مزید خبرں

بلڈنگ اوپریشنزکنٹرولنگ اتھارٹی کی 98 ویں میٹنگ

لائوڈا نے 13معاملات کو منظوری دی 

سرینگر//لائوڈا کے تحت بلڈنگ اوپریشنز کنٹرولنگ اتھارٹی کی 98ویں میٹنگ منعقدہوئی۔وائس چیرمین لائوڈا ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے میٹنگ کی صدار ت کی۔جس دوران 25معاملات زیر غور لائے گئے جن میں سے 13معاملات کو منظور کرنے کی سفارش کی گئی۔میٹنگ میں ممبر سیکریٹری سیمرا شمیم،چیف ٹائون پلانر اور اسسٹنٹ کمشنرریونیو سرینگر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران کئی معاملات کو مختلف جائزوجوہات کی بنأ پر مسترد کیا گیا۔ وی سی لائوڈا نے بی او سی اے کی مقررہ اوقات میںمیٹنگوں کا انعقاد کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوںنے عام لوگوں کو جھیل ڈل اورنگین علاقوں میں غیر قانونی تعمیر ات وتجاوزات سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ ان ہدایات کی عدولی کرنے والے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 

جے کے بنک کے خلاف چلائی جارہی مہم

بے وقعت،غیر معتبر اور دشمنانہ ذہنیت کا عکاس :فورم 

سرینگر//جموں وکشمیر بنک آفیسر فورم نے کہاہے کہ جے کے بنک کے خلاف شروع کی گئی حالیہ مہم ایک منصوبے کے تحت چلائی جارہی ہے جس کا ایک خفیہ ایجنڈا ہے وج اندرونی اور بیرونی ہاتھوں کے ذریعے چلائی جارہی ہے ۔اور ایسے افراد نہ تو بنک اور نہ ہی اسکے متعلقین کے دوست ہوسکتے ہیں۔فورم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری انڈرٹیکنز بشمول جے کے بنک ایک بورڑ کے ذریعے چلایا جاتا ہے جو اگرچہ خودمختار باڈی ہے تاہم اسکے بیشتر ڈائریکٹر یا تو حکومت کے ذریعے نامزد کئے جاتے ہیں یا انہیں حکومت کی حمایت سے منتخب کیا جاتا ہے ۔فورم کے جنرل سیکریٹری نے ایک بیان میں کہاکہ اس انڈرٹیکنگ میں ہونے والی کوئی بھی پیش رفت حکومت چاہے وہ سیاسی ہویا غیر سیاسی کی حمایت سے ہی وجود میں آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جے کے بنک کے چیئرمین نے16اکتوبر کو جو صورتحال بیان کی تھی وہ انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور جس کی جانب حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت تھی ۔
 

پانپور میں حضرت شیخ شرف الدین ؒ کا عرس منایا گیا

سرینگر//پانپور میں حضرت شیخ شرف الدینؒ کے عرس کی اختتامی تقریب نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ اِس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ واقع خانقاہِ قدیم پانپور میں صبح سویرے ہی قرآن خوانی ، ختمات المعظمات ، درود ازکار اور اورادخوانی کی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اوقاف اسلامیہ پانپور ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حضرت شیخ شرف الدینؒ جیسے اولیائے کرام نے وادی میںاسلام کیلئے جو خدمات انجام دیں وہ مشعل راہ ہیں۔
 

برطانوی پارلیمان میں کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیر مقدم

سرینگر// ماس مومنٹ کی سرپرست فریدہ بہن جی نے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان کے مطابق انہوں نے ان سفارشات کی سراہنا کی جو رپورٹ میں بھارت کو پیش کی گئی ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس گروپ نے بھارت سے کالے قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرکے ایک اہم معاملے کی نشاندہی کی ہے۔
 

وادی میں دہشت کا ماحول:جاوید میر

سرینگر// لبریشن فرنٹ (ح)نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں فورسز نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔تنظیم کے چیئرمین جاوید میر نے سرینگر اور دوسرے اضلاع میں معصوم نوجوانوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں فورسز رات کی تاریکی کے دوران گھروں میں گھس کر بے گناہ شہریوں کوہراساں کر کے دہشت کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ مختلف جیلوں میں کشمیری نظربندوں کی صورتحال جاننے کیلئے اپنی ٹیمیں روانہ کریں۔
 

قاضی یاسر پر عائد الزامات، تحقیقات کیلئے علماء کی کمیٹی تشکیل

سرینگر//قاضی یاسر پر عائد الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے علماء کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ کریں گے۔اس سلسلے میں موصول ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ تحقیقات اسلامی اور امت اسلامی کے سربراہ شیخ محمد عبد اللہ کی طرف سے موصولہ عرضداشت پر کمیٹی قاضی یاسر پر لگے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے گی۔ واضح رہے کہ کئی روز قبل سوشل میڈیا پر قاضی یاسر کے بیہودہ ویڈیو وائرل ہوئے تھے۔ بیان کے مطابق کمیٹی میں مولانا شوکت حسین کینگ کے علاوہ منہاج الاسلام کے سربراہ مولانا غلام محی الدین نقیب ، صوت الاولیاء کے امیر اعلیٰ مولانا عبد الرشید دائودی ، مفتی ناصر الاسلام ، مولانا مفتی قمر الدین اویسی ، صدر بار ایسوسی ایشن اسلام آباد ایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگر ، ایڈوکیٹ عبد المجیب ، حفیظ اللہ میر، صدر ٹریڈ یونین اسلام آباد غلام نبی شاہ ، ظفر فاروقی صلاتی ، مولانا سید غلام محمد جیلانی و صدر تحریک کاروانِ اسلامی کے نام قابل ذکر ہیں۔
 

پیپلز لیگ کاخان سوپوری کی مسلسل نظر بندی پر تشویش

سرینگر//پیپلز لیگ ترجمان نے پارٹی کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی کورٹ بلوال جیل میں مسلسل نظربندی اور تیزی سے بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان سوپوری نے آج تک زندگی کے 19سال جیلوں و عقوبت خانوں میں گزارے ہیں اورانہیں انتقام گیری کا نشانہ بنا یا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلام محمد خان سوپوری پیدائشی حریت پسند ہے اور وہ جد و جہد آزادی میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ ترجمان نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ قیدیوں کو جیلوں کے اندر بھی سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور انہیں روزمرہ کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے حقوق البشر کیلئے سرگرم اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے اپنے اثرورسوخ کو استعمال میں لائیں ۔
   

 محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی

ڈاکٹر فاروق احمد لون کی افسروں کو مؤثر سماجی خدمت انجام دینے کی ہدایت 

بارہمولہ//سماجی بہبود کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کل سوپور کے ڈاک بنگلے میں منعقدہ سماجی بہبود کے افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور سماجی بہبود ،آئی سی ڈی ایس اور آئی سی پی ایس کے تحت چلائی جارہی مختلف سکیموں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری نے تینوں اضلاع کے ضلع افسران پر زور دیا کہ وہ اولڈ ایج اور بیوائوں کو فراہم کی جارہی پنشن کی سکیموں کے تحت اضافی کوٹا کی منظوری یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر پی ایم ایم وی وائی ، پوشن ابھیان اور آئی سی ڈی ایس مراکز کی تعمیر کے کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر لون نے آئی سی ڈی ایس افسروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر آنگن واڑ ی مراکز میں اشیائے خوردنی کی دستیابی کو یقینی بنائیںاور روزانہ بنیادوں پر آنگن واڑی مراکز کا انسپکشن کیا کریں۔میٹنگ میں بارہمولہ کے ڈی پی او ، ڈائریکٹر پلاننگ اے جی ملک و دیگر افسران موجود تھے۔
 

ایس سی،ایس ٹی ڈیولپمنٹ کا رپوریشن کی طرف سے

۔15بیروزگاروں میں 36لاکھ روپے کے قرضے واگذار

سرینگر//ایس سی،ایس ٹی اور بی سی ڈیولپمنٹ کا رپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آر کے بھٹ نے کہا ہے کہ کارپوریشن کی طرف سے آج ٹارگٹ گروپس کے 15بیروزگار افراد میں 35.75لاکھ روپے کے قرضے واگذار کئے گئے جن کا تعلق صفائی کرمچاریوں ،قومی اقلیتوں اورجسمانی طور ناخیز افراد سے ہے تاکہ یہ لوگ اپنے آمدن بخش یونٹ قائم کرسکیں۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ 15مستفیدین کو منیجنگ ڈائریکٹر نے آمدن بخش یونٹوں کے قیام اور قرضوں کی واپسی کے بارے میں ضروری صلاح دی۔میٹنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ جانکاری دی کہ اپریل 2018ء سے اکتوبر2018ء تک ٹارگٹ گروپس کے 506ممبران کو 1012.07لاکھ روپے کے قرضے واگذار کئے گئے ہیں۔
 

ڈاکٹر فاروق کی تعزیت پرسی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے پارٹی کے یوتھ لیڈر و سابق کونسلر انجینئر ہلال احمد صوفی کے گھر جاکر تعزیت پرسی اور ڈھارس بندھائی۔ یاد رہے ہلال احمد کی ہمشیرہ گذشتہ روز انتقال کرگئیں تھیں۔اُن کے ہمراہ معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور بلاک صدر حضرت بل مشتاق احمد بٹ بھی تھے۔