مزید خبرں

’طلاق ثلاثہ بل ‘بھاجپاکی سازش : فورم 

حسین محتشم
 
پونچھ// یوتھ اینڈ اِنٹی لیکچول فورم نے بھاجپاپرمسلم خواتین سے جھوٹی ہمدردی کا حوالہ دے کر متعارف کرائے جارہے طلاقِ ثلاثہ بِل اور اس بِل کی شِقوں پر اظہاربرہمی کیاہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں یوتھ اینڈ انٹی لیکچول فورم کے چیئرمین خواجہ اعجاز احمد مدنی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ طلاق ثلاثہ سے متعلق بل بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کا خفیہ ایجنڈ ا ہے ۔انہوں نے متنازع بِل کو مسلم خواتین سے انتقام کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر جماعتوں کے ذمہ داران اور اراکینِ پارلیمان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس بل کو کسی بھی صورت پاس نہ ہونے دیں،کیونکہ اس بل کے پاس ہوجانے سے مسلم خواتین کو انصاف ملنے سے رہا ،اُن کے لئے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔اُنہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے بی جے پی جو بِل لا رہی ہے اس میں مسلم خواتین کے مسائل کا حل نہیں بلکہ وہ خود مسائل کا پلندہ ہے۔خواجہ اعجازمدنی نے کہاکہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اس بِل میں بُنیادی تضاد ہے کہ سپریم کورٹ نے طلاقِ ثلاثہ کو تسلیم ہی نہیں کیا جبکہ اسی حوالہ سے مجسٹریٹ کو یہ اختیار دیا جارہا ہے کہ وہ مطلقہ کے شوہر کو جیل بھجواسکتا ہے۔ایسے میں سوال یہ ہے کہ صحیح کیا ہے؟دوسرے یہ کہ ترمیم کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ کوئی قریبی رشتہ دار بھی شکایت کر سکتا ہے۔تیسرے یہ کہ بہت سے لوگ اپنی مرضی سے شادی کرتے ہیں ،یہ ان کے لئے بھی رکاوٹ کا باعث ہوگا۔مدنی نے طلاقِ ثلاثہ مخالف بِل کو مجرمانہ سرگرمی کا عمل بنائے جانے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’تیز رفتار ی سے گاڑی چلانے اور کسی کی موت ہوجانے پر بھی ایک سال سے زیادہ تین سال کی سزا دی جاتی ہے جبکہ طلاق دینے والے کوتین سال کی سزا ہوگی ۔ایسے میں مطلقہ اور اُس کے بچوں کی کفالت کیسے ہوگی؟مدنی نے کہا کہ اس بل کا واحد ایک ہی مقصد ہے کہ بی جے پی اس کی آڑ میں مسلم مردوں سے جیلوں کو آباد کرنا چاہتی ہے اور اپنے اس ایجنڈے کے مطابق مسلم خواتین کی حالت بدسے بدتر کر دینا چاہتی ہے۔
 

پروفیسرحامدی کاشمیری کی رحلت پراظہار تعزیت

راجوری//اِقرا فاونڈیشن نے برصغیر کے معروف ادیب،نامور شاعر، نقاد ، اور سابق وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر حامدی کشمیری کے انتقال پر گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے۔اس سلسلے میں بہروٹ راجوری میں اقرافائونڈیشن کاایک تعزیتی اجلاس منعقدہواجس میں مقررین نے مرحوم کی کشمیری اوراُردوزبان وادب کیلئے انجام دی گئی خدمات کوناقابل فراموش قراردیا اورساتھ ہی لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہرکی۔ اس موقعہ پرشہباز راجوری نے پروفیسرحامدی کاشمیری کی خدمات کو شاندار الفاظ میں یاد کرتے ہوئے اِن کی زبان و ادب کے تئیں خدمات کا خلاصہ بھی پیش کیا۔ راتھر نے قد آور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُردو اور کشمیری زبان وادب کے اْفق پرجو خلاء پیدا ہوگیا ہے اس کاپرہوناممکن نہیں ہے۔آخر پر مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور  لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعاء کی گئی۔ ماتمی اجلاس کے  شرکانے یک زبان کہا کہ ہم اس عظیم صدمے اور دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین اور ادبی دنیا  کے غم برابر کے شریک ہیں ۔اس دوران ماتمی اجلاس کے شرکامیںفداراجوروی، عبدالسلام بہار، شہباز راجوروی صاحب،پروفیسر سلیم آیاز راتھر سیکریٹری جنرل اِقرا فاونڈیشن پروفیسر جنید جاذب اور شبیر راتھر شامل تھے۔
 

 مینڈھرمیں بجلی کٹوتی کاکوئی شیڈیول نہیں

 بجلی سپلائی بہتربنانے کیلئے مزیدملازمین تعینات کرنے کامطالبہ 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//سب ڈویژ ن مینڈھر کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مینڈھر میں بجلی کا کوئی بھی ٹائم ٹیبل نہیں ہے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین لوگوں کو بجلی سپلائی کرنے میں بے بس نظر آ رہے ہیں ۔لوگوں کاکہناہے مینڈھر میں بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول نہیں ہے اور اگر کسی گائوں میں  بجلی بند ہو جاتی ہے تو دو دن اس کو ٹھیک کرنے میں لگ جاتے ہیں کیونکہ متعلقہ محکمہ کے پاس ملازمین کی بھی کمی ہے جس سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں محمد امین نامی شخص نے کہا کہ گائوں کی یہ حالت ہے کہ اگر ایک ٹرانسفارمر خراب ہو جائے تو اس کو کئی مہینے ٹھیک کرنے میں لگ جاتے ہیں اور اگر کسی گائوں میں ایک جمپر اڑ جاتا ہے تو وہ بھی ٹھیک کرنے میں دو دن لگ جاتے ہیں جس سے عام آدمی کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی گائوں میں یہ حالت ہے کہ کئی دن ایک لائن مین نظر نہیں آتا کیونکہ ایک لائن مین کو کئی علاقے متعلقہ محکمہ نے دئیے ہوتے ہیں جبکہ وہ لائن مین اتنے علاقے میں کام نہیں کر سکتا جس کی وجہ سے وہ خود بھی پریشان ہے جبکہ عام لوگ بھی پریشان ہیں ۔انھوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلی افسران سے اپیل کی ہے کہ فوری طور مزیدملازم تعینات کئے جائیں تاکہ سب ڈویژن مینڈھر میں لوگوں کو بجلی آرام سے سپلائی ہو سکے اور بجلی کا ایک ٹائم ٹیبل مقرر کیا جائے جس کے تحت بجلی کی کٹوتی ہو جبکہ سب ڈویژن مینڈھر میں لوگ بجلی کا کرایہ دے رہے ہیں لیکن ان کو بجلی سپلائی کرنے میں متعلقہ محکمہ بے بس نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی مینڈھر میں کئی ایسے محلے ہیں جہاں پر بجلی کے کھمبے اور تارے نہیں ہیں تو کئی جگہوں پر بجلی کی تاریں درختوں پر لٹک رہی ہیں۔ انھوں نے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی کہ فوری طور سب ڈویژن مینڈھر میں بجلی نظام کو درست کیا جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
 

تھنہ منگ میں آتشزدگی سے مکان خاکستر

راجوری//تحصیل درہال کے تھنہ منگ گائوں میں آتشزدگی کی ایک واردات کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان جل کرخاکسترہوگیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے تھنہ منگ گائوں کے ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ کی لپٹیں نمودارہوئیں جس کے بعدمقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی اورفائربجھانے کیلئے ایمرجنسی سروسزکے عملہ کوبھی طلب کیا۔اسی دوران پولیس اورآگ بجھانے والاعملہ بھی پہنچ گیالیکن اس وقت تک مکان جل کرراکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوچکاتھاتاہم کسی کے زخمی ہونے یاجانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 

ضلع پونچھ میں بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی سے لوگ پریشان

مختلف پنچایتوں کاوفدڈی سی سے ملاقی ،بجلی سپلائی یقینی بنانے کامطالبہ 

حسین محتشم
 
پونچھ//ضلع پونچھ میں ہر سو بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے لوگوںکو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس بارے میں لوگوں کاکہناہے کہ بعض علاقوں میںکئی کئی روز تک بجلی بندرہنے کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو اندھیروں میں رات گزارنی پڑتی ہے بلکہ اس وجہ سے ان کے بچوں کی تعلیم کابھی نقصان بھی ہو رہا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں لوگوں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔اس حوالے سے حلقہ پنچایت موہری گو رسائی کے نو منتخب سرپنچ شیراز ازہری کی قیادت میں سرنکوٹ ،مینڈھر ،منڈی اور حویلی تحصیلوں سے مختلف پنچایتوں کے پنچوں اور سرپنچوں کی کثیر تعدادنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کرکے بجلی کی دستیابی یقینی بنانے کی اپیل کی۔شیرازازہری ودیگراراکین وفدنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدام اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بجلی کا بل ہرماہ دے رہے ہیں لیکن ان کو بجلی دستیاب نہیں ہو رہی ہے جبکہ اس کی وجہ سے ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔وفدکوسننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پہنچ نے اسے یقین دلایا کہ وہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدام کریں گے۔ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ کی یقین دہانی کے بعد وفد نے محکمہ بجلی کے ایکس ای این سے بھی ملاقات کی اور بجلی کی فراہمی کامطالبہ کیا۔ایکس ای این نے ان تمام لوگوں کی بات سننے کے بعد کہا کہ سردیوں کے دوران لوگ بائیلر اور دیگر الیکٹرانکس اشیاء کا زیادہ استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی ٹرانسفارمراضافی لوڈ برداشت نہیں کر سکتی ہے اور کٹ ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کو تعاون دیں اور  بائلر ،ہیٹر اور دیگر وہ اشیاء کااستعمال نہ کریں جن سے بجلی ٹرانسفارمروںپر اضافی لوڈ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ غیر اعلانیہ کٹوتی نہ ہو۔
 

پولیس افسر گھنیشام شرما کوبرسی پرخراج

راجوری//راجوری کے کلرعلاقہ سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پی گھنیشام جو1999 میں وادی کشمیرمیں جنگجوئوں کے حملے میں جان بحق ہوئے تھے کوخراج عقید ت پیش کرنے کیلئے تقریب کااہتمام کیا۔اس دوران تقریب میں پولیس اورسول انتظامیہ کے افسران اورمقامی معززین نے شرکت کی۔اس دوران مقررین نے بتایاگیاکہ ہرسال 27 دسمبرکوآنجہانی گھنیشام شرماکی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کیاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ گھنیشام شرمانے اپنے سرزمین کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا۔اس دوران تقریب میں اے ایس پی راجوری لیاقت علی ،افسران ودیگرمعززشہری بھی موجودتھے۔
 

مینڈھرمیں ٹریفک بدنظامی کاشکار

جاوید اقبال
 
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے متعدلوگوں نے محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ حکام کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین مینڈھر میں ٹریفک نظام کوبہتربنانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ اس بارے میں لوگوں کا کہنا ہے کہ مینڈھر میں زیادہ تر سومو گاڑیاں بغیر کاغذات کے چلتی ہیں اوربیشتر ڈرائیور طبقہ بھی بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ ٹریفک کامینڈھرمیں ٹریفک نظام پر کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھرمیں اور لوڈنگ اتنی زیادہ ہے کہ جیسے ایک کمرے کے اندر بھیڑ بکریاں رکھی جاتی ہیں ،جہاں پر سات سواریاں بٹھانے کا اے آر ٹی او حکم دیتا ہے وہاں پر پندرہ سواریاں بٹھائی جاتی ہیں جس سے لوگوں کا سفر کرنا آسان نہیں ہوتا ۔اس سلسلہ میں محمد زمان نامی شخص نے کہا کہ سب ڈویژن مینڈھر میں ٹریفک نظام اسقدر خستہ حالت میںہے کہ لوگ پیسے دے کر بھی پریشانی سے سفر کرتے ہیں کیونکہ چھوٹی گاڑیاں بے شمار اور لوڈنگ کرکے چلتی ہیں اوران گاڑی ڈرائیوروں کے پاس گاڑی کے کاغذات کے اور ڈارئیونگ لائسنس بھی نہیں ہوتے ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ جب کہیں کوئی بڑا حادثہ ہو جاتا ہے تو متعلقہ محکمہ صفائیاں دینا شروع کر دیتاہے جبکہ ان کا  ٹریفک پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔کیونکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کھلے عام ڈارئیوروں سے پیسے وصول کرتے ہیں اور ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ جو ڈارئیور ہفتہ نہیں دیتے ان کو ایک ایک دن میں دو دو چالان ہوتے ہیں جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔انھوں نے اے ار ٹی او پونچھ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اے آر ٹی او گاڑیوں کے پرمٹ تو دے دیتا ہے اور لوگوں کو لائسنس بھی دے دیتا ہے اس کے بعد کہیں پر بھی ناکہ لگا کر چیکنگ نہیں کرتا اور ڈارئیور طبقہ عام لوگوں سے پچاس روپے کی جگہ سو روپے کرایہ وصول کرتا ہے جس پر متعلقہ محکمہ قابونہیں پارہاہے اس کی وجہ کیا ہے۔لوگوںکا کہنا تھا کہ گورنر انتظامیہ محکمہ ٹریفک پر کنٹرول کرے کہ جو کچھ زمینی سطح پر ہو رہا ہے اس پر کنٹرول کیا جائے اور اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے انجام دی جائے تاکہ حادثات پرروک لگائی جاسکے ۔لوگوں نے مزیدکہاکہ جب کسی گاڑی کو حادث پیش آ تا ہے تو اس وقت پولیس کو کوئی دوسرے شخص کالائسنس دیا جاتا ہے۔ لوگوں نے کہاکہ اگر متعلقہ محکمہ ایمانداری سے کام کرے تو لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور لوگ آرام سے سفر کریں گے لہذا ٹریفک نظام کوبہتربنایاجاناچاہیئے۔
 

وشو ہندو پریشد لیڈر کا انتقال 

راجوری //ایک نامور سماجی لیڈر و ضلع صدر وشو ہندو پریشد ست پال شرما  حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔وہ ضلع میں وشو ہندو پریشد کے ساتھ کافی عرصہ سے کام کر رہے تھے  اور ماضی میں انہوں نے متعدد احتجاجوں کی قیادت کی تھی۔جمعرات کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وہ انتقال کر گئے۔ انکے آخری ررسومات جمعہ کے روز انجام دئے جائیںگے۔
 

لوپیڈ ایمپلائیز فیڈریشن مینڈھر کااجلاس 

مقررین کا اتحاداورجدوجہدجاری رکھنے پرزور

جاوید اقبال
 
مینڈھر//آل جموں و کشمیرلوپیڈ ایمپلائیز فیڈریشن یونٹ مینڈھر کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت سب ڈویژن مینڈھر کے پریزیڈنٹ محمد رشید مُغل نے کی۔میٹنگ میں اراکین فیڈریشن کے علاوہ ملازمین کی مختلف اکائیوں کے صدور نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میٹنگ نے فیڈریشن کو مضبوط کرنے، ملازمین میں اتحاد پیدا کرنے اور جدوجہد میں سرعت لانے پر زور دیا۔اس موقعہ پر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رشید مُغل نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کو حل کروانے کا واحد راستہ جدوجہد ہی ہے اور یہ جدوجہد ملازمین کے اتحاد میں مضمر ہے۔انہوں نے تمام صدور کو اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی اکائیوں کو مضبوط کریں اور فیڈریشن کے ساتھ منسلک رہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکار کا ملازمین کے تئیں ہمدردانہ رویہ نہیں ہے۔ملازمین گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں اور ان مسائل کا بروقت ازالہ نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً سرکار ڈیلی ویجرز ،آنگن واڑی ورکرز اور ایس ایس اے کے تحت لگائے گئے رہبر تعلیم ٹیچرز کے مسال حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایس کے تحت لگائے گئے ہیڈ ٹیچرز، آر آر ٹی اور آر ای اٹی کی تنخواہیں جو پچھلے چھ مہینے سے نہ دی گئی ہیں فوراً واگذار کی جائیں اور ان کو جنرل لائن ٹیچرز کا درجہ دیکر ان کی تنخواہیں با قاعدہ بنائی جائیں۔انہوں نے ایس آر او 520کو عملانے ،ڈیلی ویجرز کو پکا کرنے ،میڈیکل الاونس بڑھا کر1000روپے کرنے تمام محکمہ جات میں بروقت ڈی پی سی کرنے اور الیکشن ڈیوٹی پر لگائے گئے ملازمین کو مطابق وعدہ ایک مہینے کی ایڈیشنل تنخواہ فوراً واگذار کرنے کابھی مطالبہ کیا۔میٹنگ میں جن چیدہ چیدہ ملازمین لیڈران نے حصہ لیا ان میں کامریڈ حاجی نذیر،محمود احمد خان،نذیر مُغل،عاصف اقبال خان،چوہدری شفیق ،کامریڈ شریف منہاس،کامریڈ نذیر کٹاریہ اور کامریڈ چوہدری ابراہیم شامل تھے۔
 
 

مینڈھر: ایڈیشنل سیشن کورٹ کیقیام کی مانگ

جاوید اقبال
 
مینڈھر//سائی ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے مینڈھرمیں ایڈیشنل سیشن کورٹ کے قیام کی مانگ اُجاگرکرنے کیلئے مینڈھر کے وکلاء کے بیان کاخیرمقدم کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میںسائی ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے کہا کہ سب ڈویژن مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں میں کیسوں کی تعدادکی مناسبت سے سب ڈویژن مینڈھر دوسرے مقام پرآتاہے ۔انہوں نے کہاکہ منصف کورٹ مینڈھر میں سینکڑوں کیس ہیں اور جن میں سے 75فیصد کیسوں کی سنوائی سیشن کورٹ پونچھ میں ہورہی ہے جس سے لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب ڈویژن مینڈھرایک دور دراز پہاڑی علاقہ ہے جہاں سے لوگوں کو بے شمار پریشانیوں کا سامنا کرکے دور دراز کی عدالتوں میں جانا پڑتا ہے اور ایک کیس کیلئے کئی دن ضائع ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصف کورٹ کی عمارت بھی نہیں ہے جس کو  دوبارہ تعمیر کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل کئی بار مینڈھر سب ڈویژن کے لوگوں نے بھی ایڈیشنل سیشن کورٹ کا قیام عمل میں لانے کیلئے آواز بلند کی لیکن ریاستی حکومت نے ایڈیشنل سیشن کورٹ کا قیام عمل میں نہیں لایا ۔ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست کے اندر بے شمار یونٹیں عمل میں لائی گئی ہیں تو اس وقت بھی موجودہ مخلوط سرکار کے وزرا کو پونچھ میں مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ کے قیام کیلئے بات کی گئی تھی جہاں پر متعلقہ وزیر بھی موجود تھا اور لوگوں سے وعدہ کرنے کے بعد بھی اس وقت تک ایڈیشنل سیشن کورٹ کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا جوکہ باعث افسوس بات ہے۔ انھوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور بغیر وقت ضائع کئے ہوئے سب ڈویژن مینڈھر میں ایڈیشنل سیشن کورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مینڈٖھر کے لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 

ایس ایس پی پانڈے کے اعزاز میں الوداعیہ

پونچھ//ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کے تبادلے کے سلسلے میں انکے اعزاز میں متعدد الوداعی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔موصوف کوچندروزپہلے ہی پونچھ سے تبدیل کرکے ایس ایس پی اودھمپور تعینات کیا گیا ہے اور انکی جگہ رمیش انگرال کو پونچھ کا ایس ایس پی تعینات کیا گیا ہے۔پانڈے کے تباد لے پر ضلع کی متعدد سماجی و مذہبی تنظیموں نے انکے اعزاز میں الوداعی پارٹیوں کا اہتمام کیا ۔پروگراموں میں شرکت کرنے والے شرکا نے انکے  پونچھ میں دو سال کی معیاد کی کافی سراہنا کی اور کہا کہ وہ عوام کی توقعات پر کھرے اترے۔اپنے خطاب میں انہوں نے پونچھ کے عوام کا انہیں ضلع میں امن  و قانون برقرار رکھنے میں دئے گئے تعاون دینے کی سراہنا کی اور انہیں اپیل کی کہ وہ اسی طرح کا تعاون جاری رکھیں ،تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رہے۔