جموں // ریاستی گورنر ستہ پال ملک نے حریت سے مخاطب ہوکر باور کیا ہے کہ اگر عام لوگوں کیساتھ کوئی زیادتی یا نا انصافی کا واقعہ ہوا ہے تو وہ ان سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔راج بھون اور حریت کے مابین دوریاں کم کرنے کی سعی کے طور پر گورنر نے حریت لیڈران پر زور دیا کہ وہ براہ راست انہیں عام لوگوں پر کی جارہی زیادتیوں اور نا انصافیوں کے بارے میں آگاہ کرسکتے ہیں۔ گورنر نے یہ پیشکش کرتے ہوئے حریت کانفرنس سے اپیل کی کہ وہ انہیں کوئی غیر نہ سمجھیں۔گورنر نے کہا’’میرا حریت کیلئے پیغام ہے کہ وہ مجھے کوئی غیر نہ سمجھیں‘‘۔انکا کہنا تھا’’ جہاں تک حریت کا تعلق ہے، میں انکی عزت کرتا ہوں،اس امر کے باوجود کی انکی سوچ میری سوچ سے مختلف ہے، انکی سوچ الگ ہے، میری بالکل الگ‘‘۔اس بات کا وعدہ کرتے ہوئے کہ وہ حریت کی شکایات کا فوری ازالہ کریں گے، انہوں نے کہا’’اگر وہ( حریت) ایسا محسوس کرتی ہے کہ کہیں (فورسز یا پولیس) کوئی زیادتیاں کررہے ہیں، وہ مجھے فون پر رابطہ کرسکتے ہیں یا کسی شکص کو میرے پاس بھیج سکتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ میں انکی شکایات کا اسی طرح ازالہ کروں گا جس طرح میں عام لوگوں کی شکایات کا کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ مجھے امید ہے کہ کسی وقت پر ان سے کسی سطح پر بات چیت ہوگی‘‘۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیاستدانوں ، عام لوگوں اور نوجوانوں سے بات چیت کی ہے اور وہ متواتر طور پر ایسا کررہے ہیں،رابطہ بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں یہ باور کرایا جائے کہ مرکز انکے خلاف نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختصر مدت میں انہوں نے40ہزار شکایتوں کا ازالہ کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جو بھی شکایات انہیں موصول ہوتی ہیں انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ شکایات کو دور کیا جاسکے۔گورنر نے کہا کہ انہوں نے گورنر ہائوس کے دروازے کھول دیئے ہیں، جو کوئی بھی، جب چاہیں آسکتا ہے، مجھے کال کرسکتا ہے وٹس ایپ پر پیغام دے سکتا ہے۔