مزید خبرں

نابالغ مغویہ بازیاب ،ملزم گرفتار

نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ// ضلع پولیس کشتواڑ نے ایک نابالغ اغوا شدہ لڑکی کو بازیاب کیاہے جس کے اغوا ہونے کی تحریری شکایت 15 دسمبر میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں درج کی گئی تھی۔پولیس رپورٹ کے مطابق، دسمبر 2018 کی 15 تاریخ کو ایک نابالغ لڑکی کے اغوا ہونے اس کے والد کی جانب سے ایک تحریری شکایت کشتواڑ تھانہ میں درج ہوئی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے ایف آئی آرنمبر 312 زیر دفعہ 363 آر پی سی کے تحت کیس درج کر لیا تھا۔البتہ تحریری شکایت میں ایک شخص امتیاز احمد ولد عبدالغنی شاہ ساکنہ پلماڑ کو اس سازش کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا جس کو پولیس نے آج گرفتار کرکے اغوا شدہ نابالغ لڑکی کو برآمد کر لیا ہے ۔ اس کے علاوہ، درج کی گئی تحریری شکایت میں دیگر کچھ لوگوں پر بھی شک ظاہر کیا گیا ہے جس پرایس ایس پی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کیس میں مزید تحقیقات کی جائیگی اور تمام مجرموں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔
 
 

آزاد کا کاہرہ آتشزنی پر اظہاردکھ

 متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ 

نئی دہلی// سابقہ وزیر اعلیٰ و راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد نے ڈوڈہ کے کاہرہ میں آتشزنی واقعہ پر سخت دکھ کا اظہار کیا ہے جہاں  ہفتہ کی صبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں 2 رہائشی مکانات اور4 دکانات خاکستر ہوئے۔ایک پریس بیان میں انہوں نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور صوبائی و ضلع انتظامیہ سے متاثرین میں فوری طور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے دور دراز علاقوں جیسے کہ کاہرہ،گواڑی، بٹھاری، ملک پورہ، گندو اور بھٹیاس میں فائر بریگیڈ فوری طور سے مہیا کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ آتشزنی کی تباہی سے بچا جا سکے۔دریں اثنا ء جے کے پی سی سی کے نائب صدر و سابقہ ایم ایل اے جی ایم سروڑی، سابقہ ا یم ایل اے بھدرواہ محمد شریف نیاز،سابقہ ایم ایل اے ڈوڈہ عبدالمجید وانی، ایم ایل سی نریش کمار گپتا ،صدر ضلع کانگریس ڈوڈہ شیخ مجیب، محمد اسلم گونی، شارک سروڑی، اور ٹھاکور رندیپ بھنڈاری نے بھی آتشزنی سے ہوئے مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔
 

جانواڑی،رام بن میں قومی یکجہتی میٹنگ کا اہتمام 

رام بن // مقامی لوگوں اور فوج کے درمیان رشتوں کو مستحکم بنانے کے مقصد سے جمعہ کے روزجانواڑی ،رام بن میں قومی یکجہتی میٹنگ کا انعقاد کیاگیا،جس میں ’’اتحاد اور ترقی ‘‘ کے موضوع پر تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں 21مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر عوام کو فوج کی جانب سے خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور متعدد سکل ڈیولپمنٹ پروگرام منعقد کرنے کے رول کی جانکاری دیتے ہوئے بتایاگیاکہ ان پروگراموں سے خواتین اور نوجوان خود کفیل بنے ہیں۔ مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے منعقد کئے گئے پروگرام کی ستائش کی۔اس موقعہ پر جانواڑی کے سرپنچ نے کہا کہ ایسے اجلاسوں سے نہ صرف فوج اور عوام کے رشتے مستحکم ہو جائیں گے بلکہ اس سے مقامی لوگوں کے حوصلہ کو بھی فروغ حاصل ہوگا ،جو اسکے بدلے میں علاقہ میں امن و امان قائم رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
 

روڈسیفٹی کے تحت بیداری پروگرام کا اہتمام 

نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ //روڈ سیفٹی ہفتہ کے ایک حصہ کے طور پر جمعہ کے روز پُل ڈوڈہ میں موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ’’ سڑک سرکھشا، جیون سرکھشا‘‘کے موضوع پر ایک اورینٹیشن /بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔کیمپ میں ضلع کے  50 سے60  مسافروں ، ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں نے شرکت کی۔پروگرام میں ٹریفک پولیس ،صدر منی بس یونین ڈوڈہ او رپل ڈوڈہ ،موٹر وہیکلز انسپکٹر سنجیو پریہار نے بھی شرکت کی۔کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اے آر ٹی او راجیش گپتا نے روڈ سیفٹی کا پیغام پھیلانے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لئے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کا تعاون طلب کیا،تاکہ روڈ سیفٹی ہفتہ کامیاب ہو سکے۔انہوں نے ڈرائیوروں سے تیز رفتاری سے اجتناب کرنے ،گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون کا استعمال نہ کرنے،شراب پی کر گاڑی نہ چلانے ۔غلط اوور ٹیکنگ اور تیزرفتار سے اجتناب کرنے کو کہاتاکہ قیمتی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔اے آر ٹی او نے مزید شرکا سے اپنی حفاظت کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کو کہا ۔