سرینگر// فریڈم پارٹی،پیپلز پولیٹکل فرنٹ، پیپلزپولٹیکل لیگ، مسلم کانفرنس ، ینگ مینز لیگ ،کشمیر تحریک خواتین،مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور پیپلز فریڈم لیگ نے سابق جنگجو کمانڈر شوکت احمد وانی عرف راشد وانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے کشمیر کی رواں جدوجہدِ آزادی میںناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم تحریک آزادی کے سلسلے میں مہاجرت کی زندگی گزاررہے تھے اور اس دوران کافی مصائب و تکالیف کا سامنا کیا ۔ مرحوم کی تحریک کے تئیں ان کی خدمات کے لئے انہیں شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے مرحوم کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ سرپرست فضل الحق قریشی ،چیئرمین محمد مصدق عادل اور نائب چیئرمین حسن البناء نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف تحریک آزادی کشمیر کی راہ جدوجہد کے ان مسافروں میں شامل تھے جنہوں نے اپنے وطن کی خاطر اپنے آبائی مسکنِ حیات اور اہل وعیال کو چھوڑ کر ہجرت کی اور تا دم ِ آخر ایک مخلص و دیانتدار کار کن کی طرح تحریک کی خدمت میں مگن رہے یہاں تک کہ اسی غریب الوطنی کی حالت میں انتقال کرگئے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے ذاتی صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ان کے قریبی اور با اعتماد ساتھیوں میں رہے ہیں اور ان کی پوری زندگی تحریک آزادی کے تئیں وقف رہی اور وہ مرتے دم تک تحریک آزادی کی خدمت کرتے رہے ۔ مسلم کانفرنس چیئر مین شبیر احمد ڈار ، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی،مسلم ڈیموکریٹک لیگ صدر حکیم عبد الرشیداور پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے راشد وانی کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شوکت احمد وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آزادی پسند غمزدہ عیال کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالی سے دست بدعا ہیں کہ مرحوم کو جنت الفردوس نصیب ہو اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطاہو۔
مزاحمتی جماعتوں کا خراج عقیدت
