کنگن//بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف مرگنڈ کنگن کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف سرینگر سونہ مرگ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمدو رفت مسدود ہوکر رہ گئی۔تحصیل کنگن کے نجار محلہ اور بٹ محلہ مرگنڈ میں مردو زن نے شدید سردی کے باوجود سنیچر کو سڑک پر نکل کر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدو رفت روک دی جس کے باعث مریضوں ،تجارت پیشے سے وابستہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ ان کی بستی میں نصب ٹرانسفارمر گذشتہ ایک ماہ سے بار بار خراب ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں شام ہوتے ہی اندھیرا چھاجاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوںنے محکمہ سے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں 250کے وی بجلی ٹرانسفارمر فراہم کیا جائے تاکہ آبادی کوشدید سردی کے ان ایام میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن ان کے مطالبے کو بار بار نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ بعد میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کرمظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبے کو محکمہ بجلی کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعد مظاہرین نے پر امن طور دھرنا ختم کیا۔
مرگنڈ کنگن میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
