مزید خبرں

ٹیمپو حادثے پر افسوس کا اظہار

تھنہ منڈی کے لوگوں کا امداد کا مطالبہ 

طارق شال
تھنہ منڈی// پیر کے روز دیرہ گلی کے قریب تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹیمپو حادثے میں دو خواتین لقمہ اجل جبکہ دیگر کئی مسافر زخمی ہوئے جن میں سے ایک بچی کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج وہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے۔اس حادثے پر تھنہ منڈی کی تمام سیاسی ،سماجی اور غیر سرکاری تنظیموںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ راجوری سے مطالبہ کیاہے کہ لقمہ اجل بننے والی خواتین کے لواحقین کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف جبکہ حادثے میں مضروب خواتین اور بچوں کے حق میں پچاس پچاس ہزار روپے افداد فراہم کی۔ان تنظیموں کے عہدیداران کاکہناہے کہ زخمیوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جن کے پاس علاج کیلئے پیسوں کا کوئی بندوبست نہیں لہٰذاانہیں امداد فراہم کی جائے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع شفا خانہ کا دورہ کرکے امداد کا اعلان کریں۔ اس ضمن میں میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی نے نو منتخب صدر شکیل احمد میر نے کہاکہ وہ ٹیمپو حادثے کے متاثرین کے معاوضے کیلئے ضلع انتظامیہ سے بات کریں گے۔
 
 

سرنکوٹ میں سڑکوں کا حال ابتر

 چیک پوسٹ تا ڈگری کالج روڈ ناگفتہ بہ 

بختیارحسین
 
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر بنی ہوئی ہے اور صرف گائوں ہی نہیں بلکہ قصبہ میں بھی سڑک روابط کا حال ناگفتہ بہ بناہواہے ۔کہنے کو تو سرنکوٹ کو میونسپل کمیٹی کادرجہ بھی حاصل ہے مگر تعمیروترقی کے اعتبار سے کوئی کام نہیںہورہا۔سرنکوٹ قصبہ کی سڑکوں کی خراب حالت کامنہ بولتا ثبوت سرنکوٹ چیک پوسٹ سے ڈگری کالج سرنکوٹ تک جانے والی سڑک ہے۔اس سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ ایک کلو میٹر سفر کے لئے پندرہ سے بیس منٹ لگ جاتے ہیں کیونکہ اس سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیاں بہت ہی سست روی سے چل پاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ سڑک پر نالیوں کا نام ونشان تک باقی نہیںرہا اور بارش ہونے پر پوری سڑک پانی سے بھر جاتی ہے جس سے پیدل چلنے والے راہگیروں اور بالخصوص کالج طلباء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس ضمن میں کالج کے طالب علم ذیشان حیدر نے بتایا کہ انہیں سرنکوٹ بس اڈہ سے کالج تک کا سفر پیدل طے کرنا پڑتا ہے اور اس دوران اگر بارش ہو جائے تو سڑک پر پانی جمع ہو جاتاہے جس سے پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی وردیاں خراب ہوجاتی ہیں ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی مرمت کی جائے تاکہ راہگیروں کو راحت مل سکے۔