مزید خبرں

ڈلگیٹ میں بجلی کی آنکھ مچولی 

سیاح پریشان، صارفین میں غم و غصہ 

 سرینگر//ڈلگیٹ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں برقی رو کی نایابی نے سنگین رخ اختیار کیا ہے۔مقامی لوگوںنے الزام لگایا کہ محکمہ پی ڈی ڈی نے سیاحت کے لحاظ سے انتہائی اہم علاقے کو گھپ اندھیرے میں جھونک دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پی ڈی ڈی کٹوٹی شیڈول پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سیاح بھی پریشان ہیں۔ لوگوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر فوری طورپر کٹوتی شیڈول پر عملدرآمد نہیں کیا تو لوگ سڑکوں پر نکل آئینگے اور اگر کوئی ناخوشگوارو اقع رونما ہواتو اُس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
 

غیر مشروط حمایت سے پی ڈی پی کی خصوصیت عیاں 

سرینگر کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خورشید عالم کا خطاب

سرینگر// پی ڈی پی لیڈرمحمد خورشید عالم نے کہا ہے کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی طرف سے گذشتہ ماہ ریاست میں حکومت سازی کیلئے پارٹی کو غیر مشروط حمایت دینے سے پی ڈی پی کی خصوصیت عیاں ہوگئی ہے ۔پارٹی ہیڈ کوارٹر پرسرینگر سے وابستہ پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سرینگر ضلع صدر محمد خورشید عالم نے کہا کہ پی ڈی پی ریاست کی واحد سیاسی قوت ہے جو کشمیر کے مسئلے کو مذاکرات اور مصالحت کے ذریعہ حل کرنے کے لئے آگے بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی صدرکی قابل قیادت کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ گذشتہ ماہ حکومت سازی کے لئے کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے غیر مشروط حمایت دینے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کشمیر میں موجودہ وقت میںحالات کشیدہ ہیںتاہم پی ڈی پی لوگوں کو ان حالات سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں دہائیوں سے جاری کوششیں جاری رکھے گی ۔انہوں نے ورکروں پر زورد یا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں۔اس موقعہ پر سابق ممبر اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ ،عبدالحمید کوشین کے علاوہ دیگر سینئر ارکان بھی موجود تھے ۔
 

ملت کا اتحاد علماء کی ذمہ داری: مولانا قانونگو

سرینگر// زیارت میر سید یعقوب ؒ سونہ وار میں کل قبل از نماز ظہر تبلیغی مجلس میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی یہ تعلیم یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اور آنحضورﷺ نے قرآن و سنت کے ذریعہ علماء پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ بہتر اسلوب بیان ،مہذب زبان ، حکمت ، وعظ و نصیحت سے پچھڑے ہوئے لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کریں اور اہل علم کو بہتر و اصل مجادلہ سے دعوت دین کی طرف مرغوب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تمام مکتبہ ہائے فکر کے علماء انہی نقوش پر عمل کرکے مختلف دینی تنظیموں بالخصوص متحدہ مجلس علمائے جموںوکشمیر اتحاد ملت ، مجلس تحفظ ایمان، مجلس تحفظ ختم نبوت وغیرہ میں مسلک سے بالاترہوکر اسلام کے اتحاد و بقا کیلئے اتحاد کرتے ہوئے ایک مجلس میں بیٹھے ہوئے ہوتے ہیں بلکہ عالم اسلام کے علماء و انقلابی رہنمائوں میں جب کوئی دنیا سے رخصت کرتا ہے، مسجد جامع میں تمام مکتبہ ہائے فکر کے اکابرین ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر نمازغائبانہ ادا کرچکے ہیں اور کرتے ہیں۔ 
 

مسجد شریف آبی گذر میں مفتی محمد اسحق نازکی قاسمی کا خطاب آج

سرینگر// مسجد شریف آبی گذر میں آج نماز جمعہ سے قبل دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے استاد حدیث مفتی محمد اسحق نازکی قاسمی وعظ و تبلغ فرمائیں گے ۔ان کا خطاب بعد دوپہر ساڑھے 12بجے شروع ہوگا ۔