میں میونسپل کونسل کے انتخابات کے لئے تعینات کئے گئے مختلف محکموں کے ملازمین کیلئے دوسرا تربیتی کیمپ گورنمنٹ ڈگری کالج کے شعبہ جغرافیہ کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیا ۔اس دوران نائب ضلع انتخابی افسر شازیہ کوثر نے ملازمین کو انتخابات کے غیر جانبدار رہنے کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض کو نبھانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ماسٹر ٹرینر وجے پوری نے ملازمین کو انتخابی عمل کے تکنیکی پہلوئوں سے روشناس کیا ۔ اس دوران آڈیو ویژول پریزینٹیشن کے ذریعہ بھی ملازموں کو جانکاری فراہم کی گئی۔واضح رہے کہ پونچھ اور سرنکوٹ میں8اکتوبر کوپہلے مرحلے کے تحت میونسپل کونسل کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کے لئے ان ملازموں کو ابھی سے تیار کیا جا رہا ہے ۔اس تربیتی پروگرام میں بڑی تعداد میں ملازمین شریک ہوئے ۔ 
 

گوجر بکروال طبقہ کیلئے  اقتصادی و سیاسی پیکیج کا مطالبہ

پونچھ //گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے  اپیل کی ہے کہ جموں و کشمیر کے گوجر بکروال طبقہ کی ترقی اور بہبود کے لئے خصوصی مالی اور سیاسی پیکیج منطور کیا جائے ۔اپنے ایک بیان میں شمشیر ہکلہ پونچھی نے کہا کہ ریاست میں گوجر بکروال طبقہ دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں جنگلوں کے نزدیک اور ہندوو پاک کی سرحد کے نزدیک آباد ہے اور طبقہ کے لوگ سڑک رابطہ ، بجلی ، واٹر سپلائی اور تعلیم طبی سہولیات سے محروم ہیں جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ان کاکہناتھاکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی اس طبقہ کی آبادی والے کئی علاقوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی  پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ان کاکہناہے کہجموں و کشمیر میں آباد گوجر بکروال طبقہ سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور سیاسی طور پر پسماندہ ہے جس کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اقتصادی و سیاسی پیکیج دیاجائے ۔
 

 مولانا وزیر محمد قاسمی کے انتقال پر الجمعیۃ کا اظہار ِ تعزیت 

پونچھ// خطہ پیرپنجال کے بزرگ عالم ِدین مولانا وزیر محمد قاسمی کے انتقال پرملال پر الجمعیۃکے آل انڈیا جنرل سکریٹری مولانا شہزاد انوری نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہونے کا اظہارکیا ہے۔مولانا مرحوم کھنیتر ضلع پونچھ کے رہنے والے تھے۔انوری نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم ایک درویش صفت انسان تھے اور استاذالاساتذہ مولانا غلام قادر صاحب مدظلہ کے ان رفقاء کار اور ہم عصروں میں سے ایک تھے جن کی بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں خطے میں توحید وسنت کے چراغ روشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مادر علمی کے زمانہ طالب علمی سے ہی مولانا موصوف کی نیک توجہات، شفقتیں اور عنایتیں انہیں حاصل رہیں اور تاحیات ملّی تجاویز اور اہم مشوروں سے نوازتے رہے، آج ان کے انتقال پر چہارجانب کی فضا سوگوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم ایک جید عالم دین ہونے کے ساتھ زہد و تقویٰ کی صفات سے بھی متصف تھے، عام لوگوں سے خندہ پیشانی سے ملنا ان کی عادت تھی، علمائِ کرام اور بزرگانِ دین کے بڑے قدرداں تھے اور خوردنوازی کا عالم یہ تھا کہ ہمیشہ اپنے سے چھوٹوں کی ہمت بندھاتے اور حوصلہ بڑھاتے تھے۔انہوں نے کہاکہ جمعیۃ، جامعہ اور دیگر تمام شعبہ جات کے اراکین، اساتذہ، طلبہ وطالبات دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
 
 

کالاکوٹ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام 

راجوری//فوج نے راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیاجس کا مقصد مقامی نوجوانوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے مواقع فراہم کرنا اور ان میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرناتھا۔یہ ٹورنامنٹ ناک آئوٹ بنیاد پر تھاجس میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا ۔فائنل مقابلے میں ڈالی کی ٹیم کو شکست دے کر سیالسوئی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطاب جیت لیا ۔ٹورنامنٹ کے دوران کافی تعداد میں شائقین موجود رہے جنہوں نے اپنی اپنی حمایتی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی ۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔
 

ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال 

ماسوائے مینڈھرراجوری پونچھ میں معمولات زندگی متاثر

سمت بھارگو
راجوری //ٹرانسپورٹروں کی ریاست گیر ہڑتال کا اثر راجوری پونچھ پر بھی پڑا جہاں معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے اور لوگوں کو پیدل سفر طے کرناپڑاتاہم مینڈھر میں گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔دونوں اضلاع میں لوگوں کو گاڑیاں بند رہنے کی وجہ سے پیدل سفرطے کرتے ہوئے دیکھاگیا جس دوران مریضوں کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑا۔دونوں اضلاع میں مسافر بسیں، منی بسیں، کینٹر بسیںاور ٹیمپو ٹریولر سڑکوں پر نہیں چلے جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے ۔جموں پونچھ شاہراہ پر بھی کوئی مسافر گاڑی چلتے نہیں دیکھی گئی جس کی وجہ سے مسافروں کو پیدل سفر طے کرناپڑا۔قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ مقامی سڑکوں پر بھی گاڑیاں غائب رہیں اور اس دوران آٹو رکشابھی نہیں چلے ۔راجوری قصبہ جہاں آٹو رکشا مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لیجاتے ہیں ، میں بھی لوگوں کو پیدل محو سفر دیکھاگیا۔ایک مقامی شخص نے بتایاکہ ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال نے لوگوں کو پریشان کردیا اور وہ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوئے ۔انہوں نے بتایاکہ تعلیمی اداروں کو جانے والے طلباء بھی پیدل سفر پر مجبور ہوئے ۔پونچھ میں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامناکرناپڑا جہاں ماسوائے ٹاٹاسومو کے تمام مسافر گاڑیاں بند رہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال ختم کروائی جائے اور انہیں اس لڑائی کاشکار نہ بنایاجائے جو ٹرانسپورٹروں اور حکومت کے درمیان ہے ۔وہیں مینڈھر میں اس ہڑتال کاکوئی اثر دکھائی نہیں دیا اور گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔
 
 

تھنہ منڈی کالج کے طلباء میں جھگڑا

قصورواروں کیخلاف کارروائی ہوگی:پرنسپل

طارق شال
تھنہ منڈی //پیر کے روز گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے طلباء کے درمیان کسی بات پر تصادم ہوگیا جس کے باعث دو طالبعلم زخمی ہوئے ہیں۔ اس معاملے پر کالج انتظامیہ نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔طلباء کے دوگروپوں کے درمیان آپسی بحث و تکرار کے بعد تصادم ہوا جس دوران دو طالبعلم زخمی ہوگئے ۔اس سے قبل کہ معاملہ مزید بگڑجاتا ،انتظامیہ نے مداخلت کرتے ہوئے یہ لڑائی ختم کروائی ۔اس معاملے پر کالج کے پرنسپل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی جو تحقیقات کرے گی ۔ پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے بتایاکہ طلباء کے درمیان تصادم ہواہے جس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ جس کا بھی قصور ہوگااس کے خلاف کارروائی ہوگی اور کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
 

’گاندھیائی تصور اور عالمی امن ‘

راجوری کالج میں سیمپوزیم کا اہتمام 

راجوری//گاندھی جینتی کے سلسلے میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کی طرف سے ’’گاندھیائی تصور اور عالمی امن ‘‘کے موضوع پربین کالج سیمپوزیم کا انعقاد کیاگیا۔اس پروگرام کا اہتمام کالج کلچرل کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر اقبال رینہ اور ڈاکٹر محمد سلیم وانی و دیگر ممبران کی طرف سے کیاگیاجس میں بڑی تعداد میں طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جے اے قاضی نے طلباء پر زو ر دیاکہ وہ حقیقی معنوں میں گاندھیائی فلاسفی کو اپنائیں اور ان اصولوں پر کاربند رہیں جو مہاتماگاندھی کی طرف سے وضع کئے گئے ہیں ۔سیمپوزیم میں ہمالین ڈگری کالج راجوری، ڈگری کالج تھنہ منڈی ، ڈگری کالج بدھل،طارق کالج آف ایجوکیشن، ایس وی ایس ڈگری کالج راجوری کے طلباء نے بھی شمولیت کی جن میں سے بدھل کالج کے قاصد ملک نے پہلی ، ڈگری کالج راجوری کے نوید صدیقی نے دوسری اور ڈگری کالج تھنہ منڈی کے دانش بشیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں بالترتیب تین ہزار،دو ہزار اور ایک ہزار روپے کاانعام تقسیم کیاگیا۔پروگرام میںججز کے فرائض پروفیسر فاروق مرزا،پروفیسر منگت رام شرما اور ڈاکٹر شفیہ سلیم نے انجام دیئے ۔
 
 
 

حادثہ کے دو ہفتے بعدزخمی چل بسا

رمیش کیسر
نوشہرہ//دو ہفتے قبل جموں پونچھ شاہراہ پر کار کی ٹکر میں شدید زخمی ہونے والا نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹھالکہ نوشہرہ کے مقام پر 14ستمبر کو ایک تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل پر سوار ہوکرراجوری سے آرہے23سالہ رجت کیسرکو ٹکر ماردی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوا ۔اسے علاج کیلئے امرتسر کے ایک نجی ہسپتال لیجایاگیا جہاں وہ اتوار کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اس کی میت نوشہرہ ہسپتال لائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے اس کا پوسٹ مارٹم کیا اور پھرآخری رسومات کی ادائیگی کی گئی۔پولیس نے اس سلسلے میں کار ڈرائیور کے خلاف دفعہ 304اے کا کیس درج کیاہے ۔
 
 

کلام فائونڈیشن کی طرف سے معروف اساتذہ اعزازات سے سرفراز

پونچھ//اے پی جے ابولکلام ہیومن ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے پونچھ میں منعقدہ پروگرام کے دوران پونچھ کے معروف اساتذہ کو اعزازات سے نوازاگیا۔اعزازات پانے والوں میں غلام حسین جعفری ،کے کے کپور،نذیر حسین قریشی،محمد امین قمر اور جگجیت سنگھ اول شامل ہیںجنہیں مہمان خصوصی منی شنکر ائیر کے ہاتھوں یہ انعامات دیئے گئے ۔دریں اثناء سیمینار میں شرکت اور تعاون کیلئے تنظیم کے چیئرمین خلیل بانڈے نے سبھی کاشکریہ اداکرتے ہوئے ان تمام اساتذہ کو مبارک باد پیش کی جن کو اس موقعہ پر اعزازسے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان اساتذہ کی تعلیم کی وجہ سے ہی پونچھ میں امن اور بھائی چارے کی مثال ملتی ہے جن میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔اس دوران ریٹائرڈ ڈاریکٹر سردار مطلوب خان ،سماجی کارکن آئی ڈی کھجوریہ اور یوگیندر بوشے و گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر و سماجی کارکن چوہدری محمد اسد نعمانی نے اس سیمینار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ فائونڈیشن پونچھ کے امن و امان کو بحال رکھنے کے لئے کوشاں ہے اور بہترین کردار ادا کر ہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس فائونڈیشن نے گزشتہ تین سال میں تین بڑے پروگرام منعقد کر کے پونچھ کے لوگوں کو اہم شخصیات سے ملنے کا موقعہ فراہم کیاجس کیلئے خلیل بانڈے مبارکباد کے مستحق ہیںجنہوں نے اس دور دراز اور پسماندہ علاقہ میں پروفیسر منوج کمار جھا،وجاہت حبیب اللہ(پہلے چیف انفارمیشن کمشنر حکومت ہند)،نعیمہ احمد مہجور(بی بی سی براوڈ کاسٹر)جیسی شخصیات کو پونچھ کے نوجوانوں کے روبرو ہونے کا موقعہ دیا۔واضح رہے کہ کلام فائونڈیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز سیمینار منعقد کیاگیاجس میں سینئر کانگریسی رہنما منی شنکر ایئر نے بھی شرکت کی ۔