بجلی کی آنکھ مچولی ، مہجور نگر میں لوگوں کا احتجاج
سرینگر//مہجور نگرمیں بجلی کی عدم دستیابی کو لے کر لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میںمیں پچھلے چار ہفتوں سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جس کے نتیجے میں لوگ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق لوگوں نے مہجور نگرمیں سڑک پر دھرنا دیا اور پی ڈی ڈی حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔ دھرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جس کے بعد پولیس اور پی ڈی ڈی حکام جائے موقع پر پہنچ گئے اور احتجاج کرنے والوں کویقین دلایا کہ علاقہ میں بجلی بحال کی جائے گی۔
انجینئرنگ کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر او این وکھلو فوت
انسٹی چیوٹ آف انجینئرنگ کی سونہ وار میں تعزیتی میٹنگ آج
سرینگر// معروف قلمکار ،تعلیمی ماہر اور ریجنل انجینئرنگ کالج سرینگر کے سابق چیرمین ڈاکٹر او این وکھلو پونے مہاراشٹرا میں فوت ہوئے ۔اس سلسلے میں آج انسٹی چیوٹ آف انجینئرنگ(جے اینڈ کے سٹیٹ سنٹر) چرچ لین سونہ وار میں ایک تعزیتی میٹنگ آج منعقد ہورہی ہے جس میں انجینئرنگ شعبے میں ان کی 50 سالہ خدمات کو یاد کیا جائے گا۔ڈاکٹر وکھلو 1975 سے 1977 تک ریجنل انجینئرنگ کالج سرینگر میں چیئرمین کے عہدے پر تعینات رہے۔
حامدی کشمیری کو خراج
فکشن رائٹرس گلڈ کا تعزیتی اجلاس آج
سرینگر//نظریہ ساز نقاد ،نامور شاعر اور فکشن نگار حامدی کشمیری کی یاد میں آج یعنی سنیچر کو فکشن رائٹرس گلڈ اور نگینہ انٹرنیشنل سرینگر کی طرف سے ہوٹل شہنشاہ پیلس ڈلگیٹ میں تعزیتی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں مرحوم حامدی کشمیری کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ارود ادب کے تئیں ان کی خدمات پر رشنی ڈالی جائے گی۔