شالہ ٹینگ میں ڈرائی فروٹ منڈی کا قیام
اراضی کی نشاندہی کی ہدایت
سرینگر//ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشیدشاہ نے ڈرائی فروٹ ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلع انتظامیہ سرینگر ڈرائی فروٹ منڈی کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کررہی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار کل ڈرائی فروٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی اورانہیں مختلف معاملات اورمشکلات کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر ڈرائی فروٹ ایسوسی ایشن نے سرینگر میں ڈرائی فروٹ منڈی کے قیام کا بھی مطالبہ کیا اوراس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی مداخلت طلب کی۔ترقیاتی کمشنر نے ایسوسی ایشن کو بتایا کہ سرینگر میں اقتصادیات کے فروغ میں خشک میوے کی صنعت کا اہم رول ہے اور ضلع میں ڈرائی فروٹ منڈی کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جارہی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبائی کمشنر کشمیرنے ضلع انتظامیہ سرینگر کو شالہ ٹینگ میںڈرائی فروٹ منڈی کے قیام کے لئے 50کنال اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خواجہ ثنا اللہ اور صوفی غلام محمدکی یاد میں
کشمیربُک پرموشن ٹرسٹ کی طرف تقریب آج
سرینگر//کشمیر بک پرموشن ٹرسٹ کے اہتمام سے وادی کے بزرگ صحافی خواجہ ثناء اللہ بٹ اور صوفی غلام محمد کی یاد میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے جس میں ان دونوں شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تقریب میں ابو عارف کی تازہ تصنیف ــــــــ ــ ’خاص لمحے زند گی کے‘ کی رسم رونمائی انجام دی جائے گی۔ تقریب ہوٹل شہنشاہ بلوارڈ میںبعد دوپہر بجے منعقد ہوگی جس میں سرکردہ ادیب ،قلمکار ،صحافی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
فریڈم پارٹی کا خراج
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے دو معروف صحافیوں مرحوم خواجہ ثنا اللہ بٹ (روزنامہ آفتاب) اور مرحوم صوفی غلام محمد (روزنامہ سرینگر ٹائمز) کو اُن کی برسیوں پر یاد کرتے ہوئے اُنہیں کشمیر کے دو عظیم سپوت قرار دیا۔پارٹی نے دونوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کو اُن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اُن کی سماجی خدمات کیلئے بھی ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ پارٹی ترجمان نے دونوں کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔
جموں و کشمیر بنک کی حیثیت
تبدیل کرنے کے فیصلے کو واپس لیا جائے:خورشید عالم
سرینگر// پی ڈی پی کے ضلع صدر محمد خورشید عالم نے جموں و کشمیر بنک کی حیثیت تبدیل کرنے کے فیصلے کو واپس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گورنر انتظامیہ کو اس طرح کے فیصلے لینے کا کوئی حق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے اہم مالیاتی ادارے کی خود مختاری ختم کرنے کے اس فیصلے کے خطر ناک نتایج سامنے آسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے اور اس طرح یہ فیصلہ ریاست کو مزید تباہی کی طرف لے جا سکتا ہے ۔انہوں نے اس فیصلہ کو ریاستی اداروں کے ساتھ مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کی بدلنے کی کوشش سے جموں و کشمیر میں تباہ کن نتایج سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اس فیصلے کو واپس نہیں لیا گیا تو ریاست کا مستقبل خطر ناک ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گورنر کا اس طرح کا فیصلہ بالکل عوامی مفاد کے خلاف ہے لہذا اس کو جلد از جلد واپس لیا جائے ۔عالم نے مزید کہا کہ پی ڈی پی ریاست کی خصوصی حیثیت کی حفاظت کیلئے کام کرتی آئی ہے اوراس کی سالمیت اورمنفرد پوزیشن کو بحال رکھنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ کو اس طرح کے فیصلے لینے کا کوئی حق نہیں ہے ۔
مولوی محمد جواد انصاری کی برسی
جڈی بل ، قمرواری اورعلمگری بازار میں دعائیہ مجالس کا اہتمام
سرینگر// مولوی محمد جواد انصاری کی 61ویں برسی کے موقعہ پر کل کئی مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس سلسلے میں امام بارہ جڈی بل ،دارالجواد قمرواری ،خاتی میدان ،علمگری بازار اور محلہ سید افضل شیر بٹ پٹن میں قرآن خوانی ،فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیہ مجالس منعقد ہوئیں ۔مولوی جواد نے ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں حصہ لیا اور وہ مرحوم علی محمد جناح کے قریبی ساتھیوں میں تھے ۔اس کے علاوہ مولوی جواد نے تعلیمی میدان اور مسلمانوں کی ترقی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔مولوی جواد خانقاہ سوختہ شہر خاص میں پیدا ہوئے اور اس زمانے میں مشہور شعیہ عالم رہے ۔