مزید خبرں

تصادم سے سرنکوٹ کے وارڈ نمبر7میں افراتفری

بختیار حسین 
سرنکوٹ //میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کے وارڈ نمبر سات میں دو امیدواروں کے ایجنٹوں کے درمیان کسی بات پر تصادم ہوگیا جس سے پولنگ مرکز میں افراتفری کا ماحول پید اہوا۔ذرائع نے بتایاکہ دو امیدواروں کے ایجنٹوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور پھر معمولی تصادم بھی ہوا جس کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز حرکت میں آگئی اور حالات کو بے قابو ہونے سے بچالیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او سرنکوٹ ریاض احمد بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے حالات کو قابو میں کرلیا۔ایس ڈی پی او نے بتایاکہ ایک وارڈ کے اندراج کے معاملے پر معمولی تصادم ہوا تاہم حالات قابو میں ہیں ۔
 

کانگریس کا پراکسی امیدوار کھڑے کرنیکا الزام

پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے الزامات مسترد کردیئے 

عشرت حسین بٹ
پونچھ//کانگریس کے ضلع پونچھ کے صدر چوہدری عبدالغنی نے کہاہے کہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کی جانب سے الیکشن بائیکاٹ پونچھ میں بے اثر رہا اور دونوں جماعتوں نے اپنی ہی جماعت کے لوگوں کو آزاد امید واروں کے طور پر الیکشن لڑایا۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے لوگوں نے الیکشن بائیکاٹ کے باوجود بھی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کو بحیثیت آزاد امید وار الیکشن لڑایا۔انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے لیڈران نے آزاد امید واروں کے حق میں چنائو مہم چلائی ۔انہوں نے بتایاکہ کانگریس نے پونچھ بلدیاتی انتخابات میں دس امید وارمیدان میں اتارے تھے اور امید ہے کہ سات نشستوں پر پارٹی کامیاب ہوگی ۔دریں اثنا پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈارن نے دعویٰ کیا ہے کہ نہ ہی انہوں نے اور نہ ہی ان کے عہدیداران نے الیکشن میں حصہ لیا۔پی ڈی پی کے سینئر لیڈروممبرقانون سازکونسل یشپال شرما نے کہا کہ نہ انہوں نے اور نہ ہی ان کی پارٹی سے جڑے عہدیداران نے ووٹنگ میں شرکت کی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے الیکشن بائیکاٹ کیا گیا تھا اور اس فیصلے پر عمل درآمد کیاگیا۔وہیں نیشنل کانفرنس کے یوتھ صوبائی صدراعجاز جان نے کہاکہ انہوں نے بھی الیکشن بائیکاٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی ۔تاہم انہوں نے کہاکہ لوگوں کی یہ اپنی مرضی ہے کہ وہ شرکت کریں یا نہ۔ 
 

پولنگ مراکز میں بجلی کا کوئی انتظام نہ تھا

رائے دہندگان موبائل کی روشنی استعمال کرنے پر مجبور

عشرت حسین بٹ
پونچھ//پونچھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران جہاں انتظامیہ نے الیکشن کے حوالے سے تمام تر انتظامات کی بہتری کے دعوے کئے تھے وہیں کچھ جگہوں پر بجلی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے رائے دہندگان کو مشکل کاسامناکرناپڑا۔حکام کے دعوئوں کی قلعی اس وقت کھل گئی جب وارڈ نمبر 6 میں ایک خاتون ووٹ دینے کے بعد کچھ بھی دیکھ نہیں پائی توپولنگ مرکز میں تعینات ملازم نے اسے اپنے موبائل کی روشنی کی مدد سے ووٹ ڈالنے میں مدد فراہم کی۔ الیکشن سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ پولنگ کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پولنگ کے حوالے سے انتظامیہ نے ووٹرز کیلئے ہر طرح کی آسائش فراہم کررکھی ہے تاہم ووٹرز کو برقی رو نہ ہونے کے باعث پریشان ہوناپڑا۔وارڈنمب ر آٹھ میں ووٹ دینے آئے 75سالہ پریتم سنگھ نے بتایاکہ پولنگ مرکز کے اندر اندھیر اتھا جس کی وجہ سے انہیں ووٹ دینے کے دوران سخت پریشان ہوناپڑا۔انہوں نے بتایاکہ انہوں نے اپنے بیٹے کے موبائل کی روشنی سے ووٹ ڈالا۔
 
 

پی ڈی پی ایم ایل سی کا بھائی اور بیٹا بھی امیدوار

عشرت حسین بٹ
پونچھ //اگرچہ پی ڈی پی نے بلدیاتی چنائو سے بائیکاٹ کررکھاہے تاہم پونچھ میں ان چنائو کے دوران پی ڈی پی کے ممبرقانون ساز کونسل کے بھائی اور بیٹے نے بھی ایلکشن میں اپنی قسمت آزمائی کی۔ذرائع نے بتایاکہ پی ڈی پی ایم ایل سی کے سگے بھائی اور بیٹے نے پونچھ بلدیاتی چنائو میں حصہ لیا ۔پونچھ بلدیاتی انتخابات کے وارڈ نمبر 16میںایم ایل سی کے بھائی سنیل کمار ٹریکٹر کے چنائو نشان کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے فرزند کرتیپال شرماوارڈ نمبر سترہ سے بحیثیت آزاد امید وار الیکشن میں ہیں ۔
 

کسٹوڈین جنرل نے راجوری اور جنوبی کشمیر میں جائیداد مہاجرین کا معائنہ کیا

سرینگر//ریاست کے کسٹوڈین جنرل فاروق احمد شاہ نے راجوری ضلع اور جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں واقع جائیداد مہاجرین اور زمین کا برسر موقعہ معائنہ کیا۔راجوری کے دورے کے دوران کسٹوڈین جائیداد مہاجرین جموں، تحصیلدار بُدھل اور ڈپٹی کسٹوڈین راجوری اُن کے ہمراہ تھے۔راجوری میں جائیداد مہاجرین کا معائنہ کرنے کے دوران انہوں نے کہا کہ بدھل تحصیل کے کوٹ رانکہ گاؤں میں جائیداد مہاجرین کے ایک بڑے حصے پر لوگوں نے قبضہ کیا ہے اور مہاجرین کی زمین پر غیر قانونی طور تعمیرات کھڑا کی گئی ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں مناسب کاروائی کرنے کے موقعہ پر ہی احکامات دیئے۔جنوبی کشمیر کے دورے کے دوران کسٹوڈین جائیداد مہاجرین کشمیر، ڈپٹی کسٹوڈین سینٹرل اور دیگر افسران اُن کے ہمراہ تھے۔اچھہ بل میں مہاجرین کی زمین کا معائنہ کرتے ہوئے کسٹوڈین جنرل نے کہا کہ باغبانی محکمہ ماہرین کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد اس زمین پر اعلیٰ پیداوار دینے والے میوؤں کے درخت لگائے گا۔انہوں نے انڈُو میں مہاجرین کی زمین پر اخروٹ کے ہائی بریڈ د رخت لگانے کی ہدایت دی۔کسٹوڈین جنرل نے جائیداد مہاجرین پر غیر قانونی طور تجاوزات کرنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے اور اُن کے خلاف سخت کاروائی کرنے پر بھی زور دیا۔
 
 
 

رام بن حادثے پراظہار رنج و غم 

پونچھ //رام بن سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جمیتہ کے آل انڈیا جنرل سیکریٹری مولانا شہزاد انوری نے کہاکہ اس دل شکن حادثے پر بے حد دکھ پہنچاہے اوروہ غمزدگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انوری نے زخمیوں کی جلد سے جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہاکہ حادثے کیلئے انتظامیہ ذمہ دار ہے جو سڑکوں کی تعمیر میں سست روی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں سرینگر شاہراہ کی خستہ حالی پر ہمیشہ حادثات کا خوف لاحق رہتاہے اور خاص طور پر رام بن سے بانہال تک کا حصہ خطرناک ثابت ہوتاہے جہاں آئے روز حادثات رو نماہوتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ کی کشادگی کے عمل میں تیزی لائی جائے اور ٹریفک حکام کا احتساب لیاجائے ۔
 

مینڈھر کیلئے میونسپل کمیٹی کادرجہ

ناکامی کیلئے سیاسی لیڈران ذمہ دار:یوتھ ایسو سی ایشن 

جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر یوتھ ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی نے سیاسی لیڈران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے علاقے کی تعمیروترقی کے بجائے اپنی کرسی کی فکر کی ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ آج دنیا چاند پر بس چکی ہے مگر بد قسمتی سے سب ڈیویژن مینڈھرکو میونسپل کمیٹی میں شامل نہیں کیاجاسکا جہاں تین اس وقت تحصیلیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر سے کم آبادی والے قصبوں کو بھی میونسپل کمیٹی کادرجہ دیاگیاہے مگر نہ جانے یہاں کے لیڈران کہاں سوئے رہے جو آج تک قصبہ کے ساتھ انصاف نہیںہواجس کے نتیجہ میں تعمیروترقی نہیں ہورہی۔قریشی نے کہا کہ سرنکوٹ تحصیل کا قیام مینڈھر کے بعد ہواجہاں قصبہ کو میونسپل کمیٹی کادرجہ ملاہواہے جبکہ مینڈھر کو یہ درجہ نہیں دیاگیاجس کیلئے سیاسی لیڈران ذمہ دار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان لیڈران کی طرف سے تعمیروترقی کے دعوے سراب ثابت ہوتے ہیں اور ان کی کارکردگی کا اندازہ اسی بات سے لگایاجاسکتاہے کہ وہ آج تک مینڈھر قصبہ کے ساتھ انصاف نہیں کرپائے تو دور دراز علاقوں میں کیا کام کریں گے۔
 
 

تحصیلدار منجاکوٹ کا بال آشرم دورہ

ایک دن میں سارا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت 

پرویز خان 
منجاکوٹ//تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری نے بال آشرم منجاکوٹ کا اچانک معائنہ کرکے وہاں انتظامات کاجائزہ لیا ۔ ا س موقعہ پر پایاگیاکہ بال آشرم میںبہترانتظامات نہیں رکھے گئے جس پر تحصیلدار نے سپرانٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ وہ ایک دن کے اندر اندر ریکارڈ پیش کریں ۔ اس موقعہ پر طلباء نے تحصیلدار کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہی دی جس پر موصوف نے انہیں یقین دلایاکہ یہ مسائل انتظامیہ کی نوٹس میں لاکر حل کروائے جائیں گے ۔