سرینگر// حریت (ع)، پیپلز لیگ ، لبریشن فرنٹ (ح )، اسلاملک پولیٹکل پارٹی اور ماس مومنٹ نے عمران خان کوپاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی ہے۔حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے عمران خان کوپاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر اپنی اور کشمیری عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ محمد علی جناح نے اس عظیم سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم پاکستان کا خواب دیکھا تھا اور عمران خان اُس خواب کی تعبیر کو عملی شکل دیں گے۔اپنے تہنیتی پیغام میں میرواعظ نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کا جو نعرہ بلند کیا ہے وہ ان کے پختہ عزم اور حوصلے کو ظاہر کرتا ہے اور وہ پاکستان کو عالم اسلام کا ترجمان اور سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے ایک مستحکم ملک بنانے میں اپنی صلاحیتوںکو بروئے کار لائیں گے ۔ میرواعظ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کے ایک وکیل اور کشمیریوں کے محسن ملک کی حیثیت سے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے اور امید ہے کہ عمران خان اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنی بھر پور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی اور سیاسی استحکام کے متمنی رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جارہی مثبت کوششوں کیلئے اس کے شکر گذار ہیں۔ پیپلز لیگ کے چیئرمین شیخ محمد یعقوب اور وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے عمران خان کو مبارکبادیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عمران خان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی سطح پر مدد کر نے میں پھر پوری حمایت جاری رکھے گا ۔ لبریشن فرنٹ (ح )جاوید احمد میراور اسلاملک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب وزیر اعظم گزشتہ سات دہائیوں سے لٹک رہے کشمیر کے مسئلہ کو ریاستی عوام کے تمنائوں، خواہشات اور امنگوں کے مطابق اور اس کے منصفانہ حل پرترجیح دیں گے۔ ماس مونٹ نے مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ِ پاکستان عمران خان کی سربراہی میں کشمیریوں کو پیدائشی حقِ آذادی دلوانے کیلئے مثبت قدم اُٹھائے گی۔ترجمان کے مطابق ماس مونٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی قربانیوںکومدنظررکھتے ہوئے پاک بھارت مذاکراتی عمل میں کشمیریوںکے حقیقی نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنائیں گے تاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدارحل کیلئے موثر اقدامات کیا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان بدستور کشمیریوں کا اخلاق،سیاسی اور سفارتی سطح پر کشمیری عوام کی مدد جاری رکھیں گے۔