مریضوں کی عیادت کرنے والوں سے ہسپتال میں انٹری فیس لینے کا فیصلہ

پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں زیر علاج مریضوں کی خیریت معلوم کرنے والے لوگوں کا رش ہمیشہ بنا رہتا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ضلع ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اب وہاں داخلے کیلئے انٹری فی  جمع کرنے کا حکم صادر کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ جو بھی شخص کسی مریض سے ملنے کے لیے آتا ہے تو اس  کو داخلہ پاس حاصل کرنا ہو گا اور اس کے لئے انھیں دس روپے فی ادا کرنی ہوگی۔ سابقہ دو روز سے یہ سلسلہ شروع کیاگیا ہے جو بھی لوگ مریضوں کی بیمار پرسی کے لئے آرہے ہیں ان کو گیٹ پر پاس چیک کر کے اندر جانے دیا جا رہا ہے جس کو لے کر آئے لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کیاان لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے قریبی رشتہ دار ہسپتال میں زیر علاج ہیں ان کے پاس انہیں ہر وقت آنا ہوتا ہے لیکن اس کیلئے انہیں اب یہ فیس دینی پڑتی ہے جو وہ لوگ غربت کے باعث ادا نہیں کر سکتے ہیں ۔انہوں نے چیف میڈیکل افسر پونچھ سے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ۔اس سلسلہ میں جب میڈیکل سپریٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر شمیم النساء بھٹی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال میں ایک مریض کے ساتھ ایک شخص کو رہنے کی اجازت ہے جسے کوئی بھی فی ادا نہیں کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایک ایک مریض کے پاس کئی کئی افراد کھڑے رہتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ڈاکٹروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں خلل پڑتا ہے بلکہ مریض بھی پریشان ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے پاس آنے والے لوگوں کا تانتا لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے ان لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے انٹری فی کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے انتظامیہ کو تعاون کرنے کی اپیل کی۔