مزید خبرں

بی ڈی او قلعہ درہال اور لمیڑی کی کرسیاں خالی 

رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے قلعہ درہال اور لمیڑی بلاکوں میں بلاک ڈیولپمنٹ افسران کی کرسیاں پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پچھلے چھ ماہ سے ترقیاتی کام متاثر ہورہے ہیں اور مزدوروں کو بروقت اجرت نہیں مل پارہی ۔واضح رہے کہ سب ڈیویژن نوشہرہ کے ان علاقوں کو سال 2014میں بلاکوں کا درجہ دیاگیاتھا جہاں ہمیشہ سے ہی افرادی قوت کی کمی کاسامنارہاہے ۔قبل ازیں نوشہرہ میں ایک ہی بلاک ہواکرتاتھا۔ اگرچہ نئے بلاک قائم ہونے سے لوگوں کے کام میں آسانی ہوئی ہے مگر ان میں افسران کی تعیناتی نہ ہونے سے ان کو مشکلات کاسامنا بھی ہے ۔ لمیڑی و قلعہ درہال کے بی ڈی اوز کی کرسیاں پچھلے چھ ماہ و آٹھ ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں مہاتماگاندھی نریگا اور دیگر سکیموں کے کام متاثر ہورہے ہیںاور لوگوں کو بروقت کام ملتے ہیں اور نہ ہی مزدوری ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں افسران کی عدم موجودگی کے باعث سخت مشکلات درپیش ہیں اور حکام کی طرف سے بی ڈی اوز کی تعیناتی عمل میں نہیںلائی جارہی ۔
 

گرن نوشہرہ میں پانی کی سپلائی 2ماہ سے متاثر

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے گرن گائوں میں گزشتہ دو ماہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کے باعث مقامی لوگ سخت پریشان ہیں ۔ گرن پنچایت کے سابق سرپنچ محمد اسحق طالب ،خادم حسین، دلیپ سنگھ بلبیر سنگھ نے بتایاکہ نوشہرہ سے بتیس کلو میٹر دوری پر واقع اس گائوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اوران کی خواتین کو دور دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس علاقے میں ڈیڑھ سو افراد پر مشتمل آبادی پریشان حال ہے اور محکمہ پی ایچ ای کو ٹس سے مس نہیں ہورہا۔ انہوں نے محکمہ کے ملازمین پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دو ماہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہے جس کے بارے میں متعدد مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی شکایت کی گئی مگر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ پانی کی سپلائی کو بحال کیاجائے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نوشہرہ نے بتایاکہ پانی کی قلت کا معاملہ ان کے نوٹس میں نہیں تھا اور وہ معلوم کرکے سپلائی بحال کروائیں گے ۔
 

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں

راجوری میں ڈرائیوروں سے 77000روپے جرمانہ عائد 

راجوری //محکمہ موٹروہیکل نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان سے 77000روپے جرمانہ عائد کیاگیاہے ۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر راجور ی نیرج شرما نے بتایاکہ محکمہ کی ٹیموں نے جموں پونچھ شاہراہ پر مختلف مقامات پر ناکے لگاکر مالبردار گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران کئی گاڑیوں کو ائورلوڈ پایاگیا اور ان میں گنجائش سے زیادہ سامان لداہواتھا۔انہوں نے بتایاکہ قانون شکنی پر ڈرائیوروں کے خلاف 77000روپے جرمانہ عائد کیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ اسی طرح کے ناکے سوموار کو بھی لگائے گئے جس دوران ڈرائیوروں پر 42000روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔
 
 

اے ڈی سی نے ایم آر ویکسین مہم میٹنگ کی صدارت کی 

کوٹرنکہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ وید پرکاش نے روبیلا و خسرہ مخالف مہم کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔یہ میٹنگ پیڑی میں منعقد ہوئی جس میں تحصیلدار کوٹرنکہ امتیاز احمد، بلاک میڈیکل افسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک ، سی ڈی پی او کوٹرنکہ خلیل احمد، زونل ایجوکیشن افسر ، تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اساتذہ ، آنگن واڑی ورکر ،آشا ورکر ،نمبردار و چوکیدار بھی شریک تھے ۔اس میٹنگ کے دوران ویکسین مہم پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا اور بلاک میں حاصل کئے گئے نتائج کے بارے میں بتایاگیا۔اے ڈی سی نے ویکسین کی اہمیت بیان کرتے ہوئے متعلقین پر زور دیاکہ مہم کو کامیابی سے چلایاجائے اورسب کا تعاون حاصل کیاجائے ۔انہوں نے افسران پر زور دیاکہ سوفیصد کامیابی کیلئے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ جانکاری پھیلائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ آشا و آنگن واڑی ورکروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔
 

پی ڈی پی میں نامزدگیاں 

اقبال کاظمی اور وفا ریاستی سیکریٹری،تعظیم ڈار ترجمان راجوری 

سرینگر//جموں خطہ میں پی ڈی پی کو مزید فعال بنانے کے لئے پارٹی کی جانب سے نئے عہدے داروں کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پارٹی کے پریس بیان کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں خطہ کے لئے نئے عہدے داروں کا اعلان کرتے ہوئے سینئر پارٹی لیڈر حسین علی وفا کو ریاستی سیکریٹری، سید اقبال کاظمی کو ریاستی سیکریٹری،تعظیم ڈار کو راجوری کا پارٹی ترجمان،ست پال چاڑک کو چیئرمین کسان سیل،وجے کمار چوہدری کو کو آرڈی نیٹر ضلع سانبہ نامزد کیا گیا ہے۔نئے عہدے داروں کی تعیناتی کا اعلان سرینگر میں پارٹی ترجمان کی جانب سے کیا گیا ہے۔
 
 

ہمالین ایجوکیشن مشن اعزاز سے سرفراز

راجوری //مہاتماگاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے ہمالین ایجوکیشن مشن سوسائٹی راجوری کو اس کی تعلیمی و سماجی خدمات پر اعزاز سے نوازاگیا۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں جشن امن کے موضوع پر ایک ثقافتی پروگرام منعقد ہواجس میں شعراء حضرات ، ماہرین تعلیم ، ماہرین معاشیات ، بیروکریٹوں، سیاسی لیڈران اور سیول سوسائٹی ارکان نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ہمالین ایجوکیشن مشن سوسائٹی کو اعزاز سے نوازاگیا اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے دیاگیا اعزاز معروف ماہر تعلیم و ادیب فاروق مضطر نے حاصل کیا جو اس سوسائٹی کے صدر ہیں ۔
 

ایچ ای ایم کالج میں ہفتہ بھر چلنے والا پروگرام اختتام پذیر

راجوری //ہمالین ایجوکیشن مشن (ایچ ای ایم )کالج راجوری میں گاندھی جیتنی کی مناسبت سے ہفتہ بھر چلنے والا پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔اس دوران مختلف قسم کے پروگرام منعقد کئے گئے جن میں ’مہاتماگاندھی کا عروج‘کے موضوع پر کوئز مقابلہ، ’امن و عدم تشدد انسانی ترقی کیلئے ناگزیر‘کے موضوع پر مضمون نویسی کا مقابلہ ، ’مہاتماگاندھی۔ایک سچا امن کا داعی ‘کے موضوع پر سیمپوزیم اور مہاتماگاندھی کی زندگی اور ان کے تصور کے موضوع پر آڈیو ویڈیو ڈاکومنٹری بنانے کا مقابلہ قابل ذکر ہے ۔اس دوران کالج کے احاطے میں صفائی مہم چلاکر مہاتماگاندھی کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء کو اعزازات و اسناد سے نوازاگیا۔ 
 
 

ترقی کیلئے بھاجپا کو ووٹ دیں :وبودھ گپتا

راجوری //بلدیاتی چنائو سے قبل بھاجپا نے مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور اس سلسلے میں راجوری کے وارڈ نمبر نو ، تیرہ اور سولہ میں میٹنگیں منعقد کرکے رائے دہندگان کو اپنی طر ف متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق ان میٹنگوں کی صدارت پارٹی کے سینئر لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے کی ۔اپنے خطاب میں موصوف نے کہاکہ ملک کو کانگریس کی کرپشن سے آزادی دلانے کیلئے بھاجپا کو مدد دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام نے کانگریس کو مسترد کردیاہے اور اب اس جماعت کی زمین سکڑتی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا کو ووٹ دے کر راجوری کی ترقی کا راستہ ہموار کریں ۔انہوںنے دعویٰ کیاکہ پچھلے تین برسوں کے دوران راجوری میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور کئی اہم پروجیکٹوں پر کام شروع کیاگیاہے ۔اس موقعہ پر بھاجپا کے ضلع صدر دنیش شرما نے بھی خطاب کیا جبکہ میٹنگوں میں سابق وائس چیئرمین پہاڑی مشاورتی بورڈ کلدیپ راج گپتا ، کمل گپتااور کپل سریال کے علاوہ بھاجپا امیدوار بھی موجو دتھے ۔
 

گاڑی سے اترتے ہوئے شہری کچلاگیا

منڈی//بدھ کو منڈی کے علاقہ گلی پنڈی میں ایک شہری مسافر گاڑی سے اترتے ہوئے اس کے تلے آکر لقمہ اجل بن گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کو بعد دوپہر ایک مسافر گاڑی زیر نمبر جو پونچھ سے گلی پنڈی کی طرف روانہ تھی ،نے اچانک گلی پنڈی کے مقام پر ایک شخص کو ٹکر ماردی جس کے باعث وہ لقمہ اجل بن گیا۔ اس شہری کی شناخت بشیر احمد ولد حبیب اللہ ساکنہ پنڈی گلی کے طور پر ہوئی ہے ۔مذکورہ شخص اسی گاڑی میں سوار ہوا تھا جو گلی پنڈی کے مقام پر اتررہاتھا کہ اس کا پائوں پھسل گیا اور وہ گاڑی کے نیچے آکر لقمہ اجل بن گیا۔اس دوران ایس ایچ او منڈی انل شرما کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم گلی پنڈی پہنچی جس نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازات پورے کئے اور پھر اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کردیاگیا۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس درج کیاگیاہے ۔
 

ریچھ کے حملے میں شہری شدید زخمی

عشرت حسین بٹ
منڈی// منڈی کے علاقہ لورن کٹھا علاقے میں ایک شخص ریچھ کے حملے کی وجہ سے شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق بدھ کوعبدالغنی ولد رحیم شیخ ساکنہ ساتھرہ منڈی لورن کے کٹھا علاقہ میں اپنی ڈھوک میں مال مویشیوں کے ہمراہ تھاکہ اچانک اس پر ایک ریچھ حملہ آور ہوگیاجس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ بعد ازآں اسے مقامی لوگوں کی مدد سے لورن اسپتال لایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دی گئیں اور پھر ڈاکٹروں نے علاج کیلئے زخمی شخص کو ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا جہاں سے اسے نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں روانہ کردیاگیاہے ۔
 

 پونچھ میں الیکشن آبزروروں کی میٹنگ 

پونچھ //بلدیاتی چنائو کے پیش نظر پونچھ میں جنرل آبزرور وید راج کی قیادت میں مائیکرو آبزروروں اور اے آروز کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر جنرل ابزرور نے انتخابات کے عمل کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پولنگ عملہ پولنگ اسٹیشنوں پر وقت پر پہنچے اور سیاسی جماعتوں کے رجسٹرڈ ایجنٹوں کی موجودگی میں ووٹنگ کروائی جائے اوراگر ایجنٹ نہ ہوں تو پھر مائیکرو ابزوروں کی موجودگی میں یہ عمل انجام دیاجائے۔انہوں نے اس بات کی ہدایت دی کہ رائے دہندگان کو دی جانے والی سلپ محتاط طریقہ سے تقسیم کی جائیں اورووٹ دینے والوں کے ہاتھ پر نشان لگائے جائیں ۔میٹنگ میں ڈپٹی الیکشن افسر پونچھ شازیہ کوثر،اے آر اوز اور دیگر عملہ بھی موجود تھا
 

KGBV ہوسٹل بنگائی کی حالت ناگفتہ بہہ

عمارت غیر محفوظ،طالبات بے سرو ساماں

طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ بنگائی میں غریب اور نادار بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے محکمہ تعلیم نے مرکزی سرکار کی معاونت سے کستوربہ گاندھی بالیکا ودیالہ کے نام سے ہوسٹل کھولا ہے۔ یہ ہوسٹل سال 2008ء میں قائم ہواتھاجس کی عمارت آج غیر محفوظ بن گئی ہے ۔ہوسٹل کی عمارت کی تعمیر کا کام شد و مد سے جاری کیا گیا تھالیکن یہ دو منزلہ عمارت نامکمل ہونے کے ساتھ ساتھ غیر محفوظ ہے۔ بارشوں کا سارا پانی چھت سے عمارت کے اندر ٹپکتا ہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہپے کہ اس عمارت کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا ہے اور یہ وجہ ہے کہ عمارت کسی کام نہیں۔ گزشتہ دس سال سے ہوسٹل کی بچیاں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے پنچایت گھر میں بے سرو سامانی کی حالت میں تعلیم حاصل کررہی ہیںجنہیں محکمہ کی طرف سے سہولیا ت بھی نہ کے برابر میسر ہیں ۔ان طالبات کے والدین کاکہناہے کہ ہوسٹل کے اغراض و مقاصد پورے نہیں ہوسکے اور یہ برائے نام بن کر رہ گیاہے جہاں طالبات کے ساتھ تعلیم کے نام پر بھدا مذاق کیاجارہاہے ۔انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی عبدالقیوم ندوی نے بتا یا کہ ہوسٹل کی عمارت غیر محفوظ ہونے کے ساتھ قابل رہائش بھی نہیں ۔ انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمارت ناکارہ ہے اور تعمیری کام میں غیرمعیاری میٹریل کا استعمال ہواہے جو رہنے کے لائق نہیں۔ مڈ ڈے میل کے حوالے سے انہوںنے بتا یاکہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مینو کے مطابق کھانا فراہم کرے گی ۔انہوں نے مزید بتا یاکہ اس ہوسٹل میں آج تک وارڈن تعینات نہ کی گئی ہے جس بارے میں ایک پرپوزل چیف ایجوکیشن افسر کو بھیجاگیا ہے اور امید ہے کہ جلد کارروائی ہوگی ۔
 

منگناڑ پونچھ میں تلاشی کارروائی 

سمت بھارگو
راجوری //سیکورٹی فورسز کی طرف سے پونچھ کے سرحدی علاقے منگناڑ علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق فوج اور پولیس نے بدھ کی صبح مشترکہ طور پر منگناڑ میں سرچ آپریشن شروع کیااورپورے علاقے کا محاصرہ کیاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ یہ کارروائی مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع سامنے آنے پر کی گئی ہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ فوج اور پولیس بشمول ایس او جی نے تلاشی کارروائی شروع کی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس دوران پورے علاقے کو محاصرہ میں لیاگیا ۔ مذکورہ افسر نے بتایاکہ شام ہونے پر آپریشن ختم کیاگیا ۔
 

بلدیاتی چنائو 

پوسٹر آویزاں کرنے پر تصادم، پانچ کیخلاف کیس درج

سمت بھارگو
راجوری //پونچھ پولیس نے آزاد امیدوار اور بھاجپا کارکنان کے درمیان پوسٹر چسپاں کرنے کے معاملے پر ہوئی تصادم آرائی پر سرکاری ملازم سمیت پانچ افراد کیخلاف کیس د رج کیاہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پوسٹر آوایزاں کرنے پر آزاد امیدوار اور بھاجپا کارکنان کے درمیان سخت تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد معاملہ کافی حد تک بگڑ گیا۔ذرائع نے بتایاکہ تصادم ہوتے ہی بڑی تعداد میں بھاجپا کارکنان ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں پولیس تھانہ کے باہر پہنچے اور انہوں نے وہاں دھرنا دیا۔ان کارکنان کا الزام تھاکہ آزاد امیدوار کے ساتھیوں نے ان کے ارکان کی پٹائی کی ہے اور ایک مذہبی پوسٹرکے اوپر دوسرا پوسٹر نہیں لگانے دیا۔ یہ دھرنا رات دو بجے تک جاری رہا اور بی جے پی نے فوری طور پر کیس درج کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے دھرنا تب تک ختم نہ کرنے کا انتباہ دیاجب تک کہ کیس درج نہ ہو۔ ذرائع نے بتایاکہ لگ بھگ رات کے ڈھائی بجے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے تحقیقات کا یقین دلاکر دھرنا ختم کروایا۔دریں اثناء پولیس نے اس سلسلے میں ایک سرکاری ملازم سمیت پانچ افراد کے خلاف پولیس تھانہ پونچھ میں ایف آئی آر زیر نمبر 164/2018کا کیس درج کیاہے ۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایاکہ تصادم کے واقعہ پر ایک سرکاری ملازم سمیت پانچ افراد کے خلاف کیس درج ہواہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ یہ تصادم پوسٹر آویزاں کرنے پر ہوا۔