مزاحمتی خیمہ کا کولگام کے نوجوان کی موت پراظہار رنج

 سرینگر//حریت (ع)، فریڈم پارٹی، تحریک حریت، تحریک مزاحمت، محاذِ آزادی اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے مظفر احمد میر جو9اپریل کو انتخابات کے روز بارسو گاندربل میں فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں کے دوران شدید زخمی ہوا تھا ،کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے ۔ حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تشدد آمیز کارروائیوں سے عوامی غم و غصے کو کم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سکولوں اور کالجوں پر تالا چڑھانے سے عوام میں پائے جارہے غیض وغضب کو ٹھنڈا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ کوئی جزوقتی یا جذباتی اُبال نہیں ہے بلکہ بھارت کے اُس غیر انسانی اور غیر جمہوری و منفی طرز عمل کا ردعمل ہے جو کشمیری عوام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے ضمن میں بھارت کی جانب سے اختیار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بندوق یا ڈنڈے کے زور سے کشمیری عوام کو دبانے یا زیر کرنے کے بجائے اُس مسئلہ کی جانب توجہ مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے جو پورے جموںوکشمیر میں خونین واقعات کا موجب بنا ہوا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اُس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کی سود مند کوششیں نہیں کی جاتی تب تک نہ تو کشمیری عوام کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوئی پالیسی کارگر ثابت ہوسکتی ہے نہ اس خطے کے امن کو مسئلہ کشمیر کی وجہ سے لاحق خطرات کو ٹالا جاسکتا ہے۔ میرواعظ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی اور کشمیر میں ہو رہی حقوق انسانی کی سنگین پامالیوں کے پیش نظر اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکمرانوں کو اس بات کا علم تھا کہ عوام پارلیمانی انتخابات میں حصہ بننے کے لئے آمادہ نہیں ہیں البتہ حکمرانوں نے دنیا کی آنکھوں میں دھول ڈالنے کے لئے یہ ڈرامہ رچایا۔شبیر حمد شاہ نے حالیہ پارلیمانی الیکشن کے دوران ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہارکیا۔انہوںنے بانہال اور چناب ویلی میں طلباءکی جانب سے کئے جارہے احتجاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بات کا عملی ثبوت پیش کیا کہ وہ جموں کشمیر کے متنازعہ مسئلہ کے حل کے سلسلے میں انتہائی حساس اور سنجیدہ ہیں۔ادھر شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفد جس میں سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری،مولوی بشیر احمد،محمد یوسف اور فیروز احمدشامل تھے ،نے صدر اسپتال جاکر اقراءصدیق کی عیادت کی ۔ تحریک حریت نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی بربریت کا مظاہرہ ہے۔بیان کے مطابق موصوف بار سو گاندربل میں مزدوری کرتا تھا اور الیکشن کے روز فورسز نے اس پر بھی راست فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاکر لقمہ اجل بن گیا۔ تحریک حریت نے موصوف کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کی ہلاکتیں رنگ لائیں گی ۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ’ ہم فورسز کے ہاتھوں مارے جارہے جوانوں سے محروم ہوتے جارہے ہیں ‘۔محاذِ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر اور اسلامک پولٹیکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے مظفر احمد میر کی اسپتال میں ہوئی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزروز ہمارے نوجوانوں کوزندگیوں سے محروم کرنا ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔