مزید خبرں

یاسین ملک اور دیگر سیاسی کارکنوں کی گرفتاری پر مزاحمتی خیمہ برہم

سرینگر// حریت (ع)،تحریک مزاحمت، اسلامک پولیٹکل پارٹی اور پیپلز لیگ نے  لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک اور دیگر مزاحمتی کارکنان مشتا ق احمد ڈار ، محمد حنیف ڈار، شاکر احمد آہنگر، فیاض احمد لون، امتیاز احمد ڈار، امتیاز احمد گنائی اور بشارت احمد بٹ کو پولیس حراست میں رکھنے کی مذمت کی ہے۔ حریت (ع) نے سینئر مزاحمتی رہنما اور لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک سمیت دیگر مزاحمتی اراکین کیخلاف عائد الزامات کو بے بنیاد بنا کر انہیں پولیس حراست میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد یاسین ملک اور دیگر افراد پر پولیس کی جانب سے اقدام قتل کا الزام محض سیاسی انتقام گیری پر مبنی ہے اور اسکا واحد مقصد یاسین ملک کی پر امن تحریکی اور سیاسی سرگرمیوںکو طاقت کے بل پر مسدود کرنا اور اُن کی موثر آواز کو خاموش کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ملک اور ان کے رفقاء ایک پر امن احتجاج کررہے تھے جس دوران پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ زیادتی اور مار دھاڑ کا وطیرہ اختیار کیا اور اب جو پولیس کی جانب سے ملک پر الزامات لگائے جارہے ہیں ،وہ بے بنیاد ہیںاور  انہیں جیل میں رکھنے کی راہ ہموار کی جارہی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے حربوں سے مزاحمتی قیادت کے حوصلوں کو نہ تو شکست دی جاسکتی ہے اور نہ یہاں کے عوام کیخلاف فورسز اور پولیس کے مظالم کی پردہ پوشی کی جاسکتی ہے ۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے محمد یاسین ملک اور ان کے ساتھیوں پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کے ساتھ تہاڑ جیل میں روا رکھے جا رہے غیر انسانی سلوک کو ارباب اختیار کی آمرانہ ذہنیت اور انتقامی سوچ کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے عرصہ دراز سے نئی دہلی سرزمین جموں کشمیر میں نت نئے حربوں اور ہتھکنڈوں کو مسلسل آزماتی آئی ہے تاکہ عوامی احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرنے والی قیادت کو ڈرا دھمکا کر تحریک آزادی کی علمبرداری سے باز رکھا جائے۔اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے اسے سیاسی انتقام گیری قرا ر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر حق پر مبنی پیدائشی حق خود ارادیت کی تحریک کو بزور طاقت دبانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے مگر یہاں کے لوگ خون سے سینچی ہوئی تحر یک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے پْر عزم ہیں۔ پیپلز لیگ کے وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی نے مزاحمتی قائدین وکارکنان کو پولیس حراست میں رکھنے اور ان پر من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کو سراسر انتقام گیری سے تعبیر کیا ۔ 
 

اقدام سیاسی انتقام گیری:یاسین خان/چاپری

سرینگر//کشمیر اکنامک الائنس کے چیئر مین حاجی محمد یاسین خان نے لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یٰسین ملک کو سنگین الزامات کے تحت گرفتار کئے جانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہارکیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک اور ہم سب کا قصور محض یہ ہے کہ ہم وادی میں انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں اور قتل و غارت گری کو بند کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ پر امن ذرائع سے حل کیاجائے لیکن اس جائز مطالبے کے جواب میں ہمیں حکومتی جبر وتشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حاجی محمد یاسین خان نے کہا ہے کہ پلوامہ میں معصوم شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں پر اپنا احتجاج درج کرانے کے لئے بادامی باغ چلودی گئی تھی لیکن اس کے انتقام میں یاسین ملک اور ان کے ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل جیسے سنگین کیس درج کیا گیا اور انہیں گرفتار بھی کیا گیا ۔ انہوں نے اس اقدامات کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور برصغیر بلکہ جنوبی ایشیا میں دائمی قیام امن کے لئے اس مسئلے کو پر امن ذرائع سے حل کرنا ناگزیر ہے کیونکہ اس مسئلے کی وجہ سے اب تک ہندو پاک کے درمیان کئی جنگیں ہوچکی ہیں ۔ خان نے کہا کہ اب جبکہ یہ دونوں ممالک نیو کلیائی قوتیں بن چکی ہیں ، کشمیر مسئلے کی وجہ سے خطے میں مسلسل بد امنی کسی بھی وقت ایک خطرناک صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔ حاجی محمد یٰسین خان نے کہا یہ المیہ ہے کہ ایک جانب نہتے اور معصوم شہریوں کو گولیوں سے بھون لیا جاتا ہے اور دوسری جانب ہمیں  اس پر ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔اس دوران کشمیر اکنامک الائنس چیئرمین محمد یوسف چاپری نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک اور انکے ساتھیوں کو اقدام قتل کے کیس کے تحت بند رکھنے کی سخت الفاظ میں مذت کرتے ہوئے بدقسمتی سے تعبیر کیا۔بیان کے مطابق محمد یوسف چاپری نے کہا کہ ایوان گورنر کی طرف سے دبائو کے نتیجے میں سیاسی مکانیت اور پرامن احتجاج کی روایت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ معصوم شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرنا کوئی گناہ نہیںہے۔ کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین نے سیول سوسائٹی،وکلاء اور تاجروں کو اس سلسلے میں متحدہ ہوکر حکمت عملی ترتیب دینے کا مشورہ دیا تاکہ شہریوں سے انکے پرامن احتجاج کا حق چھیننے کی بھر پور مزاحمت کی جائے۔انہوں نے انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا رول ادا کریں۔کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین محمد یوسف چاپری کی صدارت میں اس دوران ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں الائنس کے ترجمان اعلیٰ محمد صدیق رونگہ،نائب صدر اعجاز شہدار اور سنیئر لیڈر حاجی نثار بھی موجود تھے۔ تعزیتی اجلاس کے دوران معروف تاجر لیڈر اور کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
 
 

 ترہگام میں بارودی سرنگ ناکارہ

کپوارہ/اشرف چراغ /فوج نے شمناگ ترہگام میں سڑک پر نصب کی گئی ایک آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا کر بڑے خطرے کو ٹال دیا ہے۔جمعرات کی صبح  5بہارفوجی یونٹ کی گشتی پارٹی جب صبح قریب 8بجے شمناگ ترہگام پہنچ گئی تو انہو ں نے سڑک کے کنارے نصب کی گئی باردودی سرنگ کا پتہ لگایا اور بعد میںبم ناکارہ بنانے کی ٹیم کو مطلع کیا جس نے سرنگ کو ناکارہ بنایا۔
 

حریت (ع)وفدکا دورہ پلوامہ 

غمزدہ کنبوں سے میرواعظ کا اظہار تعزیت

سرینگر//حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر غلام نبی زکی، غلام نبی نجار اور جعفر کشمیری پر مشتمل حریت وفد نے پلوامہ جاکر گزشتہ دنوں فورسز کی ایک خون آشام واقعہ کے دوران جاں بحق کئے گئے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر میرواعظ نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ٹیلیفون پر یکجہتی کا اظہار کیا ۔

 

تین سرکاری بنکوں کا انضمام 

۔10لاکھ بنک ملازمین ہڑتال پرجائیں گے

سرینگر//دینا بینک،وجے بنک اور بینک آف بروڈہ کا انضمام عمل میں لانے کے سرکاری فیصلے کے خلاف 10لاکھ بنک ملازمین ہڑتال پر رہیں گے ۔اس دوران آنے والے ہفتے میں تقریبا5روز تک لگاتار بنکوں میں کام نہیں ہوگا۔ بینک سے متعلق ضروری کام نمٹانے کے لئے آپ کے پاس 20 دسمبر تک وقت ہیآنے والے ہفتے میں اگر آپ کا بینک سے متعلق کوئی کام بچا ہے تو اسے آج ہی نمٹا لیں۔ بینک سے متعلق ضروری کام نمٹانے کے لئے آپ کے پاس 20 دسمبر تک وقت ہے۔ اس کی وجہ ہے کہ ملک بھر کے سرکاری بینک 5 دن بند رہیں گے۔ بتا دیں کہ اس دوران دو دن بینک ملازمین کی ہڑتال بھی ہے۔اس ہفتے بینکوں میں کام کاج 20 دسمبر تک ٹھیک ڈھنگ سے چلے گا۔ جمعہ یعنی 21 دسمبر کو بینک ملازمین کی ہڑتال رہے گی۔ اس وجہ سے تمام سرکاری بینکوں میں کام کاج ٹھپ رہے گا۔ اس کے اگلے دن یعنی 22 دسمبر کو مہینہ کا چوتھا ہفتہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی بینکوں میں چھٹی رہے گی۔ 23 دسمبر کو اتوار کی وجہ سے سبھی بینک بند رہیں گے۔جبکہ26دسمبر کو بنک ملازمین پھر سے ہڑتال پر جائیں گے۔
 

ایجیک صدر کی مذمت ،قانونی کارروائی کی جائے، گورنرسے اپیل 

سرینگر //ایمپلایز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے انہدامی مہم کے دوران تحصیلدار کپوارہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایس ایم سی چیئرمین کیوارہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں قیوم وانی نے تحصیلدار کپوارہ طارق احمد بٹ پر چیئرمین میونسپل کمیٹی کپوارہ ریاض احمد میر کی جانب سے انہامی مہم کے دوران ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ ملازمین عوام کے نوکر ہیں لیکن بندوہ مزدور نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کارروائیوں کو روکا نہیں گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔قیوم وانی نے اس دوران گورنر ستیہ پہال ملک چیف سکریٹری بی وی آر سبربنیم ، ڈویژنل کشمیر کشمیر بصیر احمد خان ڈی سی کپوارہ خالد جہانگیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیئرمین ایس ایم سی کپوارہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں ۔قیوم وانی نے اس دوران اُمید ظاہر کی کہ ریاست کے چیف سکریٹری ملازمین کے مسائل پر غور کر کے مخافظ ہونے کے ناطے اس واقعے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے ۔قیوم وانی کے ساتھ دیگر ایجیک لیڈران نے بھی اس واقعہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ۔
 
 

پٹن میں پانچ سرکاری ملامین معطل

بارہمولہ /فیاض بخاری/تحصیلدار پٹن نے کئی دفاتر کا اچانک معائنہ کرکے 5ملازمین کو غیر حاضر پا کر معطل کیا۔تحصیلدار معین اظہر ککرو نے جمعرات کو پٹن کے مختلف دفاترکا معا ینہ کیا۔جس دوران انہوں نے محکمہ ہنڈ ی کرافٹس ،پی ایچ ای اور اریگیشن کے پانچ ملازمین کو غیر حاضر پا یا جس کے بعد انہوںنے فوری کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ ملازمین کی معطلی کے احکامات صادر کئے۔
 

پہلی پورہ بونیار میں دو ہفتوں سے2ٹرانسفارمرخراب

اوڑی/ظفر اقبال/ اوڑی کے پہلی پورہ بونیار میں دو بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ دو ہفتوں سے خراب ہوئے جس کی وجہ سے پہلی پورہ بونیار کے خان محلہ،میر محلہ اور بٹ محلہ کی ایک بڑی آبادی گزشتہ دو ہفتوں سے گھپ اندھرے میںہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس ماہ کی3 اور 5 تاریخ کو یہ دونوں ٹرانسفارمر خراب ہوئے تھے جس کے بعد محکمہ نے دونوں ٹرانسفارمروں کو مرمت کیلئے ورکشاپ منتقل کیا تھامگر ابھی تک واپس نہیں لایا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سردی کے ان ایام میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
 

 آر آر ای ٹیز اور آر ای ٹیز

گورنر کی سرکاری پینل سے جائزہ لینے کی ہدایت

 
جموں//گورنر انتظامیہ نے ایس ایس اے اساتذہ کے اُن معاملات کاجائیزہ لینے کے لئے پہلے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کو7702 آر آر ای ٹیز اور آر ای ٹیز کا بھی جائیزہ لینے کی ہدایت دی ہے جن کے پاس ان کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں لازمی تعلیمی قابلیت موجود ہو۔جی اے ڈی کی طرف سے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق متعلقہ کمیٹی ایک ماہ کے اندر حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
 
 

فریڈم پارٹی کا بشری حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے انسانی حقوق کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر میں سرگرم حقوق البشرکی انجمنوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور یہاں جاری نسل کشی رکوانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو فورسز صفحہ ہستی سے مٹانے پر عمل پیراہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ساری دنیا خاموش تماشائی بن کر کشمیریوں پر ڈھائے جارہے مظالم کو دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اُن حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں جنہیں عالمی برادری نے بہت پہلے تسلیم کر رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی گناہ کی پاداش میں کشمیریوںکا مسلح جھڑپوں یا فورسز آپریشنوں کی آڑ میں قتل عام کیا جارہا ہے۔ پارٹی ترجمان نے دنیا بھر میں سرگرم انسانی حقوق کی انجمنوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو بچانے کیلئے آگے آئیں ۔
 

لبریشن فرنٹ کا پاکستان میں احتجاج

سانحہ پلوامہ کی مذمت،عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل

اسلام آباد// لبریشن فرنٹ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد(پاکستان) کے باہر جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مظالم کے خلاف علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین عبدالحمید بٹ کی صدارت میں منعقدہ احتجاج کے دوران لبریشن فرنٹ و اسٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے مرکزی قائدین وائس چیئر مین حافظ انور سماوی ، وائس چیئرمین سلیم ہارون ، ترجمان اعلیٰ رفیق احمد ڈار، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ساجد صدیقی ، زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی ، ممبر سپریم کونسل خواجہ پرویز اقبال ، ممبر سپریم کونسل منظور احمد خان ، چیئرمین ایس ایل ایف ملک رحیم ، جنرل سیکریٹری شاہجہاں، سینئرزونل قائدین سردار انور اقبال ایڈوکیٹ ، خورشید احمد مرزا ، سلیم بٹ ، ایڈوکیٹ توصیف جرال ، محمد افضل بیگ ، مظہر کاظمی اور پارٹی کے دیگر قائدین اورطلاب کی بھاری تعداد کے علاوہ حریت قیادت سید فیض نقشبندی ، محمد فاروق رحمانی ، الطاف احمد بٹ ، سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں عبدالحمید بٹ سمیت تمامی قائدین نے مشترکہ آواز میں قتل و غارت گری بالخصوص سانحہ پلوامہ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل کی گئی۔
 

پلوامہ ہلاکتیں:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میںطلاب کا احتجاج

 سرینگر+//پلوامہ ہلاکتوں پر علی گڑھ یونیورسٹی کے طلاب نے کینڈل لائٹ ریلی نکال کر اپنا احتجاج درج کیا ۔اے ایم یو سٹوڈنٹ یونین کے زیر اہتمام بدھ کو ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شہری ہلاکتوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ طلاب کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں۔طالب علموں نے اس دوران مولانا آزاد لائبریری سے ایک ریلی نکالی جو بابا سید گیٹ کے پاس اختتام پذیر ہوئی ۔پرامن ریلی کے بعد اے ایم یو سٹوڈنٹ یونین کے صدر سلمان امتیاز نے ضلع انتظامیہ کو ایک یاداشت پیش کی اور ملک کے صدر سے محاطب ہو کر کہا کہ کشمیر کیلئے لازمی ہے کہ اُس میں جاری کشیدگی کو فوری طور پر وہاں شہری ہلاکتوں کو بند کیا جائے ۔ ادھر نیشنل کانفرنس بانہال کی طرف سے بانہال میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت نیشنل کانفرنس یوتھ لیڈر طارق احمد ڈار کر رہے تھے۔ احتجاجی ریلی میں نیشنل کانفرنس کے اراکین اور لیڈر وادی کشمیر خصوصا ًجنوبی کشمیر میں فورسز کے جاری ظلم و تشدد کے خلاف عہدیداروں اور کارکنان ہلاکتوں کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پرمظاہرین نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ معصوم شہریوں کے قتل عام کو بند کرائیں۔
 

ڈی آئی جی وسطی کشمیر نے

۔ 230اہلکاروں کو ترقیوں سے نوازا 

سرینگر//ڈی آئی جی وسطی کشمیر وی کے بردی نے  230اہلکاروں کو ترقیوں سے نوازا۔ ترقی پانے والوں میں 195سلیکشن گریڈ کانسٹیبل اور 35ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ محکمانہ ترقیاتی بورڈ سے وابستہ جن ممبران نے میٹنگ میں شرکت کی اُن میں ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل پرے، سینئر پی او پی ایچ کیو سرینگر شفاعت احمد ، اے اے او آر پی ایچ کیو سرینگر جاوید احمد اور ایس او ایسٹیٹ آر پی ایچ کیوارشا د احمد نے شرکت کی۔ڈی آئی جی بردی نے ترقیوں سے مستفید ہونے والے اہلکاروں اور اُن کے اہلِ خانہ کے تئیں اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا اوراُمید ظاہر کی ترقیوں سے نوازے گئے اہلکار تن دہی اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
 

اسمبلی چنائو سے قبل حد بندی کی جائے: بھیم سنگھ 

سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاست میں نئے اسمبلی انتخابات کرائے جانے سے قبل تمام اسمبلی حلقوں کی حدبندی کرائے جانے کی پرزور وکالت کی ہے۔ پروفسر بھیم سنگھ نے کہاکہ 1985سے اسمبلی حلقوں کی حدبندی نہیں کرائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے گورنر کو آئین کے مطابق اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ فوری طورپر حد بندی کمیشن قائم کریں جس سے تینوں خطوں لداخ، وادی کشمیر اور جموں کو اسمبلی میں اپنی نمائندگی کا مناسب حصہ مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ  25برسوں سے حد بندی نہیں کرائی گئی ہے جبکہ10 برس میں حد بندی کرائی جانی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ پہلے ہی جموں وکشمیر ریاست کی حد بندی کرانے کی ہدایت دے چکی ہے۔
 

پامالی حقوق پر پاکستانی سینیٹ کی قراردادخوش آئند:مسلم کانفرنس

سرینگر//مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار نے پاکستانی پارلیمان میں پلوامہ قتل عام کے بعد متفقہ طور پیش کی گئی قرار داد کو مستحسن اقدام سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پارلیمنٹ کا فیصلہ ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو خطوط بھیج کر مسئلہ کی سنگینی اور کشمیریوں کے خلاف ہورہے جنگی جرائم سے آگاہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے قتل عام کے بعد جس طرح سے دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ،وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ بھارت کو عالمی عدالت میں بے گناہوں کے اس قتل عام کا جواب دینا ہوگا۔
 

تحقیقاتی ایجنسیاں ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود نعیم خان کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام :نیشنل فرنٹ

سرینگر// نیشنل فرنٹ نے تہاڑ جیل میں مقیدپارٹی چیئر مین نعیم خان سمیت دیگر قیدیوں کی اسیری کو بلاوجہ طول دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ برس کا عرصہ گذر نے کے باوجود بھارت کی تحقیقاتی ایجنسیاں سیاسی قیدیوں کیخلاف کچھ بھی ثابت کرنے میں ناکام ہوئی ہیں ۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایجنسیاںمزاحمری قائدین و کارکنان کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے کے باوجود اُن پر کوئی بھی الزام ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ترجمان نے تازہ گرفتاریوں اور اُنہیں سخت قوانین کے تحت مقید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکام یہاں کے لوگوں کے سیاسی جذبات و خواہشات کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
 

 لیگل سروسز اتھارٹی نے پرلکوٹ پونچھ کادورہ کیا

جموں//سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی جے اینڈ کے نے پرلکوٹ پونچھ سے متعلق انگریزی روزنامہ میں شائع خبر کا نوٹس لیا ہے اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ سے کہا ہے کہ وہ حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے علاقہ کا دورہ کرے۔ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بی ایل ڈی ایس اے پونچھ کی ٹیم جس کی قیادت زبیر احمد کر رہے ہیں، نے ایک کؤر گرؤپ تشکیل دیا۔ گرؤپ نے علاقہ کا دورہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ139 لوگوں میں سے پرلکوٹ دیہات کے16 افراد بہرے اور گونگے تھے۔مقامی طبی حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ان لوگوں کو آلات سماوی فراہم کریں اور علاقہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کریں۔جموں سے طبی ماہرین نے بھی پونچھ کا دورہ کیا تا کہ وہ اس معاملہ کے حقائق کا پتہ لگاسکیں جنہوں نے ابھی تک رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ ایگزیکٹو چیئرمین جے کے ایس ایل ایس اے جسٹس راجیش بندل نے لیگل سروسز اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی بہبود کے لئے پیرا لیگل رضا کار اور ریٹرینر وکلاء کو تعینات کریں۔
 

کپوارہ میں آدھار آپریٹروں کا احتجاج مستقلی کا مطالبہ

کپوارہ//کپوارہ میں آدھار کارڈ تیار کرنے والے آپریٹروں نے نوکریوں کو مستقل کرنے کے حق میں احتجاج کیا ۔ان آپریٹروںکا کہنا تھا کہ انہوںنے آدھار اسکیم کے تحت کئی ماہ تک کام کیا ہے اور پچھلے کئی برس سے وہ اس اسکیم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔ان کاکہنا تھا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ انہیں مستقل نوکری فراہم کی جائے گی جس کے باعث انہوںنے آدھار تیار کرنے کیلئے دن رات کام کیا ۔ان کا کہنا ہے کہ یہ کام ذمہ لینا کے بعد ان کی تعلیم بھی متا ثر ہوئی ۔ انہوںنے گورنر انتظامیہ کواس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی  ۔
 

اکنامک الائنس چیرمین فاروق احمد ڈارکے والد فوت

تجارتی،مزاحمتی اور مین اسٹریم جماعتوں کا اظہاررنج و غم

سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد کے انتقال پر تجارتی،مزاحمتی، مین اسٹرئم جماعتوں کے علاوہ سیول سوسائٹی نے بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ معروف تاجر لیڈر اورکشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کے والد کا انتقال جمعرات کو ہوا۔اس دوران بمنہ میں انکا نماز جنازہ ادا کیا گیا،جس میں تجارتی انجمنوں کے لیدروں کے علاوہ جماعت اسلامی کے ترجمان اعلیٰ ایدوکیٹ زاہد علی اور لبریشن فرنٹ کے سنیئر لیڈر شیخ عبدالرشید نے بھی شرکت کی۔ لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے معروف ٹریڈ یونین لیڈر فاروق احمد ڈار مائسمہ کے والد گرامی قدر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ملک کی ہدایت پرفرنٹ سیکریٹری جنرل انجینئرغلام رسول ڈار ایدھی، سینئر نائب صدر زون محمد یاسین بٹ ،میر محمد زمان ،محمد صدیق شاہ ،جاوید احمد بٹ نے ڈار سے تعزیت کا اظہار کیا۔