حضرت غوث لاعظم ؒکے روحانی کمالات
تاریخ اسلام کا سنہری باب:مولانا ہمدانی
سرینگر// عرس مبارک حضرت پیران پیر غوث لاعظم حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کی اختتامی تقریب کے سلسلے میں درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں ایک پُر وقار تقریب پر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی پاک سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت اور اُن کے تاریخی اسلامی کارنامے ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِس پیر کامل کے طفیل عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا ء اور خطہ کشمیر کی آزادی اور مکمل امان کی بحالی ہو۔اس دوران موئے پاک غوث لاعظمؒ اور دیگر تبرکات کی نشاندہی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین سید سید بہائوالدین قادری نے انجام دی۔
موٹر سائیکل اڑانے والا گرفتار
سرینگر//سرینگر پولیس نے چوری کی دو الگ الگ وارداتوں میں ملوث نقب زن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مائسمہ سرینگر میںنقب زنی کی واردات رونما ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 29/2018کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی جبکہ کورٹ روڑ سرینگر میں موٹر سائیکل زیر نمبر Jk01Q-2855کو چْرانے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 31/2018کے تحت اور ایک معاملہ درج کیا۔چنانچہ پولیس نے دونوں معاملات کے حوالے سے تفتیش شروع کی جس دوران تحقیقاتی آفیسر نے چْرائی گئی موٹر سائیکل کو برآمد کرکے مالک کے سپرد کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے مشتبہ شخص بشیر عرف چینی کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں طلب کیا،جبکہ دورانِ پوچھ گچھ گرفتار شدہ شخص نے اپنا جرم قبول کیا اور اْس کی نشاندہی پر مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی بڑے پیمانے پر سراہنا کی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ چوری کی یہ دونوں وارداتیں گرفتار شدہ شخص نے ہی انجام دی تھیں۔
خورشید گنائی 24 دسمبر کو سرینگر میں عوامی شکایات سنیں گے
جموں //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی گورنرس گریوونس سیل چرچ لین سرینگر میں 24 دسمبر کو صبح گیارہ بجے کے بعد عوامی وفود اور افراد کے مسائل سُننے کیلئے موجود رہیں گے ۔
سرکردہ ادیبوں اور دانشوروں کو کلچرل اکیڈمی کا خراج تحسین
ریاست میں زبان و ادب پر دور رس اثرات ثبت کئے
سرینگر//اردو اور کشمیری زبان و ادب سے وابستہ سرکردہ شخصیتوں اور دانشوروں کو اُن کی برسی کے سلسلے میں شایانِ شان خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں کلچرل اکیڈیمی کے صدر دفتر واقع لال منڈی میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حکیم منظور، عمر مجید، بشیر اختر، محمد احمد اندرابی، ارجن دیو مجبور، پروفیسر محمد امین اندرابی، سید عباس تابش، آنند لہر، علی محمد لون،ڈاکٹر فرید پربتی کی حیات اور کارناموں پر مقالے پیش کئے گئے۔ اکیڈیمی نے اس سلسلے میں دو توسیعی خطبات کا بھی اہتمام کیا تھا جس میں کشمیری ادب پر اردو کے اثرات کا سیر حاصل جائزہ لیا گیا۔ یہ مقالات پروفیسر شفیع شوق اور ڈاکٹر نذیر آزاد نے پیش کئے۔ تقریب کی صدارت معروف ادیب اور شاعر غلام نبی خیال نے کی جبکہ پروفیسر محمد زمان آزردہ اور ظریف احمد ظریف بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ تقریب میں دیگر شخصیات کے ساتھ ساتھ سید وحہیہ احمد اندرابی، غلام رسول آزاد، نثار نسیم، محمد امین بٹ، ڈاکٹر معروف شاہ، مجیدعاصمی، واجدہ تبسم،عنایت گُل،گلشن بدرنی، ایوب صابر،مبشر رفاعی، مشتاق علی احمد خان، ڈاکٹر شبنم عشائی، ظفر مظفر، روحی جان، پرویز مانوس، شبیر حُسین شبیر، شفیق احمد، حسن زرین ، دلدار اشرف،جمیل انصاری،اقبال احمد لون، سمیع اللہ موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سلیم سالک نے انجام دیئے ۔