مزید خبرں

بلدیاتی انتخابات، ایک ماہ کی اضافی تنخواہ

کیا پولیس اہلکار بھی مستحق ہیں 

سری نگر// ریاستی سرکار کی طرف سے بلدیاتی و پنچایتی انتخابات میں تعینات ملازمین کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کے لے کر محکمہ پولیس تذبذب میں دکھائی دے رہا ہے۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے اگر چہ انتخابات سے قبل ہی الیکشن ڈیوٹیوں پر تعینات ملازمین کے لیے اضافی تنخواہ کا اعلان کیا تاہم محکمہ پولیس سے وابستہ اہلکار جو انتخابات کو منعقد کرانے کے لئے ہمہ وقت متحرک ہیں کے حوالے سے حکم نامے میں وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ ریاست جموں وکشمیر میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کے دوران سرکاری ملازموں کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی سرکار نے مراعات کا اعلان کیا تھا جس کے تحت انتخابات کے دوران ڈیوٹی دینے والے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ واگذار کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ تاہم حکم نامے میں محکمہ پولیس کے اہلکار و افسران جو الیکشن ڈیوٹی پر ہمہ وقت متحرک ہیں کے حوالے سے کوئی واضح ہدایت نہیں ہے۔اگر چہ ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے انتخابات سے قبل ہی ملازمین کی تعینات کو یقینی بنانے کے لیے انہیں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ واگذار کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں تاہم حکم نامے میں پولیس اہلکاروں کے حوالے سے وضاحت درج نہیں ہے۔اس معاملے کو لے کر پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دیگر ملازمین کی طرح انہیں بھی انتخابات کے دوران تعیناتی مراعات ملنی چاہیے۔ کے این ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ کہ دیگر ملازمین کی طرح پولیس اہلکاروں اور افسران کو بھی ایک ماہ کی اضافی تنخواہ فراہم ہونی چاہیے ۔ ہم دیگر ملازمین سے کہیں زیادہ کام کررہے ہیں۔ اگرچہ ہمارا بنیادی کام لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے تاہم الیکشن ڈیوٹی انجام دینے کے لیے سرکار کو ہمارے حق میں بھی ایک ماہ کی اضافی تنخواہ واگذار کرنی چاہے۔محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری آر کے گوئیل نے کے این ایس کو بتایا کہ ہم ریاستی سرکار کی طرف سے جاری حکم نامے کا بغور جائزہ لیں گے۔ ’ہم ریاستی سرکار کی طرف سے جاری حکم نامے کا بغور جائزہ لے کر اس بات کو جاننے کی کوشش کریں گے کہ حکم نامے میں کون کون ملازمین شامل ہیں‘۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ہم نے اس حوالے سے سرکار کی طرف سے کوئی بھی حکم نامہ حاصل نہیں کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار کی جانب سرکاری ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی انجام دینے کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا جو حکم نامہ صادر کیا گیا ہے وہ ہم نے حاصل نہیں کیا ہے۔یاد رہے الیکشن سے قبل سرینگر کے بنکیٹ ہال میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن ملازمین کو انتخابات کے دوران تعینات کیا جائے گا ان کے حق میں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ واگذار کی جائے گی۔واضح رہے ریاست جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا بگل 8اکتوبر کو بج گیا جس دوران اب تک اس کے تین مرحلے اختتام پذیر ہوچکے ہیں جبکہ آج 16اکتوبر کو اس کا چوتھا اور آخری مرحلہ منعقد ہونے جارہا ہے۔ اسی طرح پنچایتی انتخابات 8مرحلوں میں منعقد ہوں گے جو 17,20,24,27,29نومبر اور 01,04,08,11دسمبر کو منعقد ہوں گے۔ 
 

ایمز اور5نئے میڈیکل کالجوں کا قیام

پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ نے پیش رفت کاجائزہ لیا

سرینگر//پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت وطبی تعلیم اُتل ڈلو نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میں ایمز اور5نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف انجینئر آر اینڈ بی ،ایم ڈی جے کے پی سی سی ،چیرمین ایس ایس آر بی ،ترقیاتی کمشنر پلوامہ،ڈیولپمنٹ کمشنر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ،میڈیکل کالجوں کے پرنسپل صاحبان،جوائنٹ ڈائریکٹر صحت وطبی تعلیم اور پی ایس سی کے نمائندوں کے علاوہ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی شامل تھے۔بعدمیں صوبائی کمشنر جموں نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ اونتی پورہ پلوامہ میں 1886کنال 5مرلہ اراضی ،اور وجے پور سانبہ میں 1954کنال6مرلہ اراضی کو منتقل کرکے سی پی ڈبلیو ڈی کو سونپی گئی ہے۔پرنسپل سیکریٹری کو بتایا گیا کہ ڈی سی پلوامہ کی طرف سے طلب کی گئی 62کروڑ کی بقایا رقم جو کہ حصول اراضی کے لئے واگذار کی جانے والی ،محکمہ خزانہ عنقریب ہی واگذار کرے گا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنرجموں نے میٹنگ کو بتایا کہ اُن خانہ بدوش کنبوں،جوکہ ایمز کی سائٹ پر قیام کئے ہوئے تھے کو نئے باز آبادکاری پروگرام کے تحت دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔میٹنگ کے دوران اننت ناگ،بارہمولہ،راجوری،ڈوڈہ اورکٹھوعہ میں نئے میڈیکل کالجوں کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔پرنسپل سیکریٹری نے متعلقہ ایجنسی کو کام کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دی کیونکہ تمام پانچوں میڈیکل کالجوں کے قیام کے لئے 505کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی ہے ۔میٹنگ کے دوران ایمز اور نئے میڈیکل کالجوںکے قیام کے سلسلے میں دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
 

موسم سرما میں بجلی مہیا ہو

مشکلات درپیش نہیں آنے چاہئیں: چیف سیکریٹری

سری نگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پی ڈ ی ڈی محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ موسم سرما کے دوران وادیٔ کشمیر اور جموں کے سرمائی زون کے تحت آنے والے علاقو ں میں لوگوں کو بجلی کے تعلق سے مشکلات کا سامنا نہیں کرناپڑنا چاہیئے۔ اُنہوں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ صارفین کو بِلا شیڈول کے کٹوتی سے دِقتوں کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ گورنر اس ضمن میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کہ رواں ماہ کے دوران طلاب کے لئے امتحان کے پیش نظر بجلی کا معقول اِنتظام کیا جانا چاہیئے۔بجلی محکمہ کے ملازمین کے ایک طبقے کی طرف سے جاری ہڑتال کے بارے میں چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ ملازمین کے مسائل پر ایک مناسب فورم میں غور و خوض کیا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس ہڑتال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت احتجاجی ملازمین کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے ۔ چیف سیکرٹری نے بجلی حکام سے کہا ہے کہ بجلی کی سپلائی پر لگاتار نظر گزر رکھیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ شیڈول اَوقات کے دوران بلا خلل بجلی کی دستیابی ممکن ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ وادی بھر میں ٹرانسفارمر وں کا ایک بفر سٹاک قائم کیا جانا چاہئے تاکہ تباہ شدہ ٹرانسفارمروں کو جلد اَزجلد تبدیل کیا جاسکے۔
 

 شاہراہ پر ٹریفک کی آزادانہ نقل وحرکت 

خورشید گنائی اور وجے کمارنے اقدامات پر زور دیا

سرینگر//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار اور خورشید احمد گنائی نے ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرکے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل میں حائل رکارٹوںکو دُور کرنے سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی وی ؤر سبھرامنیم، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ اصغر سامون، پرنسپل سیکرٹری طبی تعلیم اتل ڈُلو، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی کے علاوہ فوج، سی آر پی ایف اور این ایچ اے آئی کے افسران اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔ڈویثرنل کمشنر جموں سنجیو ورما اور آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی جموال نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر متعلقہ ایجنسیوں سے قومی شاہراہ ہر شدید ٹریفک جامنگ کی وجوہات کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی۔ ٹریفک پولیس، ایم وی ڈی، این ایچ اے آئی، ہائی وے کسنٹرکشن کمپنیوں اور سلامتی ایجنسیوں کے نمائندوں نے اس تعلق سے اپنے اپنے تاثرات سامنے رکھے۔آئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ نے میٹنگ میں جانکاری دی کہ بانہال سے اودہمپور تک جاری تعمیراتی کاموں اور کئی مقامات پر تودے گِر آنے ، مختلف مقامات پر ملبہ ہٹانے اور گاڑیوں کے خراب ہونے سے ٹریفک کی نقل و حمل میں رکاوٹیں پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کئی دیگر معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔آئی جی پی ٹریفک نے اس موقعہ پر افرادی قوت اور مشینری کے حوالے سے بھی تفصیلات دیں۔ انہوں نے نشاندہی شدہ مقامات پر مزید ریکوری گاڑیاں دستیاب رکھنے کی بھی درخواست کی۔اس کے تناظر میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت مزید دس ریکوری گاڑیاں ٹریفک پولیس کے حد اختیار میں دے گی تا کہ انہیں مختلف مقامات پر تعینات کیا جاسکے۔اودہمپور سے بانہال تک قومی شاہراہ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے دوران کمپنیوں سے کہا گیا کہ وہ کام میں سرعت لاکر پروجیکٹوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ متعلقہ کمپنیاں ٹریفک پولیس کے ساتھ باہمی تال میل کو یقینی بنائیں گی اور ملبہ ہٹانے کے لئے مناسب مشینری کام پر لگائی جائے گی۔اس دوران مختلف ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔قومی شاہراہ پر ناجائیز تجاوزات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے این ایچ اے آئی حکام سے کہا گیا کہ وہ ان تجاوزات کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں تا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو یہ تجاوزات ہٹانے کے کام پر لگایا جاسکیوجے کمار نے آئی جی ٹریفک سے کہا کہ وہ شاہراہ پر ٹریفک نظامت سے متعلق ایک منصوبہ تیار کریں۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ ڈویثرنل کمشنر جموں اور آئی جی پی جموں ایک منصوبہ بنا کر3ہزار ٹرکوں کے ٹھہرانے کے لئے جگہ کی نشاندہی کریں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے مغل روڈ کو بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔چیف سیکرٹری نے ڈویثرنل کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ مغل روڈ کے مختلف مقامات پر تجدیدی کام کا معاملہ تعمیرات عامہ محکمہ کے ساتھ اُٹھائیں۔سڑک حادثات میں اضافہ ہونے اور کشتواڑ۔ ڈوڈہ۔ رام بن اور دیگر مقامات پر سڑک حادثات میں انسانی جانوں کے زیاں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان حادثات پر قابو پانے سے جڑے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔خورشید احمد گنائی نے اس طرح کے حادثات میں کمی لانے کے لئے ایک کثیر رخی حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایم وی ڈی قوانین پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے اور پولیس محکمہ کو اس سلسلے میں ایک سرگرم رول ادا کرنا چاہئے تا کہ قوانین پر سختی سے عمل ہوسکے۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈُلو نے جانکاری دی کہ قومی شاہراہ پر10 ٹرامہ سینٹر مکمل کئئے گئے ہیں اور جلد ہی مرکز کی جانب سے ایمبولنس گاڑیاں دستیاب کی جائیں گی ۔قومی شاہراہ پر سلامتی کے معاملات کے حوالے سے جموں وکشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سلامتی ایجنسیوں کے ساتھ سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا
 

استادکی جنگجوئوں کی صف میں شمولیت کی اطلاع بے بنیاد: پولیس

سری نگر//جموں کشمیر پولیس نے سو شل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی ضلع اننت ناگ میں ایک استاد نے جنگجوئوں کی صف میں شمولیت ختیار کی ہے ۔پولیس نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کر نے والی تصویر جس میں بتایا گیا کہ چیوہ کے رہنے والے استاد نے جنگجو کی صف میں شمولیت اختیار کی ہے کی جب تحقیقات عمل میں لائی گئی تو وہاں ان خبروں کو بے بنیاد پایا گیا اور ایسا صرف لوگوں میں تشویش پھیلانے کے لئے کیا گیا ۔ ریاستی پولیس نے ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں یہ بتایا گیا تھا کہ چیوہ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے پرائیویٹ اسکول کے ایک استادنے جنگجوئوں کی صف میں شمولیت اختیار کی ہے ۔پولیس ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل نیٹ ور ک سائیٹوں پر ایک استاد کی تصویر اپلوڈ کی گئی تھی جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ مذکورہ استاد نے جنگجوئوں کی صف میں شمولیت اختیار کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تصویر سوشل میڈیا میں آنے کے بعد جب پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات عمل میں لائی تو وہا یہ خبر بے بنیاد پائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ شر پسند وں کی جانب سے ایسی بے بنیاد افواہ پھیلائی گئی ۔پولیس بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول ٹیچر عزت دار شہری ہے اور وہ کے پی روڈ اننت ناگ میں ایک ٹیوشن سنٹر چلارہا ہے ۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ استاد کی سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہو نے کے بعد ان کے اہل خانہ سخت تشویش میں مبتلا ہو ئے ۔انہوں نے بتایا کہ جو کوئی بھی اس کار ستانی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔(کے این ایس)
 

فیضان مجید گھر واپس آجائو

 ترال کے کمسن طالب علم سے والدہ کی فریاد

سرینگر//جنوبی قصبہ ترال کے نئی بگ علاقے سے تعلق رکھنے والے فیضان مجید ولد عبدالمجید بٹ کی والدہ نے بیٹے کو گھر آنے کی اپیل کی ہے۔کے این ایس کے مطابق ترال کے نئی بگ علاقے میں گزشتہ دنوںگمشدہ طالب علم فیضان مجید ولد عبدالمجید بٹ کے والدین نے سماجی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کو گھر آنے کی اپیل ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بیٹے کی جدائی میں فیضان کی والدہ انتہائی علیل ہوچکی ہیں جس کے بعد ہی اہل خانہ نے سماجی رابطہ سائٹوں کا سہارا لے کر ایک ویڈیو جاری کردی جس میں فیضان کو فوری طور پر گھر واپس آنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ویڈیو میں فیضان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جلد ہی گھر کولوٹ آئے۔خیال رہے گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم فیضان مجید بٹ گھر سے لاپتہ ہوا ہے جس دوران ان کی ایک تصویر بندوق سمیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس کے مطابق انہوں نے تحریک المجاہدین نامی عسکری تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔
 
 
 

لنگیٹ کے عالم دین عبد الا حد قریشی کا انتقال 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// لنگیٹ ہندوارہ کے عالم دین عبد الاحد قریشی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔مرحوم مر کزی جامع مسجد لنگیٹ کے سابق خطیب کے علاوہ جوئے ادب کاج ناگ کے جنرل سیکرٹری جاوید اقبال ماوری کے والد نسبتی بھی تھے ۔اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیمو ں کے علاوہ جو ئے ادب کاج ناگ اور انجمن فکر و فن راجواڑ نے لواحقین با لخصوص جاوید اقبال ماوری سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔مرحوم کے نماز جنازہ میں ہز ارو ں لوگو ں نے شرکت کر کے انہیں سپرد خاک کیا ۔
 
 
 

پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی ایکٹ

ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے عمل آوری کاجائزہ لیا

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمدنقاش کی صدارت میں پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی کی مناسبت سے ضلع ایڈوائزری کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر 12نئے معاملات اور4جائزہ معاملات سمیت یو ایس جی کلنکوں کے 16رجسٹریشن معاملات زیر غور لائے گئے۔ان میںسے رجسٹریشن کے لئے 9معاملات کو منظوری دی گئی۔جن میں 5نئے معاملات اور4نئے معاملات شامل ہیں۔اس دوران پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی ایکٹ کے تمام قواعد ضوابط کو ملحوظ نظر رکھا گیا ۔دریں اثناترقیاتی کمشنر نے چیف میڈیکل آفیسر کو ضلع میں یو ایس جی کلنکوں کے کام کاج پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی ایکٹ کی خلا ف ورزی کرنے والے کلنکوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
 

غزہ پٹی میں اسرائیلی حملہ،بھیم سنگھ کی مذمت

سرینگر//ہند فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے چیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے گزشتہ روزغزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے جس میں کئی لوگ مارے گئے جو فلسطین میں غزہ کے اندر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پرامن احتجاج کررہے تھے۔ایک بیان میںپنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور فلسطینیوں کے دوست پروفیسر بھیم سنگھ نے  ہندستان پر زور دیا کہ وہ اس معاملہ کو سیکورٹی کونسل میں اٹھائے ۔انہوں نے اسرائیل کے ذریعہ سیکورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 242,338,425او ر دیگر کی خلاف ورزی کرنے کی بھی مذمت کی جن میں اس سے کہاگیا ہے کہ  وہ 1948, 1967اور بعد میں فلسطینی علاقوں پر کئے گئے ناجائز  قبضے کو خالی کرے۔انہوں نے کہا کہ ہندستانی حکومت اس وقت سے فلسطینیوں کی حمایت کر رہی ہے جب 1935میں مہاتما گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ فلسطین اسی طرح فلسطینیوں کا ہے جس طرح فرانس فرانسیسیوں کا اور برطانیہ برطانوی لوگوں کا ہے۔
 

محکمہ جنگلی حیات کی کارکردگی

پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات نے جائیزہ لیا

جموں //پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات سریش چُگ نے جموں میں محکمہ وائلڈ لائف کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران موصوف کو مختلف ڈویثرنوں میں کام کاج کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں ریجنل وایلڈ لائف وارڈن جموں کے علاوہ صوبے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے جامبو چڑیا گھر کے کام کی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا کہ مارچ2018 تک اس پر10 کروڑ85 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔چیف وائلڈ لائف وارڈن نے چڑیا گھر میں مختلف کاموں کی مالی معاونت کے لئے اے پی او پروجیکٹ کو پھر سے داخل کرنے کی ہدایت دی۔
 

شوپیان میں قانونی خدمات و جانکاری کیمپ

شاہد ٹاک 
 
شوپیان//پرنسپل و ڈسٹرکٹ سیشن جج شوپیان اشوک کمار سہاون اور ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان  اویس احمد نے شوپیان میں قائم منی سکریٹریٹ میں ایک خدمات اور جانکاری کیمپ کا اِفتتاح کیا۔ ضلع اِنتظامیہ شوپیان اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ اس کیمپ میں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں اور کئی سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔اس کیمپ کا مقصدلوگوں کو اْن کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔اس دوران لوگوں کو اْن خدمات اور سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی جو مختلف محکمے مہیا کر رہے ہیں۔اس موقعہ پر پرنسپل و ڈسٹرکٹ سیشن جج  اشوک کمار اور ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے جسمانی طور خاص اور اقتصادی طور پسماندہ افراد کے علاوہ دیگر کئی مستحقین میں ویل چیئرز تقسیم کیں جبکہ اسسٹنٹ لیبر کمشنر شوپیان سید عادل حسین نے 21لاکھ 33ہزار روپیہ بطور وظیفہ 170 مستحق افراد میں تقسیم کئے۔جانکاری  کیمپ میں مختلف محکموں نے اسٹال لگائے تھے جن میں صحت، اینمل ہسبنڈری ، سماجی بہبود ، مچھلی پالن ، دستکاری اور زراعت محکموں کے علاوہ جے اینڈ کے بینک ،ایگر و انڈسٹری ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور آر ڈی ڈی شامل ہیں۔
 

گاندربل میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام 

سرینگر//پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کی خاطر ایس ایس پی گاندربل کی ہدایت پر پولیس اسٹیشن گنڈ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ایس ڈی پی او کنگن کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ میں ایس ایچ او گنڈ بھی موجود رہے ۔ میٹنگ میں گنڈ اور اُس کے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں ، تاجروں اور ٹرانسپورٹ انجمنوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مسائل اُبھارے۔ ایس ڈی پی او کنگن نے میٹنگ میں شریک لوگوں کو یقین دلایا کہ مسائل کے کم سے کم وقت میں حل کرانے کیلئے فوری طورپر اقدامات اُٹھائے جائیںگے جبکہ سیول ایڈمنسٹریشن سے جڑے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیںگے۔ میٹنگ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ۔
 
 

۔337پولیس افسران و اہلکاروں کو ترقیاں

ڈی جی پی نے احکامات صادر کئے اور مبارکباد پیش کی

سرینگر//ریاستی پولیس کے سر براہ دلباغ سنگھ نے محکمہ پولیس میں ترقیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہو ئے 337افسران اور اہلکاروں کی ترقی کے احکامات صادر کئے ہیں اور ترقی پانے والے ان افسران اور اہلکاروں میں 32انسپکٹر،132 سب انسپکٹر ،3اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کے علاوہ 7ہیڈ کانسٹیبل،منسٹیل اسٹاف کے 20ایس آئی ایس (ایم)،ٹیلی کمیونیکیشن کے 9اسسٹنٹ سب انسپکٹرکے علاوہ دیگر کئی اہلکاروں اور افسران کو ترقی سے نو ازنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔یاد رہے کہ اس سے پہلے رواں ماہ ریاستی پولیس کے سربراہ نے 1800سے زیادہ پولیس اہلکاروں اور افسران کی ترقی کے احکامات صادرکئے تھے ۔کے این ایس کے مطابق ریاستی پولیس کے سر براہ نے محکمہ پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی ترقیوں کے احکامات جاری رکھتے ہو ئے تازہ احکامات کے تحت 337افسران اور اہلکاروں کو ترقی سے نو زانے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔پولیس زرائع کے مطابق تازہ حکمنامے کے تحت 32انسپکٹر،132 سب انسپکٹر ،3اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کے علاوہ 7ہیڈ کانسٹیبل،منسٹیریل اسٹاف کے 20ایس آئی ایس (ایم)،ٹیلی کمونیکیشن کے 9اسسٹنٹ سب انسپکٹرانکے علاوہ دیگر کئی اہلکاروں اور افسران کو ترقی سے نو ازنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی پولیس نے پولیس محکمے کے تمام ونگوں کو احکامات صادر کئے ہیں کہ وہ اہلکاروں اور افسران کی ڈی پی سی کو قلیل وقت میں مکمل کر لیں تاکہ ان اہلکاروں اور افسران کو وقت مقررہ پر ترقی مل سکے ۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے ترقی پانے والے اہلکاروں اور افسران کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ اس سے اہلکاروں اور افسران کی حو صلہ افزائی ہو گی ۔
 

اوڑی میں عارضی ملازمین کا احتجاج

تنخواہوں کی واگذاری اورمستقلی کا مطالبہ

ظفر اقبال
اوڑی// سرحدی قصبہ اوڑی میںمحکمہ پی ایچ ای میں کام کررہے عارضی ملازمین نے تنخواہیں واگذار نہ کرنے پرپیر کو چندن واڑی میں احتجاج کیا۔احتجاجی ملازمین نے پی ایچ ای دفتر پر تالا بھی چڑھایا۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں چار برسوں سے اجرتوں سے محروم رکھاگیا ہے جس کے نتیجے میں اْنہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوکری کی مستقلی کے سلسلے میں بھی وہ دردر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔احتجاج میں شامل آئی ٹی آئی نیڈ بیس ، لینڈ اونراورسی پی ورکروں کے صوبائی صدر کشمیر عرفان احمد چک نے بتایا کہ آئی ٹی آئی پاس کرنے کے بعد 2006میں محکمہ پی ایچ ای نے ایک آرڑر زیر نمبر 239کے تحت تعینات کیا لیکن چار سال گذرنے کے باوجود نہ تنخواہ دی جاتی ہے اور نہ ہی مستقل کیاجاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ نہ ہی تنخواہیں دی جاتی ہیں اور نہ ہی مستقل کیا جاتا ہے۔احتجاجی مظاہرین کے مطابق عارضی ملازمین کے احتجاج کے باوجود محکمہ پی ایچ ای کا کوئی ذمہ دار اُن کی طرف دھیان نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے منگل کو بھی احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
 

ڈاکٹر منان سمیت جاں بحق ہوئے دیگرجنگجوئوں کو خراج عقیدت

 سرینگر//محازآزادی،مسلم لیگ اورپیروان ولایت نے حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ی قوم اپنے تشخص اور وقار کی خاطر مسلسل قربانیاں پیش کرتے چلے آرہے ہیں جس کی مثال ڈاکٹر منان وانی جیسے نوجوان ہیں۔پارٹی کے دونوں سربراہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کو اس بات کا اندازہ لگانا چاہئے کہ کشمیر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنا روشن مستقبل قوم کی عزت کی خاطر قربان کررہے ہیں اور آنے والی نسل اپنے اسلاف کی قربانیوں کو زادہ راہ سمجھ کر جدوجہد کرتی رہے گی ۔مسلم لیگ کے ایک بیان کے مطابق تنظیم کا ایک وفد نے عبدالاحد پرہ کی قیادت میںلولاب جاکر ڈاکٹر عبدالمنان وانی اور اس کے ساتھی کو  خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ لیگ ترجمان کے مطابق اس موقعہ پر عبدالاحد پرہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمنان راہ حق کا ایک ایسا مسافر تھا جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ با حیا، با ایمان اور خوددار نوجون تھا جس نے میدان کارزارمیں قدم رکھ کر ایک مثال قائم کردی ۔پیروان ولایت نے حالیہ ایام میں ڈاکٹر منان وانی سمیت دیگر جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قربانیاں قوم کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر منان کی یاد میں کشمیر میں ہڑتال کو بھارت اور اقوام عالم کیلئے چشم کشا قرار دیا۔پارٹی ترجمان نے کشمیری قوم سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے کا بائیکاٹ بھی اُسی طرح کریں جس طرح انہوں نے پہلے تین مرحلوں میں کیا ۔
 

ہاشم قریشی کی لواحقین سے تعزیت

سرینگر// ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے ڈاکٹر منان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر منان وانی نے بد قسمتی سے عسکریت میں شمولیت اختیارکی اور بالا ٓخرایک جھڑپ میں جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منان وانی مسلح جدو جہد کا راستہ نہ چنتے تو اس قوم کی بہتر اور دیر پا خدمت کرتے۔  انہوں نے ریاست سے باہر یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طالب علموںکو معطل کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ طلاب کے خلاف جو مقدمات درج کئے گئے ہیں انہیں واپس لیا جائے۔
 

اے ایم ٹی سکول بانڈی پورہ میں ایک ہی استاد تعینات

طلاب کا احتجاج،مزید اساتذہ تعینات کرنے کی مانگ

 عازم جان
بانڈی پورہ//اے ایم ٹی سکول نسو بانڈی پورہ کے طالب علموں نے اساتذہ کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ پراحتجاجی  دھرنا دیا۔احتجاجی طلاب نے بعد میںڈپٹی کمشنر دفتر آکر احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ اے ایم ٹی سکول میں ٹیچنگ عملہ فوری طور پر تعینات کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکول میں چالیس طالب علموں کو پڑھانے کیلئے ایک ہی استاد تعینات ہے جو اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ اے ایم ٹی سکول میں عملہ کی واقعی کمی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین اساتذہ کی تعیناتی کیلئے احکامات دئے گئے ہیںتاہم ایک سال کا وقفہ گذرنے کے باوجود بھی ابھی تک انہیں  تعینات نہیں کیا گیا۔
 

زرعی اراضی کی ڈیجیٹائزیشن

کپوارہ میں248جمع بندیوں میں سے245 مکمل

کپوارہ//ڈی سی آفس کمپلیکس کپوارہ میں ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر اورریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس کمراز بارہمولہ کی صدارت میں جمعبندیوں بر ائے مالی سال 2017-18ء اورڈیجٹل انڈیا لینڈ ریکارڈس ماڈرنزیشن پروگرام کے لئے تیاریوں اورعمل آوری کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی سیز کپوارہ ،ہندوارہ،اے سی آر کپوارہ،تحصیلداران اورنائب تحصیلداران کے علاوہ رمٹک کے ماہرین اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 2016-17ء کے ہدف کے تحت 248جمعبندیوں میں سے245جمعبندیوںکو مکمل کیا گیا ہے۔جب کہ 2017-18کے لئے 105جمعبندیوں پر کام جاری ہے۔ترقیاتی کمشنر نے تمام تحصیلداروں اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ڈیجیٹیزیشن کے پروگرام کی عملدر آمد کے لئے عمل آوری ایجنسیوںکو مکمل تعائون فراہم کرنے پر زوردیا۔ترقیاتی کمشنر نے ریجنل ڈائریکٹر سروے کو تحصیلداروںکے دفاتر میں لازمی سامان مثلاً کیمپوٹرس اورلیپ ٹاپس دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔
 

بلدیاتی انتخابات گمراہ کن:آغا حسن

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اورسینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے ریاست میں منعقد کرائے جارہے بلدیاتی انتخابات کو ایک مضحکہ خیز اور گمراہ کُن عمل سے تعبیر کرتے ہوئے عوام کو اس لاحاصل مشق کیلئے پروپگنڈوں سے خبردار رہنے کی تاکید کی۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کو کشمیر کے سلگتے حالات سے عالمی توجہ ہٹانے اور گزشتہ مظالم پر پردہ ڈالنے کی بھارتی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے بھارت اور اس کے گماشتوں کیلئے انتہائی رسوا کُن ثابت ہوئے ہیں اور عوام نے اپنے مقدس نصب العین کے ساتھ تجدید وفا کا شاندار مظاہرہ کیا ہے آغاحسن نے عوام سے تاکید کی کہ وہ ان انتخابات سے مکمل دور رہیں۔
 
 

ڈاکٹر فاروق کااظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن محمد احسن شیخ ساکن دیالگام کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے سوگوارخاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ 
 

محکمہ امور صارفین میں کلرک اسامیاں 

سلیکشن بورڈ نے عبوری لسٹ جاری کردی

سرینگر//جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ نے محکمہ امور صارفین میں اسسٹنٹ سٹور کیپر کم کلرک اسامیوں کے لئے عبوری شارٹ لسٹ جاری کی ہے۔ ان اسامیوں کے لئے12 مئی کو تحریری امتحان لیا گیا تھا۔ایس ایس بی کے پی آر او کے مطابق اُمیدواروں کی ویری فکیشن اور کونسلنگ کے لئے الگ سے شیڈول مشتہر کیا جائے گا۔ مذکورہ لسٹ بورڈ کی ویب سائٹwww.jkssb.nic.in پر دستیاب ہے۔