مزید خبرں

نالہ سندھ سے ریت اوربجری نکالنے کا معاملہ

ضلع گاندربل کے سیاسی لیڈران کی گورنر سے مداخلت کی اپیل

گاندربل//ارشاد احمد//ضلع انتظامیہ اور محکمہ مایننگ اینڈ جیالوجی نے نالہ سندھ سے ریت ،بجری اور دیگر تعمیراتی میٹریل نکالنے کیلئے گزشتہ سال  ایس آر او 105 کے تحت اسے پانچ سال کے لئے لیز پر دیا جس کی وجہ سے آرڑ،بابوسی پورہ،نونر،ملہ پورہ،گنگر ہامہ سے تعلق رکھنے والے مزدور پیشہ افرادبے روز گار ہوگئے ہیں،جو دن بھر محنت کرکے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے تھے۔اگرچہ ان مزدور پیشہ سے وابستہ ان افراد نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے تاہم کوئی دادرسی نہیں کی گئی۔اس سلسلے میں سابق رکن اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد،سابق رکن اسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار سمیت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما قاضی محمد افضل نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس حکمنامہ کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے تاکہ مزدور پیشہ افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
 

پی ڈی پی ہمدردیاں بٹورنے کی کوشش میں مصروف:وکیل

سرینگر//جموں کشمیر بچائو تحریک کے صدر عبد الغنی وکیل نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی ایک بار پھر اسی راہ پر گامزن ہوکر لوگوں کی ہمدردیاں بٹورنے کی ناکام کوششیں کررہی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق عبد الغنی وکیل نے کہا کہ 2014کے انتخابات سے قبل بھی محبوبہ مفتی نے ایسا ہی طرزعمل اختیار کیاتھا لیکن جب 2015میں حکومت ہاتھ لگی تو کشمیر میں قتل و غارت اور ظلم و ستم کا ایسا بازار گرم کیا جس سے انسانیت بھی شرمسار ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے دورِ حکومت میں کشمیری عوام پر ظلم و ستم اور  مار دھاڑ کیا گیااُن کی کہیں مثال نہیںملتی۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈپی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں ۔
 

آغا حسن کا پارٹی کارکن کی وفات پر اظہار تعزیت 

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے پارٹی کے سرکردہ رکن سید رسول میر گنڈ بڈگام کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کی اور مرحوم کی تنظیمی اور تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔موصوف انجمن شرعی شیعیان کے حوزہ علمیہ باب العلم کے فارغ التحصیل تھے اور تنظیم کی طرف سے و تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 
 

مذہبی منافرت تحریک کیلئے نقصان دہ:مولانا قمی

مزاحمتی قیادت سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

سرینگر //پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے متحدہ مجلس علماء کی تمام اکائیوں خاصکر مجلس علماء کے سربراہ اور مجلس اتحاد ملت کے تمام رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ کشمیر میں کچھ عناصر مذہب کا سہارا لے کر مسلکی منافرت کو بڑھاوا دے رہے ہیں جو تحریک کشمیر کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے تحریک مزاحمت کے قائدین سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک  سے استدعا کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور اس کی روکتھام کیلئے تمام علماء کا اجلاس بلائیں جس میں مسلکی منافرت کو بڑھاوا دینے والوں کے خلاف ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ مولانا قمی نے کہا’’ ہم ایک مقدس تحریک کو منطقی انجام تک لے جانے کے لئے ایک طرف قربانیاں دے رہے ہیں اور آئے روز ہماری نئی پود اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے تو دوسری طرف دین دشمن اورتحریک دشمن لوگ یہاں کے مسلمانوں کو مسلکی فسادات میں الجھا کر تحریک آزادی سے الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔مولانا قمی نے کہا کہ ان تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے علمائے کرام اور رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں۔ 
 

سوپور میونسپل کونسل 

چیف ایگزیکٹو آفیسرنے چارج سنبھالا

سوپور// غلام محمد// سوپور میونسپل کونسل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمدلطیف نے بدھ کو سوپور میں چارج سنبھالا ۔اس موقعہ پر انہوں نے میونسپل کونسل کے افسران اور ملازمین کے ساتھ مفصل بات چیت کی اور محکمہ کی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ سوپور قصبے کو صاف و پاک رکھنے کیلئے وہ اپنی کوشش کریں گے ۔ملازمین نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
   

برفباری سے کپوارہ کے 

بالائی علاقوں کا رابطہ منقطع 

اشر ف چراغ 
 
کپوارہ//بھاری برفباری کے بعد سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن ،مژھل ،جمہ گنڈ اور بڈنمل کا دوسرے روز بھی ضلع صدر مقام سے رابطہ منقطع رہا جبکہ چوکی بل کرناہ سڑک پر برف ہٹا کر گاڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے بحال کر دی گئی ۔بدھ کو محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کے نتیجے میں ان علاقوں کو جانیوالی سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند ہوگئیں جن میں کیرن ، مژھل ،جمہ گنڈ اور بڈنمل کی سڑکیں دورسرے روز بھی بند رہیں جبکہ چوکی بل کرناہ سڑک کو جمعرات کو گاڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بحال کر دی گئی ۔
 

ترال میں دھوکہ دہی کے الزام میں شہری گرفتار 

سرینگر/ /اونتی پورہ پولیس نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جس نے پولیس حراست میں ایک ملزم کو چھڑانے کی حامی بھر کراُس کے نزدیکی رشتہ داروں سے 60ہزار روپیہ اینٹھ لئے۔ محمد شفیع شاہ ساکن ترال پائین نے پولیس کی تحویل میں ایک ملزم جس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 111/2018کے تحت ترال پولیس اسٹیشن میں کیس درج ہے اور جس کی پہچان محمد یوسف وانی ولد محمد سلطان ساکنہ خاشی پورہ ترال کے بطور ہوئی ہے کو چھڑانے کے عوض 60ہزار روپئے کی رقم لی۔مذکورہ شہری نے اہلِ خانہ سے وعدہ کیا کہ پولیس حراست میں موجود اُن کے رشتہ دار کو نہ صرف چھڑایا جائے گا بلکہ اُس کے خلاف درج مقدمہ کو بھی خارج کروایا جائے گا۔ یہ معاملہ جونہی پولیس کی نوٹس میں آیا تو فوری طورپر کارروائی عمل میں لاکر مذکورہ جعلساز کو حراست میں لے کر اُس کے قبضے سے 50 ہزار روپئے برآمد کئے گئے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

منشیات سے بچائو

سوپور میں سمینار

سوپور/غلام محمد/نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے سماجی کارکن،تاجر اور بالی ووڈ کے فائنانسر فیروز پیرزادہ نے ڈاک بنگلہ سوپورمیں ایک سمینار منعقد کیا۔ایک بیان کے مطابق اس سمینار کا بنیادی مقصد طلباء اور نوجوانوں میں نشیلی ادویات کے نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔ سمینارمیں مختلف عوامی تنظیمیں، تجارتی انجمنیں ، رضاکار تنظیموں ، سیول سوسائٹی ممبران، ائمہ مساجد اور صحافیوں کے علاوہ بھاری تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ویلکن ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ حاجی عنایت اللہ حاجنی نے منشیات پر روک لگانے پر زور دیا۔ 
 

پیدائشی حقوق کی بازیابی 

جدوجہد کرنے والے رہنما قابل تقلید: مولانا قانونگو 

سرینگر// انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا ہے کہ قربانیاں اور ووٹ ڈالنے کیلئے قطاروں میں انتظار کرنے سے قوم کو منزل پانے میں روک لیا ہے۔ ایک بیان میں مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ ’ہمیں ان افراد و رہنمائوں سے سبق سیکھنا چاہئے جو علم و مال،فہم و فراست سے مزین تھے اور پیدائشی حقوق کی بازیابی کی جدوجہد میں انہوں نے مال ودولت ، آرام پسندی سے لاتعلق ہوکر عام و اوسط زندگی گزاری‘‘۔انہوںنے کہاکہ اپنے علم و فہم اور پُراستعداد رہنمایانہ صلاحیت سے قوم و ملت کو منزل پانے کے لئے قیادت کی اور بلا مذہب و ملت وطن عزیز سے محبت کرنے والوں نے اپنے قائدوں کے اشاروں پر قربان ہوئے کیونکہ قوم ہمیشہ اپنے قائدین پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوتے تھے۔مولانا قانونگو نے کہاکہ تھوڑے وقت تک کثرت کی آہ و زاری کا جنون اور پھر انتخابی قطاروں میں ووٹ ڈالنے کے انتظار میں ان کوششوں اور جذبات پر پانی پھیر دینے کی عادی بن گئے ہیں۔
 
 

کنڈ ناگرس میں کتوں کے حملے میں5افراد زخمی

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//کنڈقاضی گنڈ میں آوارہ کتوں کے حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ناگرس کنڈ میں آوارہ کتوں نے کئی افراد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں5افراد زخمی ہوئے ہیں ۔زخمیوں کو علاج معالجہ کے لئے نزدیکی اسپتال میں داخل کیا گیا ،تاہم اسپتال میں Anti.rabies انجیکشن میسر نہ ہونے کے سبب متاثرہ افراد کو ضلع اسپتال کا رخ کرنا پڑاہے ،جس پر اُنہوں نے محکمہ صحت کے تئیں سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
 

ڈورو میں تیندوے کا بچہ بر آمد

اننت ناگ/عارف بلوچ/ڈورو اننت ناگ میںمقامی لوگوں نے تیندوے کے ایک بچے کو  پکڑ کر محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا ہے۔ مقامی لوگوں نے نزدیکی نالہ کے قریب تیندوے کے بچہ کو پاکر اپنی تحویل میں لیا اور محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کیا ۔تیندوے کے بچہ کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ اُمڈ پائی ۔
 
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بارہمولہ کو صدمہ
برادر انتقال کرگئے، رورل سوسائٹی کی تعزیت
سرینگر//ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر اور رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی جموں وکشمیر کے چیئرمین مبارک گل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بارہمولہ کونثر احمد قریشی کے برادر خورشید احمد قریشی کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ خورشید احمد قریشی منگل کو داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ مبارک گل نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع ، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، ضلع ورکنگ کمیٹی کپوارہ، ضلع ورکنگ کمیٹی بانڈی پورہ نے کونثر قریشی کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیاہے۔ انہوںنے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے پسماندگان کویہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔
 

ڈی سی شوپیان نے برفباری سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد نے انجینئروں اورافسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے برف ہٹانے کے کام اور ضلع میںاشیائے خوردنی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اے ڈی سی،اے سی آر،چیف میڈیکل آفیسر اورمختلف متعلقہ محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ کسی بھی امکانی ناسازگار موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے افرادی قوت اورمشینری کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔میٹنگ میں یہ جانکاری بھی دی گئی کہ ضلع کے سیل سینٹروں میں تین ماہ کے لئے 1345کوئنٹل کھانڈ اور 33400کوئنٹل چاول دستیاب رکھا گیا ہے جو کہ بھاری برفباری کے پیش نظر سٹاک کیا گیا ہے۔اُدھر ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ برفباری سے متاثرہ علاقوں کادورہ کرکے وہاں بجلی اور پانی کی دستیابی کے علاوہ اشیأ خوردنی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے ہیرپورہ ،بوری ہلن،پدپاون اوردیگر متعلقہ دیہات کا دورہ کرکے لوگوںکو شدید سردی کے ایام میں درپیش مشکلات اور لازمی اشیأ کی فراہمی کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنرنے مغل روڈ سے جُڑے آفیسران کو شاہراہ پر سے برف اورجمائو ہٹانے کیلئے افرادی قوت اور مشینری کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی تاکہ شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی یقینی بن سکے۔