مرہامہ کولگام میں مسلح تصادم آرائی جاری ،2ملی ٹینٹ جاں بحق

خالد جاوید
کولگام //جنوبی کشمیر کولگام کے مر ہامہ گائوں میں سنیچر کی شام خونریز تصادم آرائی میں 2ملی ٹینٹ مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوکین میں ایک غیر ملکی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں مرہامہ کولگام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد 9آر آر اور 176بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔سہ پہر کو گائوں کا محاصرہ کیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کردیا تو وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی جھڑپ شروع ہوئی۔ طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پہلے ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی اور بعد میں دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں میں ایک پاکستانی ہے۔ اور اسکا تعلق عسکری تنظیم جیش محمد سے ہے۔ ایک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ مقامی ہے، تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی ۔ آئی جی پی کشمیر نے جھڑپ میں جیش جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میںآپریشن ابھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ گائوں میں آپریشن کو اتوار کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ پولیس کو خدشہ ہے کہ مزید کوئی ملی ٹینٹ یہاں موجود ہوسکتا ہے۔گائوں کے ارد گرد روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔