مزید خبرں

۔7افراد ڈھانگری جیل منتقل 

راجوری //پولیس نے 7افراد کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پاتے ہوئے احتیاطی طور پر حراست میں لے لیاہے ۔احتیاطی طور پر حراست میں لئے گئے افراد کی شناخت اجے کمار ، لالا ، جاوید بٹ ، طاہر شاہ ، ہارون رشید اور محمد آصف کے طور پر ہوئی ہے جن کوایگزیکٹو مجسٹریٹ درجہ اول کے سامنے پیش کرنے کے بعد ضلع جیل ڈھانگری بھیج دیاگیاہے ۔ یہ سبھی افراد پولیس تھانہ راجوری کے تحت رہتے ہیں۔ اسی طرح سے نوشہرہ کے وارڈ نمبر دو سے تعلق رکھنے والے محمد ریاض کو بھی احتیاطی طور پر حراست میں لیکرڈھانگری جیل بھیج دیاہے ۔ 
 

پرالکوٹ کے قوت گویائی و قوت سماعت سے محروم افراد

لیگل سروسز اتھارٹی نے خبر کانوٹس لیا،متاثرین کی بہبود کیلئے اقدامات کی ہدایت 

جموں//سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی جے اینڈ کے نے پونچھ کے پرالکوٹ علاقے سے متعلق مقامی روزنامہ میں شائع خبر کا نوٹس لیا ہے اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ سے کہا ہے کہ وہ حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے علاقہ کا دورہ کرے۔ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بی ایل ڈی ایس اے پونچھ کی ٹیم جس کی قیادت زبیر احمد کر رہے ہیں، نے  ایک کؤر گرؤپ تشکیل دیا۔ گرؤپ نے علاقہ کا دورہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ139 لوگوں میں سے پرالکوٹ دیہات کے16 افراد بہرے اور گونگے تھے۔مقامی طبی حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ان لوگوں کو آلات فراہم کریں اور علاقہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کریں۔جموں سے طبی ماہرین نے بھی پونچھ کا دورہ کیا تا کہ وہ اس معاملہ کے حقائق کا پتہ لگاسکیں جنہوں نے ابھی تک رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ ایگزیکٹو چیئرمین جے کے ایس ایل ایس اے جسٹس راجیش بندل نے لیگل سروسز اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی بہبود کے لئے پیرا لیگل رضا کار اور ریٹرینر وکلاء کو تعینات کریں۔
 

پلیرہ حادثے کے متاثرین دربدر

چیک ملے مگر اکائونٹ میں پیسے ہی نہیں 

 
عشرت حسین بٹ
منڈی //گزشتہ دنوں پلیرہ منڈی میں پیش آئے حادثے میں 13افراد لقمہ اجل بنے تھے جن کے لواحقین نے شکایت کی ہے کہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے انہیں پانچ پانچ لاکھ روپے چیک تو دیئے گئے لیکن یہ بینک میں پاس نہیںہورہے ۔سرپنچ لورن چوہدری کامران احمد نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے ہاتھوںمتاثرین کو دیئے گئے چیک بینک میں پاس نہیں ہورہے ہیں کیونکہ اکائونٹ میں کوئی پیسہ موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین دربدر ہیں اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔اس حوالے سے پی ڈی پی لیڈرشمیم احمد گنائی نے کہا کہ اس حادثہ میں متعد نوجوانوں کے والدین بھی مارے گئے جن کے گزر جانے کے بعد ان کے اہل خانہ کا گزر بسر کرنا بہت مشکل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس مقصد کیلئے گورنر انتظامیہ نے چیک تقسیم کئے تھے وہ پورا نہیں ہوپایاہے کیونکہ اکائونٹ میں پیسے ہی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چیک یہ کہہ کر واپس لوٹادیاجاتاہے کہ یہ رقم ایک سال کے بعد واگزار ہوگی ۔ان کاکہناہے کہ متاثرین کو اس وقت ان پیسوں کی سخت ضرورت ہے اور انہیں وقت پر یہ رقم نہ ملی تو کیا فائدہ ہوگا۔رابطہ کرنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کہا کہ یہ پیسہ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے ایک سال کیلئے مختص کیا گیا ہے لیکن اگر لواحقین کے اہل خانہ کو پیسوں کی شدید ضرورت ہے تو وہ ان سے مل کر اس رقم کو حاصل کرسکتے ہیں۔
 
 

خاتون کی نعش برآمد ہونے پر سراسیمگی 

 
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے ملحقہ گائوں کنوئیاں کے گورنمنٹ مڈل اسکول کے قریب نالہ سے ایک35سالہ خاتون کی گردن کٹی ہوئی نعش بر آمد ہونے کے بعد علاقہ میں خوف و حراس پایاجارہاہے۔جمعرات کو صبح کے وقت مقامی لوگوں نے نالے میں پڑی نعش دیکھی جس کے بعد پولیس تھانہ پونچھ میں فون کر کے اطلاع دی گئی۔ اس دوران ڈی وائی ایس پی آپریشن پونچھ اور ایس ایچ او پونچھ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور خاتون کی نعش کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ پہنچااور بعد ازاںنعش اسکے ورثاء کے حوالے کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی گئی۔ اس خاتون کی شناخت شکیلہ بی زوجہ فاروق احمد عمر35 سال کے طور پر ہوئی ہے جو دو روز سے گھر سے لاپتہ تھی ۔خاتون کا شوہر بیرون ملک سعودی عرب کام کے سلسلہ میں گیا ہواہے۔ابھی تک خاتون کی ہلاکت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن پولیس نے دفعہ 307کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ یہ معاملہ واضح طور پر قتل کا ہے اور پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ پوچھ تاچھ کیلئے کچھ افراد کو حراست میں بھی لیاگیاہے ۔
 
 

پیپلز مومنٹ کی عالمی برادری سے اپیل 

کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیاجائے

راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر یوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئے دن کشمیر میں معصوم شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو نشانہ بنا یاجارہا ہے اورنوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری موت اور تباہی کے ا س خونی کھیل کو روکا نہیں گیا تو بہت جلد قوم کو پڑھے لکھے اور ہونہار نوجوانوں سے محروم ہونا پڑے گا۔میر شاہد سلیم نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو جبرو استبداد کے اس سلسلے کو بند کروانے کے لئے اپنا موثر رول ادا کرنا چاہیے تاکہ معصوم اور بے گناہ کشمیریوں موت کے گھاٹ اتارے جانے سے بچا لیا جائے۔پیپلز مومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ریاست میں حقِ خود ارادیت کی تحریک چلا رہے ہیں اور دنیا کی کوئی بھی طاقت انہیں استصوابِ رائے کے اپنے پیدائشی حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک پر امن سیاسی تحریک کوبندوق اور بارود کے بل بوتے پر کچلاجارہاہے جس کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کے عوام اپنے پیدائشی حق کے حصول کی خاطر گزشتہ ستر برس سے بے مثال قربانیاں پیش کرتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک انہیں اپنی منزل حاصل نہیں ہو جاتی۔
 
 

پونچھ کیلئے زنانہ کالج اور یونیورسٹی دینے کا مطالبہ 

حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر انصاف مؤمنٹ کا پونچھ میں اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت اس کے چیئرمین جاوید اقبال ریشی نے کی۔اجلاس میں محمد آزاد چوہان، سید گفتار علی بخاری، چوہدری شوکت حسین، چوہدری محمد شریف کوہلی اور دیگران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر مقررین نے الزام عائد کیا کہ ہمیشہ اسمبلی اور پارلیمانی الیکشن کے دوران پونچھ کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کو آزادی سے آج تک انصاف نہیں ملا۔انہوں نے منڈی کیلئے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ، ایس ڈی پی او، منصف جج، سپورٹس سٹیڈیم و پونچھ سے چنڈک تک سڑک کی توسیع، چنڈک کیلئے تحصیل، پولیس تھانہ اور گرلز ہائر سیکنڈری کی مانگ کی۔ اس کے علاوہ کھنیتراور شاہ پور ہائی سکولوں کے درجے بڑھانے کی بھی مانگ کی گئی۔انہوں نے کہاکہ جموں۔پونچھ ریلوے لائین اور نیشنل ہائی وے کے خواب دکھائے  گئے مگر وہ خواب اب تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اکثر اضلاع میں زنانہ ڈگری کالج ہیں جبکہ پونچھ کو اس سے بھی محروم رکھاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کو ہوائی سروس کے سفر کا خواب بھی دکھایاگیاجوبھی نایاب ہوگیاہے۔انہوںنے کہاکہ بڑھتی ہوئی بیروزگاری نوجوانوں کیلئے مایوسی کا سبب بنی ہوئی ہے اور پونچھ راولاکوٹ تجارت بھی چند افراد تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2014کے سیلاب میں ہوئے نقصانات کی بھرپائی کی جائے اور درنگلی نالہ پل، دلہان مالٹی پل اور دیگر عوامی املاک کی تعمیر کی جائے ۔
 
 

کوٹرنکہ میں طبی کیمپ کا انعقاد

راجوری // سب ڈیویژن کوٹرنکہ تھروئی علاقے میں محکمہ صحت کی طرف سے ایک طبی کیمپ منعقد کیاگیا جس کی قیادت بلاک میڈیکل افسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے کی ۔یہ کیمپ چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سنیل شرما کی ہدایت پر منعقد کیاگیا ۔اقبال ملک نے بتایاکہ اس دوران 275اسناد تقسیم کی گئیں اورساتھ ہی 232مریضوں کی طبی تشخیص کرکے ان میں ادویات تقسیم کی گئیں ۔ انہوں نے بتایاکہ مریضوں کے ٹیسٹ بھی کئے گئے ۔ بی ایم او کے مطابق کیمپ کے دوران لوگوںکو بیماریوں سے بچنے اور صفائی ستھرائی کی اہمیت پر بیدار بھی کیاگیا ۔
 
 
 

 پی ایچ ای عارضی ملازمین کا احتجاج 

رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دے کر محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ بڑی تعد اد میں ڈیلی ویجروں نے نوشہرہ میں جمع ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور محکمہ پی ایچ ای و حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوں نے کہاکہ گورنر انتظامیہ ان کے مطالبات جلد سے جلد پورے کرے اور ان کی مستقلی کیلئے پالیسی بنائی جائے ۔